Tag: Shahbaz Sharif

  • عدالتی فیصلے سے حصول انصاف کی توقعات کو دھچکا لگا: وزیر اعظم

    عدالتی فیصلے سے حصول انصاف کی توقعات کو دھچکا لگا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے حصول انصاف کی توقعات کو دھچکا لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم پاکستان نے عدالتی فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قانون دان برادری، سائلین، میڈیا اور عوام کی حصول انصاف کی توقعات کو دھچکا لگا ہے۔

    وزیر اعظم نے لکھا عدلیہ کی ساکھ کا تقاضا اور قرین انصاف یہی تھا کہ فل کورٹ تشکیل دیا جاتا، جس سے انصاف نہ صرف ہوتا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آتا۔

    ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ آئین نے ریاستی اختیار پارلیمنٹ، انتظامیہ اور عدلیہ کو تفویض کیے ہیں، آئین نے سب اداروں کو متعین حدود میں کام کرنے کا پابند کیا ہے، کوئی ادارہ کسی دوسرے کے اختیار میں مداخلت نہیں کر سکتا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالا دستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کالعدم قرار دے دی تھی، جس کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ نہیں رہے اور چوہدری پرویز الہٰی نئے وزیر اعلیٰ پنجاب قرار پائے۔

    ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار، پرویز الہٰی نئے وزیراعلیٰ‌ پنجاب ہوں‌گے

    سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف پرویز الہٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے اپنے حکم نامے میں کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، چوہدری پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں۔

    سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف پرویزالہٰی کی درخواستوں پر 3 روز تک سماعت جاری رہی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کی۔

  • شہباز شریف کی ملا حسن اخوند سے فون پر گفتگو، سرحد پر دو کراسنگ پوائنٹس کھول دیے گئے

    شہباز شریف کی ملا حسن اخوند سے فون پر گفتگو، سرحد پر دو کراسنگ پوائنٹس کھول دیے گئے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے افغانستان کے قائم مقام وزیر اعظم ملا حسن اخوند سے ٹیلیفونک گفتگو میں زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق میاں شہباز شریف اور ملا حسن اخوند کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی ہے، جس میں وزیر اعظم پاکستان نے انھیں آگاہ کیا کہ علاج اور آمد و رفت کے لیے پاک افغان سرحد پر غلام خان اور انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھول دیے گئے ہیں۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا، اور جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    شہباز شریف نے کہا پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، ہم نے علاج، آمد و رفت کے لیے غلام خان اور انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھول دیے ہیں، آنے والے دنوں میں مزید مدد جاری رکھیں گے۔

    افغانستان زلزلہ، جاں بحق افراد کی تعداد 950 تک جا پہنچی

    شہباز شریف نے افغان قائم مقام وزیر اعظم سے تعاون اور امدادی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، اور سنگین صورت حال کا سامنا کرنے والے افغان عوام کو مدد فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا، وزیر اعظم نے مؤثر بارڈر مینجمنٹ سے تجارت اور نقل و حرکت کے لیے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

  • شہباز شریف الزام تراشی بند کریں اور کارکردگی بہتر بنائیں، شوکت ترین

    شہباز شریف الزام تراشی بند کریں اور کارکردگی بہتر بنائیں، شوکت ترین

    اسلام آباد : سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ شہباز شریف الزام تراشی بند کریں اور کارکردگی بہتر بنائیں اور عام آدمی پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی ٹیم کو روس جانے دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشی سروے ان کی حکومت نے خود جاری کیا ہے ، سروے میں کہا گیا 2 سال میں جو ترقی ہوئی وہ 20 سال میں نہیں ہوئی۔

    شوکت ترین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے تازہ سروے ہماری مضبوط معاشی کارکردگی کی توثیق کرتا ہے، لہذا شہبازشریف ہم پر الزام تراشی بند کریں اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔

    سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں روزگار کے مواقع بھی ان کے دور سےزیادہ پیدا ہوئے ، یہ ملبہ ہم پر ڈال دیتے ہیں جبکہ ہم بھی تو مہنگائی کو مینج کررہے تھے، جب یہاں 149روپے فی لیٹر تھا تو بھارت اوربنگلادیش میں 250 روپے تک تھا۔

    سستے تیل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سستے تیل کیلئے عمران خان کی صدر پیوٹن سے بات ہوئی ، شہبازشریف کی حکومت ہے یہ اپنے لوگ روس بھیجتے ، اگر یہ روس جاتے تو پیٹرول کی قیمت میں55روپے کا فرق آتا۔

    بجٹ سے متعلق شوکت ترین نے کہا کہ شہبازشریف ٹیم نے بوگس بجٹ دیا جس کے نمبرز بھی میچ نہیں کرتے، میں اب بھی مشورہ دے  رہا ہوں کہ آپ اپنے بندے روس بھیجیں کیونکہ بھارت مسلسل ڈسکاؤنٹ لے رہا ہے اور بنگلا دیش بھی لے رہاہے۔

    سابق وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سوچ سمجھ کر خسارہ کم کرنے کی پلاننگ کی تھی ،جب سے یہ حکومت آئی ہے تب سے روپے کی قدر نیچے چلی گئی ہے، روپے کی قدرکم ہونےسے مہنگائی مزید بڑھے گی ، پچھلے ہفتے مہنگائی 24فیصد پر تھی۔

    انھوں نے کہا کہ لارج مینوفیکچرنگ منفی 30 فیصد پر جارہی ہے،اس میں ہمارا قصور نہیں بلکہ آپ کی تجربہ کار ٹیم کا قصور ہے۔

  • آئی ایم ایف، پی ٹی آئی ڈیل کی تفصیلات جلد سامنے لائیں گے: وزیر اعظم

    آئی ایم ایف، پی ٹی آئی ڈیل کی تفصیلات جلد سامنے لائیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف، پی ٹی آئی ڈیل کی تفصیلات جلد سامنے لائیں گے، اور عوام کو اس سلسلے میں اعتماد میں لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے تازہ ٹویٹس میں پاکستان تحریک انصاف اور آئی ایم ایف کے درمیان پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے سلسلے میں کیے جانے والے تباہ کن معاہدے کی تفصیلات سامنے لانے کا عندیہ دیا ہے۔

    انھوں نے لکھا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔

    حکومت نے عوام پر تیسرا پیٹرول بم گرادیا

    وزیر اعظم نے لکھا آئی ایم ایف معاہدے پر پی ٹی آئی حکومت نے دستخط کیے تھے، اس ڈیل کی تفصیلات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے، اور ان شاء اللہ ہم ان معاشی مشکلات سے نکل آئیں گے۔

    شہباز شریف نے مزید لکھا کہ میں حیران ہوں کہ جن لوگوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ اب تک کا بدترین معاہدہ کیا اور واضح طور پر برے معاشی فیصلے کیے، ان میں سچ کا سامنا کرنے کا ضمیر ہے یا نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈیل کرنے والے کیسے بے گناہ ہونے کا بہانہ کر سکتے ہیں جب کہ قوم جس کرب سے گزر رہی ہے وہ صاف ظاہر ہے۔

  • شہباز نے بجلی گھروں کے پیسے اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے، عمران اسماعیل کا دعویٰ

    شہباز نے بجلی گھروں کے پیسے اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے، عمران اسماعیل کا دعویٰ

    کراچی : سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ بجلی گھروں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ہے، شہباز نے بجلی گھروں کے پیسوں کو اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملک میں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ حکومتی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،شوباز حکومت کا عوام کو بجلی فراہم کرنے کا وعدہ وفا نہ ہوا،اناڑی وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کا شاٹ فال ساڑے چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچادیا۔

    سابق گورنر سندھ نے کہا کہ امپورٹڈ وزیراعظم کا لوڈ شیڈنگ پر نوٹس محض لطیفے کے کچھ نہیں، موجودہ حکومت سے وجوہات پوچھیں تو عجیب و غریب منطق پیش کرتے ہیں، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری، دیہاتی، صنعتیں، چھوٹے بڑے کارخانے شدید متاثر ہورہے ہیں۔

    حکومے پر تنقید کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ اتحادی حکومت نے بجلی کی قیمتوں پر 5 بار پیسے بڑھائے، امپورٹڈ سرکار نے پہلے 27 پاور پلانٹ بند ہونے کا الزام لگایا، پھر جادو کی چھڑی کا استعمال کرکے 27 پاور پلانٹ فعال کرنے کا دعویٰ کیا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ شہباز سچ بولیں لوڈ شیڈنگ کی وجہ بجلی گھروں کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث ہے، شہباز نے بجلی گھروں کے پیسوں کو اپنی شوبازی اشتہارات پر خرچ کردیے۔

    سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کئی صنعتیں حکومتی نااہلی کے باعث بند ہوچکی ہیں، ماضی میں بھی ن لیگ حکومت کی غلط حکمت عملی سے کئی سرمایہ کار ملک چھوڑ کر گئے، خدارا امپورٹڈ حکومت عوام کا مال کھانے کے بجائے عوام پر ترس کھائیں۔

  • لاہور کے بڑے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، فارمیسی جل کر خاکستر

    لاہور کے بڑے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، فارمیسی جل کر خاکستر

    لاہور کے معروف چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے، واقعے میں فارمیسی جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی

    تفصیلات کے مطابق چلڈرن اسپتال کی تیسری منزل پر علی الصبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ تیسرے منزل پر لگی، اسپتال کا تیسرا فلور میڈیسن اسٹور کے طور پر استعمال ہو رہا تھا اسٹور میں کروڑوں روپے مالیت کی ادویات موجود تھیں جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کی دوائیاں تباہ ہوگئیں۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی سات گاڑیاں جائے حادثے پر پہنچی اور آگ بھجانے کے عمل میں حصہ لیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اسنارکل بھی آگ بھجانے کے عمل میں مصروف عمل ہیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث مزید تین گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ تیزی سے پھیل رہی ہے شدید دھوئیں اور آگ کی شدت کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ادھر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے، تمام مریض اور اسٹاف محفوظ ہے اور اپنے امور سرانجام دے رہے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا، وزیر اعلی حمزہ شہباز نےسیکرٹری صحت سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے،واقعہ کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • "تم نے پاکستان کے ساتھ کیا کردیا ہے؟ "، معاشی صورت حال پر اسد عمر کا سوال

    "تم نے پاکستان کے ساتھ کیا کردیا ہے؟ "، معاشی صورت حال پر اسد عمر کا سوال

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے روپے کی گرتی قدر اور ڈالر کی اونچی اڑان پر وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسد عمر نے کہا کہ روپیہ اپنی ڈبل سنچری کے سفر پر گامزن ہے اور ڈالر ایک سو چورانے سے اوپر چلا گیا ہے جس کے باعث اسٹاک مارکیٹ گرتی جارہی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غیریقینی صورت حال اور فیصلہ سازی کےفقدان کے نتیجے میں کاروبار بری طرح متاثر ہے، ایسی صورت حال میں فیصلہ ساز کہاں چھپےہیں؟

    انہوں نے سوالیہ نشان کے ساتھ لکھا کہ لندن؟ دبئی؟ پاکستان میں تو نام و نشان نظر نہیں آرہا، انہوں مزید لکھا کہ تم لوگوں نے پاکستان کے ساتھ کیا کردیا ہے؟

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کی عدم حاضری کی درخواست پر فیصلہ جاری

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کی عدم حاضری کی درخواست پر فیصلہ جاری

    لاہور : منی لانڈرنگ کیس میں آج کی کارروائی کے بعد لاہور کے اسپیشل جج سینٹرل نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی، شہباز شریف کے وکیل نے بتایا کہ ان کے یو کے میں اہم معاملات ہیں۔

    فیصلے کے مطابق13مئی کو شہباز شریف نے واپس آکرعدالت میں پیش ہونا تھا، وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ کے باعث شہنٓباز شریف یوکے میں ہی ہیں۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو بطور وزیراعظم یو اے ای کے صدر کی تعزیت کے لیے جانا ہے، شہباز شریف کی حاضری معافی کی پراسیکیوٹر نے بھی مخالفت نہیں کی۔

    فیصلہ میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے، اسپیشل پراسیکیوٹر فاروق باجوہ نے بتایا کہ ان کی تعیناتی حال میں ہی ہوئی ہے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ اسپیشل پراسیکیوٹر نے کیس کی تیاری کے لیے مہلت طلب کی ہے، بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔

  • پی ٹی آئی کے شدید ناقد صحافی فہد حسین وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر

    پی ٹی آئی کے شدید ناقد صحافی فہد حسین وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی سید فہد حسین کو معاون خصوصی مقرر کرنے کی منظوری دیدی.

    تفصیلات کے مطابق فہد حسین کی بطور معاون خصوصی وزیراعظم تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا،وزیر اعظم کی جانب سے فہد حسین کو جلد قلمدان سونپا جائے گا ۔

    واضح رہے کہ گزشتہ حکومت میں فہد حسین بطور صحافی پی ٹی آئی اور عمران خان کے شدید ناقد رہے ہیں۔

  • شہباز شریف کی حکومت آتے ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا

    شہباز شریف کی حکومت آتے ہی ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا

    کراچی : عمران خان کی سابقہ حکومت پر تنقید کرنے والے مہنگائی کیخلاف جلسے جلوس اور لانگ مارچ کرنے والے خود مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئے۔

    اس حوالے سے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف حکومت کے پہلے تین ہفتے میں مہنگائی کا طوفان آگیا، اپریل میں مہنگائی ستائیس ماہ کی بلند ترین سطح تیرہ اعشاریہ چار فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے تازہ اعداد وشمارجاری کردیے ہیں، ہول سیل پرائس انڈیکس اٹھائیس فیصد پر پہنچ گیا، یعنی تھوک کی سطح پر کھانے پینےاور استعمال کی چیزوں کی قیمتیں ایک چوتھائی سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ٹماٹر باون فیصد، پیاز تینتالیس اور پھلوں کے دام اکیس فیصد بڑھائے گئے، پھل سبزی، کھانے کا تیل، گھی، چنے اور دال مسور بھی مہنگی ہو گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے دال مونگ۔ آلو، انڈے، مصالحہ جات، چینی، چکن اور بجلی سستی ہوئی۔ ایل پی جی۔ ایندھن اور گڑ کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ شہباز حکومت نے ایک ارب ڈالر قسط کے لیے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں پر عمل شروع کیا تو مہنگائی اور بڑھے گی۔