Tag: series

  • وائٹ بال سیریز: آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا

    وائٹ بال سیریز: آسٹریلوی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا

    لاہور: پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینے کے لئے آسٹریلیا کا 14 رکنی اسکواڈ لاہور پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کا 14 رکنی اسکواڈ خصوصی فلائٹ کے زریعے آج لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچا، جہاں انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں لاہور کے نجی ہوٹل پہنچایا گیا۔

    وائٹ بال سیریز میں حصہ لینے والے کھلاڑی تین روزہ آئسولیشن مکمل کرنے بعد اتوار سے پریکٹس شروع کرینگے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایرون فنچ آسٹریلیا کے کپتان ہونگے۔

    سیریز کا پہلا ون ڈے 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا دو اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی بھی 5 اپریل کو اسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،تینوں ون ڈے میچز سہ پہر 3 بجے جبکہ ٹی ٹوئنٹی رات 8:30 بجے شروع ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر

    دوسری جانب پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے شدت سے منتظر شائقین کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ بال سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی گئی ہے، تمام ٹکٹس بک می ڈاٹ پی کے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

    ون ڈے میچوں کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 500 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ قیمت 3000 روپے رکھی گئی ہے جب کہ سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹ کی قیمت 500 سے لے کر 4 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ ایک شناختی کارڈ پر 6 ٹکٹس تک خریدے جاسکتے ہیں۔

  • بھارت اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کا شیڈول تبدیل

    بھارت اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کا شیڈول تبدیل

    بی سی سی آئی نے اگلے ماہ  انڈین پریمیئر لیگ کی بڑی نیلامی کے پیش نظر ویسٹ انڈیز کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے۔

    بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے آئندہ ماہ 12 اور 13 فروری کو ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی بڑی نیلامی کے پیش نظر ان ہی تاریخوں میں ہونے والی ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے۔

    نئے شیڈول کے مطابق تیسرے ون ڈے اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میچز کو ایک ایک دن آگے بڑھایا گیا ہے اس کے ساتھ ہی بورڈ نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ یہ تمام میچز صرف 2 گراؤنڈز پر کھیلے جائیں گے۔

    اس دورے کا آغاز اب 3 میچوں کی ون ڈے سیریز سے ہوگا جو احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

    یہ میچ اب 6، 9 اور 11 فروری کو ہوں گے، اس کے بعد دونوں ٹیمیں کولکتہ جائیں گی جہاں پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ اب 15 فروری کے بجائے 16 فروری کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد بقیہ 2 ٹی ٹوئنٹی میچز سابقہ شیڈول کے مطابق 18 اور 20 فروری کو ہوں گے۔

    واضح رہے کہ بی سی سی آئی اس سے قبل ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے میزبانی کے لیے متعین شہروں کی تعداد کم کرکے 6 شہروں تک لانا چاہتا تھا۔ بی سی سی آئی نے بتایا کہ یہ فیصلہ سفر کے دوران ٹیموں، میچ آفیشل، براڈ کاسٹرز اور دیگر عملے پر کورونا کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

  • آسٹریلیا کا دورہ پاکستان، محمد رضوان کا جذباتی پیغام

    آسٹریلیا کا دورہ پاکستان، محمد رضوان کا جذباتی پیغام

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان کو آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد کا بے صبری سے انتظار ہے، انہوں نے جذباتی پیغام جاری کردیا ہے۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے کہا کہ کینگروز ٹیم کی پاکستان آمد پر بے حد خوشی ہے، آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 24 برس بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے، ان کی پاکستان آمد کا احساس ابھی سے ہو رہا ہے۔

    سال دوہزار اکیس میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے محمد رضوان نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان کی پوری قوم خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے، کینگروز ان دنوں بہترین کرکٹ کھیل رہی ہے، پاکستان ٹیم بھی بہترین فارم میں ہے امید ہے کہ دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کا مضبوط تعلق سیریز کو چار چاند لگائے گا۔

    محمد رضوان نے دورہ پاکستان سے متعلق آسٹریلوی کھلاڑیوں، سابق کرکٹرز، فینز اور براڈ کاسٹرز کے بیان خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب تک جتنی گفت وشنید ہوئی اس سے یہ ثابت ہورہا ہے کہ کینگروز ٹیم اپنے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    محمد رضوان نے کرکٹ فینز کو قومی ٹیم کی جان قرار دیتے ہوئے کہا کہ گراؤنڈ میں موجود تماشائی جب ہمارا حوصلہ بڑھاتے ہیں تو ٹیم کو ایک نیا جوش ملتا ہے، آسٹریلیا سے سیریز میں بھی کراؤڈ کی جانب سے حوصلہ افزائی ہمارے لئے بہترین ثابت ہوگی۔

    یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم تین ٹیسٹ، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے مارچ/ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی، سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تمام ون انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

  • اسٹار وارز کے دیوانوں کے لیے خوشخبری

    اسٹار وارز کے دیوانوں کے لیے خوشخبری

    شہرہ آفاق سائنس فکشن فلم سیریز اسٹار وارز کے مختلف کرداروں پر الگ الگ سیریز بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، اب فلم کے ایک اور کردار بوبا فیٹ پر بھی سیریز بنانے کا اعلان کردیا گیا۔

    ہالی وڈ کے زیادہ تر سائنس فکشن و فینٹسی فلموں کے کرداروں پر متعدد فلمیں، ویب سیریز، ڈرامے اور ویڈیو گیمز بنائی جاتی ہیں، ساتھ ہی ان پر الگ کتابیں بھی لکھی جاتی ہیں۔ معروف سیریز ہیری پوٹر اور گیم آف تھرونز سمیت اسٹار وارز فلم سیریز کے کرداروں پر بھی فلمیں اور ٹی وی سیریز بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اسٹار وارز فرنچائز نے سنہ 2019 میں معروف کردار یوڈا پر خصوصی سیریز دی مینڈالورین بنائی تھی، جس میں 1973 میں ریلیز کی گئی پہلی فلم کے کردار کے چھوٹے بچے یعنی بے بی یوڈا کو دکھایا گیا تھا۔

    اب اسٹار وارز فرنچائز نے اعلان کیا کہ فلم کے ایک اور کردار بوبا فیٹ پر بھی سیریز بنائی جائے گی۔ اسٹار وارز سیریز کی پہلی فلموں میں دکھائے جانے والے روبوٹک ولن کردار بوبا فیٹ کے تخلیق کار نے تصدیق کی ہے کہ اسی کردار پر اب سیریز بنائی جائیں گی۔

    جون فیوریو کے مطابق اس کردار پر بنائی گئی سیریز کو ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا۔

    فی الحال بوبا فیٹ کے کردار پر بنائی جانے والی سیریز کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس کو کون سا اداکار ادا کرے گا۔ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں بوبا فیٹ کے کردار کرنے والے اداکار کے نام کا اعلان کیا جائے گا اور ساتھ ہی دیگر کاسٹ اور سیریز کا نام بھی بتا دیا جائے گا۔

  • سیریز برابر کرنے کا مشن، قومی ٹیم جمعے کو میدان میں اترے گی

    سیریز برابر کرنے کا مشن، قومی ٹیم جمعے کو میدان میں اترے گی

    ایڈلیڈ: قومی ٹیسٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سیریز برابر کرنے کے لیے 29 نومبر سے میدان میں اترے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ ایڈلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم پچھلے میچ میں کی جانے والی غلطیوں سے سبق سیکھ کر اگلے میچ میں بہتر کارکردگی کے لیے پرعزم ہے، ٹیم ڈے نائٹ ٹیسٹ کی تیاری کا آغاز کل سے کرے گی۔

    مصباح کی کوچنگ میں مسلسل شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ان کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد بدقسمتی سے ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، سری لنکا کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں بھی پاکستان کو شکست کا مزا چکھنا پڑا تھا۔

    جبکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں بھی پاکستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا، البتہ ٹیم کم بیک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    امید ہے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی: کپتان

    اگلا میچ ایڈلیڈ میں پنک بال سے ہوگا، پاکستان کو حکمت عملی بدلنی ہوگی ورنہ میچ کے ساتھ سیریز بھی ہاتھ سے جائے گی، ٹیم میں کیا تبدیلیاں ہوں گی اس سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

  • ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

    ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

    لاہور: ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں، دونوں ٹیمیں کراچی سے الگ الگ فلائٹس کے ذریعے لاہور پہنچیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات کی صبح کراچی سے لاہور پہنچی، قومی ٹیم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے سخت سیکیورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

    ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں جگہ بنانے والے بلے باز احمد شہزاد نے بھی ٹیم کو ہوٹل میں ہی جوائن کر لیا ہے، ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کے بعد کھلاڑی تازہ دم اور خوشگوار موڈ میں نظر آرہے تھے۔

    ہوٹل پہنچنے پر قومی کرکٹرز کو گلدستے پیش کیے گئے اور پھول کی پتیاں نچھاور کی گئیں، سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشلز شام کے وقت کراچی سے لاہور پہنچے جنہیں انتہائی سخت سکیورٹی میں ائیر پورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔

    تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ہفتے کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے، اوپنر عابد علی کو 74 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

  • پاک سری لنکا سیریز: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل

    پاک سری لنکا سیریز: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل

    کراچی: سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی سیریز کے لیے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں، نیشنل اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بھی تیار کرلیا گیا۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے آغاز میں صرف چند دن باقی ہیں، جس کے ساتھ ہی میچز کی میزبانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تزئین و آرائش کے کام میں تیزی آگئی ہے۔

    گراﺅنڈ اسٹاف میدان کو بہتر بنانے میں مصروف ہے۔چیف کیوریٹر آغا زاہد کی نگرانی میں پچز کی تیاری بھی آخری مرحلے میں ہے، انکلوژرز میں صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے۔

    پاک سری لنکا ون ڈے سیریز: پاکستان ٹیم لاہور سے کراچی پہنچ گئی، سخت حفاظتی انتطامات

    اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے بھی کام شروع کر دیا، 80 سے زائد ہائی ریزولیشن کیمرے نصب کر دیئے گئے، اسٹیڈیم کا ایک ایک حصہ کیمرے کی نظرمیں ہوگا، اسٹیدیم میں بیٹھے ہر شخص کی نقل وحرکت مانیٹر ہوگی۔

    گراﺅنڈ کے چاروں اطراف، ملحقہ سڑکیں اور عمارتیں بھی کیمرے کی آنکھ سے نہیں بچ سکیں گی، 4 میگا پکسل کیمرے رات کی تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں، کمانڈ اینڈ کنڑول روم کی نگرانی سیکورٹی ادارے کریں گے۔

    پاک سری لنکا ون ڈے میچز 27 ستمبر 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

  • سری لنکا کیخلاف سیریز قومی کھلاڑیوں کے اعتماد کی بحالی کیلئے ضروری تھی: رمیز راجہ

    سری لنکا کیخلاف سیریز قومی کھلاڑیوں کے اعتماد کی بحالی کیلئے ضروری تھی: رمیز راجہ

    لاہو: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز قومی کھلاڑیوں کے اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری تھی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم 25 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی اور 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز جبکہ 5 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک لاہور میں ٹی 20 سیریز کھیلے گی۔

    رمیز راجہ کے مطابق یہی وقت ہے قومی ٹیم دفاعی سوچ سے نکل کر نڈر کرکٹ کھیلے اور مختلف شاٹس اور ورائٹی کا استعمال کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک ایک بہترین ٹیم نہیں بن سکتے جب تک مختلف سوچ کے ساتھ جارحانہ کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی پاکستان آنے والی ٹیم اوسط درجے کی ہے اس لئے قومی ٹیم کو اس کا دباﺅ لینے کی ضرورت نہیں بلکہ قومی سکواڈ میں انڈر 23 اور انڈر 19 میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی شامل کرنا چاہئے تھے۔

    پاک سری لنکا سیریز، آئی سی سی نے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا

    خیال رہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی پر آئی سی سی کا اعتماد بھی بڑھنے لگا ہے، آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کردیا۔

    آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اور علیم ڈار امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا، شوزب رضا اور آصف یعقوب بھی سیریز میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

  • بھارتی الیکشن کمیشن نے وزیراعظم مودی پر بنی ویب سیریز روک دی

    بھارتی الیکشن کمیشن نے وزیراعظم مودی پر بنی ویب سیریز روک دی

    نئی دہلی : بھارتی انتخابات کے نگراں نے بولی وڈ کی فلم اور وزیر اعظم کی جماعت کے ٹی وی چینلز پر پابندی کے بعد پروڈیوسرز کو نریندر مودی پر بنی ویب سیریز روکنے کے احکامات جاری کردئیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی دوسری بڑی آبادی والے ملک میں انتخابات منعقد کرانے اور اس کی نگرانی کرنے والے خود مختار ادارے بھارتی الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آن لائن ویب سیریز قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

    بھارتی الیکشن کے قواعد کے مطابق ووٹنگ کے وقت کے دوران مہم یا پروپگینڈا کے حوالے سے کسی بھی مواد کے شائع کیے جانے کی اجازت نہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی سیاسی تشہیر کو بھی الیکشن کمیشن سے منظور کرانا پڑتا ہے تاکہ تمام اخراجات کا احتساب ہوسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت کے 6 ہفتوں پر مشتمل ووٹنگ کے عمل کا آغاز 11 اپریل کو ہوا اور یہ 19 مئی تک جاری رہے گا جس کے نتائج 23 مئی کو آنے کی امید کی جارہی ہے۔

    آن لائن ویب سیریز کی اسٹریمنگ روکتے ہوئے الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایسا مواد جس سے یکساں مواقع فراہم نہ ہوں کو انتخابات کے مکمل ہونے تک شائع نہیں کیا جانا چاہیے۔

    نریندر مودی کے بچپن سے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے وزیر اعظم بننے تک کے سوانح حیات پر بننے والے ویب سیریز ’مودی: جرنی اف اے کامن مین‘ کو ایروس ناو نے پروڈیوس کیا۔

    قبل ازیں رواں ماہ الیکشن کمیشن نے مودی پر بننے والی فلم پر ووٹنگ کا عمل ختم ہونے تک پابندی عائد کردی تھی۔ چند روز بعد ہی کمیشن نے 24 گھنٹے نریندر مودی اور ان کی جماعت کے رہنماو ں کی ریلیوں، تقاریر، گانے دکھانے والے نامو ٹی وی پر پابندی عائد کی تھی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ نامو ٹی وی کو اپنا تمام مواد منظوری کے لیے جمع کرانا ہوگا۔ 68 سالہ ہندو قوم پرست نریندر مودی دوبارہ حکومت بنانے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔

    الیکشن کمیشن، جس پر غیر موثر ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے، میں مارچ میں مہمات کے آغاز پر شکایتوں کی بھرمار کی گئی۔گزشتہ ہفتے بھارتی سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے سیاسی رہنماوں کی انتخابی خلاف ورزیوں کے حوالے سے شکایات پر بروقت اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

  • ٹیم اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی، سرفراز احمد

    ٹیم اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکی، سرفراز احمد

    لیڈیز: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انگلش ٹیم نےابتدائی سیشن میں اچھی بولنگ کی اور ہم بھی لارڈز ٹیسٹ کی طرح عمدہ پرفارمنس نہیں دکھا سکے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بیٹسمینوں نے غلطیاں کرکےوکٹیں گنوائیں، بیٹنگ وکٹ تھی مگر انگلش بولرز نے متاثر کن کارکردگی دکھائی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سیریز سے کافی غلطیاں سامنےآئیں جن پر جلد قابو پالیا جائے گا، اسکواڈ میں نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جنہیں سیکھنے میں تھوڑا وقت ضرور لگے گا، لارڈزٹیسٹ جیتنے پر ہم سب کو فخر ہے کہ انگلینڈ کو اُس کے گھر میں ہی شکست دی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو ایک اننگز اور 55 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔

    لیڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 363 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس کے بعد انہوں نے 189 رنز کی برتری حاصل کی، سرفراز الیون نے برتری کو برابر کرنے کے لیے بلا سنبھالا تو  پوری ٹیم صرف 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    پاکستان کی بیٹنگ لائن کو ابتداء سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور ایک کے بعد دوسرا کھلاڑی پویلین روانہ ہوئے، اظہر علی 11، اسد شفیق 5 اور حارث سہیل صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔