Tag: shah salman

  • شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    شاہ سلمان کا ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد اور فضائی پل قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد کا حکم جاری کیا ہے۔

    دونوں ممالک کے لیے دوائیں، طبی سامان اور انسانی ضروریات کی اشیا فضائی راستے سے ہنگامی بنیادوں پر بھیجی جائیں گی جبکہ امدادی ٹیمیں بھی روانہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد نے ترکیہ، شام اور دونوں ملکوں کے برادر عوام سے رنج و ملال اور دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔

    سعودی عرب نے انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے دونوں برادر ممالک کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب، اس کے قائدین اور عوام آزمائش کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    علاوہ ازیں شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کو شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی پل کے ذریعے دوائیں، طبی ساز و سامان، خیمے، کھانے پینے کی اشیا اور لاجسٹک مدد ہنگامی بنیادوں پر روانہ کی جائیں۔

    شام اور ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ساہم پورٹل کے ذریعے عوامی امدادی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الربیعہ نے بتایا کہ فضائی پل قائم کرنے کا حکم سعودی قیادت نے شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے جذبے سے جاری کیا ہے۔

    سعودی قائدین چاہتے ہیں کہ شام اور ترکیہ میں ہولناک جانی و مالی نقصانات کے اثرات کم کرنے میں حصہ لیا جائے، تباہ کن زلزلے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

    شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت کی ہدایت کے مطابق متاثرین کی مدد کے لیے کھانے پینے کی اشیا، طبی سامان اور خیمے وغیرہ بھیجے جارہے ہیں۔

  • سعودی عرب: اہم شاہی فرمان جاری

    سعودی عرب: اہم شاہی فرمان جاری

    ریاض: سعودی عرب میں پبلک پراسیکیوشن کے متعدد ارکان کی ترقی کا شاہی فرمان جاری کردیا گیا، شاہی محل کی جانب سے پراسیکیوشن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے پبلک پراسیکیوشن کے متعدد ارکان کی ترقی کا شاہی فرمان جاری کردیا۔

    پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود المعجب کا کہنا ہے کہ پبلک پراسیکیوشن کو اعلیٰ قیادت کی سرپرستی حاصل ہے، شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ادارے کی جملہ ضرورتیں پہلی فرصت میں پوری کردیتے ہیں۔

    نئے شاہی فرمان کی بدولت پبلک پراسیکیوشن کو اعلیٰ استعداد کی سرپرستی کی وجہ سے عروج ملے گا، اس کی وجہ سے ادارے میں ترقی پانے والے ارکان اپنا کام شایان شان طریقے سے کریں گے۔

    المعجب نے پبلک پراسیکیوشن کے اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ آئندہ زیادہ محنت کریں اور اعلیٰ قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ آپ لوگوں سے بڑی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے اور آپ کے بارے میں اچھا گمان رکھتا ہے، اس کا خیال رکھیں۔

  • سعودی عرب :  شاہ سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے

    سعودی عرب : شاہ سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے

    ریاض : سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جدہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق منگل کو جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت اجلاس میں سعودی کابینہ نے تہذیبوں کے درمیان افہام و تفہیم کے فروغ اور انتہا پسندی کے انسداد کے حوالے سے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

    سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے جدہ پروجیکٹس مینجمنٹ آفس کو جدہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ مجلس انتظامیہ تشکیل دی گئی جس کی قیادت ولی عہد کریں گے۔

    کابینہ کے اراکین کو سعودی عرب اور متعدد ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

    قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ کابینہ میں اس ہفتے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی علاقائی و بین الاقوامی کانفرنسوں کے حوالے رپورٹیں پیش کی گئیں۔

    اس کے علاوہ کابینہ نے کامن ویلتھ جزائر بہاماس کے ساتھ سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کے قیام کی منظوری دی، وزیر خارجہ کو اس حوالے سے پروٹوکول پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔

  • شاہ سلمان مرکز کی جانب سے پختونخواہ میں امدادی سامان تقسیم

    شاہ سلمان مرکز کی جانب سے پختونخواہ میں امدادی سامان تقسیم

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیا گیا، 8 ہزار سے زائد افراد میں سامان تقسیم کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی جانب سے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضرورت مند خاندانوں میں 1277 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئیں۔

    شاہ سلمان مرکز کے امدادی سامان سے 8 ہزار 939 افراد مستفید ہوئے، فوڈ باسکٹس سوات، شانگلہ، بونیر اور دیگر اضلاع میں معذوروں، یتیموں، بیواؤں اور نادار افراد میں تقسیم کی گئیں۔

    شاہ سلمان مرکز دنیا بھر میں قدرتی آفات اور خانہ جنگی سے متاثرین میں کھانے پینے کا سامان اور انسانیت نواز امدادی اشیا تقسیم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

    خیبر پختونخواہ میں بھی امدادی سامان کی تقسیم اسی پالیسی کے تحت کی گئی ہے۔

  • سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے لئے بڑا اعزاز

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے لئے بڑا اعزاز

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو صدر قاسم جومارٹ توکایف نے اپنے ملک قازقستان کا سب سے بڑا اعزاز پیش کردیا۔

    یہ گولڈن ایگل میڈل جو ’الطین قیران‘کہلاتا ہے اسے دونوں ملکوں کے باہمی مستحکم تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانے کا عملی اعتراف ہے۔

    ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین کے لیے اعزاز قازقستان کے صدر سے جدہ میں ملاقات کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وصول کیا۔

    شہزادہ فیصل بن فرحان نے اعلیٰ ترین اعزاز پیش کرنے پر خادم حرمین شریفین کی جانب سے قازقستان کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دلی قدر و منزلت کا اظہار کیا۔

  • سربراہ کانفرنس : سعودی فرمانرواں شاہ سلمان کا بڑا فیصلہ

    سربراہ کانفرنس : سعودی فرمانرواں شاہ سلمان کا بڑا فیصلہ

    ریاض : سعودی ایوان شاہی نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پرامریکی صدر جوبائیڈن سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایوان شاہی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا دو روزہ دورہ15 اور16 جولائی کو ہوگا۔

    ایوان شاہی نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت قبول کرتے ہوئے اور سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات میں مزید فروغ اور وسعت اور سٹریٹیجک تعلقات کی مضبوطی کے لیے امریکی صدر جوبائیڈن سعودی عرب سرکاری دورہ کریں گے۔

    دورے کے دوران وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرکے دونوں ممالک کے مفادات کے تحفظ اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    ایوان شاہی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے دورے کے ایجنڈے میں دوسرے روز سربراہ کانفرنس کو شامل کیا گیا ہے جس میں شاہ سلمان نے خلیجی ممالک کے سربراہان کے علاوہ شاہِ اردن، مصری اور عراقی صدور کو بھی مدعو کیا ہے۔

    یہ سربراہ کانفرنس 15 جولائی کو منعقد ہوگی جس میں خطے کو درپیش اہم امور اور مسائل پر غور و خوض ہوگا۔

    عرب نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے دورے کے بعد صدر جو بائیڈن جدہ جائیں گے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر شاہ سلمان کی قیادت اور ان کی دعوت کو سراہتے ہیں، وہ سعودی عرب کے اہم دورے کے منتظر ہیں۔ سعودی عرب تقریباً آٹھ دہائیوں سے امریکہ کا سٹیرٹیجک شراکت دار ہے۔

    وائٹ ہاؤس نے مزید کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن سعودی عرب دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر بات چیت کریں گے، اس میں یمن میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی حمایت بھی شامل ہے، یہ سات سال قبل شروع ہونے والی جنگ میں پرامن دور ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نئے انفراسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات سمیت علاقائی معیشت اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو وسیع کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت کریں گے۔

    اس کے علاوہ ’ایران کی جانب سے درپیش خطرات کو روکنا، انسانی حقوق، عالمی سطح پر توانائی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا بھی بات چیت کا حصہ ہے۔

    صدر جو بائیڈن سعودی عرب روانگی سے قبل مغربی کنارے کا بھی دورہ کریں، وہ فلسطینی حکام سے ملاقات اور دو ریاستی حل کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کریں گے۔

  • شاہ سلمان کی کامیاب کولونو اسکوپی

    شاہ سلمان کی کامیاب کولونو اسکوپی

    ریاض: جدہ کے شاہ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں سعودی عرب کے فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی کام یاب کولونو اسکوپی کی گئی۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خلیجی قیادت نے شاہ سلمان کی کامیاب کولونو اسکوپی پر ان کے نام بھیجے گئے پیغامات میں ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

    خلیجی ممالک کی قیادت نے کامیاب کولونو اسکوپی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کو مبارک باد بھی پیش کی ہے، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے شاہ سلمان کو مکتوب روانہ کر کے کولونو اسکوپی پر مبارک باد پیش کی۔

    امیر قطر نے اپنے مکتوب میں شاہ سلمان کی جلد صحت یابی اور خیر و عافیت کی امید بھی ظاہر کی، نائب امیر قطر شیخ عبد اللہ بن حمد آل ثانی اور وزیر اعظم و وزیر داخلہ شیخ خالد بن خلیفہ آل ثانی نے بھی مبارک باد اور نیک خواہشات پر مبنی مکتوب بھیجا ہے۔

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان طبی معائنے کے لئے اسپتال داخل

    متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے بھی شاہ سلمان کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شاہ سلمان کی خیریت دریافت کی ہے۔

    امارات کے صدر نے اپنے مکتوب میں شاہ سلمان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے صحت و عافیت کی امید ظاہر کی، یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ولئ عہد ابوظبی شیخ محمد بن زاید کی طرف سے بھی مکتوبات موصول ہوئے ہیں، جس میں انھوں نے شاہ سلمان کی خیرت دریافت کی۔

    بحرین کے ولئ عہد شیخ سلمان بن حمد آل خلیفہ، شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان القاسمی، ام القوین کے حکمران شیخ سعود بن راشد المعلا، راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی، الفجیرہ کے حکمران شیخ حمد بن محمد الشرقی اور عجمان کے حکمران شیخ حمید بن راشد النعیمی نے بھی شاہ سلمان کو مبارک باد کے پیغامات روانہ کیے ہیں۔

    بحرین کے فرماں روا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے شاہ سلمان کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کامیاب کولونو اسکوپی پر مبارک باد پیش کی ہے، انھوں نے شاہ سلمان کے لیے لمبی عمر اور صحت اور عافیت کی دعا بھی کی۔

    واضح رہے کہ اتوار کو سرکاری نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا تھا کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا جدہ کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں کولونو اسکوپی کا عمل ہوا اور اس کے نتائج اچھے رہے، پروسیجر کے بعد ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا کہ شاہ سلمان کو آرام کے لیے کچھ وقت اسپتال میں رہنا چاہیے۔

    کولونو اسکوپی بڑی آنت (کولون) اور مقعد میں مسائل کی تحقیقات کے لیے کیا جانے والا ایک ٹیسٹ ہے اور اسے بڑی آنت کے کینسر کی اسکریننگ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب : شاہ سلمان نے نئے قانون کی منظوری دے دی

    سعودی عرب : شاہ سلمان نے نئے قانون کی منظوری دے دی

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقدہ ورچوئل اجلاس کے دوران سعودی کابینہ نے معمر افراد کے حقوق سمیت مختلف قوانین کی منظوری دی ہے۔

    اس حوالے سے سعودی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ اجلاس میں مختلف نوعیت کے 12اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

    کابینہ اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے سعودی شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کورونا ویکسین کی مقررہ خوراکیں جلد سے جلد لگوالیں۔

    کابینہ کے مطابق وبا کی بدلتی ہوئی صورت حال پر نظر رکھی جارہی ہے، بچاؤ کی تدابیر کے مؤثر ہونے اور نہ ہونے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

    خادم حرمین شریفین نے اجلاس کے آغاز میں کہا کہ یہ بات پیش نظر رہے کہ مملکت قیام کے روز اول سے آج تک اسلامی نظام پر عمل پیرا ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔

    کابینہ کے ارکان نے شوریٰ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر شاہی خطاب پر قدرو منزلت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے جامع تصور پیش کرکے مختلف شعبوں میں سعودی وژن 2030 کے مطابق ملکی ترقی و خوش حالی کے حوالے سے غیر متزلزل اصول اجاگر کیے۔

    انہوں نے سیاسی، اقتصادی حالات اور حالیہ مسائل پر مملکت کی خارجہ پالیسی کو نمایاں کیا، انہوں نے مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ کے حوالے سے مملکت کی کوششوں کو آئندہ بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

    کابینہ ارکان نے کم آمدنی والے اور مصیبت زدہ ممالک کا ساتھ دینے، پناہ گزینوں اور مصیبت زدگان کی مدد کی پالیسی پر گامزن رہنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

    سعودی کابینہ نے گذشتہ دنوں برادر اور دوست ملکوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات اور ملاقاتوں کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد مشترکہ تعاون کے رشتوں کو راسخ کرنا اور زیادہ بڑے پیمانے پر باہمی تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک پہنچانا تھا۔

    قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ کابینہ نے خطے اور دنیا بھر کے حالات حاضرہ کا جائزہ لیا، عالمی امن و سلامتی، استحکام اور خوش حالی کی خاطر کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    کابینہ نے کورونا وائرس کی وبائی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں، حرمین شریفین کے زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر حفاظتی تدابیر کے موثر ہونے کی بابت بھی بات چیت کی۔

    کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کی جائے اور ویکسین کی تمام مطلوبہ خوراکیں جلد سے جلد لگوا لی جائیں۔

    کابینہ نے اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل اور سیاسی و سلامتی کونسل امور، کابینہ کے ماتحت جنرل کمیٹی اور کابینہ کے ماتحت ماہرین کے ادارے کی قراردادوں کا بھی جائزہ لیا۔

    کابینہ نے متعدد فیصلے کیے جس کے مطابق عراق کے ساتھ ابلاغی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر اطلاعات کو دیا، جبکہ ماحولیات کے شعبے میں تعاون کے لیے جاپان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔

    سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں سلطنت عمان کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔

    وزیر خزانہ کو برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے ساتھ مالیاتی خدمات اور سرکاری خزانے کے امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا اختیار دیا۔

    مدینہ اسلامی یونیورسٹی کے سربراہ کو اسلامی تعاون تنظیم کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار تفویض کیا, کھارے پانی کو استعمال کے قابل بنانے والی ٹیکنالوجی، پائپ لائنز کی اصلاح و مرمت اور آپریشنل امور کے سلسلے میں روس کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کی منظوری دے دی۔

    کابینہ نے ممنوعہ برآمدات کے ضوابط کی بھی منظوری دے دی، کابینہ نے ایٹمی کنٹرول بورڈ کی مجلس انتظامیہ کے ارکان کی تقرریاں بھی کیں جبکہ فروغ افرادی قوت فنڈ کے اختتامی حساب کی بھی منظوری دی۔

    کابینہ نے پندرہویں گریڈ کے لیے متعدد عہدیداروں کی ترقی کے احکام بھی جاری کیے، کابینہ میں متعدد سرکاری اداروں کی سالانہ رپورٹیں بھی پیش کی گئیں۔

  • کورونا وائرس : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نئے فرمان جاری

    کورونا وائرس : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نئے فرمان جاری

    ریاض : خادم حرمین شریفین نے دو شاہی فرامین جاری کرکے تمام اداروں کو کورونا ایس او پیز، سماجی فاصلے اور حفاظتی ماسک پر عمل درآمد کی تاکید کردی، کورونا ایس او پیز، حفاظتی ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی تمام پروگراموں اور اداروں میں لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

    سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے مطابق شاہی فرامین میں تاکید کی گئی ہے کہ ہر ادارہ اپنے یہاں آنے والوں کا ہیلتھ ڈیٹا توکلنا ایپ کے ذریعے چیک کرے۔

    سماجی فاصلے کی پابندی کرائے اور اپنے تمام اداروں اور پروگراموں میں حفاظتی ماسک کے استعمال کو یقینی بنائے، اپنے یہاں ہونے والی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ ترتیب دے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر مقررہ جرمانے عائد کرے۔

    مذکورہ شاہی فرامین صحت مسائل سے نمٹنے کے لیے اعلی رابطہ کمیٹی کی سفارش پر جاری کیے گئے ہیں، متعلقہ کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ مملکت بھر میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی تدابیر کی جائیں۔

    یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے بدھ کو بیان جاری کرکے ایک بار پھر مملکت بھر میں ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی بحال کردی ہے، یہ پابندیاں تمام کھلے اور بند مقامات نیز پروگراموں اور تقریبات میں جمعرا 30 دسمبر سے نافذ کردی گئیں۔

  • سعودی عرب : ملکی ترقی کیلئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے اہم فیصلے

    سعودی عرب : ملکی ترقی کیلئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے اہم فیصلے

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں کابینہ کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا۔ کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب یمن کے امن و استحکام اور یمنی عوام کی ترقی و خوشحالی کے اقدامات کرتا رہے۔ یمنی بحران کے سیاسی حل تک رسائی کے مشن کی تائید و حمایت جاری رکھے گا۔

    سعودی خبر رساں ادارے "ایس پی اے” کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجدالقصبی نے بتایا کہ کابینہ نے 2022 کے قومی بجٹ اور ملک میں امن و استحکام کی نعمت پر اظہار شکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے بجٹ میں متعدد پروگرام اور منصوبے شامل کیے گئے ہیں جن سے افرادی قوت کو فروغ ملے گا۔

    اقتصادی وسائل میں تنوع اور مالیاتی استحکام کا سلسلہ برقرار رہے گا، شہری اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کے پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔

    سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے لیے اقتصادی اصلاحات اور اقدامات کی پالیسی پر گامزن رہیں گے۔ کابینہ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خلیجی ممالک کے دورے اور نتائج پر مسرت کا اظہار کیا۔

    کابینہ نے جی سی سی سربراہ کانفرنس کے انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔ کابینہ نے سعودی عرب اور مصر کے درمیان خطے سمیت دنیا بھر کے بحرانوں اور مسائل پر نکتہ ہائے نظر میں مطابقت پر اطمینان کا اظہار کیا، کابینہ میں علاقائی، خلیجی اور بین الاقوامی مسائل حاضرہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    کابینہ نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشتگردوں کی جارحانہ سرگرمیوں کو ناکام بنانے، شہریوں اور سول تنصیبات پر حملوں سے متعلق عرب اتحاد برائے یمن کے آپریشنز کے نتائج پر قدر و منزلت کا اظہار کیا۔