Tag: Serbia

  • 20 سال سے غار میں گوشہ نشین شخص نے کرونا ویکسین کیوں لگوائی؟

    20 سال سے غار میں گوشہ نشین شخص نے کرونا ویکسین کیوں لگوائی؟

    بلغراد: 20 سال سے ایک غار میں گوشہ نشین شخص نے بھی کرونا ویکسین لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق سربیا میں بیس برسوں سے غار میں ایک تارک الدنیا شخص نے بھی کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین ڈوز لگوا لی ہے۔

    70 سالہ پانٹا پیٹرووِک نے بیس برس قبل سماجی دوری (سوشل ڈسٹنسنگ) پر مبنی طرز زندگی اختیار کی تھی، انھوں نے کئی شادیاں کیں، لیکن آخر کار دنیا ترک کر کے جنوبی سربیا میں واقع ستارا پلانینا پہاڑ پر ایک چھوٹے سے غار میں گوشہ نشیں ہو گئے۔

    گزشتہ برس جب وہ غار سے نکل کر قصبے کی طرف گئے تو انھیں پتا چلا کہ کرونا وبا ہر طرف پھیلی ہوئی ہے، پھر جب ویکسین آ گئی تو پیٹرووِک نے پہلی فرصت میں ویکسین لگوا لی اور دوسروں کو بھی لگوانے کی ترغیب دی۔

    انھوں نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا یہ وائرس تو ہر جگہ پہنچ جاتا ہے، میرے غار میں بھی پہنچ جائے گا، اس لیے میں تو تینوں ڈوز لگواؤں گا، اور لوگوں سے بھی کہتا ہوں کہ ہر شخص ویکسین لگوائے۔

    واضح رہے کہ پیٹرووِک جس غار میں گوشہ نشیں ہیں، وہ ایک کھڑی پہاڑی پر ہے، اور اس تک کوئی کم زور دل شخص نہیں پہنچ سکتا، اس غار میں انھوں نے ایک پرانا خراب ٹوٹا باتھ ٹب رکھا ہوا ہے جسے وہ ٹوائلٹ کے طور پر استعمال کرتے ہیں، چند بینچز بھی ہیں، جب کہ گھاس کے ڈھیر کو وہ بستر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

    پیٹرووِک قریبی قصبے پیروٹ کا رہائشی ہے، جہاں وہ مزدوری کیا کرتے تھے، وہ کئی مرتبہ ملک سے باہر بھی گئے، کئی شادیاں کیں، لیکن پھر زندگی سے اکتا گئے، اور خود کو انسانوں سے الگ تھلگ کر لیا، سماج سے دور ہو کر انھیں ایک نئی آزادی کا احساس ہوا، جس کے بعد وہ مستقل طور پر ایک غار میں رہنے لگے۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2018: سوئٹزر لینڈ کے ہاتھوں سربیا کو شکست

    فیفا ورلڈ کپ 2018: سوئٹزر لینڈ کے ہاتھوں سربیا کو شکست

    ماسکو: فیفا ورلڈ کپ 2018 کے آج کھیلے جانے والے میچ میں سوئٹزر لینڈ نے سربیا کو دو ایک سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں منعقدہ فٹ بال کا عالمی میلہ اپنی تمام حشر سامانیوں کے ساتھ جاری ہے، اب تک کئی بڑے برج الٹ چکے ہیں جبکہ آج کے دن کھیلنے جانے والے تیسرے میچ میں سوئٹزر لینڈ نے سربیا کو 1-2 سے شکست دے دی۔

    قبل ازیں فیفا ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ٹورنامنٹ کی فیورٹ برازیل نے ایک سنسنی خیز، اعصاب شکن مقابلے کے بعد کوسٹاریکا کو شکست دی۔

    میچ میں کوسٹاریکا نے شان دار دفاعی کھیل پیش کیا، 90 منٹ پورے ہونے تک برازیل کے اسٹار کھلاڑی گول داغنے میں ناکام رہے۔ اضافی وقت میں کوسٹاریکا کی دفاعی لائن میں دراڑ پڑی، آخر کار کوٹینہیو گول کرنے میں کامیاب رہے، چند منٹ بعد نیمارجونیئر نے گول کرکے برازیل کی فتح پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی۔


    فیفا ورلڈ کپ 2018: برازیل نے کوسٹاریکا، نائیجیریا نے آئس لینڈ کو ٹھکانے لگا دیا


    میگا ایونٹ کے دوسرے میچ میں گروپ ڈی کے نائیجیریا نے آئس لینڈ کو دو صفر سے شکست دے کر پہلی فتح‌ اپنے نام کر لی، میچ کا پہلا ہاف صفر صفر سے برابر رہا، مگر دوسرے ہاف میں نائیجیرین کھلاڑیوں‌ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری حاصل کر لی، دونوں گول فارورڈ موسیٰ نے کیے۔

    واضح رہے کہ آئس لینڈ کی ٹیم ارجنٹینا سے اپنا اولین میچ برابر کرنے میں‌ کامیاب رہی تھی، جب کہ نائیجیریا کو کروشیا کے ہاتھوں‌ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔