Tag: shehbaz sharif

  • اتحادیوں نے انتخابات اکتوبر میں کرائے جانے پر اتفاق کر لیا

    اتحادیوں نے انتخابات اکتوبر میں کرائے جانے پر اتفاق کر لیا

    اسلام آباد: حکمران اتحاد نے انتخابات اکتوبر میں کرائے جانے پر اتفاق کر لیا ہے، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اتحادیوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ الیکشن اکتوبر میں ہونے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی کا عزم دہرایا، شرکا کا کہنا تھا کہ ثالثی کرانا عدالتوں کا کام نہیں، اور وہ پارلیمنٹ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم کورٹ نے کل فنڈز کے حوالے سے جواب مانگا ہے، الیکشن کے لیے فنڈز کا معاملہ پارلیمان ہی حل کرے گی، ضامن بننا اور پنچایت سپریم کورٹ کا کام نہیں بلکہ قانون اور آئین کے تحت فیصلے دینا اس کا کام ہے۔

    انھوں نے کہا ’’اتحادی متفق ہیں کہ پارلیمان کی مدت 13 اگست کو ختم ہوتی ہے، اور الیکشن کے لیے اکتوبر یا نومبر کی تاریخ بنتی ہے، 13 اگست کے 3 ماہ بعد جو تاریخ بنتی ہے اسی پر الیکشن ہونے چاہئیں، یہ اتحادیوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ الیکشن اکتوبر میں ہونے چاہئیں۔‘‘

    شہباز شریف نے کہا پارلیمان بعض عدالتی امور سے متعلق پہلے ہی فیصلے دے چکے ہے، اور پارلیمان کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے اقدامات پر تحفظات ہیں، آج بھی ہم سب سمجھتے اور مانتے ہیں کہ فیصلہ چار تین کا ہے، اور سپریم کورٹ 3 رکنی بنچ کے ساتھ معاملات آگے لے کر جانا چاہتی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر طرح کے حربے استعمال کر کے ملک میں انتشار پھیلانے کی ہر کوشش کی گئی، اور معاشرہ تقسیم کر کے زہر گھولا گیا، پاکستان سے باہر چند ایجنٹس نے وہ کردار ادا کیا جو دشمن بھی نہ کرتا، اپنی ذات کے لیے پاکستان کے ہر مقصد کو بری طرح قربان کیا جا رہا ہے۔

  • عمران خان سے مذاکرات کیے جائیں یا نہیں؟ بلاول کے اصرار کے باوجود اتحادی جماعتیں اتفاق رائے نہ کر سکیں

    عمران خان سے مذاکرات کیے جائیں یا نہیں؟ بلاول کے اصرار کے باوجود اتحادی جماعتیں اتفاق رائے نہ کر سکیں

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس کا اندرونی احوال سامنے آ گیا ہے، اجلاس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اصرار کے باوجود اتحادی جماعتیں عمران خان سے مذاکرات پر اتفاق رائے نہ کر سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتی اتحادیوں کا اجلاس پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ساتھ ڈائیلاگ پر کسی اتفاق رائے کے بغیر ختم ہو گیا، اجلاس میں عمران خان سے مذاکرات کے لیے اتحادی جماعتوں‌ نے مشروط حمایت کی، جب کہ اس سلسلے میں جے یو آئی نے بلاول بھٹو کے مؤقف کی مکمل مخالفت کی۔

    ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں اکثریت نے مشروط مذاکرات کی حمایت کی، اراکین نے کہا کہ پہلے یہ دیکھا جائے کہ عمران خان اپنے کیسز کے لیے تو مذاکرات نہیں چاہتے، انتخابات پر تو بات ہو سکتی ہے لیکن عمران خان کے مقدمات پر نہیں۔

    اکثریتی رائے تھی کہ عمران خان پر مکمل بھروسہ نہیں، اس لیے اگر مذاکرات ہوں بھی تو احتیاط سے کیے جائیں، پی پی رہنما بلاول نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کا راستہ اپنایا تاکہ کوئی یہ نہ کہے کہ بات چیت نہ کی، پی ڈی ایم رہنما نے کہا کہ یہ بھی دیکھا جائے کہ دوسری طرف کس سے بات کی جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی اپنی کمیٹی بناتی ہے اور پھر عمران خان اپنی کمیٹی ہی کو ویٹو کر دیتا ہے، پنجاب میں الیکشن کے فیصلے کے لیے پارلیمنٹ ہی سپریم ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی کہا کہ اجلاس میں بلاول بھٹو نے اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے پر اصرار کیا، ایم کیو ایم، بی این پی، خالد مگسی، چوہدری سالک، محسن داوڑ اور دیگر نے بلاول بھٹو کے مؤقف کی تائید کی، تاہم جے یو آئی نے مذاکرات کے حوالے سے بلاول کے مؤقف کی مخالفت کی۔ جے یو آئی کا مؤقف تھا کہ عمران خان کوئی سیاسی قوت نہیں، ہم پی ٹی آئی سے ڈائیلاگ کی مخالفت کرتے ہیں۔

    مولانا فضل الرحمان نیشنل گرینڈ ڈائیلاگ کے مخالف نکلے، پی پی کا پیچھے ہٹنے سے انکار

    ذرائع کے مطابق شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ’’ہم ڈائیلاگ کے مخالف نہیں لیکن عمران پر بھروسہ نہیں ہے۔‘‘

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ’’مذاکرات نہ کرنا غیر جمہوری اور غیر سیاسی طرز عمل ہے، پیپلز پارٹی بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کرتی، ڈائیلاگ سے ہی ملک کو بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔‘‘

  • ’اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کر کے بھرپور کوشش کی ہے‘

    ’اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کر کے بھرپور کوشش کی ہے‘

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کر کے آئی ایم ایف معاہدے کے لیے بھرپور کوشش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سپریم کورٹ میں پنجاب میں انتخابات سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی اور جماعت اسلامی کی مذاکرات کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے کہا خدا سے دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا معاملہ حتمی نتیجے تک پہنچے، اسحاق ڈار نے نیندیں حرام کر کے اس کے لیے بھرپور کوشش کی ہے، آئی ایم ایف کی آخری شرط تھی کہ دوست ممالک سے پیسے جمع کریں، سپہ سالار نے اس سلسلے میں بے پناہ کاوشیں کیں جو بیان نہیں کر سکتا، 27 تاریخ کو چین کے وزیر اعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوگی، اتحادی حکومت میں سب اپنی جگہ محنت کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا ایک قانون نے ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کی اور عدالت کے 3 ممبر کے بینچ نے حکم امتناع دے دیا، اس انوکھے فیصلے سے آئین اور عدل کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جو ہو رہا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، بار کونسلز نے بھی کہا یہ فیصلہ غلط اور انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا حکومت کو ایک سال ہو گیا ہے، عمومی تاثر تھا کہ اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکتا، لیکن اتحادی حکومت نے چیلنجز کے ساتھ ایک سال مکمل کر لیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب اختلاف رائے ہوتا ہے تو بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالتے ہیں، کبھی بات مانتے ہیں کبھی منواتے ہیں، اتحادی جماعتوں نے مل کر اس کشتی کو فعال رکھا ہے، سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ میں اکیلا اس حکومت کو چلا سکتا، سب اتحادیوں نے مشاورت میں ہمیشہ مؤثر کردار ادا کیا۔

  • موجودہ بینچ کا فیصلہ کرنا انصاف کے تقاضوں کے 100 فی صد منافی ہے: وزیر اعظم

    موجودہ بینچ کا فیصلہ کرنا انصاف کے تقاضوں کے 100 فی صد منافی ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے موجودہ بینچ کا فیصلہ کرنا انصاف کے تقاضوں کے 100 فی صد منافی قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پوری موجودہ حکومت نے سپریم کورٹ کے اس بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے، چیف جسٹس فل کورٹ تشکیل دے دیں، جن ججز نے خود کو الگ کیا انھیں شامل نہ کریں تو ایسا فیصلہ پوری قوم کو قبول ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن خود پہلے بینچ سے الگ ہو چکے تھے، وہ کیسے بینچ میں بیٹھ سکتے ہیں؟

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ کئی لوگ جیلیں کاٹ کر اسمبلی میں تقریریں کر رہے ہیں، چیف جسٹس سے پوچھتا ہوں کہ ہمارے خلاف جو بے بنیاد کیسز بنائے گئے تھے کیا ہم ضمانت لے کر سرخرو ہوئے یا بےعزت ہوئے؟

    انھوں نے کہا ایک جج جن کے خلاف سخت الزامات لگے ہیں، اپنے ساتھ بٹھا کر قوم کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، ٹھیک ہے ہم جیلیں کاٹ کر آئے ہیں لیکن میرٹ پر ضمانتیں لے کر آئے ہیں، آپ نے تو ایسے شخص کو ساتھ بٹھایا جس کے خلاف کرپشن کے الزامات ہیں، مجھے اگر بات کرنی ہے تو پہلے میں اپنے گریبان میں جھانکوں گا۔

    پنجاب، کے پی انتخابات کیس کا فیصلہ محفوظ، سپریم کورٹ سے براہ راست

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلے دور حکومت میں عمران نیازی کے پاس دن میں کوئی کام کرنے کو نہیں تھا، ان کی ایک ہی سوچ تھی کہ کسی طرح اپوزیشن لیڈرز کو جیل بھجوایا جائے، ایک بار نہیں مجھے عمران نیازی نے دو بار جیل بھجوایا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پہلی بار جیل گیا تو ہائیکورٹ بینچ نے میرٹ پر مجھے ضمانت دی، سپریم کورٹ میں عمران نیازی نے میری ضمانت کو چیلنج کرایا، نعیم بخاری عمران نیازی کی طرف سے پیش ہوتے تھے، جب سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے تو نعیم بخاری نے پٹیشن واپس لی اور دم دبا کر بھاگ گئے۔

    انھوں نے کہا کہ دوبارہ بار جیل سے ضمانت ملنے پر ان کو دوبارہ چیلنج کرنے کی جرات نہیں ہوئی، میراجرم یہ تھا کہ بطور اپوزیشن لیڈر حکومت کے غلط کاموں پر آواز اٹھاتا تھا۔

  • خانہ کعبہ ماڈل والی گھڑی بیچنے سے بڑا کالا دھبہ کوئی لگا نہیں سکتا تھا: وزیر اعظم

    خانہ کعبہ ماڈل والی گھڑی بیچنے سے بڑا کالا دھبہ کوئی لگا نہیں سکتا تھا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان نے کہا ہے کہ خانہ کعبہ ماڈل والی گھڑی بیچنے سے بڑا کالا دھبہ کوئی لگا نہیں سکتا تھا، عمران اور حواریوں نے دوست ممالک کے خلاف بدزبانی کر کے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسایا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آج ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا ہے، دوست ممالک کے خلاف سابق حکمرانوں نے بد زبانی کی، عمران اور حواریوں نے کہا کہ چینی منصوبوں میں 45 فی صد کرپشن ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، اور 4 ہفتوں میں 2 ارب ڈالر دے دیے ہیں، چین نے اپنا دو ارب ڈالر کا سرکاری قرض بھی رول اوور کر دیا ہے۔

    شہباز شریف نے کہا آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط مان لی گئی ہیں، پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام سے مہنگائی کی لہریں آ رہی ہیں، آئی ایم ایف کی آخری شرط پر بھی بات چیت جاری ہے، اس سلسلے میں برادر ممالک پاکستان کی بڑی مدد کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کو مشکلات میں مبتلا کیا، پاکستان کی ساکھ داؤ پر لگا دی، سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کیے اور پھر خود ہی خلاف ورزی کر کے اس پروگرام کو معطل کر دیا، عمران خان نے آئی ایم ایف پروگرام ناکام بنانے کی سازش کی، ان کے وزیر رنگے ہاتھوں سازش کرتے پکڑے گئے۔

    وزیر اعظم نے ملک میں گندم کی بڑھتی ہوئی ہوش ربا قیمتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وافر اسٹاک میں گندم موجود ہے، گندم کی کوئی قلت نہیں ہے، پنجاب میں 10 کروڑ عوام تین تین تھیلے لیں گے، پنجاب، کے پی، اسلام آباد میں غریبوں کو مفت آٹا فراہم کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا گیا جو قابل مذمت ہے، ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق؟ فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر کاربند رہے گا۔

  • عمران نیازی دہشت گردوں کو اپنی شیلڈ بنارہا ہے، شہباز شریف

    عمران نیازی دہشت گردوں کو اپنی شیلڈ بنارہا ہے، شہباز شریف

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی پر شدید تتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی دہشت گردوں کو اپنی شیلڈ بنارہا ہے، اس کو دن رات ریلیف مل رہا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی 2021میں دہشت گردوں کو واپس لے کر آیا، اس نے دہشت گردوں کو آفرز دی اور سوات سمیت دیگر علاقوں میں بٹھایا۔

    گزشتہ انتخابات پر سوال اٹھاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کیا مقاصد تھے؟ اور کیا پلاننگ تھی کہ عمران کو لاکر2018 میں جھرلو پھیرا گیا تھا، وہ آخری رات بھی چلا جب آر ٹی ایس کو بند کردیا گیا لاڈلے کو جھرلو کی طرح جتوا کر اس کی پذیرائی کی گئی لیکن اب اس لاڈلے کو پاکستان سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    چیف جسٹس آڈیو لیکس کی تحقیقات کرائیں

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک آڈیو آئی جس میں ایک سپریم کورٹ کے جج کے بارے میں اہم انکشافات ہوئے، خدا جانتا ہے وہ حقائق پر مبنی ہے بھی یا نہیں لیکن میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے گزارش کروں گا کہ اس آڈیو کا فرانزک کرائیں، عدلیہ کی تاریخ کے گزشتہ 40سال کو اٹھا کر دیکھیں ماسوائے شیخ شوکت کے کتنے ججز کو کرپشن پر نکالا گیا؟

    توشہ خانہ میں بدترین کرپشن کی

    عمران نیازی نے توشہ خانہ میں بدترین کرپشن کی، ان کی محترمہ اہلیہ ہیرے جواہرات کا انتظارکرتی رہی چور ڈاکو کا بیانیہ اتنا تیز کیا گیا کہ دنیا کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، توشہ خانے کے بعد عمران خان نے ریاست مدینہ کی گردان روک دی، اس مقدس نام پر قوم کو دھوکہ دیا گیا۔

    یہ شخص دو چیف جسٹس سے بدتمیزی سے پیش آیا، کسی نے نہیں پوچھا، یہ جتھوں کے ساتھ جاکر عدلیہ کو بلیک میل کرتا ہے، آئین اور قانون کو نہیں مانتا، جو عدالتوں کو نہیں مانتا بدقسمتی سے آج اس کی پذیرائی کی جارہی ہے، صبح ،دوپہر ہو یا رات عدالتیں کھلتی ہیں اور ضمانت ہوتی ہے۔

    آرمی چیف کی تقرری

    چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ 29 نومبر کو جنرل عاصم منیر کو سی او ایس اور جنرل ساحر کو سی جے سی ایس سی بنانے کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ کابینہ کے ارکان سے مشاورت کے بعد کیا گیا، افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی او اے ایس کی تقرری سو فیصد میرٹ پر کی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں پر تو آنکھیں بند کرکے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیسز بن جاتے ہیں، پہلے بھی بتا چکا ہوں کہ کس طرح قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر کس طرح حملے کیے گئے، فوج کے خلاف بیان بازی کی گئی، اس نے قوم کو تقسیم در تقسیم کر دیا۔ خدانخواستہ کوئی اپوزیشن میں رہا ہو اور ایسی بات کرتا تو اس کو کالے پانی تک بھجوادیا جاتا۔

    بس بہت ہوگیا قانون اپناراستہ اختیار کرے گا

    قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں ترقی کی ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی، لاڈلے نے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو مجروح کیا، عمران خان کی بد انتظامی نے ملک کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا، سائفر کو ہاتھ میں لے کر پوری ڈھٹائی سے قوم سے جھوٹ بولتا رہا، اس لاڈلےکو کوئی پوچھنےوالا نہیں ہے، قانون اپناراستہ اختیار کرے گا، بس بہت ہوگیا ،پلوں سے پانی بہت بہہ گیا ہے۔ عمران خان نے لابنگ فرمز ہائر کی ہیں، اب ہمارے خلاف بیانات چلوائے جارہے ہیں۔

    ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لے جانے کا ذمہ دار عمران خان ہے 

    شہباز شریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لے جانے کا ذمہ دار عمران خان کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں اسٹیٹ بینک نے ثبوت دئیے، عمران خان نے منی لانڈرنگ کی۔ عمران نیازی نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں انحراف کیا۔ حکومتی سربراہ کے طور پرمطالبہ کرتا ہوں کہ ایوان ان معاملات کا نوٹس لے۔

  • نواز شریف کی واپسی، لاہور ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کی درخواست مسترد

    نواز شریف کی واپسی، لاہور ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کی درخواست مسترد

    لاہور: ہائی کورٹ نے نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے کیس میں فریق بننے کی فواد چوہدری کی درخواست مسترد کر دی.

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فواد چوہدری کی درخواست پر سماعت کی جس میں فریق بننے کی استدعا کی گئی تھی۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے میں نیب اور وفاقی حکومت فریق تھے، اس بارے نیب درخواست دائر کر سکتا ہے۔

    فواد چوہدری کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ نواز شریف واپس نہیں آ رہے ہیں، جنھوں نے پچاس روپے کا اسٹام داخل کرایا وہ اب وزیر اعظم ہے، ان لوگوں نے کورٹ کے ساتھ فراڈ کیا ہے۔

    عدالت نے استفسار دیا کہ جب آپ کے پاس اختیار تھا تب آپ نے یہ معاملہ کیوں نہیں اٹھایا جو آپ اب اٹھا رہے ہیں؟

    فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف بیرون ملک پارٹی کر رہے ہیں، ہر روز نئے ریسٹورنٹ میں نظر آتے ہیں، وہ تو اس پر پوری کتاب لکھ سکتے ہیں۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ سیاسی باتیں ہیں، فواد چوہدری نے کہا کہ جنھوں نے نواز شریف کو باہر بھجوایا اور جن وجوہ کے سبب بھجوایا وہ عدالت کے علم میں لانا چاہتا ہوں۔

    تاہم درخواست گزار کو سننے کے بعد عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کا کپاس کے کاشت کاروں کے لیے بڑا فیصلہ

    وزیر اعظم شہباز شریف کا کپاس کے کاشت کاروں کے لیے بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کپاس کے کاشت کاروں کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کپاس کی رواں سال قیمت 8500 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی ٹاسک فورس کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کپاس کی پیداوار بڑھانے اور کپاس کی سپورٹ پرائس مقرر کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سپورٹ پرائس جلد اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور کرانے کے لیے پیش کی جائے، اور صوبائی حکومتیں بھی کسانوں کو کپاس کی مقرر کردہ قیمت کی فراہمی یقینی بنائیں۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت سپورٹ پرائس پر عمل درآمد کے لیے صوبائی حکومتوں کی مدد کرے گی، جب کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی تیز رفتاری سے کام کرے، کپاس پاکستان کی زرمبادلہ کمانے والی فصل ہے، اور یہ ہماری ٹیکسٹائل کی صنعت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ ہم کپاس کے کاشت کاروں کو سہولیات فراہم کر کے اس کی پیداوار میں اضافہ کریں گے۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر اعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان سے ٹیلی فونک رابطے میں مائکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو سراہا۔

    بل گیٹس نے کہا کہ عبدالقادر پٹیل کی پولیو کے خاتمے کی کوششیں قابل تحسین ہیں، حکومت پاکستان جلد ملک کو پولیو سے پاک کر دے گی۔

    پولیو ویکسین سے انکار موذی وائرس کے خاتمے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن گیا

    ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو محفوظ مستقبل ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

  • امدادی ٹیمیں جلد ترکی پہنچیں گی: شہباز شریف کا طیب اردگان کو ٹیلی فون

    امدادی ٹیمیں جلد ترکی پہنچیں گی: شہباز شریف کا طیب اردگان کو ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردگان سے زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے جلد امدادی ٹیمیں ترکی پہنچیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردگان کو ٹیلی فون کیا، شہباز شریف نے ترک صدر سے زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان سے جلد امدادی ٹیمیں ترکی پہنچیں گی۔

    خیال رہے کہ آج صبح 4 بجے ترکیہ کے جنوبی حصوں میں ہولناک ترین زلزلے نے قیامت ڈھا دی جس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلہ شام میں بھی آیا جبکہ یونان، مصر، قبرص، اردن، لبنان، عراق، جارجیا اور آرمینیا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    ترکیہ میں زلزلے سے سینکڑوں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور اب تک 900 سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

    شام میں بھی زلزلے سے اب تک 400 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ترک صدر طیب اردوان نے تاریخ کی سب سے بڑی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اقوام عالم سے مدد کی اپیل کی ہے۔