Tag: shehbaz sharif

  • ‘شہباز شریف مارچ کے آخر تک وطن واپس آجائیں گے’

    ‘شہباز شریف مارچ کے آخر تک وطن واپس آجائیں گے’

    لاہور : سابق صوبائی وزیر راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ آٹا اور چینی چوروں کے احتساب کے لیے شہباز شریف مارچ کے آخر میں وطن واپس آ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر راناثنااللہ نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فیصل آبادکےمنشیات فروشوں کوبلایاگیا ، دباؤ ڈالاگیا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف بیان دو، کسی نےمیرےساتھ کسی بھی تعلق کا اقرار نہیں کیا۔

    راناثنااللہ کا کہنا تھا کہ امید ہے مارچ میں نوازشریف کا پروسیجر ہوگا، جس کے بعد شہباز شریف مارچ کے آخر تک ملک واپس آجائیں گے اور واپس آکر اپوزیشن لیڈر کا کردار نبھائیں گے، شہبازشریف آٹااورچینی چوروں کے احتساب کے لیے آرہے ہیں۔

    سابق صوبائی وزیر نے کہا تھا کہ قوم مشکل میں ہے،کاروبار اور ملازمتیں نہیں رہیں، کسی نے نہیں کہاکہ کوئی مڈٹرم الیکشن کامہینہ ہے، اپوزیشن نے کہا کہ 2020 مڈ ٹرم کا سال ہے، پوری حکومت اسی کام پر لگی ہوئی ہے ، تمام وزرا نوازشریف کے پیچھے پڑے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کہتے ہیں ن لیگ مزاحمت نہیں کر سکتی تو عدلیہ بحالی میں مزاحمت کس نے کی جب نواز شریف لانگ مارچ کے لیے سڑکوں پر نکلے اس وقت اعتزاز احسن گھر پر تھے۔

    عورت مارچ کے حوالے سے ن لیگی رہنما نے کہا اسلام نےسب سےپہلےعورتوں کوحقوق دیے، عورت مارچ بالکل ہونا چاہیے، عورتوں کو ان کاحق ملنا چاہیے، اسلام نےعورت کو تمام حقوق دیے ہیں۔

    یاد رہے رانا ثنا اللہ نے لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب بلاتا کسی اور کیس میں اور گرفتار کسی اور کیس میں کرتا ہے، شہباز شریف کے ساتھ یہی رویہ اپنایا گیا تھا، نیب کے اسی رویے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں آئے۔

  • نواز شریف سے متعلق حکومتی خط پر شہباز شریف کا ردعمل آگیا

    نواز شریف سے متعلق حکومتی خط پر شہباز شریف کا ردعمل آگیا

    لندن: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کے حکومتی اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو خط لکھنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں، نواز شریف سے متعلق خط غیر اخلاقی، غیر منطقی اقدام ہے۔

    شہباز شریف نے کہ اکہ حکومت کے غیرقانونی اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے، نواز شریف کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 ہفتے کی ضمانت دی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ عدالت نے ضمانت میں توسیع کے لیے حکومت سے رجوع کرنےکا کہا تھا، عدالتی حکم تھا حکومت کے کسی اقدام پر دوبارہ رجوع کرسکتے ہیں، قانون کے تحت حکومت کو ایسا خط لکھنے کا کوئی اختیار نہیں۔

    شہباز شریف کے مطابق حکومتی اقدام عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے، عمران خان سیاسی انتقام اور ذاتی دشمنی میں اوچھی حرکتیں کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کو بطور مجرم وطن واپس لانے کیلئے حکومت کا بڑا اقدام

    قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ نواز شریف قانونی تقاضے پورے کرکے علاج کے لیے بیرون ملک گئے، ان کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش قتل کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی نفرت سے بچنے کے لیے نواز شریف کی صحت سے کھیل رہی ہے، انتقامی، سیاسی دشمنی پر مبنی غیرقانونی اقدامات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ قانون، عدالتی حکم کی روشنی میں بنیادی انسانی حق کا استعمال کریں گے، نواز شریف کی صحت پر حکومتی وزرا کے متضاد بیانات بدنیتی کا ثبت ہیں۔

  • لندن میں مقیم شہباز شریف کی مشکلات میں اضافہ

    لندن میں مقیم شہباز شریف کی مشکلات میں اضافہ

    لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی احتساب عدالت میں مستقل حاضری معافی کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی احتساب عدالت میں مستقل حاضری معافی کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کردی۔

    نیب نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ریفرنس اور رمضان شوگر مل ریفرنس زیر سماعت ہیں اور ان پر ٹرائل ہو رہا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ٹرائل کورٹ نے شہباز شریف کو مرکزی ملزم ہونے کے باوجود مستقل حاظری معافی کی درخواست منظور کی اور استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کا شہباز شریف کو مستقل حاظری معافی دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور شہباز شریف کو ٹرائل میں شل ہونے کا حکم دیا جائے۔

    دوسری جانب احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف خاندان کے اثاثےمنجمدکرنے سےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی ، نیب نے شہباز شریف خاندان کے اعتراضات پر جواب جمع کرادیا۔

    جواب میں کہا گیا شہباز شریف،حمزہ ودیگر کیخلاف منی لانڈرنگ الزامات پرتفتیش جاری ہے، انھوں نے اپنی بیویوں کے نام پر جائیدادیں بنا رکھی ہیں، شہباز شریف کی فیملی جائیدادوں کے ذرائع بتانے میں ناکام رہی۔

    نیب کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ ایکٹ،فنانس ایکٹ کے مطابق جائیدادوں کےذرائع بتانالازم ہے، شہباز شریف خاندان سے جائیدادوں کے متعلق بار بار جواب مانگا گیا، شہباز شریف سمیت انکی فیملی جواب دینے میں ناکام رہی۔

    جواب میں کہا گیا شہباز فیملی کے اثاثہ جات قانون کے مطابق منجمد کئےگئےہیں، ،وکیل شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن کے دوران اثاثے منجمد نہیں کئےجاسکتے، عدالت اثاثے منجمد کرنے کے حکم پر نظر ثانی کرے۔

  • عثمان بزدار نے شہباز شریف سے زیادہ حکومتی خزانے کی بچت کی،  فیاض چوہان

    عثمان بزدار نے شہباز شریف سے زیادہ حکومتی خزانے کی بچت کی، فیاض چوہان

    لاہور : پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے اخراجات میں اضافے سے متعلق رپورٹ قابل مذمت ہے، عثمان بزدار نے عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کی۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، فیاض چوہان نے گزشتہ اور موجودہ دور حکومت کا موازنہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہبازشریف دور میں سی ایم سیکریٹریٹ میں زیادہ افسران تھے۔

    انہوں نے کہا کہ شہبازشریف دور میں450ملازمین اور200افسران تعینات تھے جبکہ اس وقت سی ایم سیکریٹریٹ میں403ملازمین اور145افسران ہیں،سال2017-18میں انٹرٹینمنٹ اور تحائف کی مد میں9کروڑ روپے خرچ کیے گئے، عثمان بزدار کے پہلے سال تحائف اور مہمان نوازی پر5کروڑ30لاکھ روپے کے اخراجات آٓئے۔

    اس کے علاوہ شہبازشریف کے آخری سال پیٹرول کی مد میں3کروڑ40لاکھ خرچ کیے گئے، عثمان بزدار پیٹرول کا خرچہ 2کروڑ10لاکھ تک لے کر آئے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ سال2017-18میں گاڑیوں کی مرمت کی مد میں4کروڑ24لاکھ خرچ ہوئے تھے، موجودہ دورحکومت کے پہلے سال یہ خرچہ 2کروڑ90لاکھ ہوا۔

    اس کے علاوہ کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہ پر2017-18میں6کروڑ64لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔ عثمان بزدارکے دورحکومت کے پہلے سال یہ خرچ صرف 19لاکھ روپے رہا۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف دور میں ڈائریکٹر کو منی لانڈرنگ کیلئے استعمال کیا جاتا تھا، ان کے متعدد کیمپ آفسز کے برعکس بزدار کا ایک بھی کیمپ آفس نہیں ہے، عثمان بزدار نے عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کی۔

    وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ان اخراجات میں اضافے کی رپورٹ غلط حقائق اور بدنیتی پرمبنی اور قابل مذمت ہے،  پیمرا قوانین کے تحت غلط رپورٹ پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرنے والے ملک سے فرار ہیں، فردوس عاشق اعوان

    نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرنے والے ملک سے فرار ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کے رہنما شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ روز نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرنے والے ملک سے فرار ہیں، قوم نے پہلے ایسے بیمار کبھی نہیں دیکھے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویہب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، فردوس عاشق اعوان نے نون لیگ کے رہنماؤں کی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نورا لیگ میدان سے بھاگ چکی ہے۔

    شہباز شریف کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ ترچھی ٹوپی، ذائقے دو نومبر سے ملک سے فرار ہیں، کیمروں، اجلاسوں، ہوٹلوں میں لندن کی سڑکوں پر وہ بھلے چنگے ہیں، روزانہ نیا ہیٹ پہن کر تقریریں کرتے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وہ عدالتوں کے سامنے اور کاغذات میں بیمار ہیں، پارلیمان سے تنخواہیں لیتے ہیں مگر قوم کی خدمت کیلئے دستیاب نہیں، ایسے بیمار قوم نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔

    معاون خصوصی نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم کو لوٹ کر بھی مظلوم ہونے کی دہائی دینے والے اب احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

  • اس وقت ملک قرضوں میں بری طرح جکڑا ہوا ہے، شہباز شریف

    اس وقت ملک قرضوں میں بری طرح جکڑا ہوا ہے، شہباز شریف

    لندن : مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے قرضے لینے کا ریکارڈ توڑ دیا، اس وقت ملک قرضوں میں بری طرح جکڑا ہوا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں پارک لین اپارٹمنٹس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ن لیگ کے رہنما نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اپوزیشن کے بجائے معیشت پر زور لگاتے تو حالات بہتر ہوتے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں اتنے قرضے لیے گئے کہ پچھلے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے، پاکستان کی معیشت حکمرانوں نے تباہ کردی۔

    ن لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں زراعت اور صنعت تباہ ہوچکی ہے، پاکستان میں کروڑوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں،50لاکھ گھراور ایک کروڑ نوکریاں کہاں ہیں؟

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے نوٹیفکیشن میں جان بوجھ کرغلطیاں کی گئیں، شہبازشریف نے مزید کہا کہ آئیں سب مل برآمدات میں اضافہ کریں اور عوام کو روزگارفراہم کریں۔

  • شہباز شریف کے دور میں 59 ارب روپے کی ایک اور بدعنوانی کا انکشاف

    شہباز شریف کے دور میں 59 ارب روپے کی ایک اور بدعنوانی کا انکشاف

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور کے ایک اور منصوبے میں بدعنوانی سامنے آگئی، لاہور کی رنگ روڈ میں 59 ارب روپے سے زائد کی بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دور کے ایک اور منصوبے میں مالی بے ضابطگیاں سامنے آگئیں، لاہور کی رنگ روڈ میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کی اسپیشل آڈٹ رپورٹ تیار کرلی گئی۔

    رپورٹ میں منصوبے میں مجموعی طور پر 59 ارب 39 کروڑ 94 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سول ورکس، زمین کی خریداری، ٹھیکے اور دیگر مد میں بے تحاشہ مالی بے ضابطگی کی گئی۔

    آڈٹ رپورٹ کے مطابق زمین کی خریداری میں 15 ارب 51 کروڑ روپے سے زائد کی بے ضابطگی ہوئی، زائد قیمتیں ادا کرنے کی مد میں 4 ارب 36 کروڑ سے زائد کی مالی بدعنوانی سامنے آئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹھیکے داروں کو 65 کروڑ سے زائد کی ادائیگیوں کا جواز موجود نہیں۔

    رنگ روڈ کی تعمیر پر آنے والی لاگت کی خصوصی آڈٹ رپورٹ کی تیاری کا حکم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے دیا جسے محکمہ تعمیرات و مواصلات پنجاب نے تیار کیا۔ مذکورہ رپورٹ سنہ 2006 سے 2016 کے دوران کی ہے۔

  • شہباز شریف نے میرے 18سوالوں کا اب تک جواب نہیں دیا، بیرسٹر شہزاد اکبر

    شہباز شریف نے میرے 18سوالوں کا اب تک جواب نہیں دیا، بیرسٹر شہزاد اکبر

    اسلام آباد : وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہبازشریف سے کرپشن کے بارے میں چند سوالات کیے تھے جس کا انہوں نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا۔

    یہ بات انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شہزاد اکبر نے کہا کہ میں ایک بار پھر کہتا ہوں کہ شہباز شریف میرے ان 18 سوالات کا جواب دیں۔

    شہباز شریف کیوں نہیں بتاتے کہ نثار احمد اور علی احمد سے ان کا کیا تعلق تھا؟ منی لانڈرنگ سےاربوں روپے کی کرپشن کی گئی، ہم ان جعلی کمپنیوں کے بارے میں آپ کے جواب کے منتظر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جون 2018ء میں آپ کی کرپشن کے بارے میں شائع کرنے والے برطانوی جریدے ڈیلی میل کے صحافی کے خلاف آج تک برطانوی عدالت میں کیوں نہیں گئے؟جبکہ آپ نے تو دعوی کیا تھا کہ آپ برطانوی صحافی کو برطانوی عدالت سے پاکستان کی کھوئی ہوئی ساکھ کو برطانوی عدالت سے بحال کرائیں گے۔

    اس سے ثابت ہوا کہ ان کی عزت صرف برطانیہ سے بحال ہو سکتی ہے،پاکستان میں نہیں ہو سکتی، جیسےاِن کی صحت پاکستان کے ہسپتالوں میں بحال نہیں ہو سکتی اِس طرح اُن کی عزت بھی پاکستان کی عدالتوں میں بحال نہیں ہو سکتی۔

    شہباز شریف کہتے تھے کہ اُنہوں نے ایک دھیلے کی بھی کرپشن نہیں کی مگر اُنہوں نے مارگلہ میں اپنی بیگم کے لیے خریدے گئے ولاز کی ادائیگی بھی کرپشن کے پیسوں سے کی۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی بدعنوانی کے خلاف کیسزعدالت میں دائر کیے جاچکے ہیں،ملزمان کے بیرون ملک مفرور ہونے کے سبب مقدمات میں پیشرفت نہیں ہو پارہی۔

  • شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، ڈیلی میل کا ڈیوڈ روس روز آپ سے پوچھ رہا ہے کہ آپ کب لندن کی عدالتوں میں ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل کا ڈیوڈ روس روز آپ سے کچھ پوچھ رہا ہے، وہ پوچھ رہا ہے آپ کب لندن کی عدالتوں میں ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میں پراپرٹی بیچ کر شہباز شریف کو مہنگا وکیل کروا کر دینے کو تیار ہوں، شہباز شریف ملک سے باہر بیٹھ کر بھی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، شہباز شریف کی کرپشن کا کچا چٹھہ شہزاد اکبر نے 18 سوالات میں کھول دیا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نثار گل اور علی احمد کو اعلیٰ عہدے دے کر انہوں نے وزیر اعلیٰ آفس کے وقار کو مجروح کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے کیش بوائز کے ذریعے اربوں کی منی لانڈرنگ کی۔ حساب کا وقت آیا تو شہباز شریف ملک سے بھاگ گئے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 10 برس میں ن لیگ نے پنجاب میں جی بھر کر کرپشن کی اور پنجاب کو 12 سو ارب کا مقروض کردیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف 6 سے 7 وعدہ معاف گواہ موجود ہیں، شہباز شریف بے گناہی کے بڑے دعوے کر رہے ہیں جبکہ فرنٹ مین اربوں کی کرپشن کا اعتراف کر چکے، 56 کمپنیوں کے ذریعے لوٹ مار کر کے صوبہ خسارے میں دیا۔

  • مراد سعید نے شہباز شریف کے کیمپ دفاتر سے متعلق حکم نامے ٹوئٹ کردیئے

    مراد سعید نے شہباز شریف کے کیمپ دفاتر سے متعلق حکم نامے ٹوئٹ کردیئے

    اسلام آباد : وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے شہباز شریف کے ذاتی گھروں کو کیمپ دفاتر ڈیکلیئر کرنے کے نوٹی فکیشن سوشل میڈیا پر شیئر کردیئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آپ نے شہباز شریف کے کرپشن کے پیسے کو سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں بلٹ پروف لینڈ کروزر میں منتقل ہوتے ہوئے دیکھا۔

    انہوں نے لکھا کہ یہ ہیں وہ نوٹی فیکشن جس میں اپنے ذاتی گھروں کو کیمپ آفسز ڈیکلیئر کیا گیا ہے، اس کی سیکیورٹی اور اخراجات بھی سرکاری خزانے سے ادا کیے گئے،نواز شریف کی نااہلی کے بعد رائے ونڈ کو پھر سے سرکاری رہائش گاہ قراردیا گیا۔

    اس سے قبل کیے گئے ایک ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سیکیورٹی پر قومی خزانے سے830 کروڑ روپے، جاتی عمرہ پر پچھلے پانچ سال عوام کے 214 کروڑ 13 لاکھ خرچ ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کے علاوہ ذاتی5 گھر بھی کیمپ آفسز، ذاتی دورے، خصوصی جہاز اور گھر کے خرچے اس کے علاوہ ہیں، اب انکشاف ہوا کہ کرپشن کا پیسہ بلٹ پروف لینڈ کروزر میں بھرا جاتا اور پروٹوکول میں منتقل ہوتا رہا۔