Tag: shah-mahmood

  • دکھ کی گھڑی میں انڈونیشی بھائیوں کے غم میں شریک ہیں: وزیر خارجہ

    دکھ کی گھڑی میں انڈونیشی بھائیوں کے غم میں شریک ہیں: وزیر خارجہ

    جکارتہ: انڈونیشیا میں مسافر طیارے کے حادثے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم انڈونیشی بھائیوں کے غم میں شریک ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے جکارتا طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مسافروں کے لواحقین، انڈونیشیا کی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

    جکارتہ طیارہ حادثے پر سی ای او پی آئی اے کی جانب سے بھی اظہار افسوس کیا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ طیارہ حادثہ کہیں بھی ہو، الم ناک ہوتا ہے، انڈونیشیا کے بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    انڈونیشیا، لاپتہ مسافر طیارے کے حوالے سے دل چیر دینے والی اطلاع

    واضح رہے کہ انڈونیشیا میں ایک مسافر طیارہ لاپتا ہوا، کوسٹ گارڈ حکام نے طیارہ سمندر میں گرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، سمندر میں امدادی کارکنوں کو طیارے کا ملبہ اور انسانی اعضا بھی ملے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق بوئنگ 737 کا 10 ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچنے پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا، یہ طیارہ جکارتہ سے مونٹی یانک جا رہا تھا، جس میں عملے سمیت 62 مسافر سوار تھے۔

  • سیاسی مداری اکھٹے ہو گئے، لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کا وقت آ گیا: شاہ محمود

    سیاسی مداری اکھٹے ہو گئے، لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کا وقت آ گیا: شاہ محمود

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی ڈی ایم کے لاہور جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مینار پاکستان میں سیاسی مداری جمع ہو گئے ہیں لیکن لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔

    ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے سیاسی مداری ایک بار پھر اکٹھے ہو گئے، یہ عوام کو جھوٹے نعروں سے دھوکا دینے نکلے ہیں، لیکن عوام ان کھوکھلے اور جھوٹے نعروں کی حقیقت جان چکے ہیں۔

    انھوں نے کہا عوام ان چوروں لٹیروں کے ہاتھوں بے وقوف بننے کے لیے تیار نہیں، 70 سال بعد قوم کو عمران خان کی شکل میں ایمان دار قیادت میسر آئی، لیکن اپوزیشن سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ترقی کا یہ سفر جاری رہےگا۔

    پی ڈی ایم نے اپنی قبر خود کھود دی: شیخ رشید

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کرونا کی شدید لہر میں جلسے منعقد کرنے والے عوام کے کیسے خیر خواہ ہو سکتے ہیں، پی ڈی ایم جلسے کر کے قیمتی انسانی جانوں سے کھیل رہی ہے، ماضی میں باریوں کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا۔

    انھوں نے مزید کہا چوروں کا ٹولہ اپنے لوٹ کے مال کو بچانے کے لیے عوام کو استعمال کرنا چاہتا ہے، لیکن لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مینار پاکستان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ جاری ہے، حکومت مخالف اتحاد کے مینارِ پاکستان میں جلسے کو تاریخ ساز قرار دینے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ہزاروں کی گنجائش والے یادگارِ پاکستان پر 11 جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم جلسے میں 10 ہزار افراد بھی شرکت نہ کر سکے۔

  • نیب ترامیم سے متعلق مفتاح اسماعیل کے بیان پر وزیر خارجہ کا ردِ عمل

    نیب ترامیم سے متعلق مفتاح اسماعیل کے بیان پر وزیر خارجہ کا ردِ عمل

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے نیب ترامیم سے متعلق بیان کو غلط قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ وہ مفتاح اسماعیل کے بیان سے اتفاق نہیں کرتے۔

    شاہ محمود قریشی نے رد عمل میں کہا ’فیٹف بل سے پہلی بھی ہماری ایک ملاقات ہوئی تھی، مفتاح اسماعیل کے بیان سے اتفاق نہیں کرتا۔‘

    انھوں نے پروگرام میں وسیم بادامی سے گفتگو میں کہا فیٹف بل سے قبل ہماری ایک ملاقات ہوئی تھی، جس میں خواجہ آصف، شیری رحمان اور نوید قمر بھی موجود تھے، ہم سے کہاگیا کہ نیب ترامیم پر آپ نہیں مانے تو فیٹف پر بات نہیں ہو سکتی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ مفتاح جس میٹنگ کی بات کر رہے ہیں اس میں وہ پورا پلندہ لائے تھے، دوسری میٹنگ میں اپوزیشن 34 نکات لے آئی تھی، ہم نے جواب میں کہا کہ تمام بل کو نیب سے مشروط نہ کریں۔

    شاہ محمود نے بتایا کہ پارٹی کی اکثریت سمجھتی تھی کہ یہ ترامیم پاس نہیں ہونی چاہیے تھیں، عمران خان سمیت اکثریت نے نیب ترامیم کو مسترد کر دیا تھا، مفتاح اسماعیل کا یہ بیان بھی بالکل غلط ہے کہ کابینہ مان چکی تھی۔

    واضح رہے کہ ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے بیان دیا تھا کہ نیب ترامیم فوج کی ہدایت پر لائے گئے تھے، کابینہ مان گئی تھی لیکن عمران خان نہیں مانے تھے۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود 3 روزہ دورے پر امریکا روانہ

    وزیر خارجہ شاہ محمود 3 روزہ دورے پر امریکا روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 3 روزہ دورے پر امریکا روانہ ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نیویارک میں امریکی دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور جنرل اسمبلی کے صدر تجانی محمد سے ملاقات کریں گے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود 15 تا 17 جنوری واشنگٹن اور نیویارک کے دورے پر ہوں گے، وہ آج سیکریٹری جنرل سمیت یو این قیادت سے ملاقات کریں گے، جب کہ 17،16 جنوری کو واشنگٹن میں امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات ہوگی۔

    وزیر خارجہ کی عمان کے نئے سلطان سے ملاقات، سلطان قابوس کے انتقال کی تعزیت

    وزیر خارجہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ اوبرائن اور دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ کے دورۂ امریکا کا مقصد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی کی کوشش ہے، شاہ محمود قریشی امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے بھی آگاہ کریں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ دورۂ عمان مکمل کر کے واپس وطن پہنچے تھے، انھوں نے اپنے دورہ کے دوران عمان کے سلطان ہیثھم بن طارق السید سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قوم کی طرف سے سابق فرماں روا سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

  • ایران کے مؤقف کو سمجھنے کی کوشش کریں گے: شاہ محمود

    ایران کے مؤقف کو سمجھنے کی کوشش کریں گے: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تہران دورے کے موقع پر ایران کے مؤقف کو سمجھنے کی کوشش کی جائے گی۔

    اپنے خصوصی بیان میں وزیر خارجہ پاکستان نے کہا کہ ہمیں ایران میں طیارہ حادثے پر بہت افسوس ہے، بہت سے معصوم لوگ حادثے کا شکار بنے، ایران نے حادثاتی طور پر طیارہ گرانے کا اعتراف کیا، اچھی بات ہے کہ کچھ بھی دنیا سے چھپایا نہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ایران جا رہے ہیں، ایران کے بعد سعودی عرب اور امریکا بھی جاؤں گا اور پاکستان کا مؤقف پیش کروں گا، خطہ مزید کسی لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، کشیدگی میں کمی کے لیے وزیر اعظم کی ہدایت پر تہران روانہ ہوں گا۔

    مشرق وسطیٰ کشیدگی، شاہ محمود قریشی کا چار اہم ممالک کے دورے کا اعلان

    انھوں نے کہا کہ ایران کے مؤقف کو سمجھنے کی کوشش کی جائے گی، امریکا کا دورہ بھی کروں گا، امریکی صدر ٹرمپ کے بیان سے امید کی کرن دکھائی دی ہے، عراقی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کروں گا۔

    خیال رہے کہ آج ایران نے باضابطہ طور پر یوکرین طیارے کی تباہی کے سلسلے میں اعتراف کر لیا ہے کہ یہ انسانی غلطی کا شاخسانہ تھا، ایران نے غلطی سے طیارے کو میزائل کا نشانہ بنایا، جس میں 176 افراد ہلاک ہوئے۔

    ادھر امریکا ایران کشیدگی عروج پر ہے، واشنگٹن نے تہران پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں، دھاتوں کی ایکسپورٹ، سترہ میٹل اور مائننگ کمپنیوں سے کاروبار ممنوع قرار دے دیا گیا، آٹھ سینئر ایرانی حکام بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آ گئے ہیں۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چین کے معاون وزیر خارجہ کی ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چین کے معاون وزیر خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چین کے معاون وزیر خارجہ کونگ ژوان یو کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چین کے معاون وزیر خارجہ کونگ ژوان یو کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شام محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ستون ہے، افغانستان میں امن کے لیے چین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

    ملاقات میں مختلف مسائل کے حل اور باہمی تعلقات کے فروغ کی مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹرٹیجک مذاکرات پر اظہار اطمینان بھی کیا۔

    انہوں نے سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی جلد تعمیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے معاشرتی اور اقتصادی پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

    وزیر خارجہ نے کابل میں سہ رکنی اجلاس میں اپنی شرکت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

    ملاقات میں معاون چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

  • وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات

    بیجنگ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات ہوئی۔

    دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات بیجنگ کے گریٹ ہال آف پیپل میں ہوئی۔

    اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں۔

    وزیر اعظم کے پہلے دورہ چین میں ان کے ساتھ دیگر وفاقی وزرا اسد عمر، خسرو بختیار، شیخ رشید، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی موجود ہیں۔

    5 روزہ دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

  • پی پی 217، شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والا نوجوان نااہل قرار

    پی پی 217، شاہ محمود قریشی کو شکست دینے والا نوجوان نااہل قرار

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی 217 ملتان سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو صوبائی نشست پر ہرانے والے کامیاب امیدوار محمد سلمان کو نااہل قرار دے دیا اور حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی 217 ملتان پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے محمد سلمان کو نااہل قرار دے دیا اور ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دے دیا ہے ۔

    الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق محمد سلمان کی عمر 25 سال سے کم ہے جبکہ قانون کے مطابق 25 سال سے کم عمر افراد الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں، اس لیے محمد سلمان اپنی نشست برقرار نہیں رکھ سکتے۔

    عام انتخابات 2018 میں محمد سلمان نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا اور پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ پنجاب کے مضبوط ترین امیدوار شاہ محمود قریشی کو 3 ہزار 578 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

    محمد سلمان نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور شاہ محمود قریشی کے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی راہ میں حائل ہوگئے۔

    بعد ازاں الیکشن جیتنے کے بعد محمد سلمان نے پی ٹی آئی میں ہی شمولیت اختیار کرلی تھی۔

    محمد سلمان کی نااہلی کیلئے پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کمیشن سے رجوع کر رکھا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ محمد سلمان دو نام استعمال کرتے ہیں اور ان کے دو شناختی کارڈز بھی ہیں، ان کے پہلے شناختی کارڈ میں ان کا نام سلمان نعیم اور تاریخ پیدائش 28 جنوری 1994ہے جبکہ نئے شناختی کارڈ میں ان کا نام محمد سلمان ہے اور تاریخ پیدائش 1 فروری 1993ہے۔