Tag: Shabbir Gujar pti

  • پی ٹی آئی کے ایک اور رکن اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج

    لاہور : تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی کے خلاف رائے ونڈ میں مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں تشدد اور فائرنگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں تحریک انصاف کے ایک اور سابق رکن اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مذکورہ مقدمہ تھانہ رائیونڈ سٹی میں درج کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے شبیر گجر، ان کے بھائی اور 3ساتھیوں سمیت15 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    پولیس نے یہ مقدمہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے منیجر ارشد صدیق کی مدعیت میں درج کیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق سوسائٹی کی جانب سے خالد کھنگ نامی شخص سے زمینی رقبہ خریدا گیا۔

    مدعی کا کہنا ہے کہ میں اور سوسائٹی کے8ملازمین خالد کھنگ کے ہمراہ رقبے پرنشاندہی کروانے گئے، جہاں مجاہد، اخترنیاز، عتیق اور دیگر3نامزد ملزمان نے15نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ ہم پر حملہ کردیا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملزمان کی فائرنگ سے سوسائٹی کا گارڈ پیٹ میں گولی لگنے سےزخمی ہوا جبکہ ملزمان کے تشدد سے مبشرعلی، اسداللہ اورحمید اللہ شدید زخمی ہوئے۔

    مزید پڑھیں : تحریک انصاف کی خاتون رہنما کے خلاف مقدمہ درج

    دوسری جانب ترجمان شبیر گجر نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ مذکورہ مقدمہ بے بنیاد اور پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف انتقامی کارروائی کے سلسلے کا حصہ ہے۔

    مقدمے میں نامزد سابق ایم پی اے شبیر گجر کے بھائی خالد گجر نے کہا کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں، پی ٹی آئی کا ووٹ ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے ہمارے20افراد کو حراست میں لے لیا ہے، گزشتہ روز مقدمے کی ضمانت کرائی، ایس پی روبکار کو نہیں مانتا، پولیس ہمارے لوگوں سے جھگڑ رہی ہے میں گرفت سے نکل کر آیا ہوں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری سمیت متعدد رہنماؤں کیخلاف مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔

    فواد چوہدری کو گزشتہ روز عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا، اس کے علاوہ تحریک انصاف کی خاتون رہنما شندانہ گلزار پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    اعظم سواتی، شہباز گل سمیت دیگر رہنماؤں پر مقدمے درج ہوچکے ہیں ،عمران خان کے خلاف بھی مقدمہ ہوچکا ہے جبکہ کئی تھانوں میں اندراج مقدمہ کی درخواستیں بھی دی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کے خلاف شیخوپورہ میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں ڈکیتی اور ملزم کو چھڑانے کی دفعات شامل ہیں۔

  • فریقین میں صلح : نذیر چوہان کی ضمانت منظور

    فریقین میں صلح : نذیر چوہان کی ضمانت منظور

    لاہور : ضمنی الیکشن میں ہنگامہ آراٸی کیس میں پی ٹی آٸی کے شبیر گجر اور نذیر چوہان میں راضی نامہ ہو گیا، عدالت نے نذیر چوہان کی ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ محمد آصف مصطفاٸی کے روبرو فاٸرنگ کیس میں چار روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد ن لیگی رہنما نذیر چوہان کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

    مدعی عادل محمود نے پیش ہو کر بیان دیا کہ ان کا راضی نامہ ہوگیا ہے لہٰذا ہمیں ضمانت منظور ہونے پر اعتراض نہیں تاہم عدالت نے قرار دیا کہ آج عدالتی تعطیل ہے ڈیوٹی جج کے طور پر ضمانت پر کاررواٸی نہیں کرسکتا۔

    نذیر چوہان کے وکلا نے اس نکتے پر دلاٸل مکمل کیے جس کے بعد عدالت نے راضی نامہ کی بنیاد پر نذیر چوہان کی 50 ہزار کے مچلکے کے عوض ضمانت منظورکرلی۔

    نذیر چوہان کو پولیس اپنے ساتھ جیل واپس لے گٸی، جہاں سے آج ہی انہیں رہا کیے جانے کا امکان ہے، پی ٹی آٸی کے ایم پی اے شبیر گجر بھی عدالت میں آٸے اور نذیر چوہان کو گلے لگا لیا۔

    شبیر گجر کا کہنا تھا عمران خان نے کہا ہے کہ رواداری کا مظاہرہ کرو لہٰذا اللہ کے لیے معاف کردیا، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کے لیے ساری سیاسی دشمنیاں ختم ہونی چاہییں۔

    واضح رہے کہ عدالت نے ن لیگ کے رہنما نذیر چوہان کی ضمانت منظور کر تے ہوئے انہیں 50ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ محمد آصف مصطفیٰ نے نذیرچوہان کی ضمانت منظور کی۔