Tag: shehla raza

  • پیپلز پارٹی کا این اے 127 میں انتخابی دفتر پر حملے کی ایف آئی آر کا مطالبہ

    پیپلز پارٹی کا این اے 127 میں انتخابی دفتر پر حملے کی ایف آئی آر کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے این اے 127 لاہور میں انتخابی دفتر پر حملے کی ایف آئی آر کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے پی پی کے تین کارکنوں کو اغوا کیا، اس لیے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، اور الیکشن کے لیے نااہل کیا جائے۔

    انھوں نے کہا این اے127 میں عطا تارڑ کو اپنی شکست نظر آ گئی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف عطا تارڑ کو لگام ڈالیں، ووٹ کو عزت دو والے نوٹ کو عزت دے رہے تھے اور ان کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

    این اے 127 میں ووٹ خریدنے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل

    انھوں ںے کہا ’’میں پوچھتی ہوں عطا تارڑ کو کیا ٹاسک ملا تھا، وہ ہمارے دفتر میں کس قانون کے تحت گھس آئے تھے، اس نے ہمارے تین لوگوں کو بھی وہاں سے اغوا کیا، اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

    پی پی رہنما علی بدر نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی، سامان اٹھایا گیا، ن لیگ نے جو کچھ کیا اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، اس پر ایکشن نہیں ہوا تو کل کوئی بھی کسی کو بھی اٹھا کر لے جائے گا۔

  • شہلا رضا نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی

    شہلا رضا نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی

    کراچی: وزیر ترقئ نسواں سندھ شہلا رضا نے جہانگیر ترین سے متعلق ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما شہلا رضا نے اگلے ہفتے جہانگیر ترین کی آصف زرداری سے ملاقات کے دعوے پر مبنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دی ہے، تاہم یہ سوال اٹھا ہے کہ کیا جہانگیر ترین سے متعلق ٹوئٹ کا مقصد سنسنی خیزی پھیلانا تھا؟

    شہلا رضا نے ٹوئٹ کیا تھا کہ جہانگیر ترین پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، اور اگلے ہفتہ کراچی میں سابق صدر آصف زرداری سےملاقات کریں گے۔

    انھوں نے لکھا ’خیال ہے کہ جہانگیر ترین اس ملاقات میں پی ٹی آئی چھوڑنے اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لیں گے، اگر واقعی ایسا ہوگیا تو نہ بزدار رہے گا نہ نیازی ہوگا۔‘

    جہانگیر ترین نے خود سے متعلق شہلا رضا کا دعویٰ مسترد کر دیا

    تاہم کچھ ہی دیر بعد جہانگیر ترین نے ایک بیان میں اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا میرے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پی پی قیادت سے ملاقات اور شمولیت کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، میرے خلاف خبریں چلوانے والوں کو مایوسی ہوگی.

    واضح رہے کہ اس ٹوئٹ نے سیاسی فضا میں ایک دم سے ہل چل مچا دی تھی، ایک طرف عوامی نیشنل پارٹی نے پی ڈی ایم سے علیحدگی کا اعلان کر کے اپوزیشن اتحاد کو جھٹکا دیا تھا، دوسری طرف پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ ٹوئٹ مزید ہل چل کا سبب بنا، تاہم ایسا لگتا ہے کہ شہلا رضا کی جانب سے مذکورہ ٹوئٹ ایک سوچ سمجھی اور بے بنیاد سنسنی خیزی پھیلانے کے سوا کچھ نہیں تھا۔

  • رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار

    رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار

    کراچی: سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں، کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی، ایم پی اے اور پیپلز پارٹی کی رکن شہلا رضا کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا، سندھ اسمبلی کے 25 ارکان پہلے ہی کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے کرونا وائرس ٹیسٹ کا رزلٹ شیئر کیا، ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    شہلا رضا نے لکھا کہ گھر کے دیگر افراد کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، انہوں نے اپنے اور اپنے اہلخانہ کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔

    رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا نے گزشتہ روز کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کے مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

    خیال رہے کہ سندھ اسمبلی کے مزید 25 اراکین بھی کرونا وائرس کا شکار ہیں، صرف سندھ میں کرونا سے متاثر مریضوں کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

    مجموعی طور پر ملک بھر میں اس مہلک وبا سے متاثر مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، گزشتہ ایک روز کے دوران 5 ہزار 248 نئے کیسز سامنے آئے۔

    صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 97 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی ہے۔

    پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں 15 واں ملک بن چکا ہے۔ ملک میں 10 لاکھ کی آبادی میں اموات کی شرح 10 سے بڑھ کر 12 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ 10 لاکھ کی آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 655 ہوگئی۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 88 ہزار 28 ہے، جبکہ اب تک 53 ہزار 721 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس ، شہلا رضا نے بڑا اعلان کردیا

    کرونا وائرس ، شہلا رضا نے بڑا اعلان کردیا

    کراچی : پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اعلان کیا ہے کہ جب تک کرونا وائر س ہے، شادیوں میں نہیں جاؤں گی  اور نہ ہی کسی سے ہاتھ ملاؤں گی،  سب سے کہوں گی ہاتھ نہ ملائیں ۔

    تفصیلات کے مطابق کروناوائرس سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں سینی ٹائزر مشینیں لگا دی گئیں  اور اراکین کوماسک فراہم کردیئے گئے۔

    پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے اعلان کیا ہے کہ جب تک کرونا وائر س ہے،شادیوں میں نہیں جاؤں گی ، تمام لوگ شادی کی تقریبات کو اہلخانہ تک محدود رکھیں

    شہلا رضا نے مزید کہا کراچی میں نزلہ زکام بڑھ رہا ہے اس کی روک تھام کی جائے، کسی سے ہاتھ نہیں ملاؤں گی،سب سے کہوں گی ہاتھ نہ ملائیں، سب لوگ ایک دوسرے کو دور سےسلام کریں جیسےمیں کرتی ہوں۔

    دوسری جانب اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کررہی ہے، بچوں کی تعلیم سے زیادہ زندگی ضروری ہے، سندھ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کررہی ہے اب وفاق بھی لوگوں کی صحت پر توجہ دے۔

    خیال رہے کراچی میں ایک اور مریض سامنےآگیا ہے، محکمہ صحت سندھ نے 52 سالہ شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق کردی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کے اعلامیہ کے مطابق مذکورہ شخص 2روز قبل اسلام آباد سے آیا تھا، جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس طرح سندھ میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد15 جبکہ ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر251ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں، جس میں سے15پوزیٹیو اور236نیگیٹیو ہیں جبکہ 54سالہ ایک مریض سمیت مجموعی طور دو مریضوں کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے اور 13مریض زیر علاج ہیں۔

  • ہمیں آصف زرداری کی طبیعت کی خرابی کا علم نہیں تھا، شہلا رضا

    ہمیں آصف زرداری کی طبیعت کی خرابی کا علم نہیں تھا، شہلا رضا

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی سندھ کی رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ ہمیں آصف زرداری کی طبیعت کی خرابی کا علم نہیں تھا، ڈاکٹرز ہم سے ان کی میڈیکل رپورٹس شیئر نہیں کررہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، شہلا رضا نے کہا کہ ایک مرتبہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ آصف زرداری کی طبیعت خراب ہے۔

    اس سے قبل ہمارے پاس معلومات نہیں تھیں کہ طبیعت زیادہ خراب ہے کیونکہ ڈاکٹرز ہم سے آصف زرداری کی رپورٹس شیئر نہیں کررہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے میڈیکل بورڈ میں اپنا ایک ڈاکٹر شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، آصفہ بھٹو اور بختاوربھٹو کو آصف زرداری کے ڈاکٹرز نے بلایا تھا، ہم جیلوں سے گھبرانے والے لوگ نہیں، آصف زرداری کی طبیعت خراب ہے درخواست ضمانت ان کا حق ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کس قانون کےتحت رات کے12بجے فریال تالپور کو گرفتار کیا گیا اور کس قانون کے تحت رات کے12بجے فریال تالپورکو جیل منتقل کیا گیا؟

  • شہلا رضا تھر میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی کے دفاع پر کمر بستہ ہو گئیں

    شہلا رضا تھر میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی کے دفاع پر کمر بستہ ہو گئیں

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا سندھ کے پس ماندہ علاقے تھر میں پارٹی کی کارکردگی کے دفاع پر کمر بستہ ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی کی مرکزی رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ لوگ تھر جا کر وہاں کا انفرا اسٹرکچر دیکھیں، دنیا کا سب سے بڑا آر او پلانٹ لگایا گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”تھر میں بچوں کی اموات کی بڑی وجہ چھوٹی عمر میں شادی کا رواج ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”شہلا رضا”][/bs-quote]

    شہلا رضا نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھر کی خواتین کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی کے پاور پراجیکٹس کے کام کو بھی دیکھا جائے۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ تھر میں بچوں کی اموات کی بڑی وجہ چھوٹی عمر میں شادی کا رواج ہے۔

    شہلا رضا نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کو خشک سالی کا سامنا ہے، ہم نے تھر کو قحط زدہ بھی قرار دیا تھا۔


    یہ بھی پڑھیں:  تھرپارکر: چیف جسٹس ثاقب نثار کی مٹھی اسپتال آمد پر انتظامیہ کے جعلی اقدامات


    انھوں نے مزید کہا کہ بچوں کی نشوونما اور حاملہ خواتین کی آگاہی کے لیے مہم بھی چلائی گئی ہے، تھر کے 68 ہزار کے قریب خاندانوں کو مفت گندم بھی فراہم کی۔

    دوسری طرف آج تھرپارکر میں مٹھی سول اسپتال انتظامیہ نے چیف جسٹس کی آمد کے موقع پر انھیں متاثر کرنے کے لیے جعلی کیمپ لگایا، جس میں مریض بھی جعلی بلوائے گئے، چیف جسٹس کے جاتے ہی کیمپوں کو اکھاڑ دیا گیا، مریض بستر اٹھا کر اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے۔

  • وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں خواہشات پر دنیا اور حکومت کو نہیں چلایا جاسکتا: شہلا رضا

    وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں خواہشات پر دنیا اور حکومت کو نہیں چلایا جاسکتا: شہلا رضا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں خواہشات پر دنیا اور حکومت کو نہیں چلایا جاسکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، شہلا رضا کا وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں سب کو جیلوں میں ڈالوں گا تو بتائیں کس قانون کے تحت ڈالیں گے؟

    پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ کیا این آر او مانگیں تو کیا عدالتوں میں مقدمات بند ہوجائیں گے؟ حکومت بتائے کیا عدالتیں اپنا کام نہیں کریں گی، کیا نیب کام بند کر دے گا؟

    جیتنے اور ہارنے والے دونوں پریشان ہیں، پی پی قیادت کا میڈیا ٹرائل ہوا: شہلا رضا

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے پی پی دور میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی میں امن ن لیگ نہیں پیپلزپارٹی لےکر آئی ہے، ہم نے شہر میں امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے، پی پی نے سندھ میں 100 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔

    رہنما پی پی کے مطابق ن لیگ نے سندھ حکومت کو ایک پائی نہیں دی تھی، کراچی میں ماضی میں لاشیں گرتی تھیں ایسی صورت حال کو پیپلزپارٹی نے کنٹرول کیا۔

  • ضمنی الیکشن میں آثار اچھے نہیں، ایم کیوایم سے سیٹیں چھینی گئی، خواجہ اظہار الحسن

    ضمنی الیکشن میں آثار اچھے نہیں، ایم کیوایم سے سیٹیں چھینی گئی، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں آثار اچھے نظر نہیں آرہے، 25جولائی کو ایم کیوایم سے الیکشن چھینے گئےتھے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں بات کرتے ہوئے کہی۔ خصوصی ٹرانمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی اور رہنما پاکستان پیپلزپارٹی شہلا رضا بھی موجود تھیں۔

    خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ضمنی الیکشن کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائی ہے، اگر ہمیں ضمنی الیکشن میں فارم پینتالیس وقت پر مل گئے تو سو فیصد جیت ہماری ہوگی۔ این اے243میں250سے زیادہ میٹنگز کیں، عوام چاہتے تھے کہ وزیراعظم کراچی سے ہو، ایم کیوایم سے الیکشن چھینے گئے تھے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن سے دو دن پہلے فاروق ستار کی پریس کانفرنس سمجھ نہیں آئی، انہوں نے کس کے مشورے پر پریس کانفرنس کی یہ سوال ان سے ہی کرنا چاہئے، فاروق ستار الیکشن کے بعد بھی پریس کانفرنس کرسکتے تھے، دیکھنا ہوگا ان کی پریس کانفرنس سے کیا فائدہ اور کیا نقصان ہوا۔

    جو حلقہ کھلوانا چاہیں کھلوالیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، فردوس شمیم نقوی

    پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کراچی کے شفاف ترین انتخاب تھے جو حلقہ کھلوانا چاہیں کھلوالیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، کراچی میں الیکشن انتہائی پرامن ہوئے تھے، ہرجماعت کا ایک نمائندہ دفتر میں موجود تھا۔

    اب تک ایم کیوایم ہماری اتحادی ہے، کراچی کے عوام اب پیپلزپارٹی کو ووٹ نہیں دیں گے، شہر میں سیوریج کا نظام آج تک ٹھیک نہیں ہوسکا، کراچی میں ایک پارٹی نے ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی،35سال تک عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھا لیکن آج پی ٹی آئی کراچی کی سب سےبڑی جماعت بن چکی ہے، ہم کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام کررہے ہیں۔

    بڑے اچھے بھتہ خور ہیں، جنہیں دو وزارتیں دی ہوئی ہیں، شہلا رضا

    پی پی رہنما شہلا رضا کا کہنا تھا کہ این اے دو سو تینتالیس میں پی ٹی آئی امیدوار نے کہا کہ ہماری لڑائی بھتہ خووروں سے ہے، بڑے اچھے بھتہ خور ہیں، جنہیں دو وزارتیں دی ہوئی ہیں اور تیسری کی تیاری ہے۔

    پیپلز پارٹی کے دور میں بلدیاتی حکومت کو پیسے دیئے، کام کیوں نہیں کیا گیا؟ کراچی کے انفرا اسٹرکچر پر جتنا کام ہم نے کیا مصطفیٰ کمال نے بھی نہیں کیا۔

    موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار ہے، بیرونی سرمایہ کارنکل گئے، کراچی والےآنکھیں کھولیں، کے پی کاقرضہ37ارب سے358ارب ہوگیا، کراچی میں ہماری سیٹیں بڑھی ہیں۔

  • جیتنے اور ہارنے والے دونوں پریشان ہیں، پی پی قیادت کا میڈیا ٹرائل ہوا: شہلا رضا

    جیتنے اور ہارنے والے دونوں پریشان ہیں، پی پی قیادت کا میڈیا ٹرائل ہوا: شہلا رضا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شہلا رضا نے کہا ہے کہ جیتنے اور ہارنے والے دونوں پریشان ہیں، پی پی قیادت کا میڈیا ٹرائل کیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، شہلا رضا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اندرون سندھ میں ہرانے کی کوشش کی گئی، ہمارا میڈیا ٹرائل ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اتحاد نیا نہیں ہے، بلدیاتی انتخابات میں بھی ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا اتحاد ہوچکا ہے، دیکھتے ہیں مستقبل میں کیا ہوتا ہے۔

    رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی نے بہت سی قانون سازی کی ہے جس کی تعریف کی گئی، پیپلز پارٹی نے صوبے کے لیے خدامات انجام دیں۔


    پاکستان میں 1970 کے بعد کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے: شہلا رضا


    شہلا رضا کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن ن لیگ نہیں پیپلزپارٹی لےکر آئی ہے، ہم نے شہر میں امن کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے، پی پی نے سندھ میں 100 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نے سندھ حکومت کو ایک پائی نہیں دی تھی، کراچی میں ماضی میں لاشیں گرتی تھیں ایسی صورت حال کو پیپلزپارٹی نے کنٹرول کیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ شہلا رضا نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہونے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس پیپلزپارٹی دور میں ختم کئے گئے، ہم نے عوام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔

  • سندھ اسمبلی مچھلی بازار بن گئی، متحدہ اور پی پی اراکین میں تلخ کلامی

    سندھ اسمبلی مچھلی بازار بن گئی، متحدہ اور پی پی اراکین میں تلخ کلامی

    کراچی : سندھ اسمبلی کا اجلاس آج پھرشدید ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اراکین میں تلخ کلامی کے بعد بات دھمکیوں تک آپہنچی، ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی متحدہ کے فیصل سبزواری سے نوک جھوک ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی زیر صدارت کی شروع ہوا، ایک موقع پر ایم کیوایم اراکین اورڈپٹی اسپیکر  میں نوک جھونک بھی ہوئی۔

    شہلارضا نے فیصل سبز واری کو کہا کہ آپ نے توجہ دلاؤ نوٹس غلط پڑھا، میں نے برداشت کیا، جواب میں فیصل سبز واری کا کہنا تھا کہ یہ آپ کیسے کہہ سکتی ہیں کہ نوٹس غلط پڑھا گیا، ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ میں جو کہہ رہی ہوں وہ درست ہے۔

    ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر نے کہا کہ آپ دھمکی دے رہی ہیں، شہلا رضا نے کہا کہ میں دھمکی نہیں دے رہی یہ لکھا ہوا ہے۔ آپ آئندہ ایوان میں نہیں آئیں گے۔

    اس موقع پر اجلاس میں ہنگامہ آرائی ہوگئی اور دونوں جماعتوں کے اراکین ایک دوسرے پر الزامات کی بارش کرتے رہے، اراکین نے دھمکیاں بھی دیں۔

    علاوہ ازیں اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن صابر قائم خانی نے پانی کی کمی سے متعلق تحریک التوا پیش کی، جس پر پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو نے کا کہنا تھا کہ تحریک التوا پر بحث کیلئے کوئی وقت مقرر کیا جائے۔

    سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کے بل کی دوبارہ منظوری دے دی گئی، محکمہ صحت میں 400ایڈھاک ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کا بل 2018منظور کرلیا گیا، گورنر سندھ محمد زبیر نے اعتراض لگا کر مذکورہ بلز واپس کئے تھے۔

    واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس ہو اور ہنگامہ آرائی نہ ہو یہ ہو نہیں سکتا، یہی روایت سندھ اسمبلی نے آج بھی برقرار رکھی، اراکین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ، ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ، شور شرابا اور چیخ و پکار حسب سابق ہوتی رہی۔

    سندھ اسمبلی کا ایوان پہلے کی طرح مچھلی بازار کا منظر پیش کرتا رہا،لگتا ہے بات نہ کرنے دینا اورکسی کی ایک نہ سُننا سندھ اسمبلی کی روایت بن چکی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔