Tag: sheesha cafe

  • ابوظبی میں شیشہ سروس بحال مگر اہم شرط عائد

    ابوظبی میں شیشہ سروس بحال مگر اہم شرط عائد

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی میں دس ماہ بعد شیشہ سروس مشروط طور پر بحال کردی گئی،  ریستورانوں اور قہوہ خانوں کے مالکان و منتظمین سے کوویڈ19 سے بچاؤ کے لیے مقرر پابندیوں پرعمل درآمد جاری رکھنے کے لیے کہا گیا ہے۔

    یو اے ای کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ابوظبی میں اقتصادی ترقی کے ادارے نے ہدایت جاری کی ہے کہ شیشہ اور اس سے متعلقہ اشیاء صرف ایک بار ہی استعمال کی جائیں۔ ایک سے زیادہ بار شیشہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

    دوسری پابندی یہ لگائی گئی ہے کہ شیشہ پینے والوں کے لیے ریستوران یا قہوہ خانے میں جگہ الگ تھلگ ہو۔ شیشہ والے مقامات پر پابندی سے صفائی کا خصوصی اہتمام کیا جائے۔

    اقتصادی ترقی کے ادارے نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قہوہ خانوں کے کارکنان صارف کو شیشہ پیش کرنے سے قبل اس کا تجربہ نہ کریں جبکہ کوویڈ 19 سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی جاری رکھی جائے۔

  • کراچی میں پانچ شیشہ کیفے بند، متعدد افراد گرفتار

    کراچی میں پانچ شیشہ کیفے بند، متعدد افراد گرفتار

    کراچی: سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت شہرِقائد میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران 5 شیشہ کیفے بند کردئیے گئے جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    عدالت عظمیٰ نے گزشتہ روزازخود نوٹس لیتے ہوئے نے صوبوں کو ہدایات دی تھیں کہ انسدادِ تمباکو نوشی سے متعلق قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور ممکنہ اقدامات اٹھانے کے بعد اس کی تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے۔

    سپریم کورٹ کے احکامات پرعملدرآمد کے لئے کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی نے شہر میں قائم شیشہ کیفے فی الفور بند کرانے کے احکامات جاری کئے۔

    احکامات کے جاری ہوتے کراچی ساؤتھ ریجن میں کاروائی کا آغاز کیا گیا اورگزری کے علاقے میں 3 شیشہ کیفے بند کرکے 10 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    دریں اثنا ساؤتھ ریجن میں اسی سلسلے کو دراز کرتے ہوئے مزید دو شیشہ کیفے بند کئے گئے اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شیشہ کیفے کے خلاف کی جانے والی کاروائی کا دائرہ کار پورے شہرتک وسیع کیا جائے گا اورعدالتی احکامات پرعملدرآمد کے لئے تمام غیر قانونی شیشہ کیفے بند کئے جائیں گے۔