Tag: Shahbaz Gill

  • اسلحہ برآمدگی کیس : شہباز گل کی  ضمانت منظور

    اسلحہ برآمدگی کیس : شہباز گل کی ضمانت منظور

    اسلام آباد : سیشن عدالت نے اسلحہ برآمدگی کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف پستول برآمدگی کے مقدمہ میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    وکیل شہباز گِل نے بتایا کہ جو پستول برآمد کیا گیا وہ شہباز گل کے ڈرائیور کاہے، لائسنس بھی ہے ، ہم نے اسلحہ لائسنس پولیس کو فراہم کیا ہے۔

    جج نصیرالدین نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے اسلحہ لائسنس کی تصدیق کی ہے؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ مجھے لائسنس فراہم نہیں کیا گیا۔

    جج نصیر الدین نے استفسار کیا جہاں سے ریکوری کی وہ فلیٹ کس کا ہے؟ تو تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ میں نے فلیٹ پر چھاپا نہیں مارا بلکہ ایس ایچ او کوہسار کے ساتھ بطور امدادی گئے تھے۔

    جس پر جج نصیرالدین نے سوال کیا آپ اس کیس میں تفتیشی ہیں، تفتیشی کا کیا مطلب ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ
    ہم نے پستول برآمد کر کے ایک دن میں مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔

    تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہم نے رپورٹ لکھ کر وقت دیا کہ شہباز گل کا ڈرائیور خود یا پستول کا لائسنس آ جائے ، ایک دن انتظار کے بعد پیش نہ ہونے پر ہم نے مقدمہ درج کیا۔

    عدالت نے پبلک پراسیکیوٹرز کو دلائل کیلئے طلب کر لیا ، بعد ازاں ڈیوٹی مجسٹریٹ نصیر الدین نے شہباز گل کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے شہباز گل کی اسلحہ برآمدگی کے کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے شہباز گل کو 25ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

  • شہباز گل کیس: پولیس ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام ، عدالت نے آخری موقع دے دیا

    شہباز گل کیس: پولیس ریکارڈ پیش کرنے میں ناکام ، عدالت نے آخری موقع دے دیا

    اسلام‌ آباد : سیشن عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہبازگل کی درخواست ضمانت پر پولیس کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

    جج طاہر محمود سپرا نے درخواست پر سماعت کی، جج نے استفسار کیا تفتیشی افسر آئے ہیں ؟ ان سے رابطہ کریں پتہ کریں کہاں ہیں ؟

    پولیس حکام نے بتایا کہ تفتیشی افسر سے رابطہ ہوا تھا لیکن ابھی نہیں پہنچے، ہم ابھی عدالتی حکم کے مطابق پھر معلوم کر کے بتا دیتے ہیں۔

    پراسیکیوٹر رضوان عباسی کا کہنا تھا کہ ابھی ریکارڈ پیش ہو بھی جائے تو میں دلائل نہیں دے سکتا، میں نے بھی ریکارڈ دیکھنا ہے میری ابھی تیاری نہیں ، پیر کے لیےکیس رکھ لیں ہم پیش ہو جائیں گے۔

    جس پر وکیل شہباز گِل نے کہا بہت زیادتی کی بات ہے پولیس مسلسل تاخیر کر رہی ہے۔

    جج طاہر محمودسپرا نے ریمارکس دیئے کہ پولیس کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیتے ہیں۔

    عدالت نے ریکارڈ پیش نہ ہونے پر کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے عدالت نے پولیس سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر رکھا تھا ، گزشتہ روز تفتیشی افسر کے کراچی جانے کے باعث ریکارڈ پیش نہیں کیا جاسکا تھا، اس وقت شہباز گل جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔

  • شہباز گل نے درخواست ضمانت دائر کردی

    شہباز گل نے درخواست ضمانت دائر کردی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اداروں میں بغاوت پر اکسانے کا الزام میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ میرے خلاف مقدمہ بد نیتی اور سیاسی بغض کی بنیاد پر بنایا گیا ، بیان کے توڑ مروڑ کر تقریر کا کچھ حصہ اٹھا کر مقدمہ درج کیا گیا۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ میں پروفیسر ہوں اور بیرون ملک درس گاہوں میں پڑھاتا رہا ہوں، مقدمہ میں جو دفعات لگی ہیں وہ بنتی ہی نہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ مجھے بد نیتی کے تحت مقدمہ میں پھنسایا گیا ہے، درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

    گذشتہ روز عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

    دوران سماعت پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کے مزید 7 روز کا جسمانی ریمانڈ لینے کی استدعا کی تھی۔

    پولیس اور میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی ، اسپیشل اسیکیوٹر راجا رضوان عباسی نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہر روز پولیس ملزم سے تفتیش کر رہی ہے، تفتیش مکمل نہیں ہوئی، ابھی ہمیں کچھ سوالات کے جوابات درکار ہیں، مرکزی موبائل جو شہباز گل استعمال کرتا تھا اسکی برآمدگی مقصود ہے، اس لیے اس کی حراست ضروری ہے اور ملزم کا لاہور سے پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانا ہے۔

  • شہباز گل کے علاج کے لیے تشکیل نئے میڈیکل بورڈ میں تبدیلی

    شہباز گل کے علاج کے لیے تشکیل نئے میڈیکل بورڈ میں تبدیلی

    اسلام آباد: ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے علاج کے لیے تشکیل شدہ نئے میڈیکل بورڈ میں بھی تبدیلی کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے کہا ہے کہ شہباز گل کے علاج کے لیے گزشتہ روز تشکیل دیے جانے والے میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عاطف انعام کی جگہ ڈاکٹر طارق عبداللہ کو شامل کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عاطف انعام کلینکل مصروفیات کے باعث بورڈ سے الگ ہوئے، جب کہ ڈاکٹر طارق عبداللہ کا تعلق پمز کے شعبہ جنرل سرجری سے ہے۔

    بورڈ میں جنرل سرجری، پلمانولوجی، میڈیسن، میڈیکل آئی سی یو کے ڈاکٹرز کو شامل کیا گیا ہے اور ایسوسی ایٹ پروفیسرمیڈیسن شفاعت رسول میڈیکل بورڈ کے سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، ڈاکٹر ضیا پلمانولوجسٹ ہیں جب کہ ڈاکٹر سلمان میڈیکل آئی سی یو کے ڈاکٹر ہیں۔

    شہباز گل کی صحت سے متعلق نیا میڈیکل بورڈ بنانے کا فیصلہ

    پمز کے ذرائع کے مطابق یہ چار رکنی بورڈ شہباز گل کا علاج اور میڈیکل رپورٹ تیار کرے گا، جو عدالت میں پیش کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے معمول کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، انھیں کارڈیک سینٹر کے سنگل روم میں رکھا گیا ہے، ان کے کمرے میں اے سی، ٹی وی، صوفے کی سہولت میسر ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما کو پرہیزی کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، اور وہ بھرپور نیند لے رہے ہیں، کمرے میں صبح، شام چہل قدمی کرتے ہیں، ان کا بلڈ پریشر، شوگر، دل کی دھڑکن معمول کے مطابق ہے، ڈاکٹروں نے سٹی پلمونری انجیوگرافی کرانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

  • شہباز گل پر تشدد کے الزامات : پولیس تحقیقات شروع

    شہباز گل پر تشدد کے الزامات : پولیس تحقیقات شروع

    اسلام آباد : پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہبازگل پرتشدد کے الزامات کی تحقیقات شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہبازگل پر تشدد کے الزامات کے حوالے سے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹراسلام آباد کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔

    جس میں تفتیشی ٹیم اوراعلیٰ پولیس حکام نےشرکت کی، ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شہباز گل کی خوراک سےمتعلق بھی مکمل نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پولیس نے تشدد کے الزام پر بیانات قلمبند کرنا شروع کردیے، انکوائری کے دوران ڈاکٹرز کے بیان بھی لے لئے گئے۔

    تشدد سے متعلق انکوائری کی نگرانی آئی جی اسلام آباد خود کر رہے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام لگایا تھا کہ شہبازگل کو توڑنے کےلیےذلیل کیا گیا، جس میں شہباز گل پر ذہنی اور جسمانی تشدد میں زیادتی بھی شامل ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس مکمل تفصیلی معلومات ہیں، تمام تصویریں اورویڈیوثابت کرتی ہیں کہ گل پرتشدد ہوا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے سوال کیا کہ اسلام آباد پولیس کہتی ہے اس نے کوئی تشدد نہیں کیا ، پھرمیرا سوال یہ ہے شہباز گل پر تشدد کس نےکیا؟

  • شہباز گل سے ملاقاتوں پر پابندی عائد، میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعداد میں اضافہ

    شہباز گل سے ملاقاتوں پر پابندی عائد، میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعداد میں اضافہ

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے علاج کیلئے قائم میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعداد چھ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے علاج کیلئے قائم میڈیکل بورڈ کی توسیع کردی گئی۔

    پمز ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعداد چھ کر دی گئی ہے ، جس میں کارڈیالوجی، پلمونولوجی، میڈیسن اور نیورو سمیت 6 ڈاکٹرز بورڈ میں شامل ہیں۔

    پمز اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو فوبیا، انزائٹی،دمہ کا عارضہ لاحق ہے۔

    ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کے علاوہ شہباز گل سے ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے، شہباز گل کی ٹیسٹ کی رپورٹس کا انتظارہے۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر شہبازگل کو اسپتال سے بھجوانے کا فیصلہ ہو گا۔

    اس سے قبل پمز اسپتال میں میڈیکل بورڈ کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا دوسری بار طبی معائنہ کیا گیا تھا۔

    اسپتال ذرائع نے بتایا کہ شہباز گل کا بلڈ پریشر لیول معمول کے مطابق ہے، میڈیکل بورڈ کی تجویز پر شہباز گل کا ایچ آر سی ٹی اسکین کر لیا گیا ہے۔

  • شہباز گل کو مزید زیر علاج رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج ہوگا

    شہباز گل کو مزید زیر علاج رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج ہوگا

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کو مزید زیر علاج رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ پمز کے ڈاکٹرز نے شہباز گل کو طبی معائنے کے بعد آج صبح تک کارڈیک سینٹر میں زیر علاج رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ پر ڈاکٹرز کی مشاورت جاری ہے، اس وقت ان کی مجموعی طور پر صحت تسلی بخش ہے، اور انھیں بدستور لو فلو آکسیجن دی جا رہی ہے، شہباز گل کے کچھ ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں، جن میں کرونا رپورٹ بھی شامل ہے۔

    شہبازگل کو سانس لینے میں دشواری، اسپتال منتقل

    میڈیکل بورڈ آج صبح شہباز گل کا دوبارہ معائنہ کرے گا، اور پھر میڈیکل رپورٹ پولیس کے حوالے کی جائے گی، ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر شجیع، ڈاکٹر عاطف میڈیکل بورڈ کا حصہ ہیں۔

    شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ آج سیشن عدالت کے ڈیوٹی مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان نے طلب کر رکھی ہے، اڈیالہ جیل سے واپس آنے کے بعد تفتیشی افسر کو ملزم شہباز گل کا جلد میڈیکل کروانے کا حکم دیا گیا تھا، تفتیشی افسر میڈیکل رپورٹ آج صبح عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔

    گزشتہ رات ڈاکٹرز کی تجویز پر شہباز گل کی ای سی جی ٹیسٹ کیا گیا تھا، اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کی ای سی جی مکمل طور پر نارمل نہیں ہے، شہباز گل کو طویل عرصہ سے سانس کا عارضہ لاحق ہے۔

  • شہباز گل کی پیشی کے دوران صحافیوں کی عدالت داخلے پر پابندی معمہ بن گئی

    شہباز گل کی پیشی کے دوران صحافیوں کی عدالت داخلے پر پابندی معمہ بن گئی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی پیشی کے دوران صحافیوں کی عدالت داخلے پر پابندی معمہ بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس میں شہباز گل کی پیشی کے دوران پولیس نے عدالت کے نام پر صحافیوں کو اندر داخل ہونے سے روک دیا تھا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے یہ معاملہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اٹھا دیا، مختلف چینلز سے تعلق رکھنے والے کورٹ رپورٹرز عدالت کے سامنے پیش ہو گئے۔

    نشریات کی بندش کے باعث اے آر وائی نیوز کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے کہا ہماری طرف سے میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، اوپن کورٹ میں بھی ملزم کے وکیل کو کہا ہم نے کوئی پابندی نہیں لگائی۔

    صدر ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن ثاقب بشیر نے کہا میں سیشن جج کے آفس سے ہو کر آیا ہوں، انھوں نے بھی کہا ہے کہ ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی، لیکن پولیس نے آپ کا نام استعمال کر کے صحافیوں کو عدالت داخلے سے روکا، اس لیے استدعا ہے کہ آئندہ سماعت کے لیے ضروری آرڈر کر دیں تاکہ پھر ہمیں نہ روکا جائے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا ہماری طرف سے نہ پہلے پابندی لگائی گئی نہ آگے ہوگی۔

    خیال رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں آج بدھ کو شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے شہباز گل کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انھیں پولیس کے حوالے کر دیا۔

    اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہباز گِل کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جب کہ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔

    شہباز گل کی عدالت میں پیشی، جسمانی ریمانڈ منظور

    پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ شہباز گل سے ان کا موبائل فون برآمد ہوا اور جس پیپر سے دیکھ کر وہ بول رہے تھے، وہ برآمد کرنا ہے اور اس بارے میں تفتیش کرنی ہے کہ پروگرام کس کے کہنے پر ہوا۔

    واضح رہے کہ شہباز گل پر تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف مبینہ غداری سمیت سنگین نوعیت کے 10 مقدمات درج ہیں۔

  • شہباز گل کی عدالت میں پیشی، جسمانی ریمانڈ منظور

    شہباز گل کی عدالت میں پیشی، جسمانی ریمانڈ منظور

     اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بغاوت کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں شہبازگل کیخلاف بغاوت پر اکسانےسے متعلق کیس کی سماعت ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کی۔

    گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔

    سماعت کے آغاز پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہباز گِل کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جبکہ شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔

    پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز گل سے انکا موبائل فون برآمد اور جس پیپر سے دیکھ کر وہ بول رہے تھے، وہ برآمد کرنا ہے اور اس بارے میں تفتیش کرنی ہے کہ پروگرام کس کے کہنے پر ہوا؟

    شہباز گل کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پروگرام کسی کے کہنے پر نہیں کیا گیا۔

    عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں دو روز کے لئے پولیس کے حوالے کردیا۔

    شہباز گل پر تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف مبینہ غداری سمیت سنگین نوعیت کے دس مقدمات درج ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: شہباز گل کی گرفتاری، پی ٹی آئی کا ایف آئی اے سے رجوع کرنیکا فیصلہ

    عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ منظور ہونے کے بعد پولیس پی ٹی آئی رہنما کو عدالت سے لیکر روانہ ہوگئی۔

    شہباز گل کی گرفتاری پر چیئرمین عمران خان نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے
    ہوئے اسے بدترین آمریت قرار دیا تھا اور رہنماؤں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

  • شہباز گل کی گرفتاری: پی ٹی آئی نے عدلیہ سے حکومتی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا

    شہباز گل کی گرفتاری: پی ٹی آئی نے عدلیہ سے حکومتی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا

    لاہور: شہباز گل کی گرفتاری پر ردِ عمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے عدلیہ سے حکومتی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ نے شہباز گل کی گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عدلیہ فوری طور پر حکومت کے ایسے اقدامات کا نوٹس لے۔

    انھوں نے کہا کہ ملک کے اندر سیاسی اور معاشی عدم استحکام ہے، فاشسٹ اقدامات کر کے ملک میں بےیقینی کی صورت حال پیدا کی جاتی ہے، لیکن ہماری کوشش ہے کہ ہماری طرف سے کوئی ایسا عمل نہ ہو جس سے حالات خراب ہوں۔

    نشریات کی بندش: اے آر وائی کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    عمر سرفراز نے کہا ہم سیاسی جماعت ہیں کوئی فاشسٹ مافیا نہیں، ہمارے خلاف ایسے اقدامات جاری رہے تو حالات کی ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی، جمہوریت کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار بھی پی ڈی ایم جماعتیں ہوں گی۔

    انھوں نے کہا بتایا جا رہا ہے کہ شہباز گل کو بیانات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، لیکن شہباز گل کو جس طرح گرفتار کیا گیا ایسے تو کوئی دہشت گرد بھی گرفتار نہیں ہوتا، شہباز گل کی گاڑی کے شیشے توڑے گئے۔

    شہبازگل کو بنی گالہ جاتے ہوئے پولیس نے گرفتار کرلیا

    سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ 25 مئی کو بھی پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر فاشسٹ اقدامات کیے گئے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عدلیہ فوری طور پر حکومت کے ایسے اقدامات کا نوٹس لے۔