Tag: Sergey Lavrov

  • روسی وزیر خارجہ کی طنز سے بھرپور ویڈیو وائرل

    روسی وزیر خارجہ کی طنز سے بھرپور ویڈیو وائرل

    ماسکو: روسی وزیر خارجہ کی طنز سے بھرپور ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو گزشتہ برس کی ہے، یہ کلپ دو ممالک کے درمیان جنگوں سے متعلق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیرِ خارجہ کا گزشتہ برس کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں اگرچہ وہ یوکرین پر روسی حملے کے حوالے سے جواب دے رہے ہیں تاہم فلسطین کا خصوصی حوالہ انھوں نے بہ طور طنز دیا۔

    سرگئی لاوروو کا مطلب تھا کہ یوکرین پر جو لوگ روسی حملے پر سخت تنقید کر رہے ہیں انھیں نہ تو افریقہ دکھائی دے رہا ہے، نہ مشرق وسطیٰ اور نہ ہی فلسطین پر اسرائیلی قبضہ۔

    ویڈیو میں سرگئی لاروو کہہ رہے ہیں کہ روس یوکرین جنگ کی وجہ سے اگر آپ کو نیند نہیں آ رہی تو آپ تصور کریں کہ یہ سب افریقہ میں ہو رہا ہے، یہ سمجھیں کہ یہ مشرق وسطیٰ میں ہو رہا ہے۔

    حماس نے اسرائیلی شہر عسقلان پر راکٹ برسا دیے

    سرگئی لاوروو نے مزید کہا کہ ’’تصور کریں کہ یوکرین فلسطین ہے اور روس امریکا ہے تو آپ سکون میں آ جائیں گے۔‘‘

  • جی 7 ممالک کا مقصد روس کو روکنا اور سیاسی حریف کے طور پر اسے ختم کرنا ہے: روس

    جی 7 ممالک کا مقصد روس کو روکنا اور سیاسی حریف کے طور پر اسے ختم کرنا ہے: روس

    ماسکو: روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جی 7 ممالک روس اور چین کی دوہری روک تھام کرنا چاہتے ہیں اور جغرافیائی سیاسی حریف کے طور پر روس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ہیروشیما میں منعقدہ گروپ آف 7 سربراہی اجلاس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں جن فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اپنایا گیا ان کا مقصد روس اور چین کی دوہری روک تھام کرنا ہے۔

    لاوروف نے یہ بات سفارت کاری اور دفاعی پالیسی سے متعلق ایک کانفرنس میں کہی جو ہفتے کے روز دارالحکومت ماسکو کے مضافات میں منعقد ہوئی۔

    انہوں نے مغربی اقوام کی جانب سے یوکرین کی حمایت میں شدت لانے پر انہیں بارہا تنقید کا نشانہ بنایا، ہفتے کے روز جاری ہونے والے جی 7 رہنماؤں کے اعلامیے میں، شرکا نے روس کی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    لاوروف نے یہ بھی واضح کیا کہ روس کی مغربی ممالک کے ساتھ محاذ آرائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ممالک صرف میدانِ جنگ میں روس کو شکست دینے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ جغرافیائی سیاسی حریف کے طور پر بھی روس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

  • روس کی پاکستان کو تیل کی فراہمی میں امریکا رکاوٹ ڈالے گا: روسی وزیر خارجہ

    روس کی پاکستان کو تیل کی فراہمی میں امریکا رکاوٹ ڈالے گا: روسی وزیر خارجہ

    ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس کی پاکستان کو تیل کی فراہمی میں امریکا رکاوٹ ڈالے گا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ امریکا، روس کی پاکستان کو تیل کی فراہمی کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالے گا۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا پاک روس توانائی ڈیل روکنے کی کوشش کرے گا۔

    سرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکا شرمناک اور غرور بھرے لہجے میں ہر ملک کو روس سے تجارت کرنے سے روکتا ہے، انھوں نے کہا امریکا نے حال ہی میں چین کو بھی دھمکایا ہے، جب کہ بھارت، ترکی اور مصر کو بھی دھمکیاں دی ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیرخارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری اس وقت اپنے روسی ہم منصب کی دعوت پر ماسکو کے دورے پر ہیں، جہاں ان کی روس کے وزیر خارجہ سے وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی ہے۔

  • روس کی طالبان حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے شرط عائد

    روس کی طالبان حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے شرط عائد

    ماسکو: روس نے طالبان حکومت کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے شرط عائد کر دی ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق پیر کو روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ روس افغان حکومت کی حلف برداری تقریب میں شرکت اور طالبان حکومت کی معاونت کرے گا، لیکن صرف تب ہی جب حکومت سازی تمام دھڑوں کو ملا کر کی گئی ہو۔

    واضح رہے کہ کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد اب ماسکو محتاط انداز میں یہ جائزہ لے رہا ہے کہ مستقبل میں اپنے پڑوسی ملک افغانستان سے کیسے تعلقات رکھے اور صورتِ حال سے کیسے فائدہ اٹھائے؟

    خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے پاکستان، چین، روس اور دیگر ممالک کو حکومت سازی کی تقریب میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی گئی ہے، یہ دعوت ایک ایسے دن دی گئی ہے جب طالبان نے افغانستان کے آخری جنگی محاذ پنجشیر کو بھی فتح کرنے کا اعلان کیا۔

    طالبان نے وادی پنجشیر پر قبضہ کرلیا، ذبیح اللہ مجاہد

    طالبان کی جانب سے ٹوئٹر پر کہا گیا کہ اسلامی امارات نے پاکستان، ترکی، قطر، روس، چین اور ایران کو نئی حکومت کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

    آج طالبان نے کابل کے شمال میں وادی پنجشیر پر قبضہ کر نے کا دعویٰ کیا ہے، ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کچھ باغی ہلاک اور باقی تمام فرار ہوگئے، ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغان طالبان نے پنجشیر وادی کو فتح کر لیا ہے، علاقے پر قبضے کے بعد جنگ اب ختم ہوگئی ہے۔

  • مغربی ممالک نے افغانستان میں کون سی بڑی غلطی کی؟ روسی وزیر خارجہ کا اہم بیان

    مغربی ممالک نے افغانستان میں کون سی بڑی غلطی کی؟ روسی وزیر خارجہ کا اہم بیان

    ماسکو: امریکا کے دیگر ممالک میں جمہوریتیں نافذ کرنے پر روس نے ردِ عمل میں کہا ہے کہ امید ہے امریکا اب آئندہ کسی ملک میں جمہوریت نافذ نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے امید ظاہر کی ہے کہ مغربی رہنما اپنا وعدہ پورا کریں گے اور دوسری ریاستوں میں جمہوریت کو پھیلانے کی نئی کوششیں نہیں کریں گے۔

    لاوروف نے افغانستان میں مغربی نظام متعارف کرانے کی کوشش کو "سب سے بڑی غلطی” قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ وہ ملک ہے جہاں روایتی طور پر کبھی کوئی ایک مرکز قائم نہ ہو سکا۔

    روسی وزیر خارجہ نے ماسکو اسٹیٹ انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (ایم جی آئی ایم او) کے طلبہ اور لیکچررز کے سامنے اپنے خطاب میں کہا کہ میرا ماننا ہے کہ کسی بھی ریاست کا طریقہ کار اس کی روایات، رواج کی عکاسی کرتا ہے اور یہ ان لوگوں کے لیے آرام دہ اور پرسکون ہونا چاہیے جو وہاں رہتے ہیں اور وہاں اپنی نسل پالتے ہیں۔

    سرگئی لاوروف نے کہا مغربی ممالک نے دیگر ممالک میں جمہوریتوں کے نفاذ کے اپنے عمل سے خود کو روکنے کا وعدہ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا امریکی صدر جو بائیڈن اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے عملی طور پر یہ کہا ہے کہ اب وہ کسی دوسرے ملک میں جمہوریت کو جبراً مسلط نہیں کریں گے، اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ وعدے کیسے پورے ہوں گے۔

    روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ مغرب کی جانب سے کسی دوسرے ملک پر جمہوریت نافذ نہ کرنے کے وعدے پورے کیے جائیں گے۔

  • جوہری جنگ پوری دنیا کے لیے خطرناک ہے، سرگئی لاروف

    جوہری جنگ پوری دنیا کے لیے خطرناک ہے، سرگئی لاروف

    ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا ہے کہ روس چاہتاہے امریکا سے ایٹمی جنگ نہ کرنے کا معاہدہ کیا جائے لیکن امریکا ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ امریکا اور روس مل کر دنیا کو بتائیں کہ ایٹمی جنگ نہیں ہوگی، جوہری جنگ پوری دنیا کیلئے خطرناک ہے۔

    ماسکو میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی لاروف نے کہا کہ امریکا اور روس ہی دنیا کو یقین دہانی کراسکتے ہیں کہ ایٹمی جنگ خطرناک ہے، ایٹمی ہتھیار رکھتے ہوئے بھی دونوں ملک جوہری جنگ نہیں کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ روس نے امریکا کو تجویز دی ہے کہ آئیں اور نیا ایٹمی معاہدہ کریں لیکن تاحال امریکا نے کوئی جواب نہیں دیا۔

    سرگئی لاروف نے مزید کہا کہ روس چاہتا ہے کہ امریکا سے ایٹمی جنگ نہ کرنے کا معاہدہ کیا جائے لیکن امریکا ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔

    امریکا نے معاہدہ منسوخ کیا تو جوابی کارروائی کریں گے، سرگئی لاروف

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں روسی وزیر خارجہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ایٹمی معاہدے سے دستبرداری کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جوہری معاہدے کی منسوخی بلیک میلنگ کے سوا کچھ نہیں اگر امریکا معاہدے سے نکلا کو جوابی کارروائی ہوگی۔

  • امریکا شام سے فوجی دستے واپس نہیں بلائے گا، روسی وزیر خارجہ کا دعویٰ

    امریکا شام سے فوجی دستے واپس نہیں بلائے گا، روسی وزیر خارجہ کا دعویٰ

    ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ امریکا جنگ زدہ ملک شام سے اپنے فوجی دستے واپس نہیں بلائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کہتا تو ہے کہ وہ شام سے فوجی انخلا کا منصوبہ رکھتا ہے لیکن واشنگٹن ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

    ماسکو سے ملنے والی نیوز رپورٹس کے مطابق سرگئی لاروف نے واشنگٹن حکومت کے زبانی بیانات کو ناقابل اعتبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشرقی وسطیٰ کی اس تباہ حال ریاست سے فوجی انخلا کے امکانات نظر نہیں آتے۔

    واضح رہے کہ آج روسی وزیر خارجہ نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد شامی تنازعے کے حل کے لیے ٹھوس بنیادوں پر تعاون کے حوالے سے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔

    روسی صدر، ٹرمپ کی دعوت پر وائٹ ہاؤس جائیں گے

    انھوں نے ایک روز قبل کینیڈا میں منعقد ہونے والے جی سیون اجلاس میں سات ترقی یافتہ صنعتی ممالک کے وزرائے خارجہ کی طرف سے ہونے والی تنقید کہ ’ماسکو شام میں عدم استحکام کا باعث ہے، کے جواب میں کہا کہ یہ ممالک ایسا اس لیے کہتے ہیں کیوں کہ یہ روس سے خوف زدہ ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا کہتا رہا ہے کہ وہ شامی خانہ جنگی میں خود فریق نہیں ہے بلکہ شامی فورسز کے خلاف لڑنے والے کرد ملیشیا گروہوں کو عسکری مشاورت اور اسلحہ فراہم کرتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • برطانیہ ایٹمی طاقت کو دھمکیاں دینے سے باز رہے، روس

    برطانیہ ایٹمی طاقت کو دھمکیاں دینے سے باز رہے، روس

    لندن : روسی جاسوس پر قاتلانہ حملے کے بعد برطانیہ اور روس کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آگئی ہے، روس کا کہنا ہے برطانیہ ایک ایٹمی طاقت کو دھمکیاں دینے سے باز رہے جبکہ برطانیہ کی روس کو وضاحت کیلئے دی گئی ڈیڈلائن ختم ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں سابق روسی جاسوس کو زہر دینے کا معاملہ برطانیہ اور روس کے تعلقات کو میں کشیدگی بڑھا رہا ہے، روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے برطانیہ ایک ایٹمی طاقت کو دھمکیاں دینے سے باز رہے، برطانیہ کی طرف سے کیمیائی مواد کا نمونہ ملنے تک وضاحت نہیں دے سکتے۔

    یاد رہے کہ برطانوی وزیراعظم نے الزام عائد کیا تھا کہ جاسوس کے قاتلانہ حملے میں روس ملوث ہے اور روس کو معاملے پر وضاحت دینے کیلئے چوبیس گھنٹے کی ڈیڈلائن دی تھی، جو آج ختم ہو گئی لیکن روس نے وضاحت پیش نہیں کی۔


    مزید پڑھیں :  ممکن ہے سابق روسی جاسوس کوروس نےزہردیا ہو‘ برطانوی وزیراعظم


    برطانوی وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی کو دیا گیا اعصاب کو متاثر کرنے والا کیمیائی مواد روس میں بنا ہے اور امریکہ نے بھی برطانیہ میں سابق روسی جاسوس پرہونے والے قاتلانہ حملے میں روس کے ملوث ہونے کی تائید کی ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم تھریسامے آج نیشنل سیکیورٹی کونسل کےاجلاس کی صدارت کریں گی، اس کے بعد پارلیمنٹ میں اس حوالے سے تجویز پیش کرینگی۔


    مزید پڑھیں : برطانیہ میں سابق روسی جاسوس پرقاتلانہ حملہ


    یاد رہے4 روز قبل برطانوی شہر سالسبری میں 66 سالہ سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپل اور ان کی بیٹی یولیا اسکریپل کو زہر دے کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی کو اعصاب متاثر کرنے والے کیمیکل مواد سے نشانہ بنایا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔