Tag: Shah Mehmood Qureshi

  • عدالت نے سازشی قوتوں کو دفن کردیا، شاہ محمود قریشی

    عدالت نے سازشی قوتوں کو دفن کردیا، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے سازشی قوتوں کو دفن کردیا۔

    دو صوبوں میں الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو آج اپنا سر فخر سے اٹھا کر چلنا ہے، ایسےلوگ موجود ہیں جو ڈرتے نہیں اور قوم کو امید دیتے ہیں، وکلاء برداری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، وکلا برادری نے عدالت اور چیف جسٹس کا بھرپور ساتھ دیا۔

    شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو میں کہا کہ عمران خان پر حملے ہوئے ، شدید تنقید کی گئی لیکن وہ ڈرا نہیں اور جھکا نہیں، وہ چٹان کی طرح ڈٹا رہا، عمران خان نے ہمارے دلوں سے بھی خوف کا بت توڑ دیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ آئیں ایسا ماحول پیدا کریں کہ جس میں صاف وشفاف الیکشن ہوسکیں، ہماری ذاتی لڑائی نہیں ہے، آپ جائیں لوگوں کے سامنے اپنا مؤقف رکھیں، آخری فیصلہ عوام کا ہی ہوگا۔

    شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو کا نواسہ مارشل لاء کی دھمکیاں دے رہا ہے، بھٹو اور زرداری کی پیپلزپارٹی میں یہی فرق ہے، محسن نقوی اب بس کردیں اور ملک میں شفاف انتخابات ہونے دیں۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور کے پی اسمبلی میں الیکشن کیس کا فیصلہ سنادیا، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کا 22مارچ کا 8اکتوبر کو الیکشن کافیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اس فیصلے کا کوئی آئینی و قانونی اختیار نہیں تھا۔

    عدالت کے مطابق آئین اور قانون الیکشن کمیشن کو تاریخ میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا، سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ معمولی تبدیلی کے ساتھ جاری کرتے ہوئے انتخابی شیڈول بحال کردیا۔

     

  • پی ڈی ایم اتحاد بکھرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، شاہ محمود

    پی ڈی ایم اتحاد بکھرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، شاہ محمود

    لاہور : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے حکومتی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک غیر فطری اتحاد تھا جو اب بکھرتا دکھائی دے رہا ہے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈی اسے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی نگراں حکومت یا پی ڈی ایم تحریک انصاف کے کارکنوں کے جذبے کو کم نہیں کرسکتی، عوام پی ڈی ایم سرکار کو پوری طرح مسترد کرچکے ہیں،

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاسی اور معاشی میدان میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، اس کی اپنی صفوں میں دراڑ پڑگئی ہے، ن لیگ آج پیپلز پارٹی کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اور اسی لیے پیپلزپارٹی پی ڈی ایم سے فرار کا سنجیدگی سے سوچ رہی ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ایک غیر فطری اتحاد تھا جو بھکرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے، وقتی مفاد کیلئے یہ یکجا ہوئے اب پارا پارا ہونے کے قریب ہیں، خوف کے بادل اب چھٹ گئے ہیں۔

    رہنما پی ٹی آئی نے میڈیا کو مزید بتایا کہ گزشتہ روز کارکن بھی ہمارا قتل ہوا اور قتل کا مقدمہ بھی ہمارے خلاف ہی درج کیا گیا ہے،ان حرکتوں سے موجودہ حکومت خود اپنی ساکھ متاثر کررہی ہے۔

  • ہم نے گرفتاریاں دے کرخوف کا بت توڑ دیا، شاہ محمود قریشی

    ہم نے گرفتاریاں دے کرخوف کا بت توڑ دیا، شاہ محمود قریشی

    اٹک : پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اٹک جیل سے رہائی کے بعد اپنے نئے عزم اور حوصلے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد یہ تاریکی اجالوں میں بدل جائے گی۔

    جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نے گرفتاریاں دے کرخوف کا بت توڑا ہے، بند چکیوں میں نظربندی میری سیاسی زندگی کا حصہ بن چکی ہے، جیل بھرو تحریک سے ہمارے حوصلے پست نہیں بلکہ اور بلند ہوئے ہیں۔

    شاہ محمودقریشی نے عوام کو پیغام دیا کہ پنجاب کے عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دینا ہے کیونکہ سال 2018کے الیکشن میں ہماری کامیابی ادھوری تھی، اب ہم نے اس کامیابی کو مکمل کرنا ہے۔

    اپنی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ملک تو بنا گئے لیکن قوم نہ بنا سکے، آج وقت ہے ان غلامی کی زنجیروں سے آزادی کا، عمران خان سے کہوں گا کہ صرف وزیراعظم نہیں بننا قوم بنانی ہے۔

    پیپلزپارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زر اور زرداری کی وجہ سے ذوالفقاربھٹو کا روٹی کپڑا مکان کاخواب پورا نہ ہوسکا، ہمیں ایک خودارخارجہ پالیسی چاہیے۔

    شاہ محمودقریشی نے کہا کہ آئیں مل کرعمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں اور ایک نئی سوچ کا آغازکریں، پرانے چوروں سے نیا کستان نہیں بن سکتا، ایک نئی صبح طلوع ہونے والی ہے چند لمحوں بعد یہ تاریکی اجالوں میں بدل جائے گی۔

    اٹک جیل سے رہائی ملنے کے بعد شاہ محمود قریشی نے پرجوش کارکنان کے ہمراہ فرط جذبات سے مغلوب ہوکر "کون بچائے گا پاکستان عمران خان، عمران خان” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

  • شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں کو جیل سے رہا کردیا گیا

    شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنماؤں کو جیل سے رہا کردیا گیا

    اٹک / سرگودھا / رحیم یار خان : پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور فیاض چوہان سمیت 6 رہنماؤں کو جیل سے رہا کردیا گیا۔ اس موقع پر مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں۔

    رحیم یارخان جیل سے اعظم سواتی کو ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود رہا نہ کرنے پر کارکنان نے احتجاج کیا، پی ٹی آئی کارکنان ہائی کورٹ کا آرڈر لے کر ڈسٹرکٹ جیل کے باہر موجود رہے۔

    سرگودھا میں شاہ پورجیل سے فیاض چوہان سمیت گرفتار6رہنما رہا کردیے گئے، تمام رہا ہونے والے رہنما راولپنڈی روانہ ہوگئے، رہا ہونے والےرہنماؤں کا پرجوش استقبال کیا گیا اور ہار پہنائے گئے۔

    اٹک ڈسٹرکٹ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی جنہوں نے شاہ محمود قریشی کی آمد پر خوب نعرے بازی کی۔ شاہ محمود قریشی کو لاہور کوٹ لکھپت جیل سے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا، جیل کے باہر شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی، صاحبزادی مہربانو قریشی، طاہرصادق، سید یاور بخاری ودیگر موجود تھے۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے اعلان کے بعد 22فروری کو جیل بھرو تحریک کے پہلے روز پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری جنرل اسد عمر سمیت دیگر سینئر قیادت ’جیل بھرو تحریک‘ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں انہیں صوبے کی دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا تھا۔

    رہنماؤں کی گرفتاری کے بعد فواد چوہدری کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری اور دیگر کی جانب سے بھی پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

  • "شاہ محمود قریشی کو نماز جمعہ سے بھی رو ک دیا گیا”

    "شاہ محمود قریشی کو نماز جمعہ سے بھی رو ک دیا گیا”

    اٹک : پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اٹک جیل میں بنیادی حقوق سے محروم کردیا گیا، نماز جمعہ تک نہیں پڑھنے دی گئی۔

    یہ بات شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے اپنی ہمشیرہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

    انہوں نے کہا کہ میرے والد کو ڈسٹرکٹ جیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، سہولیات بھی عام قیدی سے کم فراہم کی جارہی ہیں، شاہ محمود قریشی کو جیل میں نماز جمعہ سے بھی رو ک دیا گیا۔

    زین قریشی نے بتایا کہ میرے والد کی جانب سے جیل میں اسیربچو ں کو تعلیم دینے کی استدعا مسترد کردی گئی اور ان کو جیل میں بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو نظربند کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، سابق وزیرخارجہ سے جیل میں ناروا سلو ک آئین اور قانو ن کی خلاف ورزی ہے۔

    زین قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہم حکومت سے کسی قسم کی مراعات کے طلب گارنہیں تاہم ایک عام قیدی کے برابر سہو لت ضرور چاہتے ہیں، ہم حکومت سے اپنے والد کی رہائی کے لیے کوئی اپیل بھی نہیں کریں گے۔

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں اٹک جیل میں اسیر ہیں ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر  اہم رہنماؤں نے بھی اپنی گرفتاری پیش کی تھی۔

     

  • عمران خان عدالت میں ضرور پیش ہوں گے، شاہ محمود قریشی

    عمران خان عدالت میں ضرور پیش ہوں گے، شاہ محمود قریشی

    لاہور : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تھوڑا فراخدلی کا مظاہرہ کریں عمران خان عدالت میں ضرور پیش ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے زخم بھرچکے ہیں لیکن ہڈی ابھی کمزور ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم نے عدالتوں کا ہمیشہ احترام کیا ہے اور پیش ہونے سے بھی گریزنہیں کریں گے، عمران خان نے ڈاکٹرز کے ساتھ مشاورت کی ہے انہوں نے 2ہفتے کیلئے آرام تجویز کیا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کی ہڈی کو معمولی سا زور بھی پڑا تو مزید3ہفتے پلسٹر لگے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مسئلہ سنجیدہ ہے وہ واقعی قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے جبکہ دوسری طرف ایک جعلی میڈیکل رپورٹ پر نوازشریف ملک سے فرار ہوگئے۔

    رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم نے نوازشریف کی واپسی کیلئے50روپے والے اسٹامپ پیپر پر بیان حلفی دیا تھا، 4سال ہوگئے موجودہ وزیراعظم کے بیان حلفی پرکوئی عدالت نہیں پوچھ رہی۔

  • حکمران پہلے طے کرلیں ہم سیاستدان ہیں یا دہشت گرد؟ شاہ محمود

    حکمران پہلے طے کرلیں ہم سیاستدان ہیں یا دہشت گرد؟ شاہ محمود

    ملتان : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکمران پہلے یہ طے کرلیں ہم سیاستدان ہیں یا دہشت گرد ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔

    شاہ محمود قریشی کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ الیکشن90دن کے اندر کرانے ہیں، حکومت کی نیت واضح ہے کہ الیکشن کسی صورت نہیں کرانے۔

    انہوں نے کہا کہ جس آر او نے مجھے کل کاغذات نامزدگی دیے رات اس کا تبادلہ کردیا گیا، ایسی حرکتیں وضاحت کررہی ہیں کہ یہ لوگ الیکشن نہیں چاہتے، کاغذات نامزدگی سے ہی دھاندلی شروع ہوگئی تو کون انتخابی نتائج کو قبول کرے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اے پی سی کی دعوت دیتے ہیں اور ساتھ میں الزامات بھی لگا دیتے ہیں، سیاسی لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے، تشدد اور بغاوت کے مقدمات ہورہے ہیں۔

    شاہ محمود نے کہا کہ جب ہمیں گرفتار کرنا ہی ہے تو ایک ہی بار کرلیں، پہلے یہ طے کرلیں ہم سیاستدان ہیں یا دہشت گرد ہیں؟ ہم ملک کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، ہم تو ملک کیلئے ہی الیکشن مطالبہ کررہے ہیں جو ہمارا حق ہے۔

    تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ ایسا مینڈیٹ ملے کہ ہم مؤثر قانون سازی کرسکیں اور کسی بیساکھی کی ضرورت نہ ہو۔

  • عوام گھروں سے نکل کر پی ڈی ایم کو بےنقاب کریں، شاہ محمود قریشی

    عوام گھروں سے نکل کر پی ڈی ایم کو بےنقاب کریں، شاہ محمود قریشی

    ملتان : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین موڑ پر کھڑا ہے، عوام گھروں سے نکل کر پی ڈی ایم کو بےنقاب کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ملکی بقا کیلئے عمران خان کی کال پرعوام کو گھروں سے نکلنا ہوگا، عوام پی پی، ن لیگی قیادت کی کرپشن کی وجہ سے ان سے متنفر ہوچکے ہیں کیونکہ پی پی کا نظریہ کرپشن کی نظر ہوچکا اور ن لیگ، پی ڈی ایم قیادت کو مہنگائی کھاجائے گی، عوام زرداری، نوازشریف اور فضل الرحمان پراعتماد نہیں کرتے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام کے لئے امید کی واحد کرن اب بھی عمران خان ہیں،وہ جانتے ہیں کہ عمران خان ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید ترین معاشی بحران کی زد میں ہے، ملک کا ہرطبقہ خصوصاً مزدور طبقہ نہایت پریشان ہے، گھروں کے چولہے بجھ چکے، بےروزگاری میں اضافہ، صنعتیں بند ہورہی ہیں۔

  • پیٹرول کی قیمت میں مزید 50 روپے اضافہ ہوگا، شاہ محمود قریشی

    پیٹرول کی قیمت میں مزید 50 روپے اضافہ ہوگا، شاہ محمود قریشی

    ملتان : تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے سامنے حکومت پیٹرول کو مزید50روپے مہنگا کرنے پرآمادہ ہوچکی ہے۔

    یہ بات انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بجلی 7 روپے فی یونٹ مہنگی کرکے لوگوں پر مزید بوجھ ڈالا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اب منی بجٹ میں 700 ارب کے نئے ٹیکس لگائے جائیں گے جبکہ لوگ آٹا خریدنے کیلئے قطاروں میں دھکے کھا رہے ہیں۔

    سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ان کی دھاندلی کے پروگرام دھرے کے دھرے رہ جائیں گے، تحریک انصاف کے کارکنان پورے ملک میں مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور میں لاشیں پڑی تھیں اور شہباز شریف نے کہا کہ پیسوں کا حساب دو، کیا مریم نواز یہ بھی خوشخبری لائیں کہ آٹا بھی مہنگا ہونے والا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے قوم کو یہ کیوں نہیں بتایا کہ بجلی بھی مہنگی ہونے والی ہے، آئی ایم ایف کے کہنے پر یہ لوگ گیس کی قیمتیں بھی بڑھانےجارہےہیں۔

  • خان صاحب کا خوف حکمرانوں کو سونے نہیں دیتا، شاہ محمود قریشی

    خان صاحب کا خوف حکمرانوں کو سونے نہیں دیتا، شاہ محمود قریشی

    ملتان : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خان صاحب کا خوف حکمرانوں کو سونے نہیں دیتا، پی ڈی ایم اتحاد میں یکسوئی نظر نہیں آرہی۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ایک عرصے تک ملک پر حکمرانی کی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے صرف ساڑھے3سال حکومت کی جس میں دو سال کورونا وائرس بھی تھا، ایک سازش کرکے عمران خان کو ہٹا دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار پر ن لیگ کا یقین ہوگا مگر قوم اور صنعت کاروں کو ان پر اعتماد نہیں، پنجاب میں ان کی حکومت رہی ہے آج مریم نواز کیا نیا پیغام لائی ہیں؟

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں رول آف لاکی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، تحریک انصاف کے دورمیں کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا گیا، پی پی،ن لیگ رہنماؤں پر مقدمات دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر قائم کئے۔

    رہنماپی ٹی آئی نے کہا کہ عوام ان کی چالوں میں نہیں آئیں گے،حکومت کو بہت سمجھایا،مگر حکومت ضد اور ہٹ دھرمی پر اتری ہوئی ہے، اگر یہ ہٹ دھرمی اب بھی ختم نہ کی تو بڑا نقصان ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو افراتفری سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں، ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا،بہتر مستقبل کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہوگی،پی ٹی آئی قانون اور آئین کےدائرے میں رہ کرسیاسی جدوجہد کررہی ہے،

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف افراتفری نہیں چاہتی، ہم پر امن احتجاج کررہے ہیں، حکومت کی توجہ عوامی مسائل حل کرنے کی طرف نہیں، پی ڈی ایم کی حکومت ہر شعبے میں ناکام ہوچکی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اتحاد میں یکسوئی نظرنہیں آرہی، صرف عمران خان کیخلاف بغض میں یکسوئی دکھائی دے رہی ہے، ملک میں 64فیصد اسمبلی کی نشستیں خالی ہوچکی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 11دن بعد اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان نہیں کیا جارہا، امپورٹڈ حکمران اور الیکشن کمیشن ماورائے آئین اقدامات کررہے ہیں، ملکی معیشت تباہی کے راستے پر جارہی ہے، ڈالر ناپید ہوچکا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روپے کی قدر روز بروز گررہی ہے، ڈالرکی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے، مہنگائی کا ایک بہت بڑا طوفان سر اٹھائے کھڑا ہے اور ن لیگی حکومت کے دو وزراء ایک دوسرے پر نااہلی کے الزامات لگارہے ہیں۔