Tag: sharif

  • وزیر اعظم نے آصف زرداری اور نواز شریف کے ذاتی اخراجات کی تفصیل طلب کرلی

    وزیر اعظم نے آصف زرداری اور نواز شریف کے ذاتی اخراجات کی تفصیل طلب کرلی

    اسلام آباد: سابقہ ادوار حکومت میں قومی خزانے کو ذاتی فوائد کے لیے بے دریغ استعمال کیا گیا جس کی تفصیلات وزیر اعطم عمران خان نے طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بطور سربراہ مملکت ذاتی اخراجات کی تفصیل طلب کرلی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے دریافت کیا ہے کہ سنہ 2008 سے سربراہان مملکت اور ارکان پارلیمنٹ نے قومی خزانے کو کتنا نقصان پہنچایا؟ اور بیرون ملک دوروں، علاج، سیکیورٹی اور کیمپ آفس کے نام پر کتنی رقم وصول کی؟

    وزارت خارجہ اور کابینہ ڈویژن مذکورہ تفصیلات وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں گے جو وزیر اعظم نے کل طلب کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اخراجات کی تفصیلات کو منظر عام پر لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    قرض سے متعلق مفصل رپورٹ تیار کرنے کا فیصلہ

    دوسری جانب حکومت نے گزشتہ 10 سال میں لیے جانے والے قرض اور اس کے استعمال کی مفصل رپورٹ تیار کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا جائے گا کہ کس محکمے نے کتنا قرض لیا اور کہاں استعمال کیا اور قومی خزانے کو کتنا نقصان پہنچایا گیا۔ اس ضمن میں مختلف وزارتوں اور محکموں سے قرضوں اور اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق قرض سے متعلق مفصل رپورٹ قوم کے سامنےلائی جائے گی، قرض کے استعمال میں مبینہ کرپشن پر بھی آگاہ کیا جائے گا جبکہ رپورٹ ہائی پاورڈ انکوائری کمیشن کو بھی دی جائے گی۔

  • شریف خاندان کا فرنٹ مین مشتاق چینی 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    شریف خاندان کا فرنٹ مین مشتاق چینی 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

    لاہور: لاہور کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے فرنٹ مین مشتاق عرف چینی کو 14 دن کے جسمانی ریمانڈ پر قومی ادارہ احتساب (نیب) کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گرفتار کیے گئے شریف خاندان کے فرنٹ مین مشتاق عرف چینی کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب نے عدالت کو بتایا کہ مشتاق عرف چینی شہباز شریف کی فیملی کا فرنٹ مین ہے۔

    نیب کا کہنا تھا کہ مشتاق عرف چینی نے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں 50 کروڑ کی ٹرانزیکشن کی، ملزم سے نیٹ ورک سے متعلق تحقیقات کرنی ہے، نیب نے عدالت سے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

    عدالت نے مشتاق عرف چینی کو 14 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

    خیال رہے کہ مشتاق چینی کو گزشتہ روز بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ محمد مشتاق چینی پی آئی اے کی پرواز 203 سے دبئی روانہ ہو رہا تھا تاہم اس کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے پر اسے آف لوڈ کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتاق چینی نے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں 60 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کی تھی اور حمزہ شہباز کی ماڈل ٹاؤن میں گرفتاری کے موقع پر روپوش ہوگیا تھا۔

    مشتاق چینی سے متعلق مزید انکشافات سامنے آئے تھے جس کے مطابق ملزم نیب کو 2 مختلف مقدمات میں مطلوب تھا اور اس پر 60 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے جبکہ رمضان شوگر مل سے نکاسی کے لیے نالے کا جعلی سروے کروانے کا بھی الزام ہے۔

    گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں انکشاف ہوا تھا کہ مشتاق عرف چینی نے کمپنی بنا کر لاکھوں ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی، جعلی اکاؤنٹس میں ملوث دبئی کی کمپنی سے ٹرانزیکشن کی گئی۔

    برلاس ٹریڈنگ کمپنی سے لاکھوں ڈالر مشتاق کی کمپنی کو بھیجے گئے، برلاس ٹریڈنگ کمپنی کا نام بھی جے آئی ٹی رپورٹ میں موجود ہے۔ سلمان شہباز، مشتاق چینی میں 50 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی، مشتاق چینی کے اکاؤنٹ سے 50 کروڑ روپے سلمان شہباز کو گئے۔

    مشتاق چینی نے 7 لاکھ سے زائد درہم کی ٹی ٹی منگوائی تھی، سال 2002 میں سلمان شہباز نے اپنی دولت 20 ہزار روپے ظاہر کی۔ سلمان شہباز کی دولت دیکھتے ہی دیکھتے اربوں روپے ہوگئی، سلمان شہباز کو اربوں روپے ٹی ٹی کے ذریعے دیے گئے۔

  • قوم چاہتی ہے کہ طاقتوروں کا احتساب ہو: ندیم افضل چن

    قوم چاہتی ہے کہ طاقتوروں کا احتساب ہو: ندیم افضل چن

    اسلام آباد: وزیر  اعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ شریف خاندان کا ابھی وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے.

    ان خیالات کا اظہار  انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ اداروں کے بغیر سیاست نہیں کر سکتے.

    ندیم افضل چن نے کہا کہ حمزہ شہبازکو نیب بلاتا ہے، تو ان کو خود جانا چاہیے، ہم تو میثاق معیشت اور  احتساب کے حوالے سے بھی تیار ہیں.

    انھوں نے کہا کہ احتساب اور سیاست الگ ہونی چاہیے، پی ٹی آئی کا کوئی کیس بنایا ہوا نہیں ہے، قوم کرپشن سے تنگ ہے، چاہتی ہے کہ طاقتوروں کا احتساب ہو.

    مزید پڑھیں: گرفتاری میں مزاحمت، نیب کی ٹیم حمزہ شہباز کو گرفتار کیے بغیر واپس روانہ

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا کہ اگر ریلیف ملے، تو  سسٹم کی واہ واہ اگر نہ ملے، تو  سسٹم خراب، بات یہ ہے کہ ان کے چہروں سے رونق خود چلی جاتی ہے.

    یاد رہے کہ نیب نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے ماڈل ٹاؤن 96 ایچ رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا، مزاحمت کے پیش نظر حمزہ شہبازکی گرفتاری نہیں ہوسکی اور ٹیم حمزہ شہباز شریف کی رہائش گاہ سے واپس روانہ ہوگئی.

  • شریف باپ بیٹی قوم کو بیوقوف بنانا بند کریں،عمران خان کا ٹوئٹ

    شریف باپ بیٹی قوم کو بیوقوف بنانا بند کریں،عمران خان کا ٹوئٹ

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف باپ بیٹی قوم کو بیوقوف بنانا بند کریں، ووٹوں سے منتخب ہونے والے قانون سے بالاتر نہیں ہوتے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوامی عدالت سے رجوع کی آڑ میں عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے شریف باپ اور بیٹی کی جانب سے ریلی کے نام پر رچایا جانے والا تماشا اب بند ہونا چاہئیے، ہر کوئی جانتا ہے کہ دنیا بھر کی جمہوریتوں میں عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں مگر انصاف کی فراہمی عدلیہ ہی کی ذمے ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ریاستی ادارے کرپشن کا کھوج لگانے اور بے نقاب کرنے کے پابند ہیں، شریفوں کی منطق ہے کہ جو ایک مرتبہ ووٹ لیکر آجائے وہ قانون سے بالاتر اور ہر قسم کی باز پرس سے مبرا قرار دے دیا جائے۔

    سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں سیاسی جماعت اے این سی نے اپنے لیڈرکوکرپشن کے الزام میں نکال باہرکیا۔اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہوکووزیراعظم ہونے کے باوجودکرپشن الزامات پرپولیس تحقیقات کا سامنا ہے،ووٹوں سے منتخب ہونے کا مطلب قانون سے بالاترہونا نہیں ہوتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • تفتیش کے لیے پیش نہیں ہوں گے: نواز شریف کا نیب کو تحریری جواب

    تفتیش کے لیے پیش نہیں ہوں گے: نواز شریف کا نیب کو تحریری جواب

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے نیب میں اپنا تحریری جواب جمع کروا دیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ پیش نہیں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج نیب میں طلب کیے جانے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف تو پیش نہ ہوئے تاہم ان کے وکیل نے نیب میں ان کا تحریری جواب جمع کروا دیا۔

    نواز شریف اور ان کے خاندان کے ساتھ وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کے وکلا بھی نیب میں پیش ہوئے اور نواز شریف، مریم، حسین، حسن اور اسحٰق ڈار کا جواب جمع کروا دیا گیا۔

    مزید پڑھیں: شریف خاندان نے نیب میں طلبی کا تیسرا نوٹس بھی نظر انداز کردیا

    وکلا کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ نیب جس قانون کے تحت کارروائی کر رہا ہے، وہ خلاف ضابطہ ہے۔ قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی تحقیقات نہیں دھوکہ ہے۔

    جواب میں کہا گیا کہ ریفرنس کی تیاری اور انکوائری کا اختیار چیئرمین نیب کے پاس ہے۔

    نواز شریف کی جانب سے کہا گیا کہ وہ نیب میں پیش نہیں ہوں گے۔

    یاد رہے کہ نواز شریف، ان کے بچوں اور وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کو نیب کی جانب سے 3 بار طلبی کا نوٹس جاری کیا جا چکا ہے تاہم ابھی تک کوئی بھی نیب میں پیش نہیں ہوا۔

    شریف خاندان کی جانب سے نیب کو ایک نوٹس بھی بھیجا جا چکا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ابھی پاناما کیس پر نظر ثانی کی اپیل جاری ہے لہٰذا ان کے خاندان کا کوئی بھی فرد نیب میں پیش نہیں ہوسکتا۔


  • نوازشریف کی لاہور آمد، روٹ میں تبدیلی کا اعلان

    نوازشریف کی لاہور آمد، روٹ میں تبدیلی کا اعلان

    اسلام آباد: نوازشریف نے مسلم لیگ ن کی قیادت کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے کل بذریعہ موٹروے لاہور جانے کا ارادہ منسوخ کردیا، اب نوازشریف جی ٹی روڈ سے لاہور پہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا جس میں لیگی رہنماؤں نے کل سابق وزیراعظم کو بذریعہ موٹروے لاہور نہ جانے مشورہ دیتے ہوئے روٹ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں مریم نواز نے مشورہ دیا کہ نوازشریف کو شاندار ریلی کی صورت میں جی ٹی روڈ کے ذریعے لاہور لے جایا جائے تاکہ دشمن عناصر کو واضح پیغام دیا جاسکے۔

    پڑھیں: سابق وزیراعظم نوازشریف کاقافلہ پنجاب ہاؤس پہنچ گیا

    ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ کی قیادت عدلیہ بحالی تحریک کی طرز پر نوازشریف کو لاہور لے جانے کی خواہش مند ہے اور تقریباً 2 روز سڑکوں پر گزارنے کی خواہش مند بھی ہے۔

    مسلم لیگ ن کو خدشہ تھا کہ موٹروے کے ذریعے لاہور جانے والی ریلی ناکام ہوسکتی ہے لہذا اس پروگرام کو منسوخ کیا جائے اور نوازشریف کو جی ٹی روڈ کے ذریعے ریلی کی صورت میں لاہور لے جایا جائے۔

    مزید پڑھیں: سابق نااہل وزیر اعظم کی بارہ کہو آمد، قانون کی دھجیاں اڑا دیں

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے اجلاس میں تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوازمخالف قوتوں کو سخت پیغام دینے کے لیے جی ٹی روڈ کا انتخاب بے حد ضروری ہے جبکہ سینئر لیگی رہنماؤں نے سیکیورٹی خدشات کی بناء پر روٹ تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔

    قبل ازیں نوازشریف مری سے پنجاب ہاؤس پہنچے جہاں لیگی کارکنان کی خاصی تعداد نے اُن کا استقبال کیا۔

  • شریف خاندان دوسری خواتین کی عزت نہیں کرتا، شہلا رضا

    شریف خاندان دوسری خواتین کی عزت نہیں کرتا، شہلا رضا

    کراچی: سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر اور پیپلزپارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو اپنی بچی کا خیال ہے مگر دوسروں کی بچیوں کی عزت کا کوئی خیال نہیں ہے۔

    اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ مریم نواز کرپشن کے کیس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں، سیدھے راستے پر نہ چلنے والے اپنی بیٹی کی پیشی پر مذہبی مثالیں دے رہے ہیں۔

    پڑھیں: مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت کےخلاف ماضی میں سازشیں ہوتی رہی ہیں، مسلم لیگ ن کو اُس وقت عزت کا خیال نہیں آیا جب بے نظیر اور مجھے بلاجواز جھوٹے مقدمات میں قید میں رکھا گیا۔

    ویڈیو دیکھیں

    شہلا رضا نے انکشاف کیا کہ ڈان لیکس کے معاملے پر حکومت نے کسی کو بچانے کے لیے سیٹلمنٹ (سمجھوتہ) کیا تاہم وہ سب بے کار ہوگیا کیونکہ مریم کو آج کرپشن کیس کی وجہ سے تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونا پڑا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ جب اپنی بیٹی کی عزت کا خیال ہے تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی بچیوں کا خیال کیوں نہیں کیا گیا۔

    پورے پروگرام کی ویڈیو

    یاد رہے آج وزیراعظم کی صاحبزادی جے آئی ٹی میں پیش ہوئیں جہاں تفتیشی ٹیم نے اُن سے ایک گھنٹے سے زائد وقت تک سوالات کیے اور بیرونِ ملک اثاثوں کے جوابات بھی طلب کیے۔

  • وزیراعظم کا ڈونلڈ ٹرمپ کو فون، دورہ پاکستان کی دعوت

    وزیراعظم کا ڈونلڈ ٹرمپ کو فون، دورہ پاکستان کی دعوت

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دے دی۔

    اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں صدر منتخب ہونے پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

    نواز شریف نے امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے جلد ملاقات کا متمنی ہوں اور اہالیانِ پاکستان آپ کے استقبال کے لیے آپ کی آمد کے منتظر ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان سے کہا کہ آپ کی گفتگو سے لگ رہا ہے کہ ہم ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے ہیں، آپ اچھی شہرت رکھتے ہیں اور آپ کی کارکردگی ہرشعبے میں نظر آتی ہے ، آپ مجھے کسی بھی وقت فون کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم پاکستان سے یہ ان کا پہلا رابطہ ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات پر خوشگوار اثر چھوڑ سکتا ہے۔