Tag: set on fire

  • عراق میں ساس نے حاملہ بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

    عراق میں ساس نے حاملہ بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

    بغداد: عراق میں ساس نے حاملہ بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق عراق کی کمشنری النجف میں ساس بہو کا تنازعہ اتنا بڑھا کہ ساس نے 21 سالہ حاملہ بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، واقعے کے وقت بہو باورچی خانے میں کھانا تیار کر رہی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق آگ لگنے سے خاتون کے جسم کا 65 فی صد حصہ جھلس گیا، ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ خاتون کے جلنے کے زخم تیسرے درجے کے ہیں۔

    حاملہ خاتون، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے، نجف صوبے میں اپنے گھر میں کھانا پکا رہی تھی، بھائی کے بیان کے مطابق اچانک اس نے محسوس کیا کہ اس کے کپڑوں پر کوئی سیال مادہ چھڑکا جا رہا ہے، جوں ہی وہ پلٹی اسی لمحے اس کا جسم آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔

    اس واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی بحث شروع ہو گئی ہے اور عام لوگ ساس کے رویے پر تنقید کر رہے ہیں۔ ساس اپنی بہو کو جلا کر موقع سے فرار ہو گئی تھی، متاثرہ خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے رپورٹ کے بعد پولیس نے ساس کا بیان ریکارڈ کر کے انھیں جانے کی اجازت دے دی۔

    متاثرہ خاتون کے والد کا کہنا تھا کہ وہ بیٹی کا حق لے کر رہیں گے اور وہ واردات کے حوالے سے تمام تفصیلات سے متعلقہ حکام کو آگاہ کر چکے ہیں۔ عراقی حکام ابھی تک اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جس کی وجوہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں، ذرائع کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت متاثرہ خاتون کا شوہر، سسر اور بہنوئی بھی وہاں موجود تھے۔

    عراق میں گھریلو تشدد کے جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ایسے جرائم کرنے والوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • بیوی نے شوہر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

    بیوی نے شوہر پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

    علی پور: بیوی نے شوہر پر پٹرول چھڑک کرآگ لگا دی، پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی میں مقدمہ بازی اور گھریلو جھگڑا چل رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے سیت پورمیں مبینہ طور پر ایک شخص پر پٹرول چھڑک کرآگ لگادی گئی۔

    پولیس نے بتایا کہ متاثرہ شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا، بلال کو مبینہ طورپراس کی بیوی نسرین نے آگ لگائی، آگ لگنے کے باعث بلال کے جسم کا 60 فیصد حصہ متاثر ہوا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کےمطابق میاں بیوی میں مقدمہ بازی اور گھریلو جھگڑا چل رہاتھا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ سیت پور میں درج کرکے بیوی سمیت 2خواتین کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • سرگودھا: بھتہ نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی گئی

    سرگودھا: بھتہ نہ دینے پر خاتون کو آگ لگا دی گئی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں منگل بازار میں اسٹال لگانے والی خاتون سے بھتہ طلب کیا گیا اور ان کے انکار پر انہیں آگ لگا دی گئی، خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں بھتہ نہ دینے پر خاتون کو جلا دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون منگل بازار میں اسٹال لگاتی تھیں جہاں بااثر افراد نے ان سے بھتہ طلب کیا۔

    خاتون کے انکار کرنے پر ملزمان نے انہیں آگ لگا دی، خاتون کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بااثر افراد منگل بازار میں اسٹال لگانے کے زبردستی پیسے لیتے ہیں۔ ان کے انکار کرنے پر انہیں آگ لگائی گئی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ہی فیصل آباد میں دکانداروں کی جانب سے 4 گاہک خواتین پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    ایک دکاندار نے خواتین پر چوری کا الزام لگا کر دیگر دکانداروں کے ساتھ مل کر ان پر بہیمانہ تشدد کیا، بعد ازاں خواتین کو برہنہ کر کے ان کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔

    واقعے میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مزید کی تلاش جاری ہے۔

  • نامعلوم شخص سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا کر فرار

    نامعلوم شخص سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا کر فرار

    ساؤ پاؤلو: برازیل میں آدھی رات کے وقت نامعلوم شخص نے سڑک پر سوئے ہوئے بے گھر شخص کو آگ لگا دی، حملے کا شکار شخص اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گیا۔

    یہ ہولناک واقعہ برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں پیش آیا۔ سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بے گھر شخص ایک گتے کے ڈبے میں سڑک کنارے سو رہا ہے، اس دوران ایک نامعلوم شخص اس کے قریب آکر اس پر آتش گیر مادہ پھینک کر فرار ہوجاتا ہے۔

    بے گھر شخص زمین پر رینگ کر آگ سے دور بھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس دوران قریب سے گزرنے والی گاڑیوں سے 2 افراد اتر کر آگ بجھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

    حادثے کا شکار شخص کی شناخت کارلوس رابرٹو کے نام سے ہوئی جبکہ اس کی عمر39 سال ہے۔

    کارلوس کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا تاہم اس کا جسم 70 فیصد جھلس چکا تھا اور اسپتال پہنچنے سے قبل ہی اس نے دم توڑ دیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق اس کی پشت، ٹانگیں اور چہرہ تھرڈ ڈگری برن کا شکار ہوا۔

    پولیس کو جائے وقوع سے فیول کے گیلن بھی ملے ہیں، مزید تفتیش کے لیے پولیس علاقے کے مزید سرویلنس کیمرے بھی چیک کر رہی ہے۔

    قریب رہنے والے افراد کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص گزشتہ ایک سال سے یہیں پڑاؤ ڈالے ہوا تھا۔ لوگ آتے جاتے ہوئے اسے کبھی کبھار کچھ کھانے پینے کو دے دیا کرتے تھے۔

  • بھارت میں ‘جے شری رام’ نہ کہنے پر 15 سالہ بچہ نذر آتش

    بھارت میں ‘جے شری رام’ نہ کہنے پر 15 سالہ بچہ نذر آتش

    لکھنو:اتر پردیش کے ضلع چندولی میں 15 سالہ بچے کو جے شری رام نعرہ لگانے سے انکار کرنے پر آگ لگادی گئی،متاثرہ بچے کو کبیر چوڑا ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچے نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ میں دھودھاری پل سے گزر رہا تھا کہ 4 افراد نے مجھے اغوا کیا جن میں سے دو نے میرے ہاتھ باندھے اور تیسرے نے مجھے پر مٹی کا تیل ڈالا اور مجھ پر آگ لگا کر بھاگ گئے۔

    متاثرہ بچے نے بعد میں پولیس کو بتایا کہ ان افراد نے مجھ سے جے شری رام کا نعرہ لگانے پر زور دیا تھاتاہم پولیس نے لڑکے سے ہندو مذہبی نعرہ لگانے پر زبردستی کرنے کے بیان کو مسترد کردیا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چندولی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار سنگھ کا کہنا تھا کہ لڑکے نے مختلف لوگوں کو علیحدہ بیانات دئیے ۔

    پولیس افسر نے بھارتی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ بچہ ہسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کا 45 فیصد جسم آگ سے جھلس چکا ہے، اس نے مختلف لوگوں کو مختلف بیانات دیے ہیں جو تشویش ناک ہے، ایسا لگتا ہے کہ اس پر تشدد کیا گیا ہے، بچے نے جن جن جگہوں کا بتایا وہاں کے سی سی ٹی وی کیمرے کا معائنہ کیا گیا تاہم ان میں سے کسی بھی جگہ بچے کو نہیں دیکھا گیا۔

    پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ عینی شاہد نے دیکھا ہے کہ بچے نے خود کو آگ لگائی تھی۔

    خیال رہے کہ بھارت میں جے شری رام کا نعرہ نہ لگانے پر مشتعل افراد کی جانب سے پرتشدد کارروائیوں کے واقعات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں۔