Tag: Shahbaz Sharif

  • شہبازشریف خادم اعلیٰ نہیں بلکہ بزدل اعلیٰ ہیں، فیاض چوہان

    شہبازشریف خادم اعلیٰ نہیں بلکہ بزدل اعلیٰ ہیں، فیاض چوہان

    لاہور : وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا کہ شہبازشریف خادم اعلیٰ نہیں بلکہ بزدل اعلیٰ ہیں، جب سے پاکستان آئے ہیں ایک کمرے میں قید ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں نہ جانے کا معاملے پر پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا ردعمل بھی سامنے آگیا، ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے ثابت کردیا کہ وہ خادم اعلیٰ نہیں بلکہ بزدل اعلیٰ ہیں۔

    یہ بات وزیراطلاعات پنجاب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کورونا وائرس سے لڑنے کا نعرہ لگا کر برطانیہ سے واپس پاکستان آئے، اب عالم یہ ہے جس دن سے وہ پاکستان آئے ہیں ایک کمرے میں قید ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے زیادہ بزدل شخص میں نے آج تک نہیں دیکھا، شہبازشریف میں اپنے کمرے سے باہر نکلنے کی جرات بھی نہیں، بزدل اعلیٰ اپنے اندر جرات پیدا کریں اور کورونا کےخلاف میدان عمل میں آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی لندن سے واپسی کا ملک و قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، شہبازشریف میں اپنے کمرے سے باہر نکلنے کی جرات بھی نہیں۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ بزدلی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اپوزیشن کے اجلاس کا مطالبہ تھا اپوزیشن لیڈر نے ہی چھٹی لے لی، کسی بزدل شخص کو حکمرانی یا کسی سیاسی جماعت کی قیاد ت کا کوئی حق نہیں، شہباز شریف نے ثابت کردیا وہ خادم اعلیٰ نہیں بزدل اعلیٰ ہیں۔

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، شہباز شریف ایک بار پھر نیب کو مطمئن کرنے میں ناکام

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس ، شہباز شریف ایک بار پھر نیب کو مطمئن کرنے میں ناکام

    لاہور : آمدن سے زائداثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نیب کو مطمئن نہ کرسکے ، جس کے بعد شہباز شریف کو دو جون کو ریکارڈ سمیت دوبارہ طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈرشہبازشریف آمدن سےزائداثاثہ جات کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے دفتر میں پیش ہوئے اور دو گھنٹے تک نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے تندو تیز سوالوں کا سامنا کیا۔

    نیب ٹیم نے سوال کیا کہ آپ کے اکاونٹ سے بیرون ممالک پانچ مشکوک ٹرانزکشن ہوئیں آپ نے بیوی بچوں کو کتنی مالیت کے تحائف دیئے ، پارٹی فنڈ کی رقم آپکے اکاونٹ میں منتقل ہوئی ، جس پر شہباز شریف جواب نہ سکے۔

    نیب ٹیم نے تفتیش کے دوران یہ بھی پوچھا کہ رہائش گاہ کتنے عرصہ تک کیمپ افس رہی، جس پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ خادم اعلی تھے اور عوام کے لیے انہوں نے یہ اقدام اٹھایا۔

    نیب حکام شہباز شریف کے جواب سے مطمئن نہیں ہوئے اور انہیں دو جون کو دوپہر 12 بجے ریکارڈ سمیت دوبارہ طلب کرلیا۔

    خیال رہے نیب نے شہبازشریف کو اس کیس میں تیسری بارطلب کیاگیا تھا اور مطلوبہ دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی تھی، شہباز شریف دونوں مرتبہ ملک میں ہونے کے باوجود پیش نہیں ہوئے تھے ، انھوں نے اپنے نمائندے کے ذریعے نیب کو مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی تھیں۔

    نیب اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ نیب شہبازشریف کیجانب سے بھیجے گئے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی، قانون کے مطابق ملزم خود پیش ہوں، مطلوبہ معلومات فراہم کریں، اس سے قبل نیب نے شہباز شریف کو17اور22 اپریل کوطلب کیاتھا۔

    عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈرشہبازشریف آج نیب میں پیش ہوں گے اور نیب سوالات کےجوابات دیں گے۔

    شہباز شریف کی نیب دفترطلبی کے موقع پر سیکیورٹی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، نیب دفترکےباہرپولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ راستے رکاوٹیں لگا کربند کر دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ 22 اپریل کو طلبی پر قومی احتساب بیورو نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تنبیہی پیغام جاری کر کے کہا تھا کہ اگر انھوں نے تعاون نہیں کیا تو ان کے خلاف نیب قانونی راستہ اپنائے گا۔

    اس سے قبل 17 اپریل کو بھی انھیں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ کرونا وائرس کا عذر کر کے پیش نہیں ہوئے، نیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر مکمل حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد،  شہبازشریف کا حکومت سے بڑا مطالبہ

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد، شہبازشریف کا حکومت سے بڑا مطالبہ

    لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی مسترد کردی اور مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرول اورڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لیٹرکرے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے حکومت کی پٹرول،ڈیزل کی قیمت میں کمی ناکافی قرار دے دی اور کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کاپورافائدہ عوام کومنتقل نہیں کیاجارہا، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی پرپاکستان نےتیل نہیں خریدا، تیل نہ خریدنےکاخمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

    شہبازشریف نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرول اورڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لیٹرکرے، عالمی منڈی سےانتہائی کم قیمت پرتیل نہ خریدناحکومت کی غفلت ہے، عالمی منڈی سےکم قیمت تیل خریدکرعوام کوریلیف دینا چاہیئے تھا۔

    صدرمسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت پھرموقع اوروقت ضائع کررہی ہے، بجلی وگیس کی قیمتوں میں 50فیصد یاکم ازکم ایک تہائی کمی کی جائے، بجلی وگیس قیمتوں میں کمی سےعوام کومشکلات میں ریلیف دیاجائے، پٹرول وڈیزل50روپےفی لیٹرکرنےسےبھی حکومت کو نقصان نہیں۔

    یاد رہے حکومت کی جانب سے مئی کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں15 روپےکمی کا اعلان کیا، جس کے بعد نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈڈیزل میں 27روپے 15 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا جس کے بعد فی لیٹر قیمت 80روپے 10 پیسے تک پہنچ گئی۔

    اعلان کے مطابق مٹی کا تیل 30روپےسستا ہوگیا جس کے بعد نئی قیمت 47روپے44پیسےہوگئی، اسی طرح لائٹ ڈیزل 15 روپےسستاہوکر 47 روپے 51 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔

  • نیب کی شہباز شریف کو وارننگ

    نیب کی شہباز شریف کو وارننگ

    لاہور : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے شہباز شریف کو وارننگ جاری کردی اور کہا اگر وہ 22 اپریل کو پیش نہ ہوئے تو قانون اپنا راستہ اپنائے گا،اپوزیشن لیڈر کو آمدن سے زائداثاثوں اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کررکھا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو پیشی کے نوٹس کے بعد تنبیہ کا بیان بھی جاری کردیا، گزشتہ روز شہباز شریف  کو 22اپریل کو پیش ہونے کیلئے نوٹس بھجوایا تھا۔

    نیب کا کہنا ہے کہ کہ 22 اپریل کوشہباز شریف پیش نہ ہوئے توقانون اپنا راستہ اپنائےگا ، شہبازشریف کو نوٹس آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں بھجوایا گیا ، کوروناوائرس سےبچاؤ کیلئے نیب میں تمام حفاظتی انتظامات ہیں۔

    شہباز شریف کی طلبی کے حوالے سے نیب نے اعلامیہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ شہباز شریف کو امدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 17اپریل کو طلب کیا تھا، شہباز شریف کرونا وبا کا عزر پیش کر کے نیب میں پیش نہیں ہوئے، نیب نے انہیں 22 اپریل کو بارہ بجے دوبارہ طلب کیا ہے، شہباز شریف کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ پیشی کے موقع پر مکمل خفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے۔

    نیب لاہور نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات میں پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا ہے، اثاثہ جات انکوائری حتمی مراحل میں ہے ، شہباز شریف سے انکوائری کرنا ضروری ہے، شہباز شریف 17 اپریل کو پیش نہیں ہوئے انہیں 22 اپریل کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

    شہباز شریف کی پیشی پر سماجی فاصلوں سے متعلق جاری ہدایت پر عمل کیا جا رہا ہے،ادارے کے ساتھ عدم تعاون کی صورت پر نیب قانونی راستہ اپنانے پر حق بجانب ہوگا۔

  • شہباز شریف  ایک بار پھر نیب کے ریڈار پر آگئے

    شہباز شریف ایک بار پھر نیب کے ریڈار پر آگئے

    لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب) نے منی لانڈرنگ کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز کو کل طلب کرلیا ہے اور وارثت میں موصول ہونے والی جائیداد کی تفصیلات لانے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز ایک بار پھر نیب کے ریڈار پر آگئے ، نیب نے شہباز شریف کو کل دوپہر دوبجے طلب کر لیا اور نوٹس جاری کردیا۔

    نیب نوٹس کے مطابق شہباز شریف سے وارثت میں موصول ہونے والی جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئی ہے اور کہا گیا 1998 سے 2018کے دوران آپ کی فیملی کے اثاثے 367ملین سے بڑھ کر 549بلین ہوئے، آپ پبلک افس ہولڈر ہونے کی حیثیت سے ان اثاثوں میں اضافے کی وضاحت دیں۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ آپ کے بیرون ملک کون کون سے اثاثے اور بینک اکاونٹس ہیں تفصیلات فراہم کیں جائیں،2005سے 2007کے دوران بارکلے بینک سے لیا جانے والے قرض کی تفصیلات اور فیملی کو دیے جانے والے اور موصول ہونے والے تمام تخائف کی تفصیلات فراہم کیں جائیں۔

    نیب کا کہنا ہے کہ 2008 سے 2019کے دوران زرعی امدنی کی تفصیلات فراہم کیں جائیں اور سوال کیا ماڈل ٹاون 96ایچ کتنے سال تک وزیر اعلی کیمپ ہاوس رہا۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے نیب میں پیشی سےمتعلق لیگل ٹیم سےمشاورت شروع کر دی ہے، نیب نوٹسز اور پیشی سے متعلق قانونی پہلوؤں پرغورکیاجارہاہے، شہبازشریف کل نیب آفس پیش ہوں گےیانہیں مشاورت کے بعد فیصلہ ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے کل پیشی سےمتعلق آپشنزپرقانونی ماہرین سےرائےطلب کی ہے تاہم کوروناخدشات کےباعث شہباز شریف کا پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔

  • شہبازشریف کا زہریلا پروپیگنڈا کورونا سے زیادہ خطرناک ہے، فیاض چوہان

    شہبازشریف کا زہریلا پروپیگنڈا کورونا سے زیادہ خطرناک ہے، فیاض چوہان

    لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہبازشریف پنجاب حکومت پر ایسے تنقید کررہے ہیں جیسے ایک لاکھ وینٹی لیٹرز،10لاکھ حفاظتی کٹس چھوڑ کر گئے تھے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کی حکومت نے شہباز شریف کو وطن واپسی پر خوش آمدید کہا تھا۔

    امید تھی کہ شہباز شریف کورونا وائرس کیخلاف حکومت کے شانہ بشانہ جدوجہد کرینگے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہے شہباز شریف نے عوام کی خدمت کے بجائے گلی محلے کی سیاست شروع کر دی۔

    فیاض چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کا زہریلا پروپیگنڈا کورونا وائرس سے زیادہ خطرناک ہے، وہ ملک کو درپیش برے وقت میں نیلسن منڈیلا بنیں، گوالمنڈیلا نہیں۔

    فیاض الحسن نے کہا کہ لگتا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں ہر صوبے کے ہر ضلع میں یورپ،اور امریکا طرز کے اسپتال چھوڑے تھے، ایسے تنقید کررہے ہیں جیسے1لاکھ وینٹی لیٹرز،10لاکھ حفاظتی کٹس چھوڑ کر گئے تھے۔

    تمام ادارے بشمول فوج آرٹیکل245کے تحت کورونا کیخلاف برسرپیکار ہیں، شہباز شریف اداروں پر کورونا سے متعلق اعداد وشمار چھپانے کا الزام لگارہے ہیں، شہباز شریف سے گزارش ہے کہ اس کڑے وقت میں مثبت کردار ادا کریں۔

  • کروناوائرس: شہباز شریف نے ملک میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا

    کروناوائرس: شہباز شریف نے ملک میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کروناوائرس کے پیش نظر ملک میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کرونا سے بڑھتے خطرات پر لاک ڈاؤن کیا جائے، حکومت فوری لاک ڈاؤن کی تیاریاں کرے۔

    انہوں نے کہا کہ خوراک کی فراہمی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جائے، چین کی طرز پر پاکستان میں لاک ڈاؤن کے لیے انتظامات کیےجائیں، تاخیر کی صورت بھیانک انسانی المیہ ناقابل قبول ہوگا۔

    قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی معیدیوسف کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ابھی تک لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، خدارا افواہیں نہ پھیلائیں، لاک ڈاؤن جیسی افواہوں پر مبنی خبروں سے صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔

    ‘ابھی تک لاک ڈاؤن کاکوئی فیصلہ نہیں ہوا،خداراافواہیں نہ پھیلائیں’

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی گئی، کروناوائرس سے نمٹنے کے لیے مرکزی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے، کمیٹی کرونا وائرس کی صورتحال پر نظر رکھے گی۔

    خیال رہے کہ ملک میں مہلک وائرس کے مریضوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • حکومت سے کرونا وائرس کے پیش نظر ملک میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ

    حکومت سے کرونا وائرس کے پیش نظر ملک میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ

    لندن : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کرونا وائرس کے پیش نظر ملک میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کروناوائرس کوعالمی وباقرار دینے کے بعدحکومت سنجیدگی دکھائے ، مجرمانہ غفلت اور تاخیر کے بھیانک نتائج ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کروناوائرس کے پیش نظر ملک میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ کردیا اور کہا کروناوائرس کوعالمی وباقرار دینے کے بعدحکومت سنجیدگی دکھائے اور اقدامات، انتظامات ، احتیاط وآگاہی پرمبنی حکمت عملی بنائی جائے۔

    ،شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کےتحفظات اور تشویش پر اقدامات کئے جائیں ، ذاتی سیاسی انتقام کوصحت امور میں لاناوزیراعظم کے منصب کی خلاف ورزی ہے۔

    عمران خان نے کرونا کی عالمی وباپرایک اجلاس تک بلانےکی زحمت نہیں کی ، ہوائی اڈے،بندرگاہوں، داخلی راستوں پر وفاق کا کنٹرو ل ہے، ملک میں اسکریننگ ٹھیک ہوتی تو بعد میں مریض سامنے نہ آتے ۔

    پوری دنیا کے سربراہان، وزرائےاعظم اعلیٰ سطح پرمتحرک ہیں، یہ قوم کی زندگی کا مسئلہ ہے، مجرمانہ رویہ رہا تو سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے ، ضروری فیصلے کرنے میں مجرمانہ غفلت اور تاخیر کے بھیانک نتائج ہوسکتے ہیں۔

    یاد رہے عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کرونا وائرس کو وبا قرار دے دیا ہے اور کہا اس سے پہلے کرونا کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر وبا نہیں دیکھی۔

  • شہباز شریف نہیں آتے تو نئے اپوزیشن لیڈر کیلئے پراسس کا آغاز کیا جائے، فواد چوہدری

    شہباز شریف نہیں آتے تو نئے اپوزیشن لیڈر کیلئے پراسس کا آغاز کیا جائے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نواز شریف کو واپس لانے کی گارنٹی دے کر خود ہی غائب ہیں، اگر وہ نہیں آتے تو نئے اپوزیشن لیڈر کیلئے پراسس کا آغاز کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا اسپیکر کو خط لکھاہےاپوازیشن لیڈرطویل عرصےسےایوان نہیں آئے، چیئرمین پی اےسی کا عہدہ وہ پہلے ہی چھوڑ چکے ہیں، قانون سازی میں اپوزیشن  لیڈر کا اہم کردار ہوتاہے، شہبازشریف خصوصی مراعات بھی لےرہے ہیں، ان کی غیر موجودگی اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔


    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سےاسمبلی میں واپسی کی حتمی تاریخ پوچھی جائے، اگر وہ نہیں آتےتونئےاپوزیشن لیڈرکیلئےپراسس کاآغازکیاجائے، قائدحزب اختلاف کا عہدہ لمباعرصہ خالی نہیں رکھا جا سکتا، شہباز شریف نواز شریف کو واپس لانےکی گارنٹی دیکر خود غائب ہیں۔

    خیال رہے  اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پاکستان واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے ،  آئندہ چند روز میں ان کے وطن پہنچنے کا امکان ہے۔

    شہبازشریف لندن میں نوازشریف کی ناسازی طبیعت کے باعث کے ان ہمراہ موجود ہیں، لندن میں ان کی موجودگی کو 2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

  • دعا ہے کہ مریم کو بھی والد کی تیمارداری کیلئے آنے کی اجازت مل جائے، شہبازشریف

    دعا ہے کہ مریم کو بھی والد کی تیمارداری کیلئے آنے کی اجازت مل جائے، شہبازشریف

    لندن : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ دعا ہے کہ مریم نواز کو بھی اپنے والد کی تیمارداری کیلئے آنے کی اجازت مل جائے، والدہ بیماری کے باوجود یہاں آئی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ لاہورہائی کورٹ میں مریم نواز کا کیس لگا ہوا ہے، دعا ہے مریم کو بھی والد کی تیمارداری کیلئے آنے کی اجازت ملے، ہماری والدہ بیماری کے باوجود بھائی کی عیادت کیلئے یہاں آئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی مشاورت سے بینکوں کا ایک ایک روپیہ ادا کیا ہے، ماڈل ٹاؤن میں غیرقانونی چھاپے مارے جارہے ہیں، حکمران مشرف کا دور دہرا رہے ہیں، یہ لوگ اربوں روپے عوام کی جیب سے نکال چکے، ان کا اپنا منصوبہ بی آر ٹی کرپشن کی آماجگاہ بن چکاہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے حلال کی روزی سے گھر خریدا ،انہوں نے اس پر یلغار کی، ہمارے حوصلے پاکستان کے ساتھ ہیں، بےروزگاری اور غربت کے خاتمے کیلئے شریف فیملی کھڑی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے مولانا فضل الرحمان پر بغاوت کے مقدمے کی باتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے خلاف بغاوت کامقدمہ کس بات پر بنایا جارہا ہے؟

    مولانا نے نہیں بلکہ موجودہ حکمرانوں نے کہا تھا کہ ایوان میں سب چور ہیں، مولانا نے سول نافرمانی یا ٹیکس نہ دینے کی بات نہیں کی، مولانا نے کبھی پارلیمنٹ پر حملے کی دھمکی نہیں دی، بغاوت کا مقدمہ کس پر ہونا چاہئے، عام آدمی اچھی طرح سمجھتا ہے۔

    شہباز شریف نے بتایا کہ نوازشریف سے مشاورت کے ساتھ بینکوں کو پونے 6 ارب روپے ادا کئے، دوبارہ اقتدار ملا تو کبھی قرضہ معاف نہیں کروایا، مشرف دور میں بھی گھر، دفتر اور فیکٹریاں بند کی گئیں، موقع ملا تو ملک میں خوشحالی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے، نواز شریف نے5 ہزار میگا واٹ گیس سے چلنے والے پلانٹ لگائے یہ لوگ آج وہی گیس کے پلانٹ بیچنا چاہتے ہیں۔