Tag: Shahzain Bugti

  • شاہ زین بگٹی نے وفاقی کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کردیا

    شاہ زین بگٹی نے وفاقی کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کردیا

    اسلام آباد: تحریک عدم اعتماد سے قبل حکومت کو بڑا دھچکا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلوچستان شاہ زین بگٹی نے حکومت کو خیر باد کہہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ زین بگٹی نے وفاقی کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد کیا۔

    عوامی جمہوری وطن پارٹی کے رہنما شاہ زین بگٹی نے کہا کہ میں وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دیتاہوں، اس جدوجہد میں ہم پی ڈی ایم کیساتھ کھڑے ہیں۔

    شاہ زین بگٹی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال چلے، وزیراعظم نے کہا تھا کہ میری توجہ پسماندہ علاقوں پر ہوگی، وزیراعظم بتا سکتے ہیں وہ کہاں تک پہنچے؟، وزیراعظم نہ بلوچستان ، جنوبی پنجاب نہ سندھ پہنچے، بلوچستان میں لوگوں کے اعتماد کو چوٹ پہنچی، میرا جو کام تھا میں نے ایمانداری سے نبھایا، دیوار پر سر مارنے کے علاوہ میں نے ہر چیز آزما لی۔

    یہ بھی پڑھیں: وزارت اعلیٰ پنجاب: حکومت نے (ق) لیگ کو جواب دے دیا

    جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غلط الفاظ کے چناؤ سے کوئی چیز ثابت نہیں ہوتی، اگر سب کرپٹ ہیں تو ثبوت سامنے رکھنے چاہئیں۔شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال چلے، ہم نے ترقی کےلئے 100اسکالر شپس مانگی تھیں، بلوچستان کے اسپتالوں اور ٹرانسمیشن لائنز کیلئے 5،5کروڑ مانگے تھے آپ نے سیاست بچانے کیلئے جنوبی پنجاب میں500ارب کا اعلان کیا مگر وفاق بلوچستان کی ترقی کیلئے8ارب روپے نہیں دے سکا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے حکومت پر اپنے اتحادیوں کو استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شاہ زین بگٹی جیسے بہت سے لوگوں نے مسائل کےحل کی کوشش کی، وزیراعظم اور اسکی حکومت کا اپوزیشن کیساتھ جو سلوک تھا وہ سامنے ہے، تبدیلی کے نام پر ملک کے عوام اوراپوزیشن کو دھوکہ دیاگیا۔

  • سینیٹ الیکشن : شاہ زین بگٹی کا ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان

    سینیٹ الیکشن : شاہ زین بگٹی کا ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان

    اسلام آباد: جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب شاہ زین بگٹی نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا اور کہا حکومت کے اتحادی ہیں حکومتی امیدواروں کو سپورٹ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے حکومتی اتحادی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب شاہ زین بگٹی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں شاہ زین بگٹی نے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو ووٹ دینے کا اعلان کیا۔

    ملاقات کے بعد جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب شاہ زین بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پہلے بھی حکومت نے وعدے کئے تھے اب پھر کیے ہیں یقین کرنا پڑتا ہے، وزیراعظم سے ملاقات میں بلوچستان کے مسائل ان کے سامنے رکھے، مسائل کے حل کی پہلے بھی یقین دہانی کرائی گئی اور آج بھی کرائی گئی۔

    شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادی ہیں حکومتی امیدواروں کو سپورٹ کریں گے، ہمارے مسائل حل نہ ہوئے تو پھر آگے کا لائحہ عمل سوچیں گے، میری ذات کی بات ہوتی تو مسئلہ نہیں تھا،بلوچستان کے عوام کی بات ہے۔

    خیال رہے قومی اسمبلی کے 341ارکان کل اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کو ایوان میں 181ارکان کی حمایت جبکہ پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کو 160ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

    پی ٹی آئی کے157، ق لیگ کے5 ، ایم کیو ایم کے 7ارکان ، جی ڈی اے کے 3،عوامی مسلم لیگ کا ایک، بی اے پی کے5ارکان ، جمہوری وطن پارٹی کا ایک اور ایک آزاد رکن عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کررہا ہے۔

    دوسری جانب یوسف رضا گیلانی کو پیپلز پارٹی کے 55، ن لیگ کے 83 ارکان کی حمایت حاصل ہےجبکہ ایم ایم اے کے 14، اے این پی کا ایک رکن ، بی این پی کے 4 اور 3آزاد ارکان بھی یوسف رضاگیلانی کی حمایت میں ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے ایک رکن نےالیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے شاہ زین بگٹی کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی

    الیکشن کمیشن نے شاہ زین بگٹی کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نےشاہ زین بگٹی کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی ، شاہ زین بگٹی این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے کامیاب ہوئے تھے اور طارق محمود نے شاہ زین بگٹی کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کردی اور رکنیت کے خاتمے کا نو ٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا اقدام الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا۔

    یاد رہے گزشتہ ماہ آخر میں الیکشن کمیشن نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفیشن کالعدم قرار دے دیا تھا اور این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : الیکشن کمیشن نے شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا

    خیال عام انتخابات 2018 میں این اے 259 ڈیرہ بگٹی سے جمہوری وطن پارٹی کےسربراہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے۔

    بعد ازاں طارق محمد کیتھران نے دھاندلی پر الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا پھر انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

    رواں سال اپریل میں سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ 259 میں دھاندلی کے معاملے پر کھیتران کی درخواست پر الیکشن کمیشن اور کامیاب امیدوار شاہ زین بگتی کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

  • بگٹی قبائل کی وزیراعظم سے وابستہ امیدیں دم توڑ گئیں، نوابزادہ شازین بگٹی

    بگٹی قبائل کی وزیراعظم سے وابستہ امیدیں دم توڑ گئیں، نوابزادہ شازین بگٹی

    کوئٹہ : جمہوری وطن پارٹی کے صدر نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا ہے کہ قبائلی عوام نے  وزیر اعظم میاں نواز شریف سے جو امیدیں وابستہ کی تھیں وہ ان کے وزارت عظمیٰ میں آنے کے بعد دم توڑ گئی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں اور قبائلی عمائدین کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ڈیڑھ لاکھ بگٹی قبائل ڈیرہ بگٹی سے ہجرت کرکے ملک کے مختلف علاقوں میں مہاجرین بن گئے تھے جن کی دوبارہ آباد کاری کے لئے میاں نواز شریف نے ساتھ دینے کا وعدہ کیا تھا،

    انہوں نے کہا کہ ان کے وزارت عظمیٰ میں آنے کے بعد وہ اس وعدے پر پورے نہ اتر سکے جس کی وجہ سے ہماری امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بگٹی مہاجرین کی دوبارہ آباد کاری کی بجائے ہمارے راستے روکے ۔

    ڈیڑھ لاکھ بگٹی قبائل اپنے ہی ملک میں در بدر اور ہجرت کی زندگی گزاررہے ہیں ،جس پر افسوس کے سوا کچھ نہیں کیا جاسکتا۔