Tag: shehbaz sharif

  • آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین ڈالر کا عطیہ، وزیر اعظم کا شکریہ

    آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین ڈالر کا عطیہ، وزیر اعظم کا شکریہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آذر بائیجان کے صدر الہام حیدر سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران 2 ملین امریکی ڈالر کے عطیے پر شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آذر بائیجان کے صدر الہام حیدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، وزیر اعظم نے آذر بائیجان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

    شہباز شریف نے آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین امریکی ڈالر کے عطیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شدید ترین سیلاب کی زد میں ہے، جانوں کا ضیاع ہوا، ذریعہ معاش اور انفرا اسٹرکچر کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور نقل مکانی شدید محدود رہی، دونوں ممالک بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آذر بائیجان جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کا ایک اہم رکن ہے، دونوں ممالک کے عوام گہرے تاریخی رشتوں سے جڑے ہیں۔

  • مالی حالات اجازت دیں گے تو مزید ریلیف فراہم کریں گے: وزیر اعظم

    مالی حالات اجازت دیں گے تو مزید ریلیف فراہم کریں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کر رہی ہے، جیسے ہی مالی حالات ہمیں اجازت دیں گے ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام سے وعدے کے مطابق اتحادی حکومت نے فوری طور پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے فائدے کو عوام تک منتقل کیا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جیسے ہی مزید معاشی گنجائش پیدا ہوگی ہم عوام تک ریلیف پہنچاتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں عوام سے ہمیشہ سچی بات کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوچکا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 230 روپے 24 پیسے ہوگئی ہے۔

  • مزید بارشوں کی پیشگوئی: وزیر اعظم کی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    مزید بارشوں کی پیشگوئی: وزیر اعظم کی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    اسلام آباد: صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام صوبائی و وفاقی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات سے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی پر الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں اقدامات کی نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔
    ت
    وزیر اعظم نے صوبائی اداروں کو معاونت فراہم کرنے پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو شاباشی دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعاون، اشتراک عمل اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت ہے۔

    انہوں نے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو بھی عوام کے تحفظ کے لیے خدمات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مخلوق کی خدمت کا جذبہ ہی دراصل سب سے عظیم جذبہ ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عید تعطیلات میں عوامی خدمت کے شاندار جذبے کا مظاہرہ کرنے پر پولیس، میونسپل اور شہری انتظامات کے ذمہ دار ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔

  • شہباز شریف کو نالائقی کا ایوارڈ ملنا چاہیے، فرخ حبیب

    شہباز شریف کو نالائقی کا ایوارڈ ملنا چاہیے، فرخ حبیب

    فیصل آباد : پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا، شہباز شریف کو نالائقی کا ایوارڈ ملنا چاہیے۔

    فیصل آباد کی ڈی ٹائپ کالونی میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پاورلومزبند ہیں، لوگ فاقوں پر آچکے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ فاشسٹ حکومت میڈیا کا گلا دبا رہی ہے، میڈیا کو حق بات نہیں کرنے دی جا رہی،16ارب کے ڈاکے مارنے والے ملک کو آگے نہیں لے جاسکتے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملکی صورتحال انتہائی خطرناک ہوچکی ہے لہٰذا فوری عام انتخابات کروائے جائیں، ہم صحافی برادری کے لئے بل لائے تھے اس پر ابھی تک کمیشن نہیں بن سکا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راناثنااللہ کے منشیات کے کیس پر فیصلہ ہونا چاہیے، ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کامیاب ہو گی۔

    عوام اپنے ووٹوں سے لوٹوں کے خلاف فیصلہ کریں گے،13 سہیلیوں نے ملک تباہ کر دیا، لوڈشیڈنگ ان کی نالائقی کا واضح ثبوت ہے، بجلی کی 45فیصد قیمتیں بڑھانے کے باوجود دستیاب نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو گھومنے پھرنے سے فرصت نہیں وہ وزیر تفریح ہے، ملک کے لئے کچھ نہیں کرے گا، شہبازشریف روس سےسستا تیل خرید کرعوام کوریلیف دیں۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف گوادر کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم شہباز شریف گوادر کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج گوادر کا دورہ کریں گے جہاں وہ ایران سے آنے والی 100 میگا واٹ بجلی ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر گوادر پہنچیں گے، وزیر اعظم پورٹ کے احاطے میں سی بی سی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    وزیر اعظم کو گوادر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم مکران ڈویژن کے لیے ایران سے آنے والی 100 میگا واٹ بجلی ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے، وزیر اعظم عمائدین اور ماہی گیروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

  • وزیر اعظم رشکئی کا دورہ کریں گے

    وزیر اعظم رشکئی کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے رشکئی کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم کو خصوصی اقتصادی زون پر بریفنگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے رشکئی میں خصوصی اقتصادی زون کا دورہ کریں گے۔

    وزیر اعظم کو خصوصی اقتصادی زون پر بریفنگ دی جائے گی، وزیر اعظم تعمیراتی جگہ کا دورہ اور تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

    اس سے قبل وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ معاشی استحکام کی طرف ٹھوس قدم ہے اور انتہائی برے معاشی حالات میں اتنا بہترین بجٹ پیش کیا گیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ وفاقی بجٹ اتحادی حکومت کے اخلاص اور قابلیت کا مظہر اور ملک کو سنگین معاشی بحرانوں سے نکالنے کا نسخہ ہے، مشکل فیصلے پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے کیے ہیں۔

  • عید کی چھٹیاں ختم: ’چلیں اب کام پر واپس آجائیں‘

    عید کی چھٹیاں ختم: ’چلیں اب کام پر واپس آجائیں‘

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امید ہے سب نے تعطیلات میں اہل خانہ کے ساتھ بھرپور وقت گزارا، چلیں اب کام پر واپس آجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صبح بخیر، امید ہے سب نے تعطیلات میں اہل خانہ کے ساتھ بھرپور وقت گزارا اور خوب آرام کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ چلیں اب کام پر واپس آجائیں۔

    خیال رہے کہ عید الفطر کی 02 سے 05 مئی 2022 تک 4 روزہ تعطیلات کے بعد آج جمعہ 06 مئی سے تمام سرکاری و نجی دفاتر کھل چکے ہیں۔

    ہر وقت کام میں جتے رہنے کے لیے مشہور وزیر اعظم شہباز شریف اس سے قبل رمضان المبارک کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں بھی اضافہ کرچکے ہیں جبکہ انہوں نے ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف کا لاہور میں کوٹ لکھپت جیل کا دورہ، بڑا اعلان

    وزیر اعظم شہباز شریف کا لاہور میں کوٹ لکھپت جیل کا دورہ، بڑا اعلان

    لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا ہے، اس موقع پر انھوں نے پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں 2 ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو میاں شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اور جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، وزیر اعظم نے نیب کی اس بیرک کا بھی دورہ کیا جہاں انھیں رکھا گیا تھا۔

    شہباز شریف نے جیلوں میں سہولتوں میں اضافے، اسکول، ڈسپنری بہتر کرنے کی ہدایت کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے جیل کے اندر موجود اسپتال اور لنگر خانے کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر آئی جی جیل، آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری اور کمشنر لاہور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے جیل انتظامیہ سے ملاقات میں قیدیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اردلی اور دیگر قیدیوں سے بھی ملاقات کی۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے، جو جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور نظام کی بہتری کے لیے حکمت عملی مرتب کرے گی، اس کمیٹی میں چاروں صوبوں کے افسران شامل ہوں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سزا پوری کرنے والے قیدی کو اچھا شہری بنانا حکومتی فرائض میں شامل ہے، انھوں نے قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔

  • وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف کی ملاقات

    وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم بننے کے بعد آج منگل کو شہباز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔

    ملاقات میں قومی سلامتی، باہمی دل چسپی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت توانائی صورتحال پر ہنگامی اجلاس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی صورتحال پر ہنگامی اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی صورتحال پر ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور وزارت پیٹرولیم و خزانہ کے حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

    خیال رہے کہ نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے 11 اپریل 2022 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

    عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے رمضان بازاروں میں معیاری اور کم دام پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا جبکہ کم سے کم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا۔