Tag: Shareef biradran

  • نااہل شریف گیدڑ بھپکیوں کے بعد منت سماجت پر آگئے، شہباز گل

    نااہل شریف گیدڑ بھپکیوں کے بعد منت سماجت پر آگئے، شہباز گل

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے والے اصل بہروپیے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار شہباز گل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردعمل میں کیا، انہوں نے کہا کہ آسکر  ونر شعبدہ باز بیماری کے بہانے مفرور ہیں۔

    ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ لمبے بوٹ پہن کر فوٹو شوٹ کرنے والے شعبدہ بازوں کو قوم نہیں بھولی، مفرور اور ضمانتی چوروں کی کوئی وقعت نہیں ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نااہل شریف گیدڑ بھپکیوں کے بعد منت سماجت پر آچکے ہیں، نااہل درباری صبح شام اتحادیوں کے پاؤں پڑ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس ذلت کے بعد وقتے آنے پر شکست ایک بار پھر آپ کا مقدر ہوگی، ان تِلوں میں تیل نہیں، آپ اور آپ کا بیانیہ پھٹ چکا۔ ڈاکٹر شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں آنے والا وقت پاکستان کی ترقی کا ہے۔

    واضح رہے کہ ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے اعلانات کو نئی شعبدہ بازی قرار دیا تھا ، ان کا کہنا تھا کہ عوام جانتی ہے کہ یہ اعلان اپنے اقتدار کی ڈوبتی کشتی بچانے کیلئے ہے۔

    مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خزانہ خالی، معیشت تباہ اور مہنگائی ساتویں آسمان پر ہے اور عمران صاحب ریلیف کے نئے دھوکے دے رہے ہیں لیکن عوام اب ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد گرتی ہوئی دیواروں کیلئے آخری دھکا ثابت ہوگی، تاریخ کا بدترین قرض لاد کر ریلیف کی باتیں محض دھوکہ ہے، پیٹرول کی قیمت میں70روپے کی کمی کریں تاکہ عوام کا بھلا ہو۔

  • مہاجروں کے قتل عام میں شریف برادران برابر کے شریک ہیں، ایم کیو ایم

    مہاجروں کے قتل عام میں شریف برادران برابر کے شریک ہیں، ایم کیو ایم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں محب وطن مہاجروں کے سیاسی ، معاشی اور جسمانی قتل عام میں شریف برادران بھی برابر کے شریک ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد ظالموں کو عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے بیانات شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے سچائی بیان کرکے پانچ کروڑ مہاجروں کے دلوں کی ترجمانی کی ہے ۔

    بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں کروڑوں عوام کی منتخب نمائندہ جماعت ایم کیوایم کو کچلنے کی سازش کی جارہی ہے اورمہاجروں کے بنیادی انسانی حقوق پامال کیے جارہے ہیں لیکن اس ظلم کے خلاف میاں شہبازشریف اور سرفراز بگٹی کو ایک لفظ تک بولنے کی توفیق نہیں ہوئی ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہم مذہب اورہم وطن شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی حمایت کرنے والے خود پاکستان کے سب سے بڑے دشمن اور بدمعاش ہیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جب قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت اپنے شہریوں کی جان ومال کی دشمن بن جائے تو ظلم کا شکار مہاجر عوام کو انصاف کون فراہم کرے گا؟

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بانیان پاکستان کی اولادوں نے عزت سے جینے اور عزت سے مرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انشاء اللہ بہت ظالموں اور ان کا ساتھ دینے والوں کو انجام عبرتناک ہوگا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ میاں شہبا زشریف ، قوم کو جواب دیں کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی باربار یقین دہانیوں کے باوجود کراچی آپریشن کیلئے آج تک مانیٹرنگ کمیٹی کیوں تشکیل نہیں دی گئی؟

    میاں شہبازشریف کو کراچی میں رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے بے گناہ رہنماوٴں ، ذمہ داروں اور کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریاں، حراست کے دوران ان پرکیا گیابہیمانہ تشدد،گرفتارشدہ کارکنان کی گمشدگی اوربے گناہ کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کیوں دکھائی نہیں دیئے؟

    بانیان پاکستان کی اولادوں کو مسلسل غیرقانونی اورغیرانسانی ظلم کا نشانہ بناکر کیا پاکستان دشمنی کامظاہرہ نہیں کیاجارہا؟ شہبازشریف ،خواجہ آصف کی جانب سے مسلح افواج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر کیوں خاموش رہے؟

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عدالت کی جانب سے رابطہ کمیٹی کے اسیررکن قمرمنصور کو طبی معائنہ کیلئے اسپتال بھیجنے کا حکم دینے کے باوجود انہیں کو علاج ومعالجہ کی سہولت سے محروم رکھنے کاعمل کیا توہین عدالت نہیں ہے؟ اور توہین عدالت کے اس عمل پر میاں شہباز شریف کی زبان پر کیوں تالے لگے ہوئے ہیں؟