Tag: Shaheen Force

  • شہری کو قتل کرنے والے شاہین فورس کے اہلکاروں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    کراچی: عدالت نے گلستان جوہر میں ایک شہری عامر حسین کو قتل کرنے والے شاہین فورس کے 3 اہل کاروں کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گزشتہ شام شاہین فورس کے اہل کاروں کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کے کیس میں شارع فیصل پولیس نے گرفتار تین اہل کاروں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان فیصل، شہریار اور ناصر شاہین فورس میں تعینات ہیں، اہل کاروں نے پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا، لیکن ابتدائی تفتیش میں ان کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا۔

    ’ہم عامر کی والدہ کی دوائیں لینے جا رہے تھے، بھانجی بھی ساتھ تھی، پولیس نے فائرنگ کر دی‘

    تفتیشی افسر کے مطابق مقتول کے لواحقین کے بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لیے گئے ہیں۔

    پولیس نے عدالت سے ملزمان کے سی آر او اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جس پر عدالت نے تینوں ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    بچی کے سامنے جعلی مقابلے میں عامر کی ہلاکت، دل دہلا دینے والی فوٹیجز سامنے آ گئیں

    عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کو 2 جنوری کو پیش کیا جائے، عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی۔

  • قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا

    قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس اہل کار کے قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز فائیو میں شاہین فورس کے اہلکار کے قتل کے بعد پولیس کے ہاتھوں زیر حراست شخص کا خصوصی ویڈیو بیان اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا۔

    شاہین فورس کے اہل کار عبدالرحمان کے قتل کے معاملے میں زیر حراست اہم ملزم عامر نے پولیس کو ایک ویڈیو بیان دیا ہے، جس میں انھوں نے قتل کے بعد خرم نثار کے فرار کا واقعہ بیان کیا ہے۔

    ملزم عامر جو خرم نثار کا سالا ہے، نے بیان میں کہا کہ ’’میں ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا، خرم نثار نے مجھے ویٹر یا منیجر کے ذریعے باہر بلوایا، جب میں باہر نکلا تو خرم نے کہا کہ مجھے فوراً جانا ہے۔‘‘

    ملزم عامر نے بیان میں انکشاف کیا کہ خرم نثار کی پہلے بھی کچھ دشمنی تھی، اس لیے میں سمجھا کہ پھر ایسا ہی کوئی واقعہ ہوا ہوگا۔ عامر نے بتایا کہ جب ان کا دوبارہ خرم سے رابطہ ہوا تو اس نے کہا میں پیٹرول پمپ پر ہوں۔

    شاہین فورس اہلکار کا قتل : ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد لینے کا فیصلہ

    عامر نے کہا ’’خرم نثار نے مجھے کہا کہ میں اپنا ٹکٹ بک کروا رہا ہوں، اس دوران ہماری ڈرائیور کے ساتھ خرم کو ڈراپ کرنے کی بات ہوئی، لیکن گاڑی میں میری اس سے جب بات ہوئی تھی تو وہ مجھے مکمل یاد نہیں۔‘‘

    عامر نے بیان میں مزید کہا کہ گاڑی میں خرم کا کہنا تھا کہ اسے ملک سے باہر جانا ہے، کیوں کہ اس کا کوئی پھڈا ہو گیا ہے۔ عامر نے یہ بھی بتایا کہ خرم نے پہلے سے ٹکٹ نہیں کروائی ہوئی تھی۔

  • کٹی پہاڑی پر شاہین فورس کے اہل کاروں کا اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ

    کٹی پہاڑی پر شاہین فورس کے اہل کاروں کا اسٹریٹ کرمنلز سے مقابلہ

    کراچی: شہر قائد کے مشہور علاقے کٹی پہاڑی پر پولیس اہل کاروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلے کے بعد شاہین فورس نے 2 افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق شاہراہِ نور جہاں کی حدود کٹی پہاڑی پر شاہین فورس کے اہل کاروں کا اسٹریٹ کرمنلز کے ساتھ مقابلہ ہوا۔

    اہل کاروں اور ملزمان کا سامنا عین اس وقت ہوا جب 3 مسلح ملزمان ایک شہری سے کٹی پہاڑی پر لوٹ مار کر رہے تھے۔

    شاہین فورس کے اہل کار گشت کرتے ہوئے موقع پر پہنچے تو ایک شہری نے انھیں واردات کے سلسلے میں اشارہ کر دیا، جس پر فورس کے اہل کار اسٹریٹ کرمنلز کے گرد گھیرا ڈالنے کی کوشش کرنے لگے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان نے اہل کاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے حفاظتِ اختیاری جوابی فائرنگ کی، جس سے دو ملزمان موقع پر زخمی ہو گئے، جب کہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت انعام ولد شعیب اور ہاشم ولد مغرب کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان سے موقع پر ایک عدد ٹی ٹی پستول، 30 بور لوڈ میگزین اور 4 عدد موبائل فون برآمد ہوئے، جن میں موقع پر موجود ایک شہری سے چھینا گیا موبائل فون بھی شامل تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کیا گیا، بعد ازاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔