Tag: Separate province

  • الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد علی شاہ

    الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، جو لوگ دھرتی کو ماں کہتے ہیں اسے اپنا تو کہیں۔

    یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ماضی میں شہر قائد دہشت زدہ تھا، ہرجگہ قتل عام ہوتا تھا، بھتہ خوری اور بوریوں میں لاشیں ملا کرتی تھیں، لوگ باہر نکلنے سے ڈرتے تھے لیکن آج کا کراچی اس سے پوری طرح مختلف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تین گھنٹوں پر محیط تقریر میں کوئی بات قابل ذکر نہ تھی، سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں، ہم نے سال09-2008 سے ابھی تک سندھ میں 833 بلین روپے خرچ کیے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں الگ صوبہ بنانے کی مذمت کرتا ہوں اگر اب بھی کسی کے دل میں کوئی خلل ہے تو نکال دے، جس دھرتی کو ماں کہتے ہیں اسے اپنا تو کہیں، میں الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔

    واضح رہے کہ آج پورے ملک میں جنوبی پنجاب صوبے کی باتیں ہورہی ہیں جبکہ سندھ اسمبلی میں لعنتیں دی جارہی ہیں، عمران خان کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے، یہی باتیں بلاول اور زرداری بھی کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں۔

    قبل ازیں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی بھی سندھ میں صوبہ بنانے کا اعلان کرچکے ہیں، ایم کیوایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے تو جنوبی سندھ صوبے کی تحریک بھی شروع کردی ہے، اب سندھ میں ایک اور صوبہ بنے گا یانہیں یہ تو وقت بتائے گا۔

  • پیپلزپارٹی جیتی تو جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائیں گے، بلاول بھٹو

    پیپلزپارٹی جیتی تو جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائیں گے، بلاول بھٹو

    لاہور : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جیتی تو جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائیں گے، نوازشریف اپنے مفادات کی سیاست کررہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ خلائی خلوق سے متعلق نوازشریف نے جو کہنا ہے وہ صاف صاف کہیں، نظریاتی سیاست کرنی ہے تو ذاتی مفادات کی سیاست نہیں چلے گی۔

    بلاول بھٹوزرداری کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے پرامید ہوں کہ عوام ہمیں منتخب کریں گے، انشاءاللہ اگلی حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی.

    اگر ہم حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئے تو ہم جنوبی پنجاب کا صوبہ بنادیں گے اور اگر اپوزیشن بینچوں پر بھی بیٹھے تو حکومت کو للکاریں گے، امید ہے پاکستان کے عوام میرا ساتھ دیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اب کیوں یہ صوبہ یاد آیا ؟ اس سے پہلے یہ لوگ کہاں تھے؟ چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ میں بلائے جانے کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو اختیار ہے کہ وہ کسی کو بھی طلب کرسکتا ہے، جب ہم نیب میں اصلاحات چاہتے تھے تو اس وقت نوازشریف نے ہماری مخالفت کی.

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کہتی رہی کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کریں، پارلیمنٹ کمزور ہے تو جمہوریت بھی کمزور ہے، سارے مسائل کا حل مضبوط جمہوریت میں ہے اور یہ کام صرف اور صرف پیپلزپارٹی ہی کرسکتی ہے کیونکہ پیپلزپارٹی ایشوز کی سیاست کرتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔