Tag: shehbaz sharif

  • شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانت میں25ستمبر تک توسیع

    شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانت میں25ستمبر تک توسیع

    لاہور : بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ اور شوگر انکوائری کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں25ستمبرتک توسیع کردی۔

    شوگر انکوائری اور منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز آج لاہور بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، ایف آئی اے نے تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

    بینکنگ کورٹ میں شوگرانکوائری اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت بینکنگ کورٹ کے جج محمد اسلم گوندل نے کی، عدالت میں شہبازشریف اورحمزہ شہباز کی حاضری لگوائی گئی۔

    اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ میرے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کا کوئی کیس نہیں بنتا، میں رمضان شوگرمل کا حصہ دار اور نہ ہی ڈائریکٹر ہوں، اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں شوگر ملز کو سبسڈی نہیں دی۔

    عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ کتنی بار تحقیقات میں پیش ہوئے ہیں؟ جس پر جواب دیا گیا کہ ایک مرتبہ طلب کیا ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ زبانی باتیں کریں گے تو کچھ نہیں ہوگا۔

    عدالت نے ایف آئی اے کے وکیل  سے کہا کہ کتنی بار تحقیقات میں پیش ہوئے ہیں، ایف آئی اے وکیل نے جواب دیا کہ 30جون کو ملزمان کو طلب کیا تھا۔

    جج نے کہا کہ اس کے بعد آپ نے کیا کیا؟ 2ماہ میں 4لائنیں لکھیں گے تو تحقیقات کب مکمل ہوں گی؟ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ڈپٹی ڈائریکٹر  ڈاکٹر رضوان تفتیش میں پیش رفت کی رپورٹ سمیت پیش ہوں۔

    حمزہ شہباز نے عدالت کے روبرو اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایک سال قبل انہوں نے مجھ سے جیل میں تحقیقات کیں اور جو سوالات پوچھے گئے میں نے ان کے مکمل جوابات دئیے۔

    حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ اس وقت انہوں نے یہ نہیں کہا کہ آپ کی گرفتاری کی ضرورت ہے، اب اس کیس میں ان کو گرفتاری کی کیا ضرورت پیش آگئی۔

    بعد ازاں بینکنگ کورٹ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں25ستمبرتک توسیع کرتے ہوئے آئندہ پیشی تک سماعت ملتوی کردی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز بینکنگ کورٹ سے واپس روانہ ہوگئے۔

    کیس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گٸے تھے، عدالت میں عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری سمیت ن لیگی رہنما اور کارکنان بھی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

  • راولپنڈی میٹرواسکینڈل : نیب نے  شہباز شریف کو طلب کرلیا

    راولپنڈی میٹرواسکینڈل : نیب نے شہباز شریف کو طلب کرلیا

    راولپنڈی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے راولپنڈی میٹرواسکینڈل میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو طلب کر لیا اور احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو دیئے ٹھیکوں کی تفصیلات سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میٹرواسکینڈل میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو طلب کر لیا، نیب راولپنڈی نے شہباز شریف کو 24 اگست کو احسن اقبال کے بھائی مصطفی کمال کو کنٹریکٹ دینے پر طلب کیا ہے۔

    نیب نے شہباز شریف کو احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو دیئے ٹھیکوں کی تفصیلات سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال کےبھائی کوکنٹریکٹ شہباز شریف کےکہنےپردیاگیا تاہم کنٹریکٹ دینے کے حوالے آر ڈی اے کی فائل میں کوئی دستاویزت نہیں، فائل میں صرف اتنا لکھا ہے کہ شہباز شریف نے کنٹریکٹ دینے کا کہا جبکہ کنٹریکٹ دیتے وقت پیپرا رولز کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

    خیال رہے نیب راولپنڈی میٹرو منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کر رہا ہے، مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو میٹرو منصوبے کی تزئین و آرائش اور لینڈ اسکیپنگ کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔

  • شہباز شریف کا ایف آئی اے پیشی سے قبل عبوری ضمانت کرانے کا امکان

    شہباز شریف کا ایف آئی اے پیشی سے قبل عبوری ضمانت کرانے کا امکان

    لاہور : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ایف آئی اے پیشی سے قبل عبوری ضمانت حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا، آج اپنی ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز کی جانب سے ایف آئی اے پیشی سےقبل عبوری ضمانت کرائے جانے کا امکان ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف آج اپنی ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہوسکتے ہیں، وہ ایف آئی اے کورٹ سےعبوری ضمانت کرائیں گے۔

    یاد ررہے ایف آئی اے میں پیشی کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے وکلاسے مشاورت کی تھی ، جس پر وکلا نے دونوں کو ضمانت قبل از گرفتاری کا آپشن استعمال کرنےکا مشورہ دیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیکرایف آئی اے پیشی پرجانےیا نہ جانےکافیصلہ ہوگا۔

    یاد رہے شوگرانکوائری اسکینڈل میں ایف آئی اے نے تحقیقات کیلئے کل شہباز شریف کو طلب کیا ہے جبکہ حمزہ شہباز کو 24 جون کو طلب کیا ، ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کے سی ای او کی حیثیت سے طلب کیا گیا، انکوائری میں شامل نہ ہونے پر انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

  • شہبازشریف کوکوٹ لکھپت جیل میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی

    شہبازشریف کوکوٹ لکھپت جیل میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی

    لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کوکوٹ لکھپت جیل میں کوروناویکسین کی پہلی ڈوزلگادی گئی، دوسری ڈوز21دن بعد لگائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے حکم کے بعد اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے ایم ایس جناح اسپتال سمیت دیگر ڈاکٹرز کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔

    جناح اسپتال کی میڈیکل ٹیم نے شہبازشریف کو کوٹ لکھپت جیل میں کورونا ویکسین کی پہلی ڈوزلگائی جبکہ ویکسین کی دوسری ڈوز21دن بعدلگائی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثے کیس میں شہباز شریف کو میڈیکل رپورٹ دینے اور کورونا ویکسین لگوانے کے لیے دو روز میں انتظامات کرنے کا حکم دیا تھا۔

    شہباز شریف نے کہا تھا اس سال میں 70سال کا ہو جاؤں گا، کوروناویکسین لگوانےکامیرابھی حق ہے۔

  • شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دینے کا فیصلہ

    شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، جس کے بعد انھیں جیل میں کرسی، میٹرس،ٹیبل اور گھرسے کھانا،ادویات لانے کی اجازت ہو گی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو جیل میں بی کلاس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ، شہباز شریف کو جیل میں کرسی، میٹرس،ٹیبل اور گھرسے کھانا،ادویات لانے کی اجازت ہو گی۔

    ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے شہباز شریف کو جیل میں بی کلاس دینے کا فیصلہ جیل رولز1978 کے تحت کیا گیا۔

    گذشتہ روز احتساب عدالت نے شہباز شریف کو قانون کے مطابق جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا انہیں میٹریس، کرسی ، گھر کا کھانا اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

    خیال رہے احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جانب سے شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انھیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا، شہباز شریف کو 27اکتوبر تک کوٹ لکھپت جیل میں رکھا جائے گا۔

  • احتساب کے نام پر انتقام کی چکی چلائی جارہی ہے، شہباز شریف

    احتساب کے نام پر انتقام کی چکی چلائی جارہی ہے، شہباز شریف

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ احتساب کے نام پر انتقام کی چکی چلائی جارہی ہے جس سے ملک کو نقصان ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پاکستان بار کونسل میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتقام کی چکی میں پس رہے ہیں، ماضی میں بھی احتساب کے نام پر انتقام کی چکی سے ملک کو نقصان ہوا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ کابینہ میں آدھے سے زیادہ نیب زدہ بیٹھے ہیں، احتساب کے لیے فیس نہ دیکھیں کیس دیکھیں، شفاف احتساب کریں، مجھ سے کوئی حق اور سچ کی بات کرتا ہے تو آئیں ساتھ چلیں گے، ملک کو مل کر آگے بڑھانا ہے، مل کر ملک کو ترقی دلانی ہے۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے صحیح معنوں میں اس پاکستان کومضبوط کرنا ہے، اقوام عالم میں پاکستان کو کھویا ہوا مقام واپس دلوانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے کل گوالمنڈی کے بیان سے بہت دکھ اورافسوس ہوا، گوالمنڈی میں تاریخ رقم کرنے والے لوگ رہے ہیں، گوالمنڈی ہویا کوئی بھی پاکستان کاعلاقہ سب ہمارے لیے ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ پنجاب آگے بڑھے اور باقی صوبے پیچھے رہ جائیں، پنجاب نے بلوچستان کواین ایف سی ایوارڈ میں 100 فیصد حصہ دلوایا۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے تمام صوبوں کو ساتھ لے کرچلتے ہیں، صوبے مل کر ساتھ نہیں چلیں گے پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت کے لیے کالےکوٹ والوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں،عدلیہ کی بحالی کیلئے قربانیاں خواب تھا کہ انصاف دہلیز پر ملے گا، آج حالات پھرمختلف ہوگئے ہیں اورمنفی ردعمل آرہا ہے، ارشد ملک جیسی کالی بھیڑوں سے نظام انصاف کو نقصان پہنچ رہا ہے، آج ایسے ججز بھی ہیں جو دباؤ کے باوجود انصاف پرمبنی فیصلے دیتے ہیں۔

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کے بیٹے اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاری

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کے بیٹے اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاری

    لاہور : احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں بیٹے سلمان شہباز اور داماد ہارون یوسف عزیز کے وارنٹ جاری کر دیے جب کہ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹیوں رابعہ اور جویریہ کے سمن جاری کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے ایڈمن جج جوادالحسن نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کی عدالت سے روانگی کے بعد حمزہ شہباز کو عدالت لایا گیا اور حاضری مکمل کروائی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ مجھ پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے، میرے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے، عدالت نے قرار دیا کہ آپ کے ساتھ مکمل انصاف ہو گا، اگر آپ بے گناہ ہوئے تو بری ہو جائیں گے۔

    پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کررہی ہے حکومت نے ہی نواز شریف کو اجازت دیکر باہر بھیجا تھا۔

    بعد ازاں عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور ڈی جی نیب کو حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔

    عدالت نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف عزیز کے بھی وارنٹ گرفتاری جبکہ نصرت شہباز، رابعہ شہباز اور جویریہ شہباز کو سمن جاری کر دیئے اور شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت دس ستمبر تک ملتوی کر دی۔

  • شہباز شریف، بلاول بھٹو کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    شہباز شریف، بلاول بھٹو کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سنجیدہ نہیں ہوئیں تو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) ناکام ہوگی، آپ کو ہر حال میں اے پی سی میں آنا ہوگا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہباز شریف آپ نہ آٗے تو اپوزیشن کی اے پی سی کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، مولانا فضل الرحمان دھرنے میں ساتھ نہ دینے پر بہت خفا ہیں۔

    دوسری جانب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ سنجیدہ ہے ساری اپوزیشن دے تو کام بنے گا، دعا کریں صحت ساتھ دیتی رہی تو لازمی آؤں گا۔

    شہباز شریف نے تجویز دی کہ آپ اور میں اے پی سی کی مشترکہ صدارت کریں گے جبکہ مولانا نے مجھ سے بھی شکوہ کیا تھا۔

    دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ حکومت مخالف تحریک کے لیے مولانا یا کسی اور پر انحصار نہیں کرنا ہوگا، مولانا چاہتے ہیں صبح حکومت گر جائے ہمیں نظام کو بچانا ہوگا۔

  • شہباز شریف نے برطانوی اخبار پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا

    شہباز شریف نے برطانوی اخبار پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا

    لندن: اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل پر ہتک عزت کا مقدمہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لندن ہائی کورٹ میں برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے، جس میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ اخبار میں میرے خلاف ہتک آمیز مضمون سے ’ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ‘ کو شدید نقصان پہنچا۔

    شہباز شریف نے دعوے میں کہا کہ اخبار نے صحافتی اصولوں کی پاس داری نہیں کی، ہتک آمیز مضمون سے ساکھ کو شدید نقصان پہنچا، انصاف کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔ شہباز شریف نے استدعا کی کہ اخبار کو مزید کسی متنازع رپورٹ کی اشاعت سے روکا جائے۔

    ڈیلی میل میں شہباز شریف کے خلاف مضمون لکھنے والے صحافی ڈیوڈ روز سے جب مقدمے کے حوالے سے مؤقف پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ اب یہ معاملہ عدالت میں ہے اس لیے وہ کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔

    شہباز شریف نیب کے پاس اثاثوں کی تفصیلات دیکھ کر حیران

    شہباز شریف نے مقدمے کے لیے 10 ہزار 528 پاؤنڈ کورٹ فیس ادا کی، ہرجانے کی رقم کا تعین ابھی نہیں کیا گیا، مقدمہ ہائی کورٹ آف جسٹس میں سماعت کا منتظر ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 14 جولائی کو برطانوی اخبار نے شہباز شریف سے متعلق مضمون شائع کیا تھا، صحافی ڈیوڈ روز نے مضمون میں شہباز شریف پر کرپشن اور غبن کے الزامات لگائے تھے۔

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے گزشتہ برس برطانوی صحافی کو لندن کی عدالت میں لے جانے کا اعلان کیا تھا۔

  • شہباز شریف آج رات وطن واپس پہنچیں گے، مریم اورنگزیب

    شہباز شریف آج رات وطن واپس پہنچیں گے، مریم اورنگزیب

    لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف فوری وطن واپس آرہے ہیں، وہ آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی وطن واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔

    قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف پی آئی اے کی پرواز 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچیں گے، وہ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 9 بجے لندن سے روانہ ہوں گے۔

    شہباز شریف صبح 5 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ہر مسافر کی طرح شہباز شریف کو بھی کرونا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

    مریم اونگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی سرجری اگلے ہفتے ہونا طے ہے، کرونا وائرس کے خلاف کردار ادا کرنے کے لیے شہباز شریف وطن واپس آرہے ہیں، قوم مشکل میں ہے وہ اسی لیے واپس آرہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کروناوائرس: شہباز شریف نے ملک میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے ساتھ ان کی صاحبزادی بھی پاکستان آرہی ہیں۔

    یاد رہے کہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے لیے ان کے ہمراہ 19 نومبر کو لاہور سے لندن روانہ ہوئے تھے۔