کراچی: شہر قائد کے حلقہ پی ایس 114 میں پی پی کے جلسے اور دیگر سیاسی شخصیات کی آمد کے سبب محمود آباد اور شاہراہ فیصل پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، لوگ گھنٹوں پھنسے رہے، گاڑیاں چھوڑ کر پیدل سفر عبور کیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے حلقہ پی ایس 114 میں انتخابی مہم جاری ہے، پیپلز پارٹی نے جلسے کا اعلان کیا جس میں خطاب کے لیے بلاول بھٹو زرداری جب پہنچے تو وی آئی پی موومنٹ کے سبب سڑکیں بند کردی گئیں جس سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا جو شاہراہ فیصل تک پہنچ گیا۔
آج یہاں صرف پی پی کے رہنماؤں کی آمد نہیں ہوئی بلکہ دیگر سیاسی شخصیات بھی انتخابی مہم چلاتی نظر آئیں جس کے باعث راستے بند رہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، لوگ ٹریفک جام کی وجہ سے طویل فاصلہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہوگئے، وی وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سے جگہ جگہ پولیس نفری تعینات رہی۔
اطلاعات ہیں کہ ٹریفک جام بڑھتے بڑھتے شاہراہ فیصل اور ڈرگ روڈ اور کالونی گیٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث لاکھوں شہری متاثر ہوئے، لسبیلہ اور جہانگیر روڈ پرسیوریج کے پانی کی وجہ سے پہلے ہی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی محمود آباد پہنچے اور پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ ریلی نکالی۔
مزید براں پیپلز پارٹی کے جلسے میں صحافیوں کے لیے بھی کوئی انتظامات نہیں کیے گئے، مختلف ٹی وی چینلز کی 10 ڈی ایس این جیز کو کوریج سے روک دیاگیا۔
جلسہ گاہ میں کارکنان سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات نظر آئے، صحافیوں کو بیٹھنے کی بھی جگہ نہیں ملی، ان کے لیے کرسیاں کم پڑگئیں تو وہ احتجاجاً سڑک پر بیٹھ گئے۔
راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شام تک اس کا استعفیٰ آجائے گا، نہال ہاشمی جیسے لوگوں کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ میں بات بہت زیادہ پھیل گئی تھی چیف جسٹس کا نوٹس لینا بنتا تھا۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید نے نہال ہاشمی کا نام لئے بغیر کہا کہ ان جیسے لوگوں کی پارٹی میں کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔
پنجاب کے کوٹے پر سندھ میں سیاست کررہے ہیں، یہ کرائے کے لوگ ہیں ان جیسے آٹھ دس اور بھی لوگ ہیں جو نواز لیگ کے اسکواڈ میں ہیں ان کو صرف قربانی کا بکرا بنا کراستعمال کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ن لیگ سندھ کے رہنما نہال ہاشمی کو جوش خطابت مہنگا پڑ گیا۔ نہال ہاشمی وزیراعظم اور ان کے بچوں سےحساب کتاب لینے والوں دھمکیاں دینے لگے۔
نہال ہاشمی نے کہا تھا کہ حساب لینےوالوں سن لوتم کل ریٹائرہوجاؤگے، ہم تمہارےخاندان کیلئےزمین تنگ کردیں گے۔ تمہیں چین سےنہیں بیٹھنےدیں گےتمہارا وہ حشرکرینگے کہ یاد رکھو گے۔
راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف طیب اردوان بننا چاہتے ہیں لیکن نہیں بن سکتے، چوہدری نثار آج پٹڑی سے اترے ہیں وہ نواز شریف کی لڑائی نہ لڑیں۔
اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اردوان بننے جارہی ہے لیکن میں ایک سو ایک بار کہتا ہوں کہ نواز شریف اردوان بننے کی کوشش نہ کریں پاکستان کے حالات وہاں کے حالات جیسے نہیں ہیں، ورنہ خسارے میں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جے آئی ٹی کے بجائے پہلے پھڈا جاتی ہے، وہ نہیں چاہتی کہ سپریم کورٹ کا ٹھپہ لگے وہ اس ٹھپے سے پہلے ہی ٹارزن بننے کی کوشش کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار ذمہ دار سیاست کررہے تھے لیکن آج کل وہ پٹڑی سے اترےہوئے ہیں انہیں مشورہ ہے کہ وہ پٹڑی سے نہ اتریں۔
اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں، ساری قوم کا ایک ہی نعرہ ہے، گونواز گو، ریاض پیرزادہ نے چوروں کو بے نقاب کردیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے جلسے میں گو نواز گو کے نعرے لگائے، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کا ساتھی ہوں اور یہ ہی آخری امید ہیں، گھی سیدھی انگلی سے نہ نکلا تو خان صاحب کی قیادت میں ٹیڑھی انگلی سے نکال کردکھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ ریاض پیرزادہ نے چوروں کو بے نقاب کردیا ہے اور بھی لوگ بے نقاب ہوں گے، مرنا چاہتا ہوں یا مارنا چاہتا ہوں، نظام سے علم بغاوت بلند کردیا، میاں صاحب مجھے بتائیں کہ کہاں گیا نندی پور پاور پلانٹ، سولرپلانٹ، داسو اور باسوڈیم کی بجلی کہاں چلی گئی؟
ان کا کہنا تھا کہ دو پرچوں میں فیل اور 3 میں سپلی ملی ہے اور وہ کہتے ہیں کہ پپو پاس ہوگیا۔ پانچ کے پانچ ججز نے کہا کوئی منی ٹریل نہیں دی گئی،قطری خط اور دستاویزات کو بکواس قرار دیا، نوازشریف ڈان لیکس کی رپورٹ کو روک رہے ہیں۔
ان کہنا تھا کہ راحیل شریف کوبھیجنے کافیصلہ اسمبلی میں زیربحث آناچاہئے تھا،آج ملک میں وزیرخارجہ ہوتا تواسمبلی میں جنرل راحیل شریف کی تعیناتی پربحث ہوتی جبکہ طارق فاطمی، پرویز رشید اور راؤ تحسین کو بھی قربانی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی وکلا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ 6 مئی کو سڑکوں پر نکلیں اورپورا پاکستان ان کا تاریخی استقبال کرے گا۔
اسلام آباد : مجھے امید ہے کہ پانامہ کیس کا فیصلہ حکمران خاندان کے خلاف آئے گا۔ چور، لٹیرے اور بے ایمان لوگوں کا قانون کے ذریعے احتساب ہوگا، انشاء اللہ اس مرتبہ عدالت سے کرپشن کا جنازہ نکلے گا۔
ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ 20اپریل کو ’ن‘ یا قانون کی بالادستی پر فیصلہ آئے گا، قوم ایمان کی حد تک یقین رکھتی ہے کہ قطری خط جعلی تھا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایک سال میں ٹی وی اور اخبارات میں جتنے اشتہارات دیئے گئے اتنے اشتہارات تو ستر برسوں میں نہیں دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ تو جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر چار کی پیداوار ہے میاں نوازشر یف کا سیاسی استاد جنرل جیلانی تھا۔ جس عمر میں ہمارے بچے کھیلتے کودتے ہیں حکمران خاندان کے بچے کھربوں روپے کی پراپرٹی کے مالک کس طرح بن جاتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیس نواز شریف اور میرا ون ٹو ون شو ہے نواز شریف کے خلاف آرٹیکل 62اور63کا کیس میں لے کر سپریم کورٹ گیا تھا میاں نوازشریف کی نااہلی کا فیصلہ میرے کیس پرآئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ذات کے لئے نہیں بلکہ بیس کروڑ عوام کے لئے سیاست کررہاہوں سال رواں پاکستانی سیاست کے حوالے سے فیصلہ کن سال ہے ایک طرف غریب عوام کو کھانے کے لئے روٹی اور پینے کو پانی میسر نہیں دوسری طرف حکمران خاندان کی دولت میں دن دگنی رات چوگنی اضافہ ہورہاہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر غور کرنے کے لئے کل عمران خان سے ملاقات کرونگا ۔ میں نے زرداری صاحب سے کہا تھا کہ بلاول کو موقع دیا جائے تو کچھ بات بن سکتی ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔ملک ان حکمرانوں کی وجہ سے تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے قائد اعظم سولرکے نام پر اربوں روپے لٹائے گیا اورملک بدترین لوڈ شیڈنگ کا شکار ہے۔
میاں خاندان ڈرامہ بازی کے ماہر ہے پچھلے دور حکومت میں شہباز شریف ایک ہاتھ سے پنکھا چلا کر تماشہ کرتے تھے آج ان کی اپنی حکومت میں بجلی کا بحران عروج پر پہنچ چکا ہے، اگر پانامہ کیس کا فیصلہ حکمران خاندا ن کے خلاف آتا ہے تو ان کے قریبی ساتھی بھی ان کوچھوڑ دیںگے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے مجھے بھی کہا تھا کہ ملز لگا دے، لیکن میرے نہ توبیوی ہے نہ بچے، میں تو عوامی سیاست کررہاہوں مجھے دولت کی کوئی ضرورت نہیں۔جنہوں نے اقتدار کا ناجائزاستعمال کرکے دولت بنائی ان کو بھگتنا پڑے گا، اگر تیس افراد اور ان کے اولادوں کو قانون کے شکنجے میں لایاجائے تو اس ملک کا سارا قرضہ ادا کیا جاسکتا ہے۔
آرٹیکل 62/63پر ابھی تک 21 افراد نااہل ہوچکے ہیں امید ہے 22ویں نمبر نوازشریف کاہوگا، ان کا کہنا تھا کہ میں پوچھنا یہ چاہتا ہوں کہ ملک میں کاروبار روز بروز زوال کا شکار ہے جبکہ حکمران خاندان کی دولت میں روز افزوں اضافہ کس طرح ہورہا ہے؟
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر پانامہ کیس میں کمیشن بنانے کا فیصلہ ہوااور میاں نواز شریف اپنے عہدے سے مستعفی ہوجاتے ہیں تو میں کمیشن کے سامنے پیش ہوجاﺅنگا۔ میں سمجھتا ہوں کہ قطری خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اگر قطری خط کو قانونی دستاویز مانا گیا تو عدلیہ سے عوام کا اعتبار اٹھ جائے گا۔
وزیر اعظم نوازشریف وہ شخص ہے جس نے ساری دولت اقتدار کے دوران بنائی ۔ کل سے دیکھ لیں کہ ٹی وی اور اخبارات میں اشتہارات کا انبار لگے گا ملک میں غربت کی وجہ حکمران خاندان ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد پیپلزپارٹی نواز شریف کو بچانے نہیں آئے گی ۔ پانامہ لیکس اور ڈان لیکس کا فیصلہ آنے کے بعد آصف زرداری صاحب بھی گھبرائیں گے کیونکہ یہ بھی دودھ کے دھلے تو نہیں ہے ان کے بھی بیرون ملک دولت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے نواز شریف کبھی بھی شہباز شریف اور ان کے خاندان کو سیاست میں جگہ نہیں دیں گے، شہبازشریف کی نواز شریف سے الگ کوئی حیثیت نہیں اگر نواز شریف نہ رہا تو کچھ بھی نہیں بچے گااور ن لیگ میں توڑ پھوڑ شروع ہوجائے گی۔
20اپریل کو حکومت کے خلاف فیصلہ آنے کے بعد اگر کسی قسم کی شرارت کی کوشش کی گئی تو آئین کے آرٹیکل 190کے تحت فوج ، رینجرز سمیت سارے ادارے سپریم کورٹ کے ماتحت ہیں وہ آگے بڑھ کر حکومت کے کسی بھی غیر آئینی قدم کا راستہ روک سکتے ہیں۔
اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کلبھوشن کے معاملے پر بھارت سے کوئی ڈیل نہیں ہوگی، حکومت آج بھی کلبھوشن کا نام لینے سے کترا رہی ہے، پاناما کیس کا فیصلہ 17 یا 18 اپریل کو آسکتا ہے، اگر ہمارے خلاف آیا تب بھی اسے قبول کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
کلبھوشن کا نام لینے سے حکومت کا وضو ٹوٹ جائے گا
ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کا نام لینے سے حکومت کا وضو ٹوٹ جائے گا، مجھے پورا یقین ہے کہ نوازشریف کو اس ٹرائل، فیصلے کے پورے عمل، چیف آف آرمی اسٹا ف کی جانب سے سزائے موت کے فیصلے کی توثیق کا بالکل علم نہیں ہوگا۔
پاک فوج کوئی رائل آرمی نہیں
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کوئی رائل آرمی نہیں، ایک وقت ہوتا تھا جب فوج میں شاہی خاندانوں کے افراد ہوتے تھے اب تو فوج میں اکثریت غریب لوگوں کی ہے، کوئی کسان کا بیٹا ہے تو کوئی استاد کا اور کوئی پروفیسر کا فرزند، غریب لوگوں کی اولاد نے پاکستان کے لیے قربانی دینے کا عزم کیا ہوا ہے۔
پاناما کا فیصلہ میرے کیس پر آئے گا
شیخ رشید نے کہا کہ فوجی جوان تو جانوں پر جانیں دے رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ مال پر مال سمیٹنے میں مصروف ہے، اب انشاءاللہ پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں آئے گا،میں پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ پانامہ کیس کا فیصلہ شیخ رشید احمد کے کیس پر آئے گا کیونکہ آرٹیکل 62 اور 63 کا کیس تو میں ہی عدالت میں لے کے گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وکلا 371 سوالات میں سے ایک کا بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکے، پانامہ کیس کا فیصلہ عوام کے حق میں اور انصاف ومیرٹ کی بنیاد پر ہی آئے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جب ناانصافی قانون بن جاتی ہے تو اس کے سامنے کھڑا ہونا اور مقابلہ کرنا اصل جواں مردی اور بہادری ہے، ہمار ے ملک میں ایک پٹواری یا چوکی دار کو چوری میں پکڑنا کوئی مشکل نہیں، غریب کو چھوٹی موٹی چوری میں پکڑاجاتا ہے لیکن جن کے لیے قطری خط آتے ہیں ان کو پکڑنا آسان نہیں ہوتا۔
پاناما کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تب بھی قبول کروں گا
ان کا کہنا تھا کہ اب معاملات تبدیل ہوچکے ہیں حکمران طبقہ دولت یہاں سمیٹ کر برطانیہ میں جمع کرتے ہیں جج نے کہا تھاکہ بچے دو اور کمرے چار، میں ایمانداری سے کہتا ہوں کہ اگر پانامہ کا فیصلہ میرے خلاف بھی آیا تو میں صدق دل سے قبول کروں گا۔
برآمدات کی شرح 25 فیصد سے بھی گر چکی
چیئرمین عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ملک میں برآمدات کی شرح 25 فیصد سے بھی گر چکی ہے جبکہ درآمدات میں تین گنا اضافہ ہوگیا ہے جن لوگوں کو آپ کافر کہہ رہے ہیں وہاں تو بلی کو بھی مارنا ممکن نہیں اور یہاں ایک پیر 20 افراد کو قتل کرتا ہے تو اس کے خلاف کوئی مدعی بننے کو تیا ر نہیں۔
17 یا 18 اپریل کو پانامہ کا فیصلہ آسکتا ہے
پانامہ کیس کے فیصلے سے متعلق شیخ رشید احمد نے کہا کہ 17 یا 18 اپریل کو پانامہ کا فیصلہ آسکتا ہے کیونکہ اگلے ہفتے پانامہ بینچ کے جج صاحباں یہاں موجود ہیں، پانامہ کیس کا فیصلہ ملک کے بہتر مفاد میں ہی آئے گا۔
پانامہ فیصلے کے بعد الیکشن کے امکانات نہیں
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ لوگوں میں سے میں ہی عوام کو امید دلاتا ہوں عوام کو ناامید نہیں ہونا چاہیے، اگلے انتخابات سے متعلق شیخ رشید نے پیش گوئی کی کہ پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد الیکشن ہونے کے امکانات نہیں۔
اگلے انتخابات تاریخ کے سب سے غیر جانب دارانہ انتخابات ہوں گے
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ انتخابات پاکستان کی تاریخ کے سب سے غیر جانب دارانہ انتخابات ہوں گے، فوج پولنگ اسٹیشن کے اندر بھی کھڑی ہوگی فیصلہ جس دن آئے گا اس رات حلقہ 55 اور 56 میں انتخابی دفتر کھول دوں گا۔
عزیر بلوچ کی گرفتاری زرداری کے لیے سب سے تشویش ناک بات ہے
انہوں نے عزیر بلوچ سے متعلق کہا کہ اس پر سیکڑوں افراد کے قتل کا الزام ہے، خالد شہنشاہ کی موت کا الزام بھی اس پر ہے، عزیر بلوچ کا کیس آصف زرداری کے لیے سب سے تشویش ناک خبر ہے۔
پارلیمنٹ کے افراد کو پتا ہی نہیں ان کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے
سندھ میں ہر جانب کرپشن کی بھر مار ہے ایک سابق مرحوم پارلیمنٹرین نے کہا کہ پتہ نہیں یہ 9 کروڑ روپے کس طرح میرے اکاﺅنٹ میں آئے، آصف علی زرداری کی بہن نے کہا کہ پتہ نہیں یہ 5 کروڑ روپے میرے بینک اکاﺅنٹ میں کیسے آئے، یہ کروڑوں کو سو دو سو روپے سے بھی حقیر سمجھتے ہیں ایسے حالات میں کیا سول وارنہیں ہوگی ؟کیا بھوکے ننگے انہیں نہیں نوچیں گے ؟
ان کا کہنا تھا کہ یہ اربوں کھربوں کے کھلاڑی ہیں سیاست کو کاروبار سمجھتے ہیں، کارخانے اور شوگر ملز دکھانے کے لیے لگاتے ہیں۔
کیا عز یر بلوچ نے حساس معلومات بیرونی ایجنسیوں کو فراہم کی ؟ اس سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ فوج ویسے تونہیں پکڑتی ظاہر ہے ان کے پاس ثبوت ہوں گے ، فوج کے پاس بھی قانونی ماہرین کی ٹیم ہوتی ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جن سیاست دانوں کے اثاثے بیرونی ممالک میں ہو وہ آزادانہ فیصلے کرنے کے اہل نہیں ہوتے امریکا سمیت دنیا بھر کے ممالک کو ہمارے حکمرانوں کی چوری کا علم ہے میں سمجھتا ہوں کہ کوریا میں کرپشن کے خلاف جو تحریک چلی ہے اب وہ برازیل تک پہنچ چکی ہے اور انشا ءاللہ پاکستان میں بھی اس قسم کی تحریک چلے گی، دیر ہے اندھیر نہیں ۔
عمران کے ساتھ حق اور سچ کی دوستی ہے
عمران خان کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کے ساتھ حق اور سچ کی دوستی رکھتا ہوں، کیا پانامہ کیس کے حوالے سے عمران خان اور آرمی چیف کی بات چیت ہوئی؟ اس سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا آپ کیا سمجھتے ہیں کہ اس ملاقات میں رضیہ بٹ کے ناول پر بات ہونی چاہئے تھی؟
شادی سے نماز جنازہ تک پانامہ لیکس پر بحث ہورہی ہے
انہوں نے کہا کہ یہ 20 کروڑ افراد بے وقوف نہیں جب فیصلہ آئے گا تو دیکھیں حکمران طبقے کے ساتھ کیا کیا جاتا ہے؟ ایک گھنٹے سے زائد کی ملاقات میں اہم ایشو تو پانامہ کیس ہی رہا اگر ہر جگہ قطری سموسہ اور پاناما ٹی اسٹال لگا ہو تو اس کی کوئی نہ کوئی وجہ ضرور ہے ہر پاکستانی کو قطری خط اور پانامہ لیکس کا پتہ لگ چکا ہے شادی سے لے کر نماز جنازہ تک ہر جگہ پانامہ لیکس پر بحث ہورہی ہے، تولامحالہ ہماری ملاقات کا اہم ایجنڈا بھی پانامہ کیس ہی تھا اس کے علاوہ ملک کو درپیش دوسرے ایشوز پر بھی بات چیت ہوئی۔
فوج نے سلیقے سے پیغام دیا کہ وہ قوم کے ساتھ کھڑی ہے
24ویں آئینی ترمیم سے متعلق شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ اس بل کے آنے سے پہلے ہی آئے گا،فوج نے انتہائی سلیقے سے قوم کو یہ پیغام دیا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑی ہے، پانامہ کیس کا جو بھی فیصلہ آیا بے شک اگر نواز شریف کے حق میں بھی ہو تو فوج اس کو قبول کرے گی۔
قمر باجوہ نے سعودی عرب کی غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی
جنرل قمر باجوہ کے حوالے سے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سعودی عرب گئے وہاں کی غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی، وہاں سے لند ن گئے اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کا دفتر خارجہ نالائق ہے فاطمی صاحب کو تو ویسے بھی فوج سے چڑ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ان غیر منتخب لوگوں کو نواز شریف کا وزیر ہی نہیں مانتا ہوں وزیر وہ ہو تا ہے جو براہ راست عوامی ووٹوں سے منتخب ہوکر آتا ہے۔ انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ 55 اور 56 میں الیکشن لڑیں گے ان دونوں حلقوں میں اس حکومت کو شکست فاش دیں گے کیونکہ لوگ حکمرانوں سے نفرت کرتے ہیں۔
رینجرز صحیح وقت پر پنجاب میں آئی ہے
آپریشن ردالفساد کے حوالے سے رینجرز کو پنجاب میں داخل ہونے سے متعلق شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ رینجرز صحیح وقت پر پنجاب میں آئی ہے پنجاب حکومت چیخ رہی تھی کہ ان کو آنے نہیں دیا جائے گا ابھی طاہر القادری کے ماڈل ٹاﺅن کا کیس ہے جس میں پنجاب حکومت کی ایما پر 24 افراد کو گولیوں سے بھوناگیا جن میں حاملہ عورتیں بھی شامل تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج جو لوگ مسجدوں میں جاکر میاں نواز شریف کے لیے دعائیں کررہے ہیں یہ صرف وقت کے پجاری ہیں اگر نواز شریف کی حکومت نہیں رہے گی تو یہ کسی اور کے لیے دعائیں کریں گے ۔
ڈ ان لیکس سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے قوم کو خبر دی ہے کہ عسکری اور سویلین اداروں میں اتفاق نہیں میں سمجھتاہوں کہ فوجی ایجنسیاں پرویز رشید کی قربانی کو قبول نہیں کررہے ہیں انہیں بڑا بکرا چاہے۔
لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد لاہور پہنچے تو ریلوے اسٹیشن پر کسی نے ان پر جوتا پھینک دیا۔
اطلاعات کے مطابق شیخ رشید احمد پاکستان سپر لیگ کا فائنل دیکھنے کے لیے بذریعہ ٹرین لاہور پہنچے تو ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے بات چیت کرنا چاہی تو اسی دوران کسی نے ان پر جوتا اچھال دیا تاہم وہ انہیں لگا نہیں۔
جوتا پھینکے جانے کے بعد اے آر وائی نیوز سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں ہے کہ جوتا پھینکا گیا نہ میں نے دیکھا تاہم وہاں موجود صحافیوں نے کہا تو ٹھیک ہی کہا ہوگا۔
اینکر پرسن نے انہیں بتایا کہ اس بات کی ویڈیو موجود ہے جس پر شیخ رشید نے کہا کہ یہ شرارت ان لوگوں کی ہے جو ملک کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں جو پاناما لیکس سے خوف زدہ ہیں۔
سعد رفیق کی جانب سے گلدستہ بھیجے جانے پر انہوں نے کہا کہ میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں یہ ایک اچھی بات کی ہے انہوں نے مجھے گلدستہ بھیجا میرا شکریہ ادا کرنا جوابی گلدستے سے کم نہیں۔
اسلام آباد : عمران خان اور شیخ رشید نے ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ کہاں گئی ؟
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ملاقات کی، ملاقات میں پانامہ لیکس کیس، ڈان لیکس کے معاملے، پاکستان سپر لیگ کے فائنل اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر شیخ رشید نے سوال اٹھایا کہ ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ ابھی تک منظر عام پر کیوں نہیں آئی؟ جس پر عمران خان نے بھی رپورٹ سامنے نہ آنے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ پاناما لیکس پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے عمران خان کے مؤقف کی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاناما لیکس کا فیصلہ کچھ بھی ہو کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ اس دوران فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخ رشید احمد نے کپتان سے پاکستان سپر لیگ فائنل میں شرکت سے متعلق اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ ملاقات سے قبل عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں پاکستان میں امریکی ڈرون حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملہ انسانی حقوق اور ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے ڈرون حملے کے منفی اثرات سے بھی خبردار کیا۔
راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ خوش آئند ہے تاہم میچ کرانے سے قبل 101 بار سوچ لیں، اگر کسی کونے یا چوراہے پر بھی کوئی واقعہ ہوگیا تو اس کا ردم عمل بہت برا آئے گا۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ بہت اچھا ہے، لوگوں کو خوشی ہوگی تاہم جو بھی پنجاب حکومت اور فوج کی سیکیورٹی ذمہ داری ہے اس کے تحت اگر لاہور کے کسی کونے یا کسی چوراہے پر بھی کوئی چھوٹا سا واقعہ ہوا تو بہت برا ہوگا اس کا بہت براد رد عمل سامنے آئے گا۔
Sheikh Rasheed says he will go and watch PSL…by arynews
انہوں نے کہا کہ ہم نے پندرہ دن سے کرکٹ میچ فائنل کا ہونا یا نہ ہونا مسئلہ بنایا ہوا ہے، میچ ہوا تو اچھا ہوگا لیکن اگر نہیں ہوتا تو کوئی قیامت نہیں آجاتی تاہم لاہور میں میچ ہونا اچھا ہے، ہماری قوم کا اوڑھنا بچھونا کرکٹ ہے فیصلے خوش آئند ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فائنل یہاں کرانے سے قبل ایک سو ایک بار سوچ لیں یہ جو سیکیورٹی ہے صرف اسٹیڈیم کی نہیں بلکہ چوک اور چوراہوں کی بھی ہونی چاہیے، فیصلے کا کریڈیٹ پنجاب کو جائے گا کہ انہوں نے ایہ اہم فیصلہ کیا لیکن خدانخواستہ کوئی چھوٹا سا بھی واقعہ ہوگیا تو ڈھیر سارے مسئلے پیدا ہوجائیں گے جو پنجاب کے لیے درد سر بن جائیں گے۔
ایک سوال پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں فائنل میچ دیکھنے ضرور جاؤں گا۔
اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے اے پی سی میں شرکت کے لیے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا آغاز کردیا، شیخ رشید اور قاف لیگ کے رہنماؤں نے پیپلز پارٹی کی دعوت قبول کرلی، ن لیگ کو بلانے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق فوجی عدالتیں، سی پیک اور پاناما لیکس کا تین نکاتی ایجنڈا بنا کر پیپلز پارٹی ملک کی سیاسی جماعتوں کو ایک جگہ اکٹھا کرے گی۔فوجی عدالتوں کی توسیع کا مسودہ مسترد کرنے والی پیپلز پارٹی نے چار مارچ کو آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے، جس کے لیے دعوتیں دینا شروع کردیں گئی ہیں۔
اس حوالے سے پی پی کا ایک وفد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو دعوت دینے لال حویلی پہنچا، شیخ رشید نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ قاف نے بھی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے، طارق بشیر چیمہ اے پی سی میں قاف لیگ کی نمائندگی کریں گے ۔
آل پارٹیز کانفرنس چار مارچ کو زرداری ہاؤس کراچی میں ہوگی، کانفرنس میں فوجی عدالتوں کا معاملہ ہاٹ ایشو رہے گا جس پر اب تک پارلیمانی پارٹیاں متفق نہیں ہوپائیں ہیں۔ کانفرنس میں حکمراں جماعت نون لیگ کو مدعو کرنے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا ہے۔