Tag: shangla

  • شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    شانگلہ دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    شانگلہ میں چینی انجینئرز کی گاڑی پر دھماکے کی فوٹیج سامنے آ گئی۔

    گزشتہ روز ہونے والے شانگلہ دھماکے کی پہلی سی سی ٹی وی فوٹیج قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حاصل کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چینی انجینئرز کی گاڑی گزر رہی تھی، اور اچانک سامنے سے آنے والی گاڑی اس سے ٹکرا گئی، دونوں گاڑیوں کے ٹکراتے ہی زوردار دھماکا ہو گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر ایک کانوائے گزر رہا تھا، اس میں موجود پچھلی والی بس میں ڈی وی آر لگی ہوئی تھی جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ فوٹیج حاصل کی ہے۔

    چینی انجینئرز کی گاڑی کو کوہستان کی طرف جانا تھا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بائیں جانب ایک گاڑی موجود ہے، جو اچانک بس سے ٹکرا گئی تھی اور اتنا خوف ناک دھماکا ہوا کہ گاڑی اڑ کر دوسری طرف موجود کھائی میں گری۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شانگلہ کے قریب داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے اہلکاروں پر حملہ ہوا تھا، پاکستان میں چینی سفارت خانے کے بیان کے مطابق داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ عملے کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا اور حملے میں 5 چینی شہری اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔

  • شانگلہ سے اسلام آباد قیمتی عقابوں کی اسمگلنگ

    شانگلہ سے اسلام آباد قیمتی عقابوں کی اسمگلنگ

    پشاور: وائلڈ لائف حکام نے شانگلہ سے اسلام آباد قیمتی عقابوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلی حیات خیبر پختون خوا نے ایک کارروائی میں شانگلہ سے قیمتی عقابوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان محکمہ جنگلی حیات لطیف الرحمٰن نے بتایا کہ ملزمان شانگلہ سے قیمتی عقاب اسلام آباد اسمگل کر رہے تھے، جنھیں گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    محکمہ جنگلی حیات کے اہل کاروں نے ملزمان کے قبضے سے قیمتی عقابوں کو ضبط کر کے سرکاری تحویل میں لے لیے۔

    وائلڈ لائف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    ٹرانٹولا مکڑی کی اسمگلنگ ناکام ، ملزم گرفتار

    گزشتہ ماہ محکمہ وائلڈ لائف خیبر پختون خوا نے ٹرانٹولا مکڑی کی اسمگلنگ بھی ناکام بنائی تھی، ملزم کو مکڑی مانسہرہ سے ایبٹ آباد لے جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

  • سڑک کنارے کنوئیں کے دہانے میں گھوڑا پھنس گیا

    سڑک کنارے کنوئیں کے دہانے میں گھوڑا پھنس گیا

    شانگلہ: خیبر پختون خوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں ضلع شانگلہ کے ایک علاقے میں سڑک کنارے کنوئیں کے دہانے میں گھوڑا پھنس گیا، جسے بڑی مشکل سے ریسکیو کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شانگلہ میں ضلعی ہیڈکوارٹر تحصیل الپوری میں موتہ خان کے مقام پر ایک گھوڑا سڑک کنارے چلتے ہوئے کھائی نما کنوئیں کے دہانے میں گر کر پھنس گیا۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز پیر کو صبح ساڑھے دس بجے پیش آیا، گھوڑا دھنسنے کے بعد لوگ اکھٹے ہو گئے اور انھوں نے گھوڑا نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

    بعد ازاں ریسکیو 1122 کو فون کر کے طلب کیا گیا، ریسکیو 1122 شانگلہ کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر ٹیم بمع وہیکل جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

    ریسکیو 1122 شانگلہ کے جوانوں نے گھوڑے کو پیشہ ورانہ طریقے سے بہ حفاظت نکال لیا، انسانی ہمدردی کے اس جذبے کو وہاں پر موجود لوگوں نے خوب سراہا۔

  • سوات میں لینڈ سلائیڈنگ، 2  بچے جاں بحق

    سوات میں لینڈ سلائیڈنگ، 2 بچے جاں بحق

    شانگلہ: خیبرپختونخواہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 2 کمسن بچے جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر شانگلہ ضیاء الرحمن کے مطابق شانگلہ کے علاقے الپوری فیض آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مکان مکمل طور تباہ ہوگیا،واقعے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ 4 خواتین زخمی ہوگئیں

    واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور ریسکیو کا عمل شروع کیا تاہم انہیں بھاری پتھروں کو ہٹانے میں سخت دشواری کا سامنا ہے جس کے باعث ملبے تلے دبے گھر کے سربراہ اور دو بچوں کا تاحال ریسکیو نہیں کیا جاسکا ہے۔ڈپٹی کمشنر شانگلہ کے مطابق بارش بھی امدادی کاموں میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے، بھاری پتھروں کو ہٹانے کےلئے پاک فوج سے مدد طلب کرلی گئی ہے، زخمی خواتین کو علاج معالجے کے لئے سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بشام سوات روڈ ہر قسم کی ٹریفک کےلئے گزشتہ پندرہ گھنٹے سے بند ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ روڈ کلئیر ھونے تک سفر سے گریز کریں۔

  • سوات: سنگدل ماں نے اپنے لخت جگر کو قتل کردیا

    سوات: سنگدل ماں نے اپنے لخت جگر کو قتل کردیا

    سوات: شانگلہ پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگالیا، ماں ہی اپنے لخت جگر کی قاتل نکلی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق چندروز قبل ڈھیرئی زڑہ کے نوجوان کی گھرمیں موت واقع ہوئی تھی، نوجوان کی والدہ نےاسےحادثاتی موت قرار دے کر دفنادیا تھا،پولیس نے تفتیش کےدوران شبہ پروالدہ کو گرفتارکرلیا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قبر کشائی کے بعد لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا جس میں تصدیق ہوئی کہ لڑکے کو پھانسی دیکر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ خاتون کے کسی سے تعلقات تھے ملزمان کے ساتھ مل کر خاتون نے اپنے بیٹے کو پھانسی دی، واقعے کے بعد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ، ایک اور کیس سامنے آگیا

    پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ، ایک اور کیس سامنے آگیا

    اسلام آباد: ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ سے پولیو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع شانگلہ کے 2 سال کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پولیو کا شکار 2 سالہ بچے کا تعلق تحصیل پورن کی یو سی نصرت خیل سے ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیسٹ کے لیے متاثرہ بچے کے نمونے 30 مئی کو بھجوائے گئے تھے۔

    خیال رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں صرف پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔

    رواں برس اب تک ملک میں 23 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے جن کی تعداد 10 تھی، 7 کیسز قبائلی علاقوں میں، اور 3، 3 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیے گئے۔

    پولیو میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا جس کے بعد راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    چند روز قبل کراچی اور لاہور سمیت 6 بڑے شہروں سے نئے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی، کوئٹہ کے ریلوے پل اور طاؤس آباد کے علاقوں، حیدر آباد میں تلسی داس پمپنگ اسٹیشن، راولپنڈی میں صفدر آباد اور پشاور کے شاہین ٹاؤن کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    لاہور میں آؤٹ فال ایف، جی، ایچ کے سیوریج میں جبکہ کراچی کے سہراب گوٹھ، راشد منہاس روڈ، چکورا نالہ اور کورنگی نالہ کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔

  • شانگلہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    شانگلہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور : خیبر پختونخوا کے شانگلہ اور اس کے گردونواح میں‌ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں سے نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے. جھٹکے شروع ہوتے ہی شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے عمارتوں سے باہر آگئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ضلع شانگلہ میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کا مرکز افغانستان تھا۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی، ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کا تعین نہیں ہوسکا۔

    مزید پڑھیں : لاہور میں‌ زلزلے کے جھٹکے

    یاد رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو لاہور  اور  اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.1 تھی۔

    مزید پڑھیں: کیا زلزلے گناہوں کے سبب آتے ہیں؟

    خیال  رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو  بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی

    ماہرین ارضیات کی جانب سے زلزلوں کی دو بنیادی وجوہات بیان کی جاتی ہیں، ایک وجہ زیر زمیں پلیٹوں (فالٹس) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل ہے اوردوسری آتش فشاں کا پھٹنا ہے۔

  • پی کے 23 شانگلہ میں دوبارہ پولنگ، پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی پھر جیت گئے

    پی کے 23 شانگلہ میں دوبارہ پولنگ، پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی پھر جیت گئے

    پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں الیکشن کمیشن کے حکم پر دوبارہ پولنگ ہوئی جس میں تحریکِ انصاف کے امیدوار شوکت یوسف زئی ایک بار پھر کام یاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے صوبائی حلقے شانگلہ 23 میں ری پولنگ مکمل ہوگئی، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔

    شانگلہ پی کے 23 کے تمام 135 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے شوکت یوسف زئی نے 39290 ووٹ لے کر کام یاب ہوگئے ہیں۔

    غیر سرکاری نتیجے کے مطابق تحریکِ انصاف کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رشاد خان 22545 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    شانگلہ کے انتخابی حلقے میں آج صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہا، غیر حتمی نتیجہ آتے ہی پی ٹی آئی کارکنان نے جشن منانا شروع کر دیا اور خوب آتش بازی کی۔


    یہ بھی پڑھیں:  پی کے 23 شانگلہ وَن میں ضمنی انتخاب آج ہوگا


    واضح رہے کہ 25 جولائی کے عام انتخابات میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 10 فی صد سے کم ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے شانگلہ پی کے 23 میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

    عام انتخابات 2018 میں پاکستان تحریکِ انصاف کے شوکت یوسف زئی 17 ہزار 399 ووٹ لے کر کام یاب ہوگئے تھے جب کہ ن لیگ کے رشاد خان 15 ہزار 533 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

  • خواتین کی کم ووٹنگ پرالیکشن کالعدم کرنا سمجھ سےبالا ہے‘ شوکت یوسفزئی

    خواتین کی کم ووٹنگ پرالیکشن کالعدم کرنا سمجھ سےبالا ہے‘ شوکت یوسفزئی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی پی کے 23 شانگلہ سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے اے آروائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی کے 23 میں خواتین کی کم ووٹنگ پرالیکشن کالعدم کرنا سمجھ سے بالا ہے۔

    انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پرعدالت سے رجوع کریں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ کسی امیدوارنے خواتین کے کم ووٹ ڈالنے کی شکایت نہیں کی، معاملے پربابراعوان قانونی معاونت فراہم کریں گے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کے پی میں حکومت سازی کا مرحلہ بہترطریقے سے طے پا رہا ہے جبکہ حکومت سازی سےمتعلق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نےگزشتہ ہفتے پی کے 23 شانگلہ سے تحریک انصاف کے امیدوار شوکت یوسفزئی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیا تھا۔

    خیال رہے کہ پی کے 23 سے تحریک انصاف کے امیدوار شوکت یوسفزئی 17 ہزار 399 ووٹ لے کرکامیاب ہوئے تھے

    پی کے 23 شانگلہ کے اس حلقے میں خواتین ووٹرز کی تعداد 86698 ہے لیکن 25 جولائی کو پولنگ کے دن صرف 3505 خواتین نے ووٹ ڈالے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق کسی حلقے میں مرد اور خواتین ووٹرز کی کل تعداد میں سے اگر خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح 10 فیصد سے کم ہوگی تو اس حلقے کے نتائج تسلیم نہیں کیے جائیں گے اور پولنگ کا عمل کالعدم قرار پائے گا۔

  • تحریک انصاف نے پختونوں کے کلچر کو تباہ کردیا، مولانا فضل الرحمان

    تحریک انصاف نے پختونوں کے کلچر کو تباہ کردیا، مولانا فضل الرحمان

    شانگلہ : جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے کے پی کے عوام کو دھوکا دیا اور پختونوں کے کلچر کو تباہ کیا ہے۔

    ان خیالاات کا اظہار انہوں نے الوچ پورن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ روشن خیال قوتوں نے پختونوں کو بدنام کیا، عزت دارخواتین سے دوپٹہ چھین کر اسے آزادی کا نام دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو دھوکا دیا ہے، ان لوگوں نے پختونوں کےکلچرل کوتباہ کیا عوام آئندہ انتخابات میں باطل قوتوں کا راستہ روکیں۔

    فضل الرحمان نے مزید کہا کہ یہودی سازش کو روکنے کیلئےعوام آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس کاساتھ دیں، انتخابات میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی، علماءکرام پارلیمنٹ اور جمہوری نظام کاساتھ نہ دیتے تو آج ملک میں امن آنا مشکل تھا،۔

    مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان ایم ایم اے کے صدر منتخب، اتحاد میں‌ شامل تمام جماعتوں‌ کو یکساں قرار دے دیا

    جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ پہلے اقتدرار حاصل کرنے کیلئے بندوق اور تلوارکا سہارا لیناپڑتا تھا، اب ووٹ کی پرچی تلوارکا کام کرتی ہے، آج پاکستان کی سیاست اور دفاع عالمی دباؤ میں ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں پرعملدرآمد نہیں ہورہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔