Tag: shah salman bin abdul aziz

  • سعودی عرب : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم فیصلہ

    سعودی عرب : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم فیصلہ

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خارجہ اور آبادی کاری کے نائب وزرا کا تقرر کیا ہے۔

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تین شاہی فرامین جاری کرکے انجینیئر ولید الخریجی کو نائب وزیر خارجہ بدرجہ وزیر، انجینیئر عبداللہ البدیر کو نائب وزیرآباد کاری اور ڈاکٹر بندر السجان کو پبلک مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے پہلی مرتبہ وزرائے خارجہ و آباد کاری کے نائب مقرر کیے ہیں۔

    شاہی فرمان میں خارجہ و آباد کاری کی وزارتوں اور پبلک مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کو مذکورہ فیصلوں پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • سعودی عرب کی انسان دوستی اور اخلاقیات کی اعلیٰ مثال

    سعودی عرب کی انسان دوستی اور اخلاقیات کی اعلیٰ مثال

    ریاض : سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے کہا ہے کہ بوسنیا ہرزیگوینا میں نسل کشی کے سانحے کا شکار ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بوسنیا ہرزیگوینا کے قصبے سربرینیکا میں ہونے والی نسل کشی کی پچیسویں برسی کے موقع پر بین الاقوامی یادگاری کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں سعودی عرب نے بھی شرکت کی ہے۔

    سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کیا اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے پیغامات کانفرنس کے شرکا کو پہنچائے۔

    انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے بوسنیا ہرزیگووینا کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کے بھی خواہاں ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنے بھائیوں اور سانحے کا شکار ہونے والے افراد کے خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    سعودی عرب، اس کی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے ہماری شرکت انسان دوستی اور اخلاقی ذمہ داری ہے جس کا مظاہرہ سعودی قیادت ہر سال کرتی ہے۔

    بوسنیا میں نسل کشی کا یہ سانحہ جولائی 1995 میں پیش آیا تھا جس میں آٹھ ہزار سے زائد مقامی مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔
    کانفرنس میں بوسنیا ہرزگوونیا کے چیئرمین کونسل آف منسٹرز سیفک زیفرووچ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اینتونیو گیوتریس اور دیگر ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی۔

  • سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا اہم فیصلہ

    سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا اہم فیصلہ

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں سیاحت کی ترقی کیلئے نئے قانون کی منظوری دی ہے، جس کے تحت فروغ سیاحت فنڈ مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے خودمختار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی فرمان جاری کرکے فروغ سیاحت فنڈ کے قانون کی منظوری دی ہے،عمل درآمد سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کے 90 دن بعد ہوگا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق فروغ سیاحت فنڈ مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے خودمختار ہوگا۔ انتظامی طور پر فروغ قومی فنڈ سے مربوط ہوگا، اس کا مقصد سعودی عرب میں سیاحتی ترقی ہوگی۔

    فروغ سیاحت فنڈ قانون کے قواعد و ضوابط کے مطابق فنڈ کا سرمایہ 15 ارب ریال مقرر کیا گیا ہے۔فنڈ کے پاس اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لیے جملہ اختیارات ہوں گے۔

    سرمایہ کاری، اثاثوں کی خرید و فروخت، سیاحتی مقامات کو براہ راست یا نجی و سرکاری اداروں و کمپنیوں کے توسط سے بالواسطہ ترقی دینے سمیت سارے اختیارات فروغ سیاحت فنڈ کو حاصل ہوں گے۔

    فنڈ کو سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کو فنڈ فراہم کرنے یا سیاحتی ٹیکنالوجی کو جدید خطوط پر استوار کرنے یا امدادی خدمات مہیا کرنے کے لیے فنڈنگ کے اختیارات بھی دیے گئے ہیں۔مختلف سیاحتی سرگرمیوں میں معاون بنیادی ڈھانچے کی تیاری میں بھی حصہ لے سکتا ہے۔

    علاوہ ازیں سیاحتی اداروں کی فنڈنگ کے لیے ایسے کسی بھی ادارے کے ساتھ معاہدہ کرسکتا ہے جو فنڈ فراہم کرتا ہو۔ولی عہد محمد بن سلمان نے گزشتہ ہفتے فروغ سیاحت فنڈ کی مجلس انتظٓامیہ کی منظوری جاری کی تھی۔

    مجلس انتظامیہ کے سربراہ احمد الخطیب ہیں جبکہ شہزادی ھیفا بنت محمد احسان بافقیہ، سٹیفن گروف، محمد العمران اور محمد الحوقیل کو رکن بنایا گیا ہے۔

  • شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سعودی عرب کیلئے اہم فیصلے

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سعودی عرب کیلئے اہم فیصلے

    ریاض : سعودی عرب کی کابینہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں اہم فیصلوں کی منظوری دی ہے، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ نے ملکی اور بین الاقوامی امور سے متعلق19 فیصلوں کی منظوری دی ہے، کابینہ کا ویڈیو اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا۔

    سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ51 ممالک سے250 پروازوں کے ذریعے47 ہزار سے زیادہ ان سعودی شہریوں کو وطن واپس لایا گیا جو واپسی کے آرزو مند تھے۔ سعودی شہریوں کی وطن واپسی کا آپریشن وزارت خارجہ کے تعاون سے ہنوز جاری ہے۔

    سعودی کابینہ نے مملکت کے اندر اور باہر کورونا کی وبا کی تازہ صورتحال اور اس حوالے سے اندرون ملک وبا پر قابو پانے کے لیے جاری کاوشوں کی بابت مفصل رپورٹ سنی۔ جس میں بتایا گیا کہ مملکت بھر میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کی مہم جاری ہے تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے اور مقامی شہریوں و مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔

    القصبی نے بتایا کہ کابینہ نے1967 کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اپنی خودمختاری میں شامل کرنے کے اسرائیلی عزائم پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

    اس حوالے سے مسلم وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کی ان قراردادوں کی بھرپور تائید و حمایت کی گئی جن میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں کو اپنی خودمختاری میں شامل کرنے کا اعلان بین الاقوامی قانونی قراردادوں پر کھلا جارحانہ حملہ ہے۔ اسرائیل کی اس قسم کی دھمکیوں سے امن عمل کی بحالی کے امکانات سبوتاژ ہوجائیں گے۔

    سعودی کابینہ نے علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر بحث کے بعد یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں تمام ممالک کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

    اس حوالے سے ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لے گا۔ مملکت کو یقین ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی سے پوری عالمی برادری کو تشویش ہے اور یہ عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

    کابینہ نے اس حوالے سے فرانس کی میزبانی میں جی فائیو ساحلی ممالک کے اتحادی اجلاس کی قراردادوں کی تائید و حمایت کی۔ سعودی کابینہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل، شمالی نائجیریا اور عراق کے دیالی صوبے میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی۔

    اجلاس نے سعودی عرب اور وفاقی روس کے شہریوں کو وزٹ ویزوں کے اجرا سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی ہے۔ ڈیموکریٹک کانگو کے ساتھ تعاون کے بڑے معاہدے کا اختیار وزیر خارجہ کو تفویض کردیا۔

    جبوتی کی وزارت اسلامی امور کے ساتھ شاہ سلمان اسلامک کلچرل سینٹرکے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا ا ختیار وزیر اسلامی امور کو تفویض کیا گیا ہے۔

    کابینہ نے صحت کے شعبے میں تعاون کے لیے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی منظوری منظوری دی ہے، مختلف عہدوں پر مقامی شہریوں کی تقرری اور ترقی کے احکام بھی جاری کیے۔

  • شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے

    ریاض : سعودی فرماںرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے لیبیا میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے تمام اختلافات اور تنازعات بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ نے لیبیا کے تمام برسرپیکار فریقوں سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اوربحران کے حل کے لیے مصرکی کاوشوں کی تائید و حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق عید الفطر کے بعد کابینہ کا پہلا آن لائن وڈیو اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقد ہوا، سعودی کابینہ نے لیبیا میں جنگ بند کرانے اور بحران کے سیاسی حل کے لیے عالمی مساعی کو سراہتے ہوئے لیبیا کے تمام فریقوں سے کہا کہ وہ قومی مفاد کو سب سے اوپر رکھیں اورجنگ فوری طور پر بند کریں۔

    کابینہ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سائبان تلے فوری جامع سیاسی مذاکرات شروع کریں، ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنائیں ملک کے اتحاد و سالمیت کی حفاظت کریں اور بیرونی مداخلتوں سے ملک کو بچائیں۔

    قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد بتایا کہ کابینہ میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال پر متعدد رپورٹیں پیش کی گئیں۔
    شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ ان کی صحت و سلامتی ریاست کی پہلی ترجیح ہے۔

    سعودی کابینہ نے کورونا کی وبا سے نمٹنے، وبا کی بابت معاشرے میں آگہی پیدا کرنے، نظام صحت کے تحفظ، لیباریٹریوں کی استعداد، آئی سی یو اور مصنوعی تنفس کے آلات کی تعداد بڑھانے کے لیے صحت اداروں کی زبردست سرپرستی پر شاہ سلمان اور ولی عہد کے اقدامات کی تعریف کی۔

    کابینہ نے پورے ملک میں رفتہ رفتہ حالات معمول پر لانے کی کوششوں کا جائزہ لیا، کابینہ نے تاکید کی تمام سعودی شہری اور غیرملکی کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کی پابندی کریں اور سماجی فاصلے کا احترام کریں۔

    اجلاس میں یمن کے لیے امدادی کانفرنس کے نتائج پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ یمن کی مدد کے حوالے سے سعودی عرب کا موقف غیر متزلزل ہے۔

    اس کے علاوہ کابینہ نے غرب اردن سے متعلق اسرائیلی اسکیموں کو مسترد کردیا- کابینہ نے زور دے کر کہا کہ فلسطینی بھائیوں اور ان کی امنگوں سے متعلق مملکت کا موقف جو کل تھا وہ آج ہے اور آئندہ بھی وہی رہے گا۔

    اسرائیل کا یکطرفہ طور پر غرب اردن کے علاقوں کو اپنی خودمختاری میں شامل کرنا اور کسی بھی بین الاقوامی قانونی فیصلوں کو پامال کرنا، قابل مذمت ہے۔

  • کورونا وائرس : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم پیغام

    کورونا وائرس : شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا اہم پیغام

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

    یہ بات انہوں نے سعودی عوام سے اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ میں آپ لوگوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم بھی پوری دنیا کی طرح مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور آنے والا مرحلہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے اور زیادہ مشکل ہوگا، عوام نے کورونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے

    شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے سرکاری ادارے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور لاتے رہیں گے۔​

    خادم حرمین شریفین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بھی پوری دنیا کی طرح کورونا وائرس پر قابو پانے کے سلسلے میں مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ آنے والے ہفتے اس حوالے سے زیادہ مشکل ثابت ہوں گے، تاہم یہ مرحلہ بھی جلد گزر جائے گا۔

    انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت اپنے عوام اور تارکین کی صحت و عافیت کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے گی، ملک میں ادویات، خوراک اور دیگر معاشی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    غیر ملکیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے سلسلے میں سرکاری اداروں کی ہدایات کی مکمل پابندی کریں۔

  • سعودی حکومت نے لاکھوں ملازمتیں دینے کا اعلان کردیا

    سعودی حکومت نے لاکھوں ملازمتیں دینے کا اعلان کردیا

    ریاض : سعودی عرب نے سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا، اس سلسلے میں 16 لاکھ ملازمتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 2020تک سیاحت سے مقامی آمدنی میں 10 فیصد تک اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکام نے مملکت میں سیاحت کے فروغ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزارت سیاحت کے قیام کا فرمان جاری کیا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کا کہنا ہے کہ وزارت سیاحت 16 لاکھ تک اسامیاں فراہم کرے گی، اس اقدام سے سال2020تک سیاحت سے مقامی آمدنی میں 10 فیصد تک اضافہ ہوگا سعودی حکومت ملک میں سیاحت کو آمدنی اور روزگار کا بنیادی ذریعہ بنانے کے لیے وزارت کو مطلوب تمام سہولیات مہیا کرے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کی قومی حکمت عملی کا مقصد سیاحوں کو جامع خدمات اور پرکشش سیاحتی پیشکشیں فراہم کرنا ہے۔ وزارت سیاحت موجودہ اور نئے سرمایہ کاروں کو سیاحتی پروگراموں کے حوالے سے پرکشش ماحول فراہم کرے گی۔

    احمد الخطیب نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں جلد نئے منصوبے دیکھنے کو ملیں گے، سعودی لڑکوں اور لڑکیوں کو سیاحت کے  شعبے سے منسلک کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔‘

  • شاہ سلمان بن عبد العزیز کا بڑا فیصلہ، حکم نامہ جاری

    شاہ سلمان بن عبد العزیز کا بڑا فیصلہ، حکم نامہ جاری

    ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے سعودی عرب کی کابینہ میں نئے وزراء کو شامل کیا ہے جبکہ کچھ وزیر اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی کابینہ میں رد و بدل کرتے ہوئے نئے وزرا شامل کیے گئے ہیں، اس سلسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کے احکامات پر ردو بدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کو دارالحکومت ریاض سے جاری ہونے والے شاہی فرمان کے مطابق شاہ سلمان بن عبد العزیز نے شاہی فرمان جاری کر کے متعدد فیصلے کیے ہیں۔

    حکم نامہ کے مطابق وزیر سول سروس سلیمان الحمدان اور سرمایہ کاری اتھارٹی کے سربراہ ابراہیم العمر کو سبکدوش کر دیا گیا ہے، اس کے علاوہ وزارت سول سروس کو وزارت محنت وسماجی فروغ میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے دونوں وزارتوں کو ضم کرنے کے بعد نئی وزارت کا نام وزارت ہیومن ریسورسز و سماجی فروغ رکھا جائے گا۔

    شاہی فرمان میں محکمہ سیاحت و قومی ورثے کو وزارت میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور نئی وزارت کا نام وزارت سیاحت رکھا جائے گا، شاہ سلمان نے اسپورٹس اتھارٹی کو وزارت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئی وزارت کا نام وزارت اسپورٹس رکھا جائے گا، شاہ سلمان نے شہزادہ عبد العزیز بن ترکی بن فیصل آل سعود کو وزیر سپورٹس مقرر کردیا ہے۔

    شاہی فرمان میں مزید کہا گیا ہے کہ ماجد الحقیل کو وزارت بلدیات و دیہی امور کا قلم دان سونپا گیا ہے  وہ اپنے سابقہ فرائض کے ساتھ وزارت بلدیات کا کام بھی کریں گے۔

    خادم حرمین شریفین نے وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ کو سبکدوش کر کے ڈاکٹر ماجد القصبی کو وزارت کا قلم دان سونپ دیا ہے۔ شاہی فرمان کے مطابق محمد بن عبد اللہ العمیل کو کابینہ کے سیکرٹری جنرل کا نائب مقرر کر دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ شاہ سلمان نے انجینئرخالد الفالح کو وزارت سرمایہ کاری جبکہ احمد الخطیب کو وزارت سیاحت کا قلم دان سونپا ہے۔

  • سعودی عرب کا2020کیلئے10کھرب ریال سے زائد کا بجٹ منظور

    سعودی عرب کا2020کیلئے10کھرب ریال سے زائد کا بجٹ منظور

    ریاض : سعودی عرب کا سال2020 کے لیے ایک ٹریلن 20 ارب ریال کا بجٹ منظور کرلیا گیا، سرکاری ملازمین کیلئے مہنگائی الاؤنس میں مزید ایک سال کی توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، اجلاس میں نئے مالی سال کے قومی بجٹ کی منظوری دی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے 2020 کے لیے ایک ٹریلن20 ارب ریال کے قومی بجٹ کا اعلان کردیا ہے۔ بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 833 ارب ریال لگایا گیا ہے۔

    یہ187 ارب ریال خسارے کا بجٹ ہے۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے مہنگائی الاؤنس میں مزید ایک سال کی توسیع کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ حکومت اصلاحات اور آمدنی کے ذرائع بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ آرامکو حصص سے ملنے والی رقم منافع بخش اسکیموں میں لگائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ سے سعودی عرب میں ترقی کا عمل مضبوط ہوگا۔ اقتصادی و مالی استحکام کا قیام اور شرح نمو کو مزید پائیداری ملے گی۔ عوام کی زندگی کا معیار بلند کیا جائے گا اور مکانات کی اسکیمیں مستقل بنیادوں پر نافذ کی جائیں گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سعودی بجٹ عوام کے لیے خدمات کا معیار بلند کرنے اور بنیادی سہولتیں بہتر انداز میں مہیا کرنے کی پالیسی کا ضامن ہے۔

  • شاہ سلمان کی زیرِ صدرات سعودی عرب کی وفاقی کابینہ کا اجلاس

    شاہ سلمان کی زیرِ صدرات سعودی عرب کی وفاقی کابینہ کا اجلاس

    ریاض : شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کی وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یمن جنگ میں جاں بحق ہونے والے 15 سو فوجیوں کے اہل خانہ کو حکومتی کوٹے سے حج کروایا جائے گا‘۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وفاقی کابینہ کا اجلاس گذشتہ روز نیوم سٹی میں حاکم وقت شاہ سلمان بن عبد العزیز کی زیر صدرات منعقد ہوا تھا، جس میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کی سعودی عرب کے تیل بردار جہازوں پر حملے اور خطے میں بڑھتی ہوئی ایرانی مداخلت پر گفتگو کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران سعودی عرب کی وفاقی کابینہ نے سرحد پار سے جاری ایران نواز حوثیوں کی بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور دیگر عالمی مسائل پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزراء نے اجلاس میں واضح کیا کہ خطے میں بڑھتی دہشت گردی اور تیل بردار جہازوں پر حوثیوں کے حملوں کے باعث عالمی جہاز رانی کو شدید خطرات لاحق ہیں، عالمی جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے الحدیدہ بندر گاہ سمیت دیگر سمندری علاقوں کو تحفظ فراہم کرنا ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اجلاس کے دوران اعلان کیا کہ ’یمن جنگ میں شہید ہونے والے ڈیڑھ ہزار فوجیوں کے اہل خانہ کو حکومتی کوٹے سے حج کروایا جائے گا‘۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کے حاکم وقت شاہ سلمان بن عبدالعزیز اپنے اہل خانہ کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے کے لیے نیوم سٹی گئے ہوئے ہیں، جسے سعودی عرب کا جدید سیاحتی شہر قرار دیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں