Tag: shah salman bin abdul aziz

  • سعودی عرب : امیر کویت کا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے اہم پیغام

    سعودی عرب : امیر کویت کا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے اہم پیغام

    ریاض : کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام ایک اہم پیغام بھیجا ہے، کویتی وزیر خارجہ نے ریاض پہنچ کر اپنے سعودی ہم منصب کے حوالے کیا۔

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کا مکتوب جمعے کو موصول ہوا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کویتی وزیر خارجہ ڈاکٹر احمد ناصر الصباح نے جو قائم مقام وزیر اطلاعات بھی ہیں ریاض میں مکتوب سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے حوالے کیا ہے۔

    کویتی وزیر خارجہ جمعے کو ریاض پہنچے تھے، شہزادہ فیصل بن فرحان نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ استقبال کیا بعد ازاں کویتی وزیر کو ایئرپورٹ پر الوداع بھی کہا۔

    علاوہ ازیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے نئے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون کی خیریت دریافت کی ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے صدر الجزائر کے نام پیغام میں کہا کہ ہمیں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع ملی ہے، آپ کی مکمل صحتیابی کے آرزو مند اور اس عارضی بیماری سے فوری شفا کے لیے دعا گو ہیں۔

    ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر تبون کے نام پیغام ارسال کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میری آرزو ہے کہ آپ کورونا وائرس کی تکلیف سے جلد ازجلد شفا یاب ہوجائیں۔

  • سعودی فرماںرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم فیصلہ

    سعودی فرماںرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم فیصلہ

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گورنر تبوک کے عہدے میں چار برس کی توسیع کردی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق گورنر شہزادہ فہد بن سلطان نے عہدے کی توسیع سے متعلق شاہی فرمان جاری کرنے پر خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے ممنونیت اور قدرو منزلت کے جذبات کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ عہدے میں توسیع کے فرمان کو اپنے لیے باعث اعزاز اور خود پر قیادت کے غیرمعمولی اعتماد کی علامت سمجھتے ہیں۔

  • شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بڑا شاہی فرمان جاری کردیا

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بڑا شاہی فرمان جاری کردیا

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کو سپریم کورٹ کے لیے 13 ججوں کے تقرر کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر انصاف اور اعلیٰ عدالتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر ولید الصمعانی نے واضح کیا کہ ہماری قیادت عدلیہ کی ہر ممکن مدد کو اپنا شیوہ بنائے ہوئے ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے لیے 13 ججوں کی تقرری کے شاہی فرمان کی بدولت عدلیہ کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں سہولت ہوگی۔

    جن تیرہ ججوں کی تقرری کی گئی ہے ان میں ناصر بن فہد الخویر، محمد بن عبداللہ العمری، محمد بن مسفر الغامدی، ناصر بن عویض القحطانی، عبدالباقی بن محمد آل الشیخ مبارک، فہد بن ناصر السلیمان، عبداللہ بن عبدالرحیم الزھرانی، عبدالعزیز بن عبدالرحمن الکلیۃ، ابراہیم بن ناصر السحیبانی، ناصر بن سعود الحربی، احمد بن محمد المھیزع، ابراہیم بن عبدالعزیز الھویمل اور محمد بن صالح الیحیی شامل ہیں۔

    الصمعانی نے ججوں کی تقرری پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
    ڈاکٹر الصمعانی نے کہا کہ نئے ججوں کے تقرر سے فوجداری کے امور نمٹانے میں سہولت حاصل ہوگی۔

  • شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس، اہم فیصلے

    شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس، اہم فیصلے

    ریاض : سعودی کابینہ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کیے ہیں، اجلاس میں عمرہ، زیارت اور کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا ہے جس میں مقامی اور بین الاقوامی اہم امور اور معاملات پر غور کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گیے۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان نے کابینہ ارکان کو امیر کویت شیخ نواف الاحمد کی طرف سے موصول ہونے والے مکتوب کے حوالے سے مطلع کیا ہے۔

    کابینہ نے مجلس شوریٰ کی ترتیب نو کے فیصلے کو سراہتے ہوئے نئے ارکان شوری کے لیے نیک جذبات کا اظہار کیا ہے۔ کابینہ نے نوجوانوں کے مسائل اور ان کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    کابینہ نے کورونا وائرس کی وبا کے بعد والی عالمی سطح پر پیدا ہونے صورتحال اور مقامی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

    کابینہ ارکان نے آن لائن اجلاس میں عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار بحالی کے اقدامات اور اس حوالے سے حفاظتی تدابیر پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    اس کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور وبا کے انسداد کے لیے مقامی کوششوں اور پیشگی تیاریوں کی تفصیل رپورٹ پر غور کیا ہے۔

     

  • سعودی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

    سعودی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

    سعودی عرب کی کابینہ نے حوثی باغیوں کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے، اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال اور آن لائن تدریسی عمل کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں ملکی اور بین الاقوامی اہم امور کا جائزہ لیا گیا ہے۔

    سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق کابینہ نے تمام تعلیمی اداروں میں آن لائن تدریس کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اسے پہلے سمسٹر تک جاری رکھنے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    کابینہ نے ملک میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا نیز عالمی سطح پر انسداد کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی غور کیا ہے۔

    اس کے علاوہ کابینہ کے آن لائن اجلاس میں عالمی مالیاتی اداروں کی طرف سے سعودی عرب کی معیشت کو تسلی بخش قرار دیئے جانے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

    کابینہ نے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کے شہروں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سعودی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

    سعودی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

    ریاض: سعودی کابینہ نے سائبر سیکیورٹی کی قومی حکمت عملی کی منطوری دے دی، کابینہ نے بحیرہ احمر میں سیاحتی ادارے کے قیام اور فروغ سیاحت کونسل کے نظام کی بھی منظوری دی ۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا آن لائن اجلاس ہوا جس میں سعودی کابینہ نے کہا کہ عرب علاقوں کے اتحاد، سالمیت اور خود مختاری پر سعودی عرب کا موقف غیرمتزلزل ہے، خطے کے استحکام کو زک پہنچنے والی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی کابینہ نے کہا کہ ’فلسطینی عوام کےساتھ کھڑے ہیں، مسئلہ فلسطین کے ایسے جامع اور منصفانہ حل تک رسائی کے لیے کوشاں ہیں جن کی بدولت فلسطینی عوام 1967 والی سرحدوں میں خود مختار ریاست قائم کرسکیں اور اس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو‘۔

    کابینہ کا کہنا تھا کہ ’ہم ایسا حل چاہتے ہیں جو عرب امن منصوبے اور بین الاقوامی قانونی قرارداوں کے مطابق ہو‘۔

    قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے جان بوجھ کر منظم طریقے سے بارود بردار ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے سعودی عرب کی سول تنضیبات اور شہریوں پر حوثی باغیوں کے جارحانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔

    کابینہ نے حوثییوں کے حملوں کو ناکام بنانے اس سلسلے میں عرب اتحاد کی صلاحیت اور مستعدی کی تعریف کی۔

    سعودی کابینہ نے کابل میں افغان نائب صدر کے کاررواں پر حملے کی مذمت کی اور ہر طرح کے تشدد، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف برادر ملک افغانستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

  • خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے شاھی فرمان جاری کردیئے

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے شاھی فرمان جاری کردیئے

    ریاض : سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ روز حکومتی امور سے متعلق چار اہم احکامات جاری کیے جن کے تحت عہدیداران کی تقرری و تبادلے کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے چیئرمین گورنمنٹ پروکیورمنٹ اتھارٹی غسان الشبل کو سبکدوش کرکے بندرالخریف کو نیا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے اتوار کو چار شاہی فرامین جاری کرکے دو عہدیداروں کی برطرفی اور ان کی جگہ دو کی تقرری کی ہے۔

    شاہ سلمان نے نائب وزیر تعلیم برائے جامعات ڈاکٹر حاتم المرزوقی کو سبکدوش کرکے ڈاکٹر محمد السدیری کو نیا نائب وزیر تعلیم برائے جامعات مقرر کیا ہے۔

    خبررساں ادارےکے مطابق اس کے علاوہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے برطرفی اور تقرری کے فیصلوں پر عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

  • شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بڑا حکم جاری کردیا

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بڑا حکم جاری کردیا

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے رائل کمیشن کی رپورٹ پر ’بحر الاحمر‘ پروجیکٹ میں بدعنوانی، بدانتظامی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی شکایات پر شاہی فرمان جاری کردیاہے ۔

    جس کے ذریعے متعدد اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو برطرف کرتے ہوئے ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے احکامات صادر کیے ہیں۔

    سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ’بحرالاحمر‘ ترقیاتی منصوبے میں 5 ہزار سے زائد جبکہ العلا پروجیکٹ میں کئی پلاٹوں پرتجاوزات کی شکایات موصول ہوئی تھی۔

    رائل کمیشن کی جانب سے رپورٹ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو پیش کی گئی جس میں سفارش کی گئی تھی کہ کمپنیوں کی جانب سے اراضی پر کی جانے والی تجاوزات سے نہ صرف ترقیاتی منصوبہ متاثر ہوا بلکہ ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

    کمیشن کی جانب سے جاری رپورٹ کی روشنی میں خلاف ورزیاں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر ایوان شاہی نے بدعنوانی میں ملوث اعلیٰ عہدیداروں کی برطرفی کے خصوصی احکامات صادر کیے ہیں۔

    سعودی سرحد گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عواد البلاوی کو خدمات سے برخاست کرتے ہوئے انہیں ریٹائرمنٹ پر بھیج دیا گیا اور کمشنر املج، الوجہ ریجن و سودہ مرکز کے چیئرمینوں کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کیا گیا۔

    اس کے علاوہ املج اور الوجہ کے سرحدی گارڈ کے کمانڈر کو ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کرنے کے علاوہ وزارت داخلہ، مدینہ، تبوک اور عسیر گورنرٹس میں شعبہ انسداد تجاوزات کے عہدیدار بھی ذمہ داریوں سے فارغ کیے گئے۔

    ذرائع کے مطابق تبوک ریجن کے سیکرٹری، املج، الوجہ اور السودہ ریجن کے میونسپلٹی کے سربراہ بھی سبکدوش کیے گئے ہیں جبکہ مدینہ اور تبوک ریجن کی میونسپلٹیوں میں شعبہ تجاوزات کے ذمہ داروں کو بھی نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔

    شاہی احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ، بلدیات و دیہی امور، مدینہ منورہ، تبوک اور عسیر گورنریٹس کو ایک ماہ کا
    نوٹس جاری کیا جاتا ہے اس دوران وہ ہونے والی تمام تجاوزات کا خاتمہ کریں، مقررہ مدت کے خاتمے پر تجاوزات پائی جانے پر
    سخت اقدامات کیے جائیں گے۔‘

    ایوان شاہی کی جانب سے ادارہ انسداد بدعنوانی کو فوری طور پر مذکورہ بالا اعلیٰ عہدیدار جنہیں ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش
    کیا گیا ہے، کے خلاف جامع تحقیقات کرنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے فوری رپوٹ پیش کرنے کے احکامات
    صادر کیے گئے ہیں۔

  • شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت سے متعلق اچھی خبر آگئی

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت سے متعلق اچھی خبر آگئی

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز صحت یاب ہوکر کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال سے جمعرات کو رخصت ہوگئے ہیں۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ایوان شاہی نے بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ ’شاہ سلمان 30 جولائی کو اللہ تعالی کے فضل و کرم سے صحت یاب ہوجانے پر کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال ریاض سے رخصت کیا گیا ہے۔

    ایوان شاہی نے اپنا بیان اس دعائیہ جملے پر ختم کیا کہ’ اللہ تعالی شاہ سلمان کی حفاظت کرے۔ انہیں ہر تکلیف سے اپنی پناہ میں رکھے اور انہیں صحت و عافیت سے نوازتا رہے‘۔

    ایوان شاہی نے گزشتہ جمعرات 23 جولائی کو اطلاع دی تھی کہ شاہ سلمان نے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں پتے کا آپریشن کرایا ہے جو آپریشن کامیاب رہا ہے۔

    ایوان شاہی کے بیان میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ خادم حرمین شریفین معالج ٹیم کے مشورے پرکچھ وقت ہسپتال میں گزاریں گے۔
    یاد رہے کہ شاہ سلمان 20 جولائی پیر کو پتے میں سوزش پر معائنہ جات کے لیے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔

  • شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے دعائے صحت، امریکی صدر کا سعودی ولی عہد کو فون

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے دعائے صحت، امریکی صدر کا سعودی ولی عہد کو فون

    ریاض : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔

    تفصیلات کے مطابق  ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے بارے میں دریافت کیا، انہوں نے شاہ سلمان کی صحتیابی کے لیے فوری شفا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ولی عہد نے امریکی صدر کو شاہ سلمان کی صحت کے بارے میں اطمینان دلایا اور صحت کے لیے رابطہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر امریکی صدر اور سعودی ولی عہد نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ علاقائی و بین الاقوامی حالات بھی زیر بحث آئے، شاہ سلمان کے کامیاب آپریشن کی اطلاع پرسعودی عرب کے ہر حلقے نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔

    شاہی خاندان کے افراد ،ممتاز علما، اعلی عہدیداروں، دانشوروں اور ذرائع ابلاغ کے ارباب نے کامیاب آپریشن پر شاہ سلمان کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شاہ سلمان کو بہت جلد مکمل طور پر صحت یاب کرے۔

    مبارکباد دینے والوں میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، نائب گورنر ریاض، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل، گورنر ریاض، کمشنر جدہ، الجوف، حدود شمالیہ کے گورنرز کے نام قابل ذکر ہیں۔