Tag: shares

  • بہت بڑا دھچکا : مارک زگر برگ سر پکڑ کر بیٹھ گئے

    بہت بڑا دھچکا : مارک زگر برگ سر پکڑ کر بیٹھ گئے

    واشنگٹن : گزشتہ رات سوشل میڈیا کی ایپلیکیشنز میں تعطل آنے کے بعد فیس بک کو بڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فیس بک کو آمدنی میں بڑا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

    اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروسز متاثر ہونے کے بعد امریکی اسٹاک ایکسچینج میں فیس بک کے شیئرز (حصص) کی قیمت 5.7 فیصد گرگئی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پوری دنیا میں فیس بک، انسٹا گرام اور واٹس ایپ کی سروسز گزشتہ کئی گھنٹوں سے تعطل کا شکار رہیں جس کے سبب صارفین بھی تذبذب کا شکار رہے۔

    فیس بک کے شیئرز کی قیمت گر گئی: 50 ارب ڈالرز کا نقصان ہو گیا

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق سوشل میڈیا سروسز معطل ہونے کی وجہ سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    امریکی اسٹاک ایکسچینج میں اس وقت تک فیس بک کے شیئرز کی قیمت 5.7 فیصد تک گرچکی ہے جس کی وجہ سے اسے تقریباً 50 ارب ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے سروس متاثر ہونے پر صارفین سے معذرت کی گئی ہے۔

  • تھائی ملکہ کی غیر معمولی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    تھائی ملکہ کی غیر معمولی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

    بینکاک : محل کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے منظر عام پر آنے والی تصاویر میں ملکہ کو فائٹر جیٹ، جنگی لباس اور بندوق چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے شاہی محل نے اپنی نئی نویلی ملکہ کی کچھ غیر معمولی تصاویر آفیشل ویب پر اپ لوڈ کیں، صارفین کی بڑی تعداد نے اس کو دیکھنے میں دلچسپی لی جس کے باعث ویب سائٹ کریش ہوگئی۔

    آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے منظر عام پر آنے والی تصاویر میں ملکہ کو فائٹر جیٹ، جنگی لباس اور بندوق چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن نے 67 سال کی عمر میں تیسری شادی اپنی ذاتی سکیورٹی گارڈ سے شادی کی ہے جو اب ملکہ سوتھدا کے نام سے جانی جاتی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ ملکہ کی تصاویر اپ لوڈ ہونے کے چند ہی لمحات میں ویب سائٹ پر بے تحاشہ ٹریفک کے باعث محل کی ویب سائٹ بیٹھ گئی۔

    تھائی لینڈ کے نئے بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن کی تاج پوشی کی تقریب جاری تھی کہ انہوں نے یک دم لوگوں کو مخاطب کر کے سرپرائز دینے کا اعلان کیا۔

    سیکیورٹی محافظ سے ملکہ، تھائی بادشاہ کی ملازمہ سے سرپرائز شادی

    ماہا وجیرالونگ نے اعلان کیا کہ وہ اپنی سیکیورٹی سدہتا اپنی اہلیہ اور شاہی خاندان کا حصہ بنانا چاہتے ہیں، یہ سنتے ہی وہاں موجود شاہی ملازم ایک پھولوں سے بھری ٹرے لے کر پہنچا اور اُس نے وہ بادشاہ کے سامنے کی۔

    ماہا وجیرالونگ نے سدہتا سے اظہارِ محبت کرتے ہوئے شادی کی خواہش کا اظہار بھی کیا جس پر وہ راضی ہوگئیں اور پھر تاج پوشی سے قبل دونوں کی مقامی رسم کے مطابق شادی ہوئی۔

  • سعودی آئل کمپنی آرامکو کے شیئرز آئندہ برس فروخت کیلئے پیش کیے جائیں گے

    سعودی آئل کمپنی آرامکو کے شیئرز آئندہ برس فروخت کیلئے پیش کیے جائیں گے

    ویانا : سعودی عرب کے وزیر توانائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرامکو کےحصص کی عوامی پیش کش کا عمل مکمل طور پر کبھی معطل ہی نہیں کیا گیاتھا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح نے کہا ہے کہ بڑی تیل کمپنی آرامکو کے2020-21میں حصص کی فروخت کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے جارہی ہے اور اس کا پیٹرو کیمیکل فرم سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن (سابک) سے انضمام کا عمل بھی جلد مکمل کیا جارہا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خالد الفالح نے ویانا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی او (حصص کی عوامی پیش کش) کا عمل مکمل طور پر تو کبھی معطل نہیں کیا گیا تھا، ہم ہمیشہ سے اس بات میں واضح رہے ہیں کہ آئی پی او 2020-2021 کے ٹائم فریم میں ہوگا، ہم نے اس موضوع پر کبھی بات چیت معطل نہیں کی ہے۔

    انھوں نے آرامکو کے پیٹرو کیمیکلز فرم سابک کے 70 فی صد حصص کی خریداری کا حوالہ دیا ،سعودی آرامکو نے 69 ارب 10 کروڑ ڈالرز میں سابک کے یہ حصص خرید کیے ہیں۔اس کے علاوہ 12 ارب ڈالرز کے بانڈز کی فروخت کی ہے جس کی وجہ سے آئی پی او میں تاخیر ہوئی ہے۔

    وزیر توانائی خالد الفالح کا کہنا تھا کہ اب یہ تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور ہم نے آئی پی او کے لیے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔اآ

  • ملیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے یوم پاکستان کی پریڈ کی ویڈیو فیس بک پر پوسٹ کردی

    ملیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے یوم پاکستان کی پریڈ کی ویڈیو فیس بک پر پوسٹ کردی

    ملیشیا : ملیشین وزیراعظم مہاتیرمحمد نے یوم پاکستان کی پریڈ کی ویڈیو فیس بک پر پوسٹ کردی اور کہا وزیراعظم عمران خان اورپاکستانی عوام کی پرتپاک میزبانی پرشکر گذار ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے دورہ پاکستان کے حوالے سے فیس بک پر خصوصی پوسٹ شیئر کی، ویڈیومیں مہاتیرمحمد کی بطورمہمان خصوصی پریڈمیں شرکت اور وزیراعظم عمران خان کیساتھ خوشگوار لمحات کےمناظر موجودہیں۔

    ویڈیو میں جےایف سیونٹین کے معائنے اور پاکستان سےروانگی کے لمحات بھی قید ہیں۔

    مہاتیر محمد نے ویڈیو کے ساتھ پوسٹ میں بھرپور استقبال پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان اورپاکستانی عوام کی پرتپاک میزبانی پرشکر گذار ہوں۔

    یاد رہے ڈاکٹر مہاتیر محمد کو یوم پاکستان کی پریڈ میں مہمان اعزاز کی حیثیت سے شرکت کے لئے وزیر اعظم کی جانب سے خصوصی طورپر مدعو کیا گیا تھا، 21 مارچ کو ملیشین وزیراعظم مہاتیر محمد تین دوزہ دورے پر پاکستان آئے تھے ، اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر مہاتیر محمد نے وزیر اعظم عمران خان سے ون ٹو ون اور وفود کی سطح پر مذاکرات کئے، انہوں نے صدر مملکت کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

    دورے میں ملیشیا کے وزیر اعظم نے سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شرکت کی ، اس موقع پر پاکستان اور ملیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے لئے مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔

    ملیشیا وزیراعظم نے پاکستان میں پروٹون گاڑیوں کاپلانٹ لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان کےلئے گاڑیوں کا پلانٹ لگانا تحفہ ہے جبکہ مہاتیر محمد نے وزیراعظم عمران خان کو”پروٹون کار “تحفے میں بھی دی۔

    مزید پڑھیں : ملیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کا جے ایف 17تھنڈر طیارے کا معائنہ ، وطن روانہ

    ملیشیا وزیراعظم مہاتیر محمد نے صدر مملکت سے بھی ملاقات کی، صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور پائیدار پاک ملائیشیا دوستی کے لئے ان کی گرا ں قدر خدمات میں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز “نشان پاکستان” بھی عطا کیا، جس کے بعد مہاتیر محمد نے یوم پاکستان پر مدعو کرنے اور پاکستان کا اعلیٰ سول ایوراڈ نشان پاکستان دینے پر شکریہ ادا کیا۔

    ملیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد نے صدر مملکت اور وزیر اعظم کے ہمراہ یوم پاکستان کی پریڈ میں مہمان اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی اور انہیں مسلح افواج کی جانب سے سلامی دی گئی۔

    وطن روانگی سے قبل پاک فضائیہ کی جانب سے ملیشین وزیراعظم کو جیکٹ تحفے میں دی گئی، اعلیٰ حکام نے مہاتیر محمد جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور اہم فیچرز سے آگاہ کیا۔

    ملائیشیا کے وزیر اعظم نے پاک چین اشتراک سے تیار ہونے والے جدید ترین لڑاکا طیارے میں گہری دلچسپی لی، انہوں نے اس موقع پر جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے کامعائنہ بھی کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے۔

  • فیس بک کو ایک دن میں اربوں ڈالر کا نقصان

    فیس بک کو ایک دن میں اربوں ڈالر کا نقصان

    سانس فرانسسکو: عالمی حصص مارکیٹ میں فیس بک کے شیئرز کی مالیت بیس فیصد نیچے آگئی جس کے باعث کمپنی کو ایک روز میں اربوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی حصص مارکیٹ میں ڈیٹا لیکس اور روس کے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کے تعلقات میں مزید کشیدگی کے بعد ٹریڈنگ کے دوران فیس بک کے شیئرز کی قیمت بیس فیصد کم ہوگئی۔

    شیئر مارکیٹ میں قیمتیں گرنے کے بعد فیس بک کو ایک دن میں 17 ارب ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث سرمایہ کاروں نے مارک زکر برگ کو عہدے سے ہٹانے کی تجویزدے دی۔

    حصص مارکیٹ میں شیئرز کی قیمتیں کم ہونے اور سرمایہ کاروں کی تجویز کے بعد فیس بک کے بانی اور انتظامیہ شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے، بلوم برگ بلینئر انڈیکس میں بھی مارک زکر برگ کی تنزلی کے بعد تیسری پوزیشن سے گر کر چھٹے درجے پر پہنچ گئے۔

    مزید پڑھیں: فیس بک اور واٹس ایپ کے استعمال پر ٹیکس عائد

    واضح رہے کہ 12 جولائی کو  برطانوی حکومت نے کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل کی تحقیقات کے بعد سامنے آنے والی رپورٹ کی روشنی میں فیس بک کو صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت نہ کرنے کے جرم میں 6 لاکھ 63 ہزار ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

    برطانوی حکومت نے صارفین کی ذاتی معلومات کو بہتر انداز میں تحفظ فراہم نہ کرنے پر  فیس بک کو پہلی بار 6 لاکھ 63 ہزار ڈالرز جرمانہ ادا کرنے کی سزا کا اعلان کیا تھا۔

    خیال رہے کہ چند ماہ قبل سامنے آنے والے کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل کے بعد سماجی رابطے کی ویب سایٹ کو کافی بدنامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کی ساکھ کو بھی بہت نقصان پہنچا تھا۔ فیس بک کے حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تھی اور ساتھ ساتھ مارک زکربرگ کو بھی امریکا کی قانون ساز اسمبلی میں پیش ہونا پڑا تھا۔

    واضح رہے کہ برطانوی اور امریکی میڈیا کے مطابق سال 2014 میں کیمبرج اینالیٹیکا نے مبینہ طور پر ایک سافٹ ویئر کے ذریعے فیس بک استعمال کرنے والے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: کیمبرج اینالیٹیا اسکینڈل’ برطانیہ نے فیس بک پر جرمانہ عائد کردیا

    کیمبرج اینالیٹیکا، ایک برطانوی کمپنی تھی، جسے 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران دولت مند ریپبلکن ڈونرز کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے سرمایہ فراہم کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فیس بک صارفین کا ڈیٹا چوری کرنے والی کیمبرج اینالیٹیکا کمپنی نے تحقیقاتی ادارے کو بتایا کہ کمپنی نے 8 کروڑ 70 لاکھ صارفین تک غیر قانونی طور پر رسائی حاصل کی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حکومت نے تاحال صرف سزا کا اعلان کیا ہے، تاہم فیس بک کو تحقیقات کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جس کے بعد جرمانے کا فیصلہ سنایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • فیس بک کو تین ارب کا مالی خسارہ

    فیس بک کو تین ارب کا مالی خسارہ

    نیویارک: سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک بانی مارک زکربرگ کو اپنے ہی ایک بیان کے بعد 3 ارب ڈالر کے مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ میں بے حد مقبول ویب فیس بک انتظامیہ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں بانی مارک زکر برگ نے اپنے شراکت داروں اور صارفین کو مالی خسارے کے حوالے سے خبردار کیا تھا۔


    پڑھیں: فیس بک نے 2 بچھڑی بہنوں کو ملا دیا


    انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’صارفین کی اشتہارات میں عدم دلچسپی کے باعث فیس بک کواس مد میں حاصل ہونے والی آمدنی میں کمی کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے‘‘۔

    اعلامیے میں بانی فیس بک نے کہا کہ ’’ہم نے طاقتور سرمایہ کاری کے حصول کی کوششیں تیز کردی ہیں مگر صارفین کی جانب فیس بک پر اشتہارات دینے میں مسلسل عدم دلچسپی ہے، جس کی وجہ سے 2017 میں مالی خسارے کا امکان موجود ہے۔

    fb-1

    انتظامیہ کی جانب سے اعلان جاری ہونے کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے شیئرز فروخت کیے جس کی وجہ سے بانی فیس اور اُن کی کمپنی کو 3 ارب روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

  • شنگھائی پاور نے کراچی الیکٹرک کے اکثر شیئرز خرید  لیے

    شنگھائی پاور نے کراچی الیکٹرک کے اکثر شیئرز خرید لیے

    کراچی: متحدہ عرب امارات کی کمپنی ابراج گروپ نے کراچی الیکٹرک کے اکثر حصص چین کی کمپنی شنگھائی پاور کو فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا معاہدہ بھی حتمی مراحل میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 2009 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپورشن کے حصص خریدنے والے متحدہ عرب امارات کے گروپ ابراج نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے اکثر حصص چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک پاور کو دینے کا معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی کمپنی ابراج گروپ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں اعلان کیا گیا ہے کہ کراچی الیکٹرک کے 66.4 فیصد شیئرزکو چینی الیکٹرک کمپنی کو فروخت کیا جائے گا۔ جس کی  قیمت  1 ارب 77 کروڑ ڈالر بنتی ہے جس کی ادائیگی کے لیے معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔

    ابراج گروپ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے حصص کی فروخت حتمی مراحل میں ہے اس سلسلے میں گروپ نے پاکستان میں نجی شعبے سے لین دین کا عمل شروع کردیا ہے، معاہدے کی تکمیل اور شیئرز کی فروخت کے بعد پاکستان کی تاریخ میں نجی شعبے کا سب سے بڑا لین دین ہونے جارہا ہے۔

    اس ضمن میں شنگھائی الیکٹرک پاور کے چیئرمین وانگ یوندان کا کہنا ہے کہ ’’گزشتہ 7 سالوں میں کے الیکٹرک نے ابراج گروپ کے ساتھ بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جس پر دونوں کمپنیاں خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی الیکٹرک کے الیکٹرک انتظامیہ کی کارکردگی اور صلاحیتوں کی معترف ہے۔

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ شنگھائی الیکٹرک پاور پاکستان کے لوگوں اور حکومت کو بہتر سروس فراہم کر کے اُن کی خدمت کرنا چاہتی ہے اس کے لیے ہم نے اپنے سرمایہ کاروں اور کے الیکٹرک کے اشتراک سے حکمت عملی تشکیل دی ہے، جس کے تحت کےالیکٹرک کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی اور ہم اسے پاکستان کی بہترین کمپنیوں میں سے ایک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    پڑھیں:  شنگھائی الیکٹرک کا کے الیکٹرک خریدنے میں اظہار دلچسپی

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی شہر میں بجلی کے صارفین کی تعداد 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے۔ سب سے پہلے بجلی کی ترسیل کے لیے 1913 میں کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کا قیام وجود میں آیا۔ جو شہر میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور اس کی پیداوار کے علاوہ تقسیم کی ذمہ دار تھی۔

    کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 2005 میں نجی شعبے میں تبدیل کردیا گیا تھا اور چار سال بعد دبئی کے ایک گروپ نے اس کے حصص خرید لیے تھے جس کے بعد 2009 سے یہ کمپنی ابراج گروپ کے ماتحت ہوگئی تھی۔

  • کے ای ایس پاور لمٹیڈ نے کے الیکٹرک سے شیئرز آف لوڈ کردیئے

    کے ای ایس پاور لمٹیڈ نے کے الیکٹرک سے شیئرز آف لوڈ کردیئے

    کراچی : کے الیکٹرک کی سب سے بڑی شئیر ہولڈر کمپنی کے ای ایس پاور لمٹیڈ نے رواں ہفتے سستتر کروڑ چھالیس لاکھ شیئرز مارکیٹ میں آف لوڈ کئے ہیں۔

    اسٹاک مارکیٹ ذرائع کے مطابق رواں ہفتے کےدوران ابراج گروپ کی ہولڈنگ کمپنی کی ای ایس پاور لمٹیڈ نے رواں ہفتے ستتر کروڑ چھیالیس لاکھ شیئرز مارکیٹ میں فروخت کئے ہیں جس سے مارکیٹ میں کے الیکٹرک کے شیئرز کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔

    ۔اس وقت کے الیکٹرک میں ابراج گروپ کی ہولڈنگ انہتر اعشاریہ دو فیصد سے کم ہوکر چھیاسٹھ اعشاریہ چار فیصد ہوگیا۔اسٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ان حصص کی فروخت سے کمپنی کو ساڑھے چھ ارب روپے تک حاصل ہوئے ہیں۔

    اسٹاک مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس ٹرانزیکشن سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ابراج گروپ کے الیکٹرک میں سے اپنی سرمایہ کاری نکالنے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔

  • اوجی ڈی سی ایل کے حصص کی فروخت کا منصوبہ مؤخر

    اوجی ڈی سی ایل کے حصص کی فروخت کا منصوبہ مؤخر

    اسلام آباد: کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے اوجی ڈی سی ایل  کے دس فیصد حصص کی فروخت کا منصوبہ مؤخر کردیا۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی گرتی ہوئی قیتمتوں اور معیشت میں بہتری کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

    حکومت کو او جی ڈی سی ایل کے دس فیصد حصص کی فروخت سے اکیاسی سے تیراسی کڑور ڈالرز حاصل ہونے کی توقع تھی تاہم بک بلڈنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اوجی ڈی سی ایل کی فی شئیر قیمت دو سو سولہ روپے مقرر کی گئی تھی جو حکومتی توقع سے کافی کم ہے۔

    گزشتہ روز نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اوجی ڈی سی ایل کے شیئرز کی فروخت سے زیادہ سے زیادہ اٹہتر کڑوڑ ڈالرز حاصل ہونگے۔

  • او جی ڈی سی ایل ملازمین پر تشدد، متحدہ اپوزیشن کا واک آوٹ

    او جی ڈی سی ایل ملازمین پر تشدد، متحدہ اپوزیشن کا واک آوٹ

    اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے اوجی ڈی سی ایل ملازمین پرتشدداور حکومتی نجکاری پالیسی کیخلاف پارلمنٹ کے باہر دھرنا دیا۔۔سینیٹر رضاربانی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے اپنی روش نہ بدلی شاہراہ دستور کودھرنا دے کر بند کردیں گے۔

    سینیٹ میں متحدہ اپوزیشن نے او جی ڈی سی ایل کے ملازمین پر تشدداور حکومتی نجکاری پالیسی کیخلاف سینیٹ اجلاس کا واک آؤٹ کرکے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیا، پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے حکومت کو متنبہ کیا ڈی چوک میں ابھی ایک دھرنا جاری ہے اگر حکومت نے اپنی روش نہ بدلی تواس دھرنے کا دائر کاربھی شاہراہ دستور تک پھیلادیا جائے گا۔

    اس موقع پر اراکین سینیٹ نے حکومت کیخلاف زبردست نعرے بازی کی۔۔ نیٹ ساؤنڈ۔۔۔ اراکین سینٹ کا کہنا تھا کہ حکومت کی دہری پالیسی سمجھ سے بالاتر اسلام آباد میں پولیس ڈنڈا برداروں کے خلاف خاموش رہی لیکن اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے والے مزدوروں پر نہ صرف لاٹھیاں برسائی بلکہ ان پر مقدمات بھی قائم کرڈالے۔