بیوی نے شوہر سے محبت اور وفا کی انوکھی مثال قائم کردی، شوہر کے نابینا ہوجانے کے بعد اس خاتون کی زندگی کا کوئی لمحہ اس کی خدمت کے بغیر نہیں گزرا۔
دانا کہتے ہیں کہ اگر مرد کو وفادار اور سلیقہ شعار بیوی مل جائے تو اسے دنیا کی باقی وفادار ہستیوں کی مثال دینا یاد نہیں رہتی، اور اس کی دنیا اور بھی حسین ہوجاتی ہے۔
اس خاتون کا اٹھنا بیٹھنا اور اس کی کُل کائنات اس کا شوہر ہی ہے، محبت اور وفا کی یہ کہانی بہت عجیب ہے، میاں بیوی کے درمیان محبت کا مفہوم اس کی تعبیر، محبت کے سبھی معانی اسی رپورٹ میں نظر آئیں گے۔
یہ خوبصورت مثال کوٹلی کی رہائشی خاتون کی ہے، جن کی شادی کے تھوڑے عرصے بعد ہی ان کے شوہر کی آنکھوں کی بینائی کمزور ہوتے ہوتے بالکل ختم ہوگئی لیکن بیوی نے اسے چھوڑنے کے بجائے شوہر کا سہارا بننے کا فیصلہ کیا۔
اس خاتون نے نہ صرف اپنے شوہر کے علاج کیلیے دور درزا اسپتالوں کے کئی چکر لگائے بلکہ گھر کے اخراجات پورے کرنے کیلیے شہتوت کی ڈنڈیوں سے ٹوکریاں تیار کرکے فروخت کرتی ہے، اس کے علاوہ موسم کے مطابق دیگر کام بھی کرتی ہے تاکہ کچھ آمدنی کا ذریعہ بن سکے۔
یہاں تک کہ وہ اپنے دونوں بچوں کو تعلیم بھی دلوا رہی ہے اور ساتھ اس نے دوکمروں پر مشتمل ایک گھر بھی بنالیا ہے، شوہر کا کہنا ہے کہ میری بیوی جیسی کوئی عورت نہیں جس پر مجھے بہت فخر ہے۔