Tag: Shahrah-E-Faisal Police Station

  • ایس ایچ او تھانہ شاہراہ فیصل کو معطل کر دیا گیا

    ایس ایچ او تھانہ شاہراہ فیصل کو معطل کر دیا گیا

    کراچی: مقدمے کے مدعی کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی بدسلوکی پر ایس ایچ او تھانہ شاہراہ فیصل کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہراہ فیصل کی حدود میں مبینہ طور پر اسٹریٹ کرائم کی واردات کے شکار ایک شہری محمد رضوان کی داد رسی کی بجائے پولیس اہلکاروں نے ایس ایچ او کی موجودگی میں اسے بدسلوکی کا نشانہ بنا دیا۔

    واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا نے شاہراہ فیصل تھانے کے ایس ایچ او کو معطل کر دیا، اور کہا کہ معاملہ کوئی بھی ہو شہری کے ساتھ بدسلوکی کا کوئی جواز نہیں، ایک شخص کا رویہ محکمے کی عکاسی نہیں کرتا۔

    رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان ایک شہری کے پاس موجود دفتر کی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے، جس پر اس نے پولیس تھانے پہنچ کر رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکاروں نے مدعی مقدمہ پر ہی ڈکیتی کا الزام لگایا اور منہ پر مکا مارا۔

    شاہراہ فیصل تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کا فیصلہ، ماہر آرکیٹیکٹ کو بلوا لیا گیا

    مدعی مقدمہ محمد رضوان نے روتے ہوئے ایک ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں اس نے خود پر ہونے والے ظلم کی دہائی دی، اعلیٰ پولیس حکام نے اس پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کے وقت ایس ایچ او موقع پر موجود تھا۔

    ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا کے مطابق اس واقعے کی باقاعدہ انکوائری ایس پی گلشن کو دے دی گئی ہے، محکمانہ انکوائری کی روشنی میں ایس ایچ او کی سزا کا تعین کیا جائے گا۔

  • شاہراہ فیصل تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کا فیصلہ، ماہر آرکیٹیکٹ کو بلوا لیا گیا

    شاہراہ فیصل تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کا فیصلہ، ماہر آرکیٹیکٹ کو بلوا لیا گیا

    کراچی: ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضا نے شاہراہ فیصل تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے ایک ماہر آرکیٹیکٹ کو تھانے بلوایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے شاہراہ فیصل پر قائم تھانے کو ماڈل تھانہ بنانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے عرصے میں تھانے کی شکل تبدیل کر دی جائے گی۔

    ترجمان ایسٹ ڈسٹرکٹ کے مطابق تھانے کی ابتر صورت حال کو بدلنے کے لیے ایک خاتون آرکیٹیکٹ کو تھانے بلوایا گیا، آرکیٹکیٹ نے ایس ایس پی اور ایس پی کے ہمراہ عمارت کا جائزہ لیا، اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ رضا نے آرکیٹیکٹ کو مکمل بریفنگ دی، اور تھانے کو جاذب نظر اور ماڈل بنانے کے لیے مشاورت کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ آرکیٹیکٹ نے گراؤنڈ سے پہلی منزل تک تمام کمرے دیکھے، جدل ہی اب تھانے کی تزئین و آرائش کا کام شروع کر دیا جائے گا، ابتدائی کام شروع کے پانچ دن میں مکمل کیا جائے گا، جب کہ کوشش ہوگی کہ ایک ماہ میں تھانے کی شکل تبدیل ہو جائے، اور سائلین کو تھانے میں اچھا ماحول فراہم ہو۔

    ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل تھانے کی عمارت پرانی اور بڑی ہے، تھانے کی دیوار کے ساتھ بھی کیس پراپرٹی موجود ہے، جب کہ اندر کی جانب بھی کاریں اور موٹر سائیکلیں موجود ہیں۔ تھانے کی اہمیت کا اس سے بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ روزانہ لاکھوں شہری شاہراہ فیصل پر سفر کرتے ہیں۔