Tag: Shahbaz Sharif

  • وزیر اعظم شہباز شریف کی تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

    وزیر اعظم شہباز شریف کی تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

    تہران: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے تہران میں تعزیتی تقریب میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے تعزیتی دورے پر تہران میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان، آذربائیجان، قطر اور ترکیہ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

    تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالےسے بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے وزیر اعظم علی اسدوو کی بھی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے باکو میں ہونے والی 29 ویں اقوام متحدہ کانفرنس کی کامیابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    شہباز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات اور باہمی دل چسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم کی ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز اور ترکیہ کے وزیر خارجہ کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دو طرفہ اور باہمی دل چسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی، وزیر اعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔

  • ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے وزیر اعظم آج ایران جائیں گے

    ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے وزیر اعظم آج ایران جائیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف آج ایران کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں افسوس ناک انتقال پر تعزیت کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف آج ایران جائیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اور کابینہ کے دیگر سینئر وزرا بھی ایران جائیں گے، دورے کے دوران وزیر اعظم ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کریں گے۔

    وزیر اعظم ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے بھی ملاقات کریں گے، اور پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے ایران سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔

  • وزیر اعظم نے گندم خریدنے کی منظوری دے دی، کمیٹی قائم

    وزیر اعظم نے گندم خریدنے کی منظوری دے دی، کمیٹی قائم

    لاہور : وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں گندم کی خریداری اور کسانوں کو بار دانے کے حصول میں دشواری کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے گندم کی خریداری پر پیش رفت اور بار دانے کے حصول میں کسانوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس سے خطاب کیا۔

    اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اس موقع پر شرکاء کو گندم کی خریداری کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    لاہور میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے دریافت کیا کہ گندم خریداری کیلئے کسانوں کو باردانے کے حصول میں مشکلات کیوں درپیش ہیں؟

    وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے رواں سال گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے، کسانوں کو ان کی محنت کا معاوضہ بروقت پہنچائیں گے اور ان کی محنت کو کسی کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ کسانوں کے معاشی تحفظ پر سمجھوتہ قبول نہیں،افسران گندم کی خریداری کی موقع پرجا کرخود نگرانی کریں۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاسکو کےتحت1.8ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے جارہی ہے، وزیر اعظم نے تحفظات دورکرنے کیلئے وزارت قومی غذائی تحفظ کی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی 4روز میں کسانوں کے تحفظات دورکرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔

  • سرحد پار سے دہشت گردی برداشت نہیں کرسکتے: وزیراعظم

    سرحد پار سے دہشت گردی برداشت نہیں کرسکتے: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرحد پار سے دہشت گردی برداشت نہیں کرسکتے، ہماری سرحدیں دہشت گردی کیخلاف ریڈ لائن ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ماضی میں عظیم قربانیوں کے نتیجے میں دہشتگردی کا مکمل صفایا کردیا گیا تھا اور تقریباً 80 ہزار پاکستانیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا اس میں افواج پاکستان اور پولیس کے افسر سپاہی،بچوں نے قربانیاں دی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان میں دہشتگردی سر اٹھارہی ہے، بے پناہ وسائل خرچ کرنے کے بعد دہشتگردی کا واپس آنا کسی المیے سے کم نہیں ہے، سرحد پار سے دہشتگردی کو اب مزید برداشت نہیں کرسکتے، پاکستان کی سرحدیں دہشت گردی کیخلاف ریڈلائن ہیں، ہم ہمسایہ برادر ممالک کیساتھ امن کے ماحول میں رہنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ہمسایہ برادر ممالک سے ٹریڈ، تجارت بڑھانا چاہتے ہیں، ہمسایہ ملک کی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال ہوگی تو یہ ہر گز برداشت نہیں، برادرممالک آئیں بیٹھیں ملکر دہشت گردی کیخلاف لائحہ عمل تیار کریں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سنجیدگی سے کام کرینگے تو اس سے بہتر کوئی قدم نہیں ہوگا امید ہے ہمسایہ ممالک کے ارباب اختیار میری مخلصانہ تجویز پر غور کریں گے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہمیں آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کی ضرورت ہے قرض ملک کیلئے انتہائی نقصان دہ ہیں، معیشت پاؤں پر کھڑی کر کے ملک کو قرض سے نجات دلائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کم سے کم قرض لیں اور آہستہ آہستہ قرض سےجان چھڑا لیں گے، ایس آئی ایف سی کے ذریعے ہم نے کافی کام کیا تھا، اب ہم نئے مینڈیٹ کے ساتھ ان منصوبوں پر کام کرینگے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے اگلے پروگرام کے لئے ان سے بات چیت شروع کرنی ہے، آئی ایم ایف چوری اور غبن کے پیسوں کو واپس لانے کی لاجک کو نہیں مان رہا، ماضی میں جو کچھ ہوا اس پر آئی ایم ایف ماننے کو تیار ہی نہیں ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ بھی ہمیں مجبوری کے تحت آئی ایم ایف سے ڈیل کرنا ہوگی، برادر اور دوست ممالک کے سفیروں سے ملاقات ہوئی ہے، میں نے عاجزی اور واضح انداز میں گزارش کی کہ اب آپ کیساتھ سرمایہ کاری کرینگے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2400 ارب  روپے کے محصولات یا تو ٹربیونل کے پاس ہیں یا عدالتوں میں مقدمات ہیں، میں نے وزیر قانون سے کہا ہے ان ٹربیونلز سے میٹنگ کرکے جلداز جلد فیصلہ کریں۔

    وزیراعظم نے اجلاس میں یہ بھی کہا کہ چیف جسٹس کی خدمت میں التجا ہے کہ وہ ہائیکورٹ کوہدایت فرما دیں کہ ہائیکورٹس کیسز پر جلداز جلد فیصلہ کریں تاکہ پتا چلے کونسے محصولات سرکار کے خزانے میں آنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی 100 فیصد ڈیجٹلائزیشن کا عمل شروع ہوجائے گا، قوم سے وعدہ ہے اس ذمہ داری کو نبھانے کیلئے دن رات محنت کرینگے، 2400 ارب محصولات کے سوا سالانہ مافیا اربوں، کھربوں کھائے جارہے ہیں، میری وزیر خزانہ، چیئرمین ایف بی آر سے گزارش ہے انکے خلاف فوری ایکشن لیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے شاہانہ اخراجات کم کرنے کیلئے کمیٹی بنا چکا ہوں، کئی محکمے ایسے ہیں جن کی ضرورت نہیں ہے،18 ویں ترمیم کے بعد کئی محکمے صوبوں کے پاس چلے گئے، اخراجات میں جہاں جہاں کمی لائی جاسکتی ہے لائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی رپورٹ آجائے گی اس پر فوری عملدر آمد کریں گے، جن کے بڑے بڑے کاروبار چلتے ہیں، ان کا ایف بی آر میں کوئی ریکارڈ نہیں، ہمیں ایلیٹ کلچر کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو ملکر اس ذمہ داری کو نبھانا ہوگا، وفاق اکیلا ان چیلنجز کو نہیں نبھا سکتا صوبوں کو ساتھ دینا ہوگا، پاکستان کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلانے پر سب نے ملکر کام کرنا ہوگا۔

  • اللہ نے موقع دیا تو مل کر پاکستان کو بنائیں گے، شہباز شریف

    اللہ نے موقع دیا تو مل کر پاکستان کو بنائیں گے، شہباز شریف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

    این اے 128 پر ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ ایسی حکومت آئے جو محبت و یگانگت، خیرسگالی جذبات کے پھول نچھاور کرے۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات بہت مناسب ہیں، عوام کے ہاتھ میں پاکستان کی تقدیر ہے، اللہ نے موقع دیا تو مل کر پاکستان کو بنائیں گے۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور بارہویں عام انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔

    ملک بھر کے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقے ہیں جن کیلئے ملک کی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں۔ 882 خواتین امیدوار، 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    آج 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جبکہ 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔

    الیکشن شفاف ہوں گے، ووٹرز آزادی سے ووٹ ڈالیں، چیف الیکشن کمشنر

    پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہو گا۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

    وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

    انقرہ: وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ترکیہ پہنچ گئے ہیں، انقرہ ایئرپورٹ پر پاکستان کے سفیر اور ترکیہ کے اعلیٰ سفارتی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

    وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

    وزیر اعظم ترکیہ میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ واضح رہے کہ رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری آج سہ پہر کو ہوگی۔

  • اعتماد کا ووٹ لینے کی باری اب شہباز شریف کی ہے، عمران خان

    اعتماد کا ووٹ لینے کی باری اب شہباز شریف کی ہے، عمران خان

    لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اعتماد کے ووٹ کا ٹیسٹ پاس کرلیا، اب شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینا ہوگا۔

    یہ بات انہوں نے ایک نجی نیوز چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے این آراو ٹو لینے کے علاوہ کچھ نہیں سوچا تھا، پی ڈی ایم کمزور ہے اس سے فیصلہ نہیں ہوسکتا۔

    پی ڈی ایم جماعتیں الیکشن سے ڈرتی ہیں

    انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں الیکشن سے ڈرتی ہیں، کہا جارہا تھا عمران خان نے دوبارہ اقتدار میں نہیں آنا، میں اپنی پنجاب کی حکومت میں ایف آئی آر نہیں کٹوا سکا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو مضبوط اور طاقتور حکومت کی ضرورت ہے، پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے ایک ہفتے میں کےپی اسمبلی تحلیل کریں گے، سندھ کے وزیر زرداری کے ہمراہ ہمارے ایم پی ایز خریدنے آئے تھے۔

    پنجاب کی سیاست پورے پاکستان کی سیاست پر اثرانداز ہوتی ہے، اسٹیبلشمنٹ جہاں ہوتی ہے پنجاب وہاں کھڑا ہوتا ہے، پنجاب کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ کیخلاف نہیں جاتا۔

    پنجاب اسمبلی تحلیل کرکے اصل قربانی ق لیگ نے دی

    ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرکے اصل قربانی ق لیگ نے دی ہے، ہم نے ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی درخواست کی ہے، پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا ق لیگ کے مفاد میں ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہم نے ساڑھے3سال بڑی مشکل سے حکومت کی، کبھی ایک جماعت نکل جاتی ہے تو کبھی دوسری جماعت شور مچاتی ہے، نوازشریف کبھی بھی وطن واپس نہیں آئے گا،

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں نمبرز پورے کرنے میں مونس الہیٰ نے بہت کام کیا، پنجاب کی سیاست پورے پاکستان کی سیاست پر اثر ڈالتی ہے، اس وقت پاکستان کو ایک مضبوط اور طاقتور حکومت کی ضرورت ہے۔

    اتنی ٹینشن دوں گا کہ شہباز شریف کو نیند کی گولیاں کھانا پڑیں گی

    شہبازشریف کو رشوت دے کر کام چلانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اتنی ٹینشن دوں گا کہ شہباز شریف کو نیند کی گولیاں کھانا پڑیں گی، پی ڈی ایم کمزور ہے اس سے فیصلہ نہیں ہوسکتا۔

    ایک سوال کے جواب میں نے قمرجاوید باجوہ کی مدت میں توسیع کا نہیں سوچا تھا، قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ توسیع نہ دی تو آگے چل کر میرے لیےمشکل ہوگا۔

    عمران خان نے بتایا کہ باجوہ نے کہا اگر ابھی توسیع نہ دی تو میرےخلاف سیاست شروع ہوجائے گی، قمرجاوید باجوہ کو توسیع دی اس کے6گواہ موجود ہیں، ان گواہوں میں4کا تعلق فوج سے ہے اور دو میرے اپنے لوگ ہیں۔

  • مجھے جلسوں سے پہلے تھریٹ لیٹر ملتے تھے، عمران خان

    مجھے جلسوں سے پہلے تھریٹ لیٹر ملتے تھے، عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جلسوں سے پہلے تھریٹ لیٹر ملتے تھے،  مجھے کہا گیا کہ جلسے نہ کریں آپ کی جان کو خطرہ ہے، میں سیاست کے لیے نہیں قوم کی حقیقی آزادی کے لیے نکلا ہوں، غلامی کی زندگی سے بہتر مرجانا ہے۔

    یہ بات انہوں نے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اس مارچ میں قوم کو بدلتے دیکھا ہے، تاریخی لانگ مارچ کرنے پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کبھی پہلے کسی پارٹی نے اس طرح کا مارچ نہیں نکالا۔

    چیئرمین عمران خان نے کہا  کہ شہباز شریف نے سینکڑوں لوگ پولیس مقابلوں میں مروائے، میرے نوکروں کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ہماری حکومت کوسازش کے ذریعے گرایا گیا، جب سازش ہوئی تب سے میں میدان میں ہوں، میں نے جو یہ چند ماہ میں دیکھا 26سال کی سیاست میں نہیں دیکھا۔

    عمران خان  نے کہا کہ بلاول زرداری ڈھونڈتا پھرے گا کہ اس کے باپ نے چوری کا پیسہ کہاں کہاں چھپا رکھا ہے، جب تک ملک کو حقیقی آزادی نہیں دلاتے ہم رکیں گے نہیں، ہماری قوم کے فیصلے کوئی اور نہ کرے۔

    انہوں نے کہا کہ میں پنڈی جانے کی تاریخ کا اعلان کروں گا مجھے معلوم ہے میری زندگی کو وہاں بھی خطرہ ہے لیکن جب تک ہم ملک کوحقیقی آزادی نہیں دلاتے ہم رکیں گے نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنا پیغام پورے ملک میں پہنچایا،7ماہ پہلے حقیقی آزادی کی تحریک شروع ہوئی، مارچ میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی، ایک جاگی ہوئی اورباشعور قوم جہدوجہد کررہی ہے،

    عمران خان نے کہا کہ تحریک کے دوران ہمارے لوگوں پر ظلم کیے گئے، ہمارے لوگوں نے تحریک کے دوران قربانیاں دیں، شہبازشریف نے کئی سو لگ مقابلوں میں مروائے، عابد باکسر نے ٹی وی پر کہا کہ میرے ذریعے لوگوں کو مروایا گیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان لوگوں نے25مئی کو جو کچھ کیا وہ کبھی نہیں بھولوں گا، کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، لوگوں کو جیلوں میں ڈالا، ایف آئی آر کی بارش ہوگئی، ہمارے لوگوں پر تشد دہوا، مقدمے بنائے گئے، ہمیں ڈرانے کے لیے خوف کا ماحول بنایا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے نوکروں کو خریدنے کی کوشش کی گئی، شہبازگل کو صرف ایک جملہ کہنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کو بند کردیا گیا، اعظم سواتی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے میرے لیے پیغام دیا گیا کہ ایسا بھی ہوگا۔

    عمران خان نے کہا کہ مجھ پرقاتلانہ حملہ کیا گیا جس کا مجھے پہلے سے ہی پتا تھا کہ تیاری ہورہی ہے، میں نے جلسوں میں بتایا کہ ان کا پلان کیا ہے۔

  • وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ‌ کی قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد

    وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ‌ کی قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صوبوں کے وزرائے اعلیٰ‌ نے قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بڑا لمحہ ہے، آپ سب کو بہت بہت مبارک ہو، پاکستان اور نیدرلینڈز نے بہترین کھیلا۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس بہترین رہی، کشمیریوں کو قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کی بے حد خوشی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو بنگلادیش کو شکست دینے پر مبارک باد دی، اور کہا کہ ان شااللہ اب پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، اور امید ہے قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ پاکستان کے نام کرے گی۔

    پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو شاباشی دی، لکھا قوم کی دعائیں ساتھ ہیں پاکستان ورلڈ کپ جیتے گا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے، ڈو اور ڈائی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 5 وکٹ سے شکست دے دی، ایڈیلیڈ میں بنگلادیشی ٹیم پہلے کھیل کر 8 وکٹ پر 127 رنز بنا سکی تھی، پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں محمد حارث نے 18 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، 4 وکٹیں لینے والے شاہین شاہ آفریدی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    پاکستان نے سب سے زیادہ چھٹی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، ٹی 20 ورلڈ کپ کی چاروں سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ بھی ہو گیا ہے، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔

  • عمران سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں، آرمی چیف تعیناتی پر مشاورت نہیں کروں گا: وزیر اعظم کی یوٹیوبرز سے گفتگو

    عمران سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں، آرمی چیف تعیناتی پر مشاورت نہیں کروں گا: وزیر اعظم کی یوٹیوبرز سے گفتگو

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ عمران نیازی سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر ان سے کوئی مشاورت نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک کے معروف یوٹیوبرز سے گفتگو کی، جس میں انھوں نے بتایا کہ ان تک ایک ماہ قبل عمران خان کا پیغام پہنچانے والے شخص ان (شہباز شریف) کے ایک جاننے والے بزنس مین ہیں، جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا بقول بزنس مین عمران خان دھمکیاں بھی دے رہے تھے اور ڈائیلاگ کی بات بھی کر رہے تھے، میں نے اس شخص سے پوچھا کن ایشوز پر بات کرنے آئے ہیں، اس نے کہا عمران نیازی ایک آرمی چیف کی تقرری اور دوسرا الیکشن کی تاریخ پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا میرا سوال ہے کہ جب عمران نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی تھیں تو کیا مجھ سے مشورہ کیا تھا؟ آرمی چیف کی تقرری کا اختیار آئین نے وزیر اعظم کو دیا ہے، میں نے کہا عمران نیازی کو پیغام دے دیں میں ڈائیلاگ کے لیے تیار ہوں، مگر جہاں تک آرمی چیف کی تقرری کی بات ہے اس پر مشاورت نہیں کروں گا، اللہ کرے پاکستان کے بہترین مفاد میں آرمی چیف تعینات کر سکوں۔

    وزیر اعظم نے کہا عمران نیازی اس ادارے کے خلاف زہر اگلتا ہے جس نے اسے پالا پوسا، اس ادارے نے تمام بیریئر ایک طرف کر دیے اور مکمل سپورٹ کی، اس ادارے نے اس شخص کو کہاں کہاں سے پیسے لا کر نہیں دیے، بیرون ملک سے بھی پیسے لے کر دیے، اگر اتنی یا اس کی 20 فی صد بھی سپورٹ ہمیں ملی ہوتی تو ملک راکٹ کی طرح اوپر جا رہا ہوتا۔

    انھوں نے کہا پی ٹی آئی والوں نے سوشل میڈیا پر فوج کی تضحیک کی، دشمن بھی اس طرح کی باتیں نہیں کرتا، کل بھارت نے پاکستان کا مذاق اڑایا کہ عمران نے تو ڈی جی آئی ایس آئی کا مذاق بنا دیا، آج ہندوستان عمران نیازی کے بیان پر بغلیں بجا رہا ہے، ڈی جی آئی ایس آئی نے مجھ سے اجازت لے کر پریس کانفرنس کی، وہ ان واقعات کا شاہد نہیں جو میں ہوں۔

    شہباز شریف نے کہا میں چین جا رہا ہوں تو یہ دوبارہ بدقسمتی سے دھرنوں اور لانگ مارچ پر اتر آئے ہیں، اس سے پہلے چین کے صدر نے پاکستان آنا تھا تو بھی اس نے دھرنا دیا تھا، چین کے سفیر نے درخواست کی تھی آپ 3 دن کے لیے اٹھ جائیں، لیکن انھوں نے کہا ہم نہیں اٹھیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا اب میں بھی سوشل میڈیا استعمال کرنے لگا ہوں، ہم سوشل میڈیا میں پیچھے ہیں، لیکن اس میں اب ہمیں تیزی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا ملک میں 6 ماہ سے چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں، سولر انرجی کے ذریعے ملک میں بجلی کا بحران ختم کریں گے، کسان کے لیے زرعی پیکج تیار ہے، ایک دو دن میں اعلان کریں گے، نوجوانوں کے لیے بھی پروگرام لا رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا پڑوسی ملک بھارت سے بات کرنے کے لیے تیار ہوں اگر وہ کشمیریوں پر مظالم بند کرے، بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے، یہ لڑائی جنگ کا زمانہ نہیں، بھارت سے کہتا ہوں آئیں میز پر بیٹھیں، سعودی عرب کو بھی مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کو کہا ہے۔