Tag: Sharmila Farooqui

  • بارش کا پانی 2سے3 گھنٹوں میں کیسےاترا؟  شرمیلا فاروقی نے بتادیا

    بارش کا پانی 2سے3 گھنٹوں میں کیسےاترا؟ شرمیلا فاروقی نے بتادیا

    کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بے نقاب کردیا لیکن رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے سیاسی مخالفین کو ہی ذمہ دار قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آج نالے صاف نہ ہوتے تو پانی دو تین گھنٹے میں نہیں اُترتا، نالوں کی صفائی کا کریڈٹ سندھ حکومت کو جاتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گجر نالے سے تجاوزات ہٹائے گئے، آپ کو یاد ہوگا کہ گجرنالے پر آپریشن پر سب سے زیادہ شور کس سیاسی پارٹی نے مچایا تھا؟

    انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب گٹر اور نالوں کو بوریاں ڈال کر بلاک کیا جاتا تھا، گٹر بلاک کرنے کا مقصد سندھ حکومت کو بدنام کرنا تھا۔

    شرمیلا فاروقی نے مخالفین کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ لوگ سندھ حکومت پر تنقید نہیں کریں گے تو ان کو ووٹ کیسے ملیں گے؟

    شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی کا دورہ کرکے 1100 ارب روپے کا جو اعلان کیا گیا تھا وہ آج تک نہیں ملے۔

    میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے اربن فلڈنگ ہوا کرتی تھی تو کوئی نہیں ہوتا تھا، آج کم سے کم ہم ساتھ تو کھڑے ہیں۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی کراچی کے مسائل پر بات کرتی ہے، موٹر وے ایم 6 پر پیپلز پارٹی ہی لڑی ہے، ایم کیو ایم نے کبھی آواز نہیں اُٹھائی، پیپلزپارٹی جب اپنی پر آتی ہے تو بات منوا کر ہی اُٹھتی ہے۔

  • شرمیلا فاروقی حکومت پر برس پڑیں

    شرمیلا فاروقی حکومت پر برس پڑیں

    پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ لوگ بجلی کے بل نہیں دے پا رہے اور حکومت گیس کے ٹیرف میں اضافہ کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ اگر حکومت کا کام عوام کا گلا گھونٹ کر خون چوسنا ہے تو کوئی حل نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جو بھی کنڈیشن ہو آپ نے اپنے ملک کے لوگوں کو مارنا تو نہیں ہے، ملک میں گیس کی شدید قلت ہے، گھروں میں چولہے نہیں جل پارہے ہیں، آئی ایم ایف نے یہ نہیں کہا لوگوں کے گلے دبا دیں، انکے چولہے بند کردیں، حکومت کو گیس کی ترسیل سے متعلق پالیسی بنانی چاہیے تھی۔

    شرمیلافاروقی کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس کی قلت ہے لیکن ٹیرف بڑھائے جارہے ہیں، جس صوبے سےگیس نکلتی ہے اسے تو گیس نہیں دی جاتی، آئی ایم ایف کہتا ہے یہ سبسڈی نہ دیں، حکومت سستی گیس دینے کا طریقہ نکالے۔

    پی پی رہنما نے کہا کہ ایوان میں سوال کرتے ہیں تو جواب دینے کیلئے حکومتی بینچوں پر کوئی نہیں ہوتا، حکومت غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، انٹرنیٹ بندش سے حکومت کہتی ہےکوئی نقصان نہیں ہوا لیکن نقصان تو ہوا ہے۔

    شرمیلا فاروقی نے مزید کہا کہ حکومت نے پی پی سے معاہد کیا لیکن اس معاہدے پر عمل نہیں کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/sherry-rehman-pti-leadership-faiz-hameed-12-12-2024/

  • چالیس عمرے کرچکی ہوں، مدینے میں‌ بہت سکون ہے، شرمیلا فاروقی

    چالیس عمرے کرچکی ہوں، مدینے میں‌ بہت سکون ہے، شرمیلا فاروقی

    کراچی: پیپلزپارٹی کی خاتون رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ جب مسائل میں بری طرح پھنس جاتی ہوں تو اللہ سے باتیں کرتی ہوں کیونکہ وہی مسائل حل کرسکتا ہے، سب سے زیادہ سکون مدینہ منورہ میں حاصل ہوتا ہے، چالیس بار عمرے کی سعادت حاصل ہوچکی ہے۔

    اے آر وائی کے پروگرام شانِ افطار میں بطور مہمان شرکت کرنے والی شرمیلا فاروقی نے  بتایا کہ انہیں چالیس بار عمرے کی سعادت حاصل کرنے کا شرف حاصل ہوچکاہے، حالیہ رمضان المبارک شروع ہونے سے چار روز قبل وہ عمرہ ادا کر کے واپس آئیں۔

    والدین شروع سے ہی مذہب کی طرف مائل ہیں

    انہوں نے بتایا کہ والدین شروع سے ہی مذہب کی طرف مائل ہیں، انہوں نے حج ادا کیا ہوا ہے تاہم ایک بار ایسا ہوا کہ میرا حج پر اُن کے ساتھ جانے کا ارادہ تھا مگر آخری دنوں میں علالت (یرقان) کے باعث ڈاکٹر نے شرمیلا کو سفر کرنے سے منع کردیا۔

    دوسال کی عمر سے والدین عمرہ ادائیگی کے لیے لے جارے ہیں

    شرمیلا فاروقی نے کہا کہ 2 سال کی تھی جب سے والدین عمرہ ادائیگی کے لیے لے جارہے ہیں تاہم مجھے 8 برس کی عمر میں ادا کیا جانے والا عمرہ یاد ہے، ہماری فیملی نے کئی عمرے ادا کیے متعدد بار ایسا بھی ہوا کہ سال میں دو بار عمرے کی سعادت حاصل ہوئی۔

    پی پی کی رکن اسمبلی نے کہا کہ والدین کی تربیت کے باعث بچپن سے ہی لگاؤ رہا، انہوں نے کم عمری میں بتایا کہ صحیح اور غلط کیا ہے اسی وجہ سے جب نماز فرض ہوئی تو ادائیگی شروع کی اور روزے فرض ہوتے ہی یہ مذہبی فریضہ بھی ادا کرنا شروع کیا۔

    ویڈیو دیکھیں

    مدینہ پہنچ کر بہت سکون ملتا ہے

    مقامِ مقدسہ پہنچ کر کیا احساس ہوتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں شرمیلا فاروقی نے کہا کہ مدینہ منورہ پہنچ کر بہت سکون محسوس ہوتا ہے کیونکہ وہ بہت پرسکون مقام ہے۔

    پہلا روزہ کب رکھا، یاد نہیں

    پہلا روزہ کب رکھا؟ اس سوال کے جواب میں شرمیلا نے کہا کہ مجھے اس بات کا علم نہیں اُس وقت عمر کیا تھی یا پھر روزہ کب رکھا؟ والدہ نے شوق میں 5 ، 6 گھنٹے کا روزہ رکھوایا تاہم جب روزے فرض ہوئے اُس کے بعد سے باقاعدہ رکھنا شروع کیے۔

    یہ ویڈیو بھی دیکھیں