Tag: SHC reject

  • سندھ ہائی کورٹ : شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کالعدم قرار

    سندھ ہائی کورٹ : شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کالعدم قرار

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے چینی کی قلت اور قیمت میں اضافے کی آزادانہ تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں شوگر انکوائری کمیشن کے خلاف شوگر ملز مالکان کی درخواست پر سماعت ہوئی، اس دوران عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شوگر انکوائری کمیشن اور رپورٹ کالعدم قرار دے دی۔

    سندھ ہائی کورٹ نے چینی کی قلت اور قیمت میں اضافے پر متعلقہ اداروں کو نئی آزادانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، عدالت کا کہنا ہے کہ نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر اور دیگر ادارے قانون کے مطابق چینی کی قلت اور اس کی قیمت میں اضافے کی تحقیقات کریں۔

    واضح رہے کہ20سے زائد شوگر ملز مالکان نے کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو چیلنج کیا تھا، جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عمرسیال پر مشتمل 2رکنی بینچ نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کاشف پراچہ کا کہنا تھا کہ چینی کی قلت اور قیمت میں اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوا ہے، تحقیقات شوگر ملز مالکان کے خلاف نہیں بلکہ قلت کی وجوہات جاننے کے لیے تھیں۔

    اے اے جی کا مزید کہنا تھا کہ کمیشن کی رپورٹ میں چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا پتا لگایا گیا ہے، شوگر ملز مالکان کے خلاف کوئی براہ راست الزام نہیں لگایا گیا،اور نہ ہی انہیں کام سے روکا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ میں درج سندھ کی 20 شوگر ملوں کے خلاف 30جون تک کارروائی سے روک دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : حکومت کا شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا فیصلہ

    سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے اگلی سماعت کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کردیے تھے۔

  • نوازشریف کےخلاف قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے حسابات سے متعلق درخواست مسترد

    نوازشریف کےخلاف قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے حسابات سے متعلق درخواست مسترد

    کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے نواز شریف کے خلاف قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے حسابات سے متعلق درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، آئینی درخواست قرض اتارو ملک سنوارو مہم کے حسابات متعلق دائر کی گئی ۔

    جسٹس منیب اخترنے کہا کہ درخواست غیر ضروری اور عدالتی وقت کا ضائع ہے،درخواست گزار درخواست میں بیان کردہ حقائق پیش نہ کر سکی، عدالت نے درخواست مسترد کردی۔

    درخواست گزار نے کہا کہ قرض اتارو ملک سنوارو مہم کیبائیس ہزار آٹھ سو کھرب کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

    درخواست کے مطابق یہ رقم چترال کے تاجرعبداللہ کی نشاندہی پر ہیروں کی نیلامی کے ذریعے حاصل کی گئی ،ہیروں کی نیلامی سے حاصل شدہ بائیس ہزار آٹھ سو کھرب قومی خزانے میں جمع نہیں کرائے گئے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے یلوکیب اسکیم میں کرپشن کے ذریعے اربوں روپے کی خرد برد کی،1998 میں قرض اتارو ملک سنوارو مہم میں لوگوں نے اپنے اثاثے اور زیورات حکومت کو دیئے،چترال کے تاجر نے نواز شریف کو چترال میں بائیس ہزارآٹھ سو کھرب مالیت کے ہیروں کی نشاندہی کی، اس ضمن میں نواز شریف کے گھر پر اجلاس ہوا۔

    درخواست گزارنے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیر اعظم نے اپنے داماد کیپٹن صفدر کو مقامی تاجر کے ہمراہ چترال بھیجا،چترال سے ہیروں کے چھ صندوق لاہورلائے گئے، ہیروں کی نیلامی کی کارروائی نواز شریف کے گھر لاہور ماڈل ٹاوٴن میں ہوئی۔

    دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہیروں کی نیلامی میں 35 ممالک کے نمائندوں نے حصہ لیا، سعودی عرب کے بادشاہ شاہ عبداللہ نے بائیس ہزار آٹھ سو کھرب کی نیلامی پر ہیرے حاصل کئے، ہیروں کی نشاندہی کرنے پر نواز شریف نے مقامی تاجر 33فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیاتھا ، نواز شریف نے ہیروں سے حاصل رقم سے اندرون و بیرون ملک رشتے داروں کے نام پر جائیدادیں بنائیں، کھربوں روپے کے ہیرے دینے والا تاجر آج بھی کسمپرسی اور مفلسی کی زندگی گزار رہا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ چترال سے ہیرے لانے والوں میں پی اے ایف کا فوجی افسر کرمانی ودیگر شامل تھے، بعد میں فوجی افسر سمیت دیگر جہاز حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

    درخواست میں سیکریٹری داخلہ، ڈائریکٹر انٹر پول،ڈی جی ایف آئی اے،سابق وزیر اعظم نواز شریف فریق نامزدہیں جبکہ سابق صدر پرویز مشرف ،سابق صدر آصف علی زرداری ،ڈی جی پی اے ایف اور نیب حکام کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔