Tag: shadi main firing

  • شادی میں فائرنگ، دو بچے زخمی، دولہا اوراس کا باپ گرفتار

    شادی میں فائرنگ، دو بچے زخمی، دولہا اوراس کا باپ گرفتار

    راجن پور : شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے دوبچے شدید زخمی ہوگئے، پولیس نے دولہا اور اس کے والد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور کے نواحی علاقہ کوٹلہ احمد میں باراتیوں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے جن میں 5 سالہ شکیلہ اور 7 سالہ منیر شدید زخمی ہو گئے۔

    اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد طبی امداد کیلیے دونوں زخمی بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال راجن پور منتقل کرا دیا۔

    تھانہ سٹی پولیس نے دولہا محمد بلال اور والد عابد حسین گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا، باراتیوں کی جانب سے پولیس کی منتیں بھی کسی کام نہ آئیں۔

    دولہا کے سر پر سہرا گلے میں نوٹوں کے ہار اور دل میں سہانے خواب سجائے اس وقت چکنا چور ہوئے جب کسی باراتی کی غلطی سے حسرتوں پر پانی پھر گیا اور اسے حوالات کی سیر کرنا پڑی اور دلہن دولہا کا انتظار کرتی رہی۔

  • لیگی رہنما کے بیٹے کی شادی، شدید ہوائی فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

    لیگی رہنما کے بیٹے کی شادی، شدید ہوائی فائرنگ، پولیس خاموش تماشائی

    لاہور: لیگی کارکنان نے قانون کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں،عوام کو قانون کی بالا دستی کا درس دینے والے حکمران اپنے کارکنان کی حرکتوں سے بے خبر ہیں.

    تفصیلات کے مطابق لاہورکے علاقے نولکھا بازار میں مسلم لیگ نون کے تاجر رہنما کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی گئی.

    فائرنگ اتنی خطرناک تھی کہ علاقہ گولیوں کی گھن گرج سے گونج اٹھا، اس موقع پر قریبی تھانے میں موجود پولیس اہلکار خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے۔

    سی آئی اے کوتوالی تھانے کے قریب مسلم لیگ نون کے تاجر رہنما پرویز بٹ کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں سرعام ہوائی فائرنگ کی گئی۔ جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا لیکن قانون کا کوئی محافظ وہاں نہ پہنچا تاہہم خوش قسمتی سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا.

    فائرنگ کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ تقریب میں موجود رقاصائیں بھی خوفزدہ نظر آئیں۔ پولیس نے تاحال ان بااثر افراد کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی ہے۔