Tag: Shaukat yousafzai

  • جوڈیشل کمیشن مطالبے پر پیشرفت نہ ہوئی تو مذاکرات کا ’دی اینڈ‘ ہو جائے گا: شوکت یوسفزئی

    جوڈیشل کمیشن مطالبے پر پیشرفت نہ ہوئی تو مذاکرات کا ’دی اینڈ‘ ہو جائے گا: شوکت یوسفزئی

    پشاور: پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے اگر 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کے معاملے پرپیشرفت نہ ہوئی تو مذاکرات کا ’دی اینڈ‘ ہو جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف القادر ٹرسٹ فیصلہ مؤخر ہونے پر کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ تیسری مرتبہ مؤخر ہونے پر مایوسی ہوئی ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر کرنا قانون انصاف کا مذاق ہے یہ عدالتی سسٹم پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، اعلیٰ عدلیہ کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔

    190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت این آر او لینے کے چکر میں ہے لیکن واضح کرنا چاہتے ہیں کہ نہ این آر او لیں گے نہ  ہی دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 31 جنوری تک مذاکرات جاری ہیں اس کے بعد مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کریں گے، جوڈیشل کمیشن کے مطالبے پر پیشرفت ہوئی تو مذاکرات جاری رکھنے کا امکان ہوسکتا ہے، بصورت دیگر مذاکرات کا ’’دی اینڈ‘‘ ہو جائے گا۔

  • سابق وزیر شوکت یوسفزئی کو پشاور ایئر پورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا

    سابق وزیر شوکت یوسفزئی کو پشاور ایئر پورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا

    پشاور: سابق وزیر خیبر پختون خوا شوکت یوسفزئی کو پشاور ایئر پورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمرہ ادائیگی کے لیے جانے والے شوکت یوسفزئی کو باچاخان ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ہے، اپنے ویڈیو پیغام میں شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اور دیگر اداروں نے کلیئر کر دیا مگر پھر آف لوڈ کر دیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ تمام کلیئرنس ملنے کے بعد سمجھ نہیں آ رہا کیوں روکا گیا، سمجھ نہیں آ رہا کہ کیوں اور کس نے حراست میں لے کر بٹھایا ہوا ہے، میں اس وقت پشاور ایئرپورٹ پر ہوں، ابھی انھوں نے بتایا آپ آف لوڈ ہیں۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا ’’ای سی ایل میں نام ہے نہ میرے خلاف کوئی ایف آئی آر ہے، میں نے کبھی فوج اور اداروں کے خلاف بھی بات نہیں کی، اپنی سیاست میں ہمیشہ اداروں کا احترام کیا ہے، ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی، دو نمبر کی سیاست نہیں کی۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’میں عمرے کے لیے چھ سات دن کے لیے جا رہا ہوں، لیکن وہ کہہ رہے ہیں کہ آپ نہیں جا سکتے، بورڈنگ کارڈ بھی لے لیا گیا ہے۔‘‘

  • پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے شوکت یوسفزئی کو تشدد کا نشانہ بنا دیا

    پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے شوکت یوسفزئی کو تشدد کا نشانہ بنا دیا

    پشاور: پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے شوکت یوسفزئی کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل مظاہرین نے اپنے ہی پارٹی رہنما شوکت یوسفزئی کو گھیر لیا، اور ریڈ زون میں داخلے سے منع کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔

    شوکت یوسفزئی مظاہرین کو سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچانے کی تلقین کرتے رہے، تاہم وہ اس تلقین پر بہم ہو گئے اور اپنے ہی رہنما کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر کارکنوں میں شدید اشتعال ہے۔

  • صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف حساب مانگ رہے ہیں: شوکت یوسف زئی

    صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف حساب مانگ رہے ہیں: شوکت یوسف زئی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف 417 ارب کا حساب مانگ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے پارٹی کے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق کہا ہے کہ اجلاس میں شرکت سے معذرت دو وجوہات پر کی۔

    شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پہلی وجہ صوبے بھر میں آج فورسز کے حق میں ہونے والی ریلیوں کی تیاری ہے، تحریک انصاف آج پختونخواہ میں فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالے گی۔

    انہوں نے کہا کہ دوسری وجہ شہباز شریف کی جانب سے لاشوں پر سیاست ہے، صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف 417 ارب کا حساب مانگ رہے ہیں۔

    شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ 417 ارب صوبے کا حق تھا، بتایا جائے 1100 ارب کب دیے جائیں گے، تحریک انصاف حکومت میں آکر ہر چیز کا حساب لے گی۔

  • پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

    پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

    پشاور: اے آر وائی نیوز ٹیم پر حملہ کرنے کے واقعے پر صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کے غنڈوں کی اے آر وائی نیوز پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

    شوکت یوسفزئی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ آزادی صحافت کی بات کرنے والے خود تنقید برداشت نہیں کر سکتے، پی ڈی ایم والے صحافیوں کو اپنی گندی سیاست میں نہیں گھسیٹیں، وہ حوصلہ اور ہمت پیدا کرے اور اصل حقیقت تسلیم کرے۔

    صوبائی وزیر نے کہا پی ڈی ایم کی لیڈر شپ اور جلسے بری طرح پٹ چکے ہیں، لیکن جلسوں کی حقیقت بتانے پر انھیں برا لگتا ہے، اے آر وائی نیوز سب سے زیادہ دیکھا جانے والا چینل بن چکا ہے، یہ آزادی صحافت کا علم بردار چینل ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا جمہوری ممالک میں آزاد صحافت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، لیکن لوٹ مار کرنے والوں کی نشان دہی پر اے آر وائی نیوز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    مالاکنڈ جلسہ: پی ڈی ایم کارکنوں کا اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر تشدد

    واضح رہے کہ آج خیبر پختون خوا کے ضلع مالاکنڈ کے شہر بٹ خیلہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کارکنوں نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم پر حملہ کر کے انھیں تشدد کا نشانہ بنایا، مشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے عملے کو زد و کوب کیا، اور ڈی ایس این جی وین پر پتھر پھینکے اور ڈنڈے برسائے۔

    پی ڈی ایم کے مشتعل کارکنوں کے حملے میں اے آر وائی نیوز کی گاڑی کو نقصان پہنچا، اور کیمرہ مین آپریٹر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

  • ‘بلاول اور مریم اخروٹ نہیں توڑ سکتے حکومت کیا گرائیں گے’

    ‘بلاول اور مریم اخروٹ نہیں توڑ سکتے حکومت کیا گرائیں گے’

    پشاور : صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ جلسوں اور احتجاج سے ڈرنے والے نہیں ہیں، بلاول اور مریم اخروٹ نہیں توڑ سکتے حکومت کیا گرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن عوام نہیں اپنے لیڈر کی کرپشن بچانے کیلئے اکٹھی  ہے، اپوزیشن کے جلسوں اوراحتجاج سے ڈرنے والے نہیں ہیں، بلاول اور مریم اخروٹ نہیں توڑسکتےحکومت کیا گرائیں گے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی دعوت کےباوجودسڑکوں پرنکلناسمجھ سےبالاترہے، پی ڈی ایم کی حقیقت بہت جلد عوام کے سامنے آجائے گی۔

    ترجمان کے پی حکومت نے کہا کہ پاک فوج ہمارافخر ہے،انھی کی بدولت آج ملک میں سکون ہے، پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، سیکیورٹی خدشات ہیں،پشاور میں پی ڈی ایم جلسہ نہیں ہوناچاہئے، مایوس اور مسترد شدہ سیاستدان پی ڈی ایم کا حصہ ہیں۔

    یاد رہے خیبر پختونخواہ حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے دہشت گردی کے خطرات کےپیش نظرپی ڈی ایم پشاور جلسے پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ جانوں کو رسک میں نہ ڈالاجائے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم جلسوں میں فوج کیخلاف ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے، قتدار کی محرومی نے نواز شریف کو ذہنی مریض بنادیا ہے،نواز شریف اورمودی کابیانیہ ایک ہوتا جارہاہے۔

  • ‘ بی آر ٹی منصوبے کا  افتتاح 2021 میں ہوگا ‘

    ‘ بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح 2021 میں ہوگا ‘

    پشاور : خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح 2021 میں ہوگا اور سب سے اونچی اور سب سے طویل کار کیبل کا منصوبہ وزیراعظم کاشعبہ سیاحت کےوژن کاحصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ بی آرٹی کا2021 میں افتتاح ہوگا ، کیبل کارکامنصوبہ وزیراعظم کاشعبہ سیاحت کےوژن کاحصہ ہے، یہ منصوبہ دوصوبوں کوایک دوسرے ملائے گا۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ منصوبہ مکمل ہونےپردنیاکاطویل ترین کیبل کارمنصوبہ ہوگا، وزیراعلیٰ کے پی نے منصوبےکی فزیبلٹی رپورٹ کی منظوری دیدی ہے، منصوبےکےمختلف اسٹیشنزپرکارپارکنگ کی سہولت مل سکےگی اور یہ سب سے اونچی اور سب سے طویل کار کیبل ہوگی۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ مجوزہ علاقہ میں زمین کےحصول کاکوئی مسئلہ نہیں ہے، منصوبہ بہت زیادہ قابل عمل ہے، لوگ لاکھوں کی تعداد میں سیاحت کے لیے آتے ہیں لیکن سہولتیں نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ فزیبلٹی اسٹڈی میں بہت سی اورچیزیں سامنےآئیں گی، سہولتوں کےفراہمی کےلحاظ سےمنصوبہ دنیامیں بہترین ہوگا، ہماری کوشش ہےکہ صوبے میں سیاحت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے۔

  • کراچی روشنیوں کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہیں: شوکت یوسفزئی

    کراچی روشنیوں کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہیں: شوکت یوسفزئی

    کراچی: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ کراچی روشنی کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ سندھ کے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اپنا بجٹ کہاں استعمال کر رہی ہے؟

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کراچی کے دورے کے موقع پر کہا کہ گندم اور آٹے کا بحران نہیں، صرف مافیا سرگرم تھا اس کو روکا ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ سندھ میں گندم کا بحران ان کی نالائقی ہے، کراچی روشنیوں کا شہر نہیں رہا، کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ سندھ کے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اپنا بجٹ کہاں استعمال کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور مشکلات ہیں گھبرانا نہیں ہے۔ سیاسی مخالفین کے لیے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی فکر ہے تو یہاں آئیں باہر جا کر باتیں نہ کریں۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دنیا کو بتایا بھارت کشیدگی پیدا کر رہا ہے، پاکستان امن چاہتا ہے کسی کی جنگ میں حصہ نہیں لے گا۔

    گزشتہ روز شوکت یوسفزئی نے آٹے کے بحران سے متعلق کہا تھا کہ ملک میں آٹے کا بحران ایک سازش کا حصہ ہے، ذخیرہ اندوز ملک میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنا چاہتے تھے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کی سازش ناکام بنا دی ہے، ذخیرہ اندوز مصنوعی بحران سے عوام میں بے چینی پھیلانا چاہتے تھے۔

  • حالات انتہائی خطرناک ہیں یہ عام جنگ نہیں ہوگی: شوکت یوسفزئی

    حالات انتہائی خطرناک ہیں یہ عام جنگ نہیں ہوگی: شوکت یوسفزئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کی توجہ اس خطے کی طرف ہے، حالات انتہائی خطرناک ہیں یہ عام جنگ نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ خطے کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ پوری دنیا کی توجہ اس خطے کی طرف ہے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ آگ کو بجھائے، حالات انتہائی خطرناک ہیں یہ عام جنگ نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم کی پوری کوشش ہے آگ بجھے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کا انتخاب مشاورت کے بعد کیا گیا۔ دیوانی مقدمات میں ترمیم لوگوں کی بہتری کے لیے ہے، وکلا برداری کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

    شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ سپر فائن آٹا پنجاب سے آتا ہے اس لیے اس کی قیمت زیادہ ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان پہلے لیڈر ہیں جو کشمیر، اسلام اور مسلمانوں سے دہشت گردوں کا لیبل ہٹانے کے لیے سرگرم ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کی کوششوں کی وجہ سے دنیا نے تسلیم کیا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف بھارت کا مسئلہ نہیں ہے اور اس کو اب حل ہونا چاہیئے۔

  • فنڈز کی مانیٹرنگ کے لیے چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے: شوکت یوسفزئی

    فنڈز کی مانیٹرنگ کے لیے چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے: شوکت یوسفزئی

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں چیریٹی کمیشن قائم کر دیا گیا ہے، 5 رکنی کمیشن فنڈ اکٹھا کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام غریب افراد کے لیے ہے، قدرتی آفات کے بعد بحالی و مدد احساس پروگرام میں شامل ہے۔

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ احساس پروگرام میں 134 منصوبے شامل ہیں۔ منصوبوں میں وفاق، صوبائی حکومت اور دیگر فریقین معاونت کریں گے، احساس پروگرام کے تحت ڈیجیٹل پیمنٹ کا طریقہ اپنایا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 120 لنگر خانے ملک بھر میں کام کر رہے ہیں، 80 ہزار افراد کو بلا سود قرض فراہم کیے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر نے بتایا کہ بارشوں کے باعث 34 فیصد فصلوں کو نقصان پہنچا، 25 ہزار ٹن گندم خیبر پختونخوا پہنچ چکی ہے۔ صوبے کو 4.65 ملین ٹن گندم درکار ہوتی ہے۔ 3.46 ملین ٹن شارٹ فال ہے جو مختلف ذرائع سے پورا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیریٹی کمیشن سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں قائم کر دیا گیا ہے، 5 رکنی کمیشن فنڈ اکٹھا کرنے سے متعلق مانیٹرنگ کرے گا۔

    شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بونیر میں ریسکیو 1122 کے دفاتر کی منظوری دی گئی۔ ضم شدہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے انصاف روزگار اسکیم شروع کی جارہی ہے۔ پختونخوا میں ڈینگی کا دیگر صوبوں کے مقابلے میں زور کم رہا۔ کابینہ اجلاس میں کہا گیا صوبے میں ڈینگی کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔