ممبئی: شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے تینوں بچوں پر فخر ہے اور اپنے بچوں سے بے پناہ محبت کرتا ہوں۔
بالی وڈ کے کنگ خان کا ڈی سی کو انٹرویو میں اپنے تینوں بچوں کے بارے میں کہنا تھا کہ مجھے اپنے تینوں بچوں آریان، سہانا اور ابراہم پر فخر ہے اور دوسرے والدین کی طرح میں بھی اپنے بچوں سے یکساں طور پر محبت کرتا ہوں،میرے تینوں بچے میرے لئے خاص ہیں، میں خوش قسمت ہوں میرے پاس دو بیٹے اور ایک خوبصورت سی بیٹی ہے، جو بالکل گینگسٹر کی طرح ہے۔
شاہ رخ خان سے پوچھا گیا کہ ابرام کے آنے سے آپ کی زندگی میں کیا فرق آیا تو شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ابرام کے آنے کے بعد میں زیادہ کھلونے سے کھیلنے لگا اور زیادہ سائیکل ، کاریں ، جانوروں کو خریدنے اور اس کے ساتھ کھیلنے کا ایک بہانا مل گیا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ میں نے بہت چھوٹی عمر میں اپنے والدین کو کھودیا تھا، میری دادی مجھے گیارہ روپے عیدی دیتی تھی، ہم عید پر سفید کپڑے پہنتے تھے اور خوب مزہ کرتے تھے۔
شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں پہلے میرے بچے اپنی تعلیم مکمل کریں ، مجھے نہیں پتہ آریان اداکار بننا چاہتا ہے، تعلیم حاصل کرکے وہ میرے نقشِ قدم پر چل رہا ہے اور اگر وہ ایکٹنگ کے میدان میں بھی میری پیروی کرنا چاہے تو یہ اس کا اپنا فیصلہ ہوگا اور ہم سب اس کے فیصلے پر خوش ہونگے۔
بالی ووڈ کنگ کا سلمان اور عامر خان سے تعلق کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہم تینوں ایک دوسرے کا بہت احترام کرتے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ وہ دونوں مجھ سے بڑے فنکار ہیں اوریہ بات ہم تینوں میں سے کسی سے بھی پوچھی جائے تو جواب تینوں سے ہی یہی ملے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہم تینوں ایک دوسرے کو اتنا پسند کرتے ہیں جو احترام سے بھی بڑھ کرہے۔
یاد رہے کہ عید کے موقعے پر کنگ خان کے مداح ان کے گھر’ منت ‘کے باہر اپنے پسندیدہ اسٹار کو ‘عید مبارک’ کہنے پہنچے تو شاہ رخ اور ان کے چھوٹے بیٹے ابراہم نے بالکنی میں آکر نہایت گرمجوشی کے ساتھ اپنے مداحوں کو عید کی مبارک باد دی، جیسے انکی فلم فین کا کوئی سین ہو۔
شاہ رخ اور ابراہم سفید کرتے میں بالکل ایک جیسے لگ رہے ہیں، ابراہم والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے لوگوں کو سلیوٹ کر رہے ہیں۔