Tag: Set

  • پریانکا چوپڑا کے شوہر شوٹنگ کے دوران حادثے میں زخمی

    پریانکا چوپڑا کے شوہر شوٹنگ کے دوران حادثے میں زخمی

    معروف بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر اور امریکی اداکار و گلوکار نک جونس گزشتہ روز اپنے نئے شو کی فلم بندی کے دوران زخمی ہوگئے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق حادثے کی نوعیت کا تو پتہ نہیں چل سکا، لیکن یہ ایک بڑا حادثہ تھا کیونکہ حادثے کے بعد نک جونس کو ایمبولینس میں اسپتال لے جایا گیا۔

    نک جونس پہلی بار سیٹ پر زخمی نہیں ہوئے، اس سے قبل سنہ 2018 میں بھی ایک شو کے بعد میکسیکو میں ورک آؤٹ کے دوران وہ اپنے ہاتھ زخمی کروا بیٹھے تھے۔

    پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے سنہ 2018 میں شادی کی تھی جس کے بعد وہ مستقل طور پر امریکا منتقل ہوچکی ہیں۔

  • ہنگرین پوپائے نے دانتوں سے بوئنگ 777 کھینچنے کی تیاری کرلی

    ہنگرین پوپائے نے دانتوں سے بوئنگ 777 کھینچنے کی تیاری کرلی

    دبئی : ہنگری کے پوپائے زولٹ سنکا متحدہ عرب امارت میں بوئنگ 777 طیارہ دانتوں سے کھینچ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگری سے تعلق رکھنے والے زولٹ سنکا گزشتہ دس برسوں کے دوران طاقت اور باڈی بلڈنگ کے اب تک 35 سے زائد عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں جس کے باعث انہیں ہنگری کا پوپائے کہا جاتا ہے۔

    زولٹ سنکا نے اپنی 8 سالہ بیٹی اور اہلیہ مونیکا کے ہمراہ دبئی اسپورٹس کونسل آفس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلے میری کوشش ہے کہ میں دانتوں سے بوئنگ 777 طیارہ کھینچوں، اس کے بعد آئندہ برس دبیئ 2020 ورلڈ ایکسپو کے دوران ایئر بس اے 380 کو کھینچا چاہتا ہوں، میرا خیال ہے کہ ایکسپو کے دوران یہ اچھی مہم ہوگی‘۔

    سنکا نے کہا کہ اے 380 کے بعد میں کار کھینچنے کا ریکارڈ بنانا چاہتا ہوں ممکن ہے چھ سے آٹھ گاڑیاں ہوں اور ممکن ہے کہ میں آر ٹی اے (روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی) کے ہمراہ کام کروں اور بڑی بس کو کھینچوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میرے منصوبے میں برج العرب کے ہیلی پیڈ پر ایک اسٹیج شو بھی شامل ہے جس میں دو موٹرسائیکلوں اپنے دانتوں سے روکوں گا، جو ایک زبردست شو ہوگا۔

    سنکا سنہ 2016 سے دبئی رہائشی ہیں جو ماضی میں 180 سیٹوں کے ایئربس اے 320 کو کھنچ چکے ہیں، انہوں نے بوداپست ایئرپورٹ پر 50 ٹن کے طیارے کو 39 .2 میٹر تک 52 سیکنڈ میں کھینچاتھا۔

    ہنگرین پاور لفٹر طاقت سے آزامائی کے کھیل سے قبل فٹبال کے کھلاڑی تھے وہ بوداپست ایئرپورٹ پر اے 300 طیارہ بھی کھینچ چکے ہیں جس کا وزن 90 ٹن تھا جبکہ 80 ٹن وزنی ٹرین بھی اپنے دانتوں سے کھینچ کر دنیا کو حیران کرچکے ہیں۔

    سنکا کا کہنا تھا کہ میں نے 2010 میں کچھ نیا کرنے کا سوچا، جس کےبعد میں نے پورے جسم سے دو فائر ٹرک کھینچنے کا فیصلہ کیا اور 2013 میں 50 ٹن وزنی جہاز کو کھینچ کر عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • اسرائیلی انتخابات، نیتن یاہو نے پانچویں مرتبہ کامیابی حاصل کرلی

    اسرائیلی انتخابات، نیتن یاہو نے پانچویں مرتبہ کامیابی حاصل کرلی

    تل ابیب : غاصب ریاست اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات کے سرکاری نتائج آگئے، صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو پانچویں مرتبہ فتحیاب ہوکر ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر فلسطینی عوام کے خون سے ہولی کھیلنے والے بنجامن نیتن یاہو کی لیکوڈ نے اکثریت رائے سے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت موجودہ الیکشن میں سابق آرمی چیف بینی گینٹز کے بلیو اور وائٹ اتحاد سے شکست کی امید کررہی تھی لیکن لیکوڈ اور اس کی اتحادی دائیں بازو کی جماعتوں موجودہ الیکشن میں بڑے مارجن سے فتح حاصل کی ہے۔

    لیکوڈ نے پارلیمانی الیکشن میں کینسٹ (پارلیمنٹ) کی 120 نشتوں میں 65 پر واضح برتری حاصل کی ہے جبکہ تقریباً 50 سے 55 نشتیں حاصل کی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 69 سالہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو کرپشن الزامات کا سامنا ہے اس کے باوجود وہ پانچویں مرتبہ اپنی پوزیشن محفوظ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق موجودہ انتخابات کے نتائج سامنے آنے بعد نیتن یاہو طویل عرصے تک اسرائیل پر حکمرانی کرنے والے وزیر اعظم بن جائیں گے

    بنجامن نیتن یاہو اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دائیں بازو کی حکومت ہوگی لیکن سب کے لیے وزیر اعظم میں ہی بنوں گا۔

    نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ’میرا عوام سے رابطہ بہت اچھا ہے، اس لیے عوام نے مجھے پانچویں مرتبہ اعتماد کا ووٹ دیا ہے اور یہ اعتماد کا ووٹ سابقہ انتخابات سے کہیں بڑا ہے‘۔

    نیتن یاہو نے کہا کہ ’میں اسرائیل کے تمام شہریوں کا وزیر اعظم بننا چاہتا ہوں، دائیں، بائیں بازو کے افراد ہوں، یہودی و غیر یہودی سب کا وزیر اعظم بننا چاہتا ہوں‘۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی وزیراعظم کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا

    اسرائیلی عام انتخابات، غزہ اور مغربی کنارے کے محاصرے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ ایک روز قبل نیتن یاہو نے نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ پٹی میں بسنے والی یہودی بستیوں کو اسرائیلی حصہ قرار دے دیا جائے گا، اس فیصلے پر قائم رہیں گے۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز نے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر گزشتہ کئی روز سے مغربی کنارے اور غزہ پٹی کا محاصرہ کیا ہوا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مقبوضہ غزہ کی گزرگاہ کو بھی الیکشن تک بند کیا جارہا ہے کہ صرف انتہائی حساس طبی مسائل کی صورت میں غزہ سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔

  • منشیات کا استعمال اور سابقہ اہلیہ کو جلانے کے الزام میں‌ عرب شہری پر فرد جرم عائد

    منشیات کا استعمال اور سابقہ اہلیہ کو جلانے کے الزام میں‌ عرب شہری پر فرد جرم عائد

    ابوظبی : اماراتی پولیس نے منشیات استعمال کرنے اور سابق اہلیہ کو پیٹرول ڈال کر جلانے کے الزام میں عرب شہری کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں مقیم دو بچوں کی والدہ نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ اس کا سابق شوہر اسے جان سے مارنے دھمکیاں دے رہا ہے۔

    متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ’میرے سابق شوہر نے میرے بچوں کے سامنے مجھ پر پیٹرول ڈال کر مجھے نذر آتش کرنے کی کوشش کی، حملے کے وقت وہ نشے میں دھت تھا‘۔

    ابوظبی پولیس نے خاتون کی شکایت پر عرب شہری کو گرفتار کرکے ابوظبی کی بنی یاس کورٹ میں پیش کردیا تھا جہاں عدالت نے ملزم پر منشیات کا استعمال کرنے، سابقہ اہلیہ کی جان خطرے میں ڈالنے پر فرد جرم عائد کردی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ملزم اور متاثرہ خاتون کے درمیان کچھ وقت پہلے علیحدگی ہوئی ہے جس کے بعد بچوں کو عدالت نے ماں کے حوالے کردیا تھا۔

    خاتون نے عدالت کو بتایا کہ ملزم میرے گھر آیا اور عجیب انداز میں شور غل شروع کردیا اور مجھے تشدد کا نشانہ بنانے لگا میرے مذمت کرنے پر گاڑی سے پیٹرول نکال کر لایا اور مجھے آگ لگانے لگا۔

    دبئی: اپنے ہی بچوں‌کو قتل کرنے کی کوشش، سنگ دل ماں کو پانچ سال قید کی سزا

    دوسری جانب ملزم نے عدالت میں خود پر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عدالت نے دونوں فریقین کے بیانات سننے کے بعد عدالت آئندہ ہفتے تک کیس کی سماعت معطل کردی۔

  • بریگزٹ: تھریسامے دوبارہ مذاکرات کیلئے کوشاں، یورپی یونین کا انکار

    بریگزٹ: تھریسامے دوبارہ مذاکرات کیلئے کوشاں، یورپی یونین کا انکار

    لندن : یورپی یونین نے بریگزٹ معاہدے پر نئے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب بریگزٹ پر مزید مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز میں گزشتہ روز بریگزٹ معاہدے پر ارکان پارلیمان نے حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے سات میں سے دو ترامیم منظور کی ہیں۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایم پیز کی جانب سے بریگزٹ معاہدے پر دوبارہ گفت و شنید کے مشورے کے بعد وزیر اعظم تھریسامے یورپی یونین کے رہنماؤں سے دوبارہ مذاکرات کی امید کررہی ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 317 میں کل 301 ممبران پارلیمنٹ نے بریگزٹ مسودے میں آئرش بیک اسٹاپ کے معاملے کو تبدیل کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا لیکن یورپی یونین نے برطانوی وزیر اعظم سے طےشدہ معاہدے کے مسودے میں تبدیلی سے انکار کردیا ہے۔

    وزیر اعظم تھریسامے نے ایم پیز کی جانب سے بریگزٹ معاہدے کے مسودے میں ترمیم کو مسترد کیے جانے کے بعد اپوزیشن رہنما جیریمی کوربن کو معاملے پر گفتگو کی دعوت دی ہے۔

    وزیر اعظم تھریسامے کا کہنا تھا کہ ایم پیز کی اکثریت معاہدے کے ساتھ یورپی یونین سے انخلاء چاہتے ہیں لیکن معاہدے کے مسودے میں ترمیم آسان نہیں ہوگی۔

    سابق سیکریٹری امور برائے بریگزٹ امور ڈومینک راب نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یورپی یونین نے خود کہا تھا کہ ’بتائیں آپ کیا چاہتے ہیں‘۔

    ڈومینک راب کا کہنا تھا کہ ہم نے بیک اسٹاپ کے معاملے پر عقل مندی سے نمایاں تبدیلیاں کرکے وزیر اعظم کے ہاتھوں کو مضبوط کیا تھا۔

    سابق سیکریٹری برائے بریگزٹ امور ڈومینک راب نے اصرار زور دیتے ہوئے کہا کہ معاہدے میں تبدیلی کی جاسکتی ہے ’سوال یہ نہیں ہے کہ یورپی یونین یہ کرسکتی ہے، بلکہ کیا وہ یہ کریں گے‘۔

    دوسری جانب سے یورپی یونین کے رہنما نے معاہدے پر مزید مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آئرش بیک اسٹاپ یورپی یونین سے انخلاء کے معاہدے کا حصّہ ہے‘ اور انخلاء کے معاہدے دوبارہ مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    یورپی یونین کونسل کے ایک ترجمان کے مطابق ڈونلڈ ٹسک نے برطانیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد ممکنہ اقدامات کے حوالے سے اپنے ارادے واضح کرے۔

    فرانسیسی صدر ایمینئول میکرون نے بھی بریگزٹ معاہدے پر گفتگو سے انکار کردیا ہے جبکہ آئرش وزیر خارجہ نے سیمون کوینی نے کہا ہے کہ ’ووٹنگ کے باوجود بیک اسٹاپ معاہدہ ضروری ہے‘۔

    مزید پڑھیں : بریگزٹ ڈیل مسترد، تھریسامے کو تاریخی شکست

    خیال رہے کہ دو ہفتے قبل بریگزٹ معاہدے پر پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوئی تھی جس میں برطانوی حکومت کوشکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔حکومت کی شکست کے بعد اپوزیشن نے وزیراعظم تھریسا مے کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی پیش کی گئی تھی جوناکام رہی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل برطانیہ کے سابق چانسلر اوسبورن نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کو ملتوی کرنا ہی اس وقت سب سے بہتر آپشن ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک کو اس خطرناک صورتحال کی جانب نہ لے کر جائے۔

  • پہلی مسلم خاتون رشیدہ طلیب کے رکنِ کانگریس منتخب ہونے کا امکان

    پہلی مسلم خاتون رشیدہ طلیب کے رکنِ کانگریس منتخب ہونے کا امکان

    واشنگٹن : فلسطینی نژاد رشیدہ طلیب امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں کامیابی کے بعد پہلی مسلمان رکنِ کانگریس بنے گی، ان کے اقتدار میں آنے سے جان کانئیر کی اس نشست پر اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مشی گن کی سابقہ قانون ساز مسلمان خاتون رشیدہ طلیب جو  پہلی مسلمان خاتون ہیں جن کے امریکی کانگریس کا رکن منتخب ہونے  کا قوی امکان ہے، فلسطینی نژاد رشیدہ امریکا کی ڈیموکریٹ پارٹی کے ٹکٹ پر کانگریس کی نشت کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی نژاد خاتون کے مقابلے میں ڈسٹرکٹ 13 سے ریپبلیکن پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی پارٹی کے امیدوار نے کاغذات نامزدگی ہی داخل نہیں کروائے ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی نژاد مسلمان خاتون کے مقابلے میں کسی امیدوار کے نہ ہونے سے رواں برس نومبر میں امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں رشیدہ طلیب کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فلسطینی نژاد خاتون کے رکن کانگریس منتخب ہونے کے بعد مذکورہ نشست سے کانگریس کے سابق رکن مین جان کانئیر کے طویل دور کا خاتمہ ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جان کانئیر گذشتہ 53 برس سے اس نشست پر براجمان ہیں، وہ 1965 سے رکن کانگریس منتخب ہوتے آرہے ہیں۔

    واضح رہے کہ جان کانئیر نے خواتین کے ساتھ جنسی ہراسگی کے الزامات اور خرابی صحت کے باعث مدت پوری ہونے سے قبل ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    خیال رہے کہ فلسطینی نژاد مسلمان خاتون رشیدہ کے مقابلے میں کسی بھی جماعت کا کوئی رکن الیکشن میں حصّہ نہیں لے رہا لیکن ڈیٹریاٹ سٹی کونسل کی صدر برنڈا جونر رکن کانگریس بننے کی امیدوار ہیں، اس لیے برنڈا اور  راشدہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔