Tag: Shahbaz Sharif

  • پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں، شہباز شریف

    پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں، شہباز شریف

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوبائیڈن کو جواب دے دیا ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب ٹوئٹر پر اپنے تازہ پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ میں یہ بات واضح طور پر دہرانا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے ایٹمی اثاثے آئی سے ای اے کی شرائط پر پورا اترتے ہوئے اس کے معیار کے مطابق مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ایٹمی اثاثوں کیلیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کو انتہائی سنجیدگی سے اٹھاتے ہیں تاکہ کسی قسم کے شک کی گنجائش ہی نہ رہے۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں شہباز شریف نے امریکی صدر کے بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اسے سختی سے مسترد کردیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دہائیاں ثبوت ہیں پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے، جوہری پروگرام فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیرانتظام ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جوہری ہتھیاروں سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، پاکستان نے آئی اے ای اے سمیت عالمی معیارات کے پختہ عہد کو پورا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی امن کو خطرہ مروجہ اقدار کو پامال کرنے والی بعض ریاستوں، انتہا پسند قومیت پسندی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ دنیا کے امن کو اصل خطرہ جوہری ممالک کے درمیان اسلحہ کی دوڑ سے ہے، دنیا کے امن کو خطرہ ان ممالک سے ہے جہاں جوہری سلامتی پرحادثات ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کو خطرہ ان اتحادوں سے ہے جن کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہورہا ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستی اور باہمی مفاد پرمبنی تعاون کی تاریخ ہے۔

    دنیا مسائل سے دوچار ہے اس لیے غیرضروری بیانات سے پرہیز کیا جائے، علاقائی امن وسلامتی کے فروغ کیلئے امریکا کے ساتھ تعاون کی خواہش رکھتے ہیں۔

  • مخصوص لوگوں کے استعفے شہباز شریف کے کہنے پر منظور ہوئے، فرخ حبیب

    مخصوص لوگوں کے استعفے شہباز شریف کے کہنے پر منظور ہوئے، فرخ حبیب

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مخصوص ممبران کے استعفے شہباز شریف کے کہنے پر منظور ہوئے ثابت ہوگیا کہ اسپیکر نے استعفوں کی منظوری نہیں دی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس سے ثابت ہوچکا ہے کہ اسپیکر نے پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں کی منظوری نہیں دی۔

    انہوں نے کہا کہ لندن میں فیصلہ ہوا یا کہیں اور یہ ہمیں نہیں پتہ لیکن شہباز شریف نے فیصلہ کیا، شہباز شریف کی ہدایت پر ہی مخصوص لوگوں کے استعفے منظور کیے گئے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ قاسم سوری نے بطور قائم مقام اسپیکر تمام استعفے منظور کرلیے تھے،راجہ پرویز اشرف آئے تو انہوں مرضی کے استعفے منظور کرلیے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ 11استعفے پی ٹی آئی ارکان کے پیش ہوئے بغیر ہی منظور کیے تو باقی بھی کرتے جو استعفے منظور کیے گئے وہ کون سا اسپیکر کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ کیا طریقہ ہے11استعفے منظور کیے ان پر ضمنی الیکشن کرانے جارہے ہیں، ایسے ہی یہ مرحلہ وار استعفے منظور کروا کر ضمنی الیکشن کراتے رہیں گے۔

    فرخ حبیب نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں یہ بھرپور سرکاری مشینری استعمال کریں گے، آڈیو لیکس آنے کے بعد استعفوں پر امتیازی سلوک سامنے آچکا ہے۔

  • پی ٹی آئی کا شہباز شریف کی بڑے بھائی سے مشاورت پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا شہباز شریف کی بڑے بھائی سے مشاورت پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے لندن میں اپنے بڑے بھائی سے مشاورت پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت آج منگل کو پاکستان تحریک انصاف کی لیگل کمیٹی کا اہم ترین اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہباز شریف کی عدالتی اشتہاریوں سے ملاقات سمیت دیگر قانونی معاملات پر گفتگو کی گئی۔

    شہباز شریف نے لندن میں اشتہاری مجرموں نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی، پی ٹی آئی لیگل ٹیم نے ان ملاقاتوں کو وزیر اعظم کے حلف سے رو گردانی قرار دیا، لیگل ٹیم کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے مشاورت سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، قانونی چارہ جوئی کی جانی چاہیے۔

    اجلاس میں پی ٹی آئی کے کارکنان کو دھمکی آمیز کالز کا معاملہ بھی عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا، اور شہباز گل پر زیر حراست تشدد کے مقدمے کو بھی منطقی انجام تک پہنچانے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف کی لندن میں ملاقاتیں آئین و قانون سے انحراف ہے، نواز شریف اور اسحاق ڈار عدالتی اشتہاری ہیں، اشتہاریوں سے ملاقات اور ریاستی معاملات پر مشاورت قابل گرفت ہے۔

    انھوں ںے کہا کابینہ ارکان بھی اہم تعیناتی پر نواز شریف سے مشاورت کی نشان دہی کر رہے ہیں، تحریک انصاف اس ملاقات اور لوازم کو عدالت کے سامنے رکھے گی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کارکنان کو کالز کے ذریعے ہراساں کرنے کا مفصل ڈیٹا جمع کر رہے ہیں، اس پر بھی بھرپور قانونی کارروائی کریں گے۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت آئین و قانون سے انحراف کے واقعات پر فوری سماعت کرے گی، کیوں کہ حصول انصاف کے لیے قوم کی امیدیں عدالت عظمیٰ سے جڑی ہیں۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کر کے لندن سے نیویارک روانہ

    وزیر اعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کر کے لندن سے نیویارک روانہ

    لندن: وزیر اعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کر کے لندن سے نیویارک روانہ ہو گئے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چرچ ویسٹ منسٹر ایبے میں ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی میں وزیر اعظم پاکستان نے شرکت کی، انھوں نے برطانیہ دورے کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں بھی کیں۔

    رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ملاقات کی اور باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، یہ ملاقات برطانوی وزیر خارجہ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر ہوئی۔

    وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے دیگر رہنماؤں میں برطانیہ کی ڈپٹی وزیر اعظم، میئر لندن صادق خان، ہاؤس آف کامنز کے اسپیکر، لیبر پارٹی برطانیہ کے رہنما سر کیئرسٹارمر، روانڈا کے صدر، عمان کے وزیر خارجہ، ملائیشیا کے شاہ سلطان عبداللہ اور ترکی کے وزیر خارجہ شامل تھے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے کلیدی خطاب کریں گے، اور گلوبل فوڈ سیکیورٹی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے، اس دوران وہ مختلف ممالک کے رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    وزیر اعظم دورے کے دوران ممتاز امریکی اخبار اور ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے۔

  • شہباز شریف جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

    شہباز شریف جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

    لندن : وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے آج لندن سے امریکا پہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق 20ستمبرکو وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے، نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیراعظم کی دیگر ممالک کے رہنماوں سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔

    وزیراعظم آفس سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق 20ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئیل میخواں سے ملاقات ہوگی۔

    20ستمبر کو وزیراعظم کی آسٹریا کے چانسلر، اسپین کے صدر کے علاوہ یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقاتیں ہوں گی۔

    اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف ‘گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ’ میں بھی شرکت کریں گے، 21ستمبر کو وزیراعظم کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی، ورلڈ بینک کے صدر سے ملاقات ہوگی۔

    شیڈول کے مطابق ترکیہ کے صدر کے علاوہ ایران کے صدر سے بھی وزیراعظم کی دوطرفہ ملاقات ہوگی وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔

    21ستمبر کو وزیراعظم امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی طرف سے عشائیہ میں شرکت کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے اور فن لینڈ کے صدر سعالی نوسیتو سے بھی ملیں گے۔

    22ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ان کے دفتر میں ملیں گے۔

    اس دورے کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی چین اور جاپان کے وزرائے اعظم سمیت ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔

    وزیراعظم آفس سے جاری شدہ شیڈول کے مطابق 23ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، وزیراعظم کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات ہوگی۔

  • یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مشکور ہیں: وزیر اعظم پاکستان

    یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مشکور ہیں: وزیر اعظم پاکستان

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں انتونیو گوتریس کے قائدانہ کردار نے متاثر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے سیلاب متاثرین کی بے مثال معاونت پر مشکور ہیں، ان کا دورہ سیلاب سے جنم لینے والے انسانی المیے سے متعلق آگاہی کے لیے اہم ہے۔

    انھوں نے کہا سیکریٹری جنرل یو این کے ہمدردانہ اور قائدانہ کردار نے مجھے بے حد متاثر کیا، پاکستان کو اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔

    شہباز شریف نے لکھا کہ سیکریٹری جنرل یو این سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی سے دلی طور پر رنجیدہ ہوئے، انتونیو گوتریس متاثرین سیلاب کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔

    انھوں ںے مزید لکھا کہ متاثرہ علاقوں اور کیمپوں کے دورے کے دوران انتونیو گوتریس تباہی دیکھ کر شدید حیران اور پریشان ہوئے، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کے بارے میں انتونیو گوتریس نے جو کہا اس پر دنیا کو توجہ دینی چاہیے۔

  • یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    یوم آزادی: شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا

    اسلام آباد: پاکستان کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایم ہاؤس میں پودا لگایا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا ہمیں آئندہ نسلوں کے لیے شجر کاری کرنی ہے، عوام شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اور جنگلات کو محفوظ کریں۔

    سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران صرف اس موسم میں 30 کروڑ سے زائد پودے لگیں گے۔

    شیری رحمان کے مطابق موسم بہار کی مہم کے نتیجے میں 40 کروڑ کے قریب پودے لگائے جائیں گے، انھوں نے پیغام دیا کہ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر مل کر پاکستان کو سر سبز و شاداب بنانے کا عہد کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

  • قوم کو یوم آزادی مبارک، بہادر افواج سے مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے: وزیر اعظم

    قوم کو یوم آزادی مبارک، بہادر افواج سے مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی بہادر افواج کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے، آج ہم یوم آزادی منا رہے ہیں، میں دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم نے کہا مشاہیر پاکستان کی عظمت کو سلام جن کی وجہ سے آزاد وطن میسر آیا، یہ ملک آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے حاصل کیا گیا تھا، پاکستان ہمارے آبا و اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، بہادر افواج سے مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا میں پاکستان کی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتا ہوں، جب قومیں اجتماعی نصب العین طے کرتی ہیں تو پہاڑ اور سمندر بھی ان کا راستہ نہیں روک سکتے، ملکی حصول میں جدوجہد کرنے والی اقلیتوں کی جدوجہد کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    انھوں ںے کہا قیام پاکستان کا ایک مقصد مکمل ہو چکا، دوسرامقصد ہنوز جاری ہے، قیام پاکستان کا دوسرا مقصد ہم سب نے مل کر پورا کرنا ہے، دعا ہے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کو بھی جلد آزادی ملے۔

    31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز، ملک بھر میں آج 75 واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

    وزیر اعظم نے کہا نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے، کسی بھی قوم کے لیے اندرونی خلفشار، تقسیم، انتشار سے بڑھ کر کوئی چیز خطرناک نہیں، آزادی کی حفاظت کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہائیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا آج کا دن پاکستانی سول سوسائٹی کی خدمات کے اعتراف کا بھی دن ہے، عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، وطن عزیز ایک مقدس امانت اور مشن ہے۔

  • شہباز شریف کی جانب سے قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر کی وضاحت

    شہباز شریف کی جانب سے قومی اسمبلی میں کی گئی تقریر کی وضاحت

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقریر کی وضاحت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں وضاحت کی ہے کہ اس تقریر کا بنیادی مقصد یہ بتانا تھا کہ جمہوری نظام کو مؤثر طریقے سے چلنے دینا چاہیے، ورنہ ہم سب ایک دائرے ہی میں گھومتے رہیں گے۔

    شہباز شریف نے ٹویٹ میں لکھا: "قومی اسمبلی میں میری تقریر کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ جمہوری نظام ہموار ہو، اور مؤثر طریقے سے چلے۔”

    وزیر اعظم نے ایک بار پھر اپنے بیان سے جمہوری نظام میں عدلیہ کی مداخلت کا تاثر دیتے ہوئے لکھا کہ اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ تمام ریاستی ادارے آئین کے متعین دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے کام کریں۔

    شہباز شریف نے وضاحت کی کہ آئین نے جو دائرہ کار متعین کیا ہے، اداروں کو اس میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا، اور "اس  بات کو سمجھے بغیر ہم ایک دائرے میں گھومتے رہیں گے اور کہیں نہیں پہنچیں گے۔”

    اگر فیصلہ کرنا ہے تو حق کے ساتھ ہو امتیازی سلوک قبول نہیں، وزیراعظم

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت بلائے تو سب کو احترام سے جانا چاہیے، لیکن اگر فیصلہ کرنا ہے تو انصاف اور حق کی بنیاد پر کرنا ہوگا۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ میرے ساتھ کچھ، اور کسی اور کے ساتھ کچھ برتاؤ کریں، امتیازی سلوک قبول نہیں۔

  • شاہ محمود قریشی کا شہباز شریف کو مشورہ

    شاہ محمود قریشی کا شہباز شریف کو مشورہ

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی نے شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ فوری طورپر اسمبلی توڑ کر انتخابات کا اعلان کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا اقلیت کواکثریت میں بدلاگیا، 10ووٹوں کوغیرآئینی رولنگ سے مسترد کر دیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو ہٹ دھرمی پر قائم نہیں رہنا چاہیے، معیشت دن بدن بگڑتی جارہی ہے، پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، شہباز شریف کو فوری طور پر اسمبلی توڑ کر انتخابات کا اعلان کر دینا چاہیے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کو نکلنے کا ایک محفوظ راستہ دینا چاہ رہے ہیں، نوازشریف کہہ رہےہیں حکومت میں جانا اور حکومت بنانا حماقت تھی ، ایاز صادق نے بھی مجھے بتایا نوازشریف الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

    زرداری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت نظام درہم برہم کرنےکےذمےدارآصف زرداری ہیں، خودآصف زرداری دبئی جاکربیٹھ گئے ہیں ، یہ نیب کوغیرفعال کرنے اور اسے دفن کرنے کے لیے آئے ہیں، یہ اپنی کرپشن 1100ارب کےغبن کوہضم کرنے کے لیے آئے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گورنر کو سپریم کورٹ کی ہدایت تھی کہ رات کو ساڑھے 11 بجے حلف لے، میرے خیال میں گورنرپنجاب نے حلف نہ لے کر توہین عدالت کی ہے، عدالت کو بھی یہ متوقع تھا اس لیے انہوں نے متبادل دے رکھا تھا۔

    سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ یہ نظرثانی میں جائیں گے تو اسے بھی وہی بینچ سنے گا، میرے خیال میں حل انتخابات ہیں، ہم ڈائیلاگ سےانکارنہیں کررہے، چیئرمین عمران خان مذاکرات کےلیےکسی کونامزدبھی کرسکتےہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹونہ تین میں ہیں نہ تیرہ میں ہیں،وہ شو بوائے ہے، آج دوبجےبنی گالہ میں پی ٹی آئی کااجلاس ہے، ہم اپنے مفاد سے بڑھ کر ملک کے مفاد کو سوچ رہے ہیں اور ترجیح بھی دے رہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد رہے گا نہیں بکھر جائے ان میں کوئی مماثلت نہیں۔