Tag: Several Injured

  • نیدرلینڈز میں کرونا لاک ڈاؤن کیخلاف شہریوں کا پُرتشدد مظاہرہ، متعدد زخمی

    نیدرلینڈز میں کرونا لاک ڈاؤن کیخلاف شہریوں کا پُرتشدد مظاہرہ، متعدد زخمی

    ایمسٹرڈیم : یورپی ملک نیدرلینڈز میں حکومت کے جزوی لاک ڈاؤن کیخلاف عوام نے پرتشدد مظاہرے شروع کردئیے، احتجاج کے دوران پولیس افسر سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق دیگر یورپ ممالک کی طرح نیدرلینڈز میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ روز نیدرلینڈز میں ایک روز میں 21 ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس پر قابو پانے کےلیے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کردیا تاہم عوام نے کرونا پابندیوں کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

    ساحلی شہر روٹرڈیم میں شہریوں نے کرونا پابندیوں کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے پرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہوگیا۔

    مظاہرین نے حکومت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی اور متعدد گاڑیوں و املاک کو نذر آتش کیا۔

    شہریوں کے تشدد کو روکنے اور املاک کے تحفظ کےلیے پولیس نے انتباہی فائرنگ کی تاہم کوئی فائدہ نہ ہوا تو پولیس نے شہریوں پر براہ راست فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والے افراد میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے جو مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کو نیدرلینڈز کی حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جس دوران کم از کم تین ہفتوں کے لیے ریستوران، دکانوں اور کھیلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

  • سوڈان: مقابلوں کے دوران اسٹیڈیم میں زوردار دھماکہ، 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    سوڈان: مقابلوں کے دوران اسٹیڈیم میں زوردار دھماکہ، 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    خرطوم : سوڈان میں کھیلوں کے مقابلے کے دوران اسٹیڈیم زور دار دھماکے سے گونج اٹھا، دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک جب کہ تین زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افریقی ملک سوڈان کے العامر نامی کلب میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی و غیر ملکی کھلاڑی بھی شریک تھے۔

    مقابلے جاری تھے جنہیں دیکھنے کےلیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں جمع تھی کہ اچانک میدان زور دار دھماکے سے گونج اٹھا اور لوگوں میں بھگڈر مچ گئی۔

    ذرائع ابلاغ سے پتہ چلا ہے کہ دھماکے کے باعث چار افراد موقع پر ہلاک جب کہ تین زخمی ہوگئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، ریسکیو اہلکاروں اور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاحال کسی بھی شدت پسند جماعت نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

  • کابل : سیاسی اجتماع میں دھماکے اور فائرنگ، تین افراد ہلاک، 19 زخمی

    کابل : سیاسی اجتماع میں دھماکے اور فائرنگ، تین افراد ہلاک، 19 زخمی

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت میں منعقدہ اجتماع کے دوران دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ سیکیورٹی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی جبکہ تین افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حزب وحدت پارٹی کے سربراہ عبدالعلی مزاری کی 24 ویں برسی کی تقریب میں نامعلوم مسلح افراد نے مارٹر گولوں سے حملہ کردیا۔

    افغان خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اجتماع میں پارٹی کارکنان، عام شہریوں، افغانستان کے سی ای او عبداللہ عبداللہ، سابق افغان صدر حامد کرزئی سمیت دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے، مارٹر گولوں  اور فائرنگ کی زد میں آکر 19 افراد زخمی ہوگئے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برسی کی تقریب کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، پولیس نے مارٹر گولے فائر کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طبی امداد فراہم کرنے والے عملے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے تاہم ابھی تک کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں.

    مزید پڑھیں : افغانستان میں دھماکا، 6 افراد ہلاک، کئی زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 20 فروری کو افغانستان کے صوبہ لغمان میں دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا، دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے کی ذمہ داری کسی عسکریت پسند گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی البتہ اس قسم کے حملے طالبان کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : افغانستان میں فوجی اڈے کے قریب خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک

    جنوری میں ہی افغانستان کے صوبے لوگر کے گورنر اور این ڈی ایف کے صوبائی چیف کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں گورنر کی حفاظت پر تعینات 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ دوسری جانب طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکراتی دور کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ طالبان کا وفد افغان اپوزیشن رہنماؤں سے بھی ملاقات کرچکا ہے۔

  • پیرس: بیکری میں گیس دھماکا، چار افراد ہلاک

    پیرس: بیکری میں گیس دھماکا، چار افراد ہلاک

    پیرس : فرانسیسی دارالحکومت میں واقع عمارت میں زور دار دھماکے بعد آگ بھڑک اٹھی، واقعے میں چار افراد ہلاک، جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    پیرس کی بیکری میں گیس دھماکے نے چار افراد کی جان لے لی، زخمیوں کو تشویش ناک حالات میں اسپتال پہنچایا گیا، عمارت کے گراؤنڈ فلور پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    واقعہ پیرس کے وسطی علاقے میں پیش آیا ، دھماکے کے بعد عمارت کے گراؤنڈ فلور میں آگ بھڑک اٹھی، دھماکے اور آتشزدگی کے باعث عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

    واقعے کے فوری بعد ریسکیون ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

    قبل ازیں فرانسیسی پولیس کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ پر کیے گئے ٹویٹ میں شہریوں نے جائے حادثہ سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ایمرجنسی ٹیم کی گاڑیوں کو ریسکیو آپریشن کے دوران کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

    فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا صبح 9 بجے ہوا تھا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا بیکری میں گیس لیکیج کے باعث ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت متعدد شہروں میں گزشتہ دو ماہ سے ’یلو ویسٹ‘ تحریک کے تحت حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور  یلو ویسٹ تحریک کے تحت آج بھی ہفتہ وار احتجاجی مظاہرہ منعقد ہونا تھا۔

  • امریکا میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    امریکا میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    واشنگٹن : امریکی ریاست فلوریڈا کے ہائی وے پر دو ٹریلر، مسافر وین اور کار آپس میں ٹکرا گئے جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست فلوریڈا کے علاقے گینزوائل کے قریب ہائی پر دو ٹریلر مسافر وین اور کار حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث ہائی وے پر تیل بہنے سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور دونوں ٹریلر مسافر وین اور کار سمیت آغ کی لپیٹ میں آگئے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے آٹھ افراد کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    طبی امداد فراہم کرنے والے عملے کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمیوں کو ٹریفک حادثے اور گاڑیوں میں آتشزدگی کے باعث گہرے شدید زخم آئے ہیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ عملہ آتشزدگی پر قابو پانے میں مصروف ہے جبکہ پولیس نے حادثے کے باعث فلوریڈا ہائی کی ایک سڑک بند کردی ہے۔

    مزید پڑھیں : پیرو: مسافر بس کھائی میں جاگری، 8 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل براعظم امریکا کے جنوبی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں مسافر بس اچانک کھائی میں جاگری تھی جس کے باعث آٹھ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ لیما کے بالائی پہاڑی علاقے میں اس وقت پیش آیا تھا جب تیز رفتار مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گری تھی۔

  • بھارت: اترپردیش میں خوفناک ٹرین حادثہ، 17 افراد ہلاک

    بھارت: اترپردیش میں خوفناک ٹرین حادثہ، 17 افراد ہلاک

    نئی دہلی : بھارتی ریاست اتر پردیش سے نئی دہلی جانے والی فراکا ایکسپریس کا انجن 9 بوگیوں سمیت پٹری سے اتر گئی تھی جس کے باعث 17 افراد ہلاک، 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش سے نئی دہلی آنے والی مسافر بردار ٹرین ہرچندپور ریلوے اسٹیشن کے قریب صبح 6 بجے خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 30 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فراکا ٹرین مغربی بنگال کے علاقے ملڈا ٹاؤن سے سینکڑوں مسافروں کو لے کر نئی دہلی جارہی تھی لیکن ہرچندپور ریلوے اسٹیشن کے قریب صبح انجن سمیت 9 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔

    بھارتی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں میں 10 خواتین بھی شامل ہیں۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے 9 مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ڈاکٹروں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جبکہ پٹری سے اترنے والی بوگیوں کو کاٹ کر کئی مسافروں کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکام نے ہولناک حادثے میں متاثر ہونے والے مسافروں کو ریسکیو کرنے لیے فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا جو بوگیاں ٹرین حادثے میں پٹری سے نہیں اتری تھیں ان بوگیوں کے مسافروں کو بھارتی شہر لکنھو پہنچا دیا گیا ہے، جنہیں خصوصی ٹرین کے ذریعے دہلی روانہ کیا جائے گا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ اور بھارت کے وزیر ریلوے نے حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے مسافروں کے لیے امدادی رقوم کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنہ 2016 میں ریاست اتر پردیش میں ایک اور ٹرین کے پٹری سے اترنے کے باعث 150 افراد لقمہ اجل بنے تھے۔

  • پاکستان دفتر خارجہ کا  کابل میں خودکش حملوں کی شدید مذمت

    پاکستان دفتر خارجہ کا کابل میں خودکش حملوں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان دفتر خارجہ کی جانب سے افغانستان کے دارلحکومت کابل میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، پاکستان ہر قسم کے دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، دُکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت اورعوام کے ساتھ ہیں۔

    پاکستانی دقتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت کابل کے عوام سے اوردھماکوں میں جاں بحق افراد کےاہلخانہ سے اظہارافسوس کرتی ہے ۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان سمیت افغانستان میں دہشتگردی کے خطرے کے خاتمے کی کوششیں اورافغان حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔

    کابل دو بم دھماکے، 80 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

    واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مظاہرے کے دوران 2 بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 80 افراد ہلاک جبکہ دو سو سات افراد زخمی ہوگئے۔

    بلاول بھٹو کی کابل میں خودکش دھماکوں کی مذمت

    افغان محمکہ داخلہ کے حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’احتجاجی مظاہرے میں تین خودکش حملہ آور داخل ہوئے تھے، جن میں سے ایک نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا دوسرے کی جیکٹ پھٹ نہ سکی اور تیسرا پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔

  • کابل : مظاہرے کے دوران دو بم دھماکے، 80 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

    کابل : مظاہرے کے دوران دو بم دھماکے، 80 افراد ہلاک 200 سے زائد زخمی

    کابل : افغانستان کے دارالحکومت میں مظاہرے کے دوران 2 بم دھماکے 80 افراد ہلاک اور دو سو سات زخمی ہوگئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق پاور اسٹیشن کی تعمیر کے خلاف ہزارہ برادری کے تحت ہونے والے مظاہرے میں دو دھماکے ہوئے، اس مظاہرے میں ہزارہ برادری کے ہزاروں افراد موجود تھے۔

     افغان میڈیا نے مزید بتایا ہے کہ یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں کی شدت بہت زیادہ تھی، جس کے باعث ابتدائی طور پر 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ افغان طالبان نے دھماکے سے لاتعلقی کا اظہار کردیا،

    دھماکے کے فوری بعد بھگدڑ مچنے سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    KABUL POST 2

    جائے حادثہ پر ریسکیو کا عمل جاری ہے جس میں فلاحی رضا کاروں کے علاوہ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی حصہ لے رہی ہے، دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں مظاہرین کو نشانہ بنایا گیا ، مظاہرے میں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    KABUL POST 1

     افغان محمکہ داخلہ کے حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’احتجاجی مظاہرے میں تین خودکش حملہ آور داخل ہوئے تھے، جن میں سے ایک نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑایا دوسرے کی جیکٹ پھٹ نہ سکی اور تیسرا پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔

    جبکہ ترجمان وزارتِ صحت نے دھماکے میں 80 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ افغان طالبان نے کابل میں احتجاج کے دوران خود کش حملے سے لاتعلقی کااظہار کیاہے۔