Tag: Shehryar Afridi

  • تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت ایک صفحے پر ہیں: شہریار آفریدی

    تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت ایک صفحے پر ہیں: شہریار آفریدی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت ایک صفحے پر ہیں۔ حکومت ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پورا پاکستان جب ایک ہوگا تو اندرونی اور بیرونی مسائل حل ہوں گے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ اتحاد سے ہی اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے، اہم ایشو ہے جس پر لوگ اپنی سیاسی دکانیں چمکاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جو مؤقف اپنایا اس سے خوشی ہوئی، بلاول بھٹو نے درست کہا ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے۔ مذہب کے نام پر ریاست کے اندر ریاست بنائی گئی، مذہب کے نام پر اپنی دکانیں بنائی گئیں۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ نئے پاکستان میں مذہب کے نام پر کوئی اپنی دکان نہیں چمکائے گا۔ گرجا گھر ہو یا مندر، گردوارا ہو یا مسجد سب کو برابری کا حق ہے۔ آئین پاکستان تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں پسند کے فیصلے پر مٹھائیاں اور پسند نہ آنے پر فساد ہو، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت ایک صفحے پر ہیں۔ حکومت ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کرنے پر اتفاق ہے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ فیصلہ ہوا ہے بات چیت سے معاملے کا حل نکالا جائے، کوئی سوچتا ہے کندھا استعمال کر کے اپنا فائدہ اٹھائے گا یہ نہیں ہوگا۔ کوئی سوچتا ہے سیاسی مقاصد حاصل کرے گا تو اللہ انصاف کرے گا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر تمام پارٹیوں کے نمائندوں سے ملے ہیں، اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر ریاست کے مسائل کا حل نکالیں گے۔ ملک میں امن ہوگا تو تمام جماعتیں سکون سے سیاست کر سکیں گی۔

  • عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے: وزیر داخلہ

    عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کی رجسٹریشن آج سے 21 دسمبر تک جاری رہے گی، ون ونڈو سروس کے ذریعے لوگوں کو گھر دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تنقید اور مذاق اڑانا آسان ہے، نیک نیت ہوتے ہیں تو اللہ کی مدد ہوتی ہے۔ گھر ہر شہری کی خواہش ہے لیکن یہاں قرضوں کا بوجھ ہے۔ پورے پاکستان میں ہمیں اس وقت ایک کروڑ گھروں کی ضرورت ہے۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تنقید کرنا آسان اور عملی طور پر کچھ کرنا مشکل ہوتا ہے، عوام کے ایک ایک پیسے کی ذمہ دار ریاست ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گھر نہ ہونے کے باعث عام آدمی سسک سسک کر زندگی گزار رہا ہے۔ ہاؤسنگ اسکیم سے شہریوں کو کم لاگت سے اپنا گھر فراہم کریں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کر آئے گی، اپنا گھر اسکیم ان لوگوں کے لیے ہے جو کبھی گھر بنانے کا سوچ نہیں سکتے تھے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بے روزگاری بہت بڑا مسئلہ ہے اسے حل کریں گے، 50 لاکھ گھر بنیں گے تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

  • ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا: وزیر داخلہ

    ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ملک کی سالمیت پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔ ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے چیمبر آف کامرس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ملک کی سالمیت پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا، پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے، ڈو مور نہیں سنیں گے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ عوام کو عزت دینا ریاست کی ذمے داری ہے، میری وزارت کے ذیل میں 18 محکمے ہیں۔ میرے محکموں کے افراد بزنس کمیونٹی کے ساتھ بیٹھیں گے۔ بزنس کمیونٹی سے مشاورت کے بغیر فیصلوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ امن و امان سمیت تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ جن کو عوام نےمنتخب کیا، ان کو وفاقی حکومت عزت دے گی۔ ’یہ نہیں کہہ سکتے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد ہمارا اختیار نہیں ہے‘۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر صورتحال کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا، سب کو پتہ ہے کراچی، بنوں سمیت جیلوں میں کیا ہوتا رہا ہے۔ صورتحال کا اندازہ لگانے کے لیے لازمی ہے تمام لوگوں سے بات کی جائے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ سیاحت، نیشنل سیکیورٹی اور ایکشن پلان حکومت کے پلان کا حصہ ہے، ہم نے دنیا کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے، انہیں اپنی طاقت کا بتانا ہے۔ ’جب پاکستان کو اپنا سمجھ کر سب کو گلے لگائیں گے تو حالات بہتر ہوں گے‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیات، سیاحت اور تعلیم سمیت ہر شعبے کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ چیمبر آف کامرس کو باور کرواتا ہوں میں آپ سے رابطے میں رہوں گا۔ ’محکمہ داخلہ سے متعلق تمام معاملات پر آپ سے مشاورت ہوگی‘۔

    وزیر مملکت نے مزید کہا کہ معاشی طور پر جو لوگ مقروض ہو، ان کی آزادی صلب ہوجاتی ہے۔ جب گھر کو دیوالیہ بنا دیا جائے تو ملک ترقی کیسے کرے گا؟ ’جب کسی پر برا وقت آتا ہے تو وہ شخص اور زیادہ محنت کرتا ہے، ملک اس نہج پر پہنچ گیا ہے کہ ہمیں پہلے سے زیادہ محنت کرنی ہوگی‘

  • جنھوں نے اسلام آباد کو قبضے میں لے رکھا تھا، سب سے پہلے ان پر ہاتھ ڈالنا ہے: شہریار آفریدی

    جنھوں نے اسلام آباد کو قبضے میں لے رکھا تھا، سب سے پہلے ان پر ہاتھ ڈالنا ہے: شہریار آفریدی

    اسلام آباد: وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے کہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں جاری اینٹی انکروچمنٹ کارروائیوں کو خود مانیٹرکررہے رہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا. وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اسٹیک ہولڈرزکے ساتھ ساتھ وزیراعظم بھی ان کارروائیوں کو مانیٹرکررہے ہیں.

    شہریار آفریدی نے کہا کہ کچھ افراد نےاسلام آباد کو قبضےمیں لے رکھا تھا، کچھ لوگوں کے ذہن میں تھا کہ انھیں کوئی چھو نہیں سکتا.


    جلوس کے پرامن انعقاد پر عمران اسماعیل اور شہریار آفریدی کا منتظمین کو خراج تحسین


    شہریارآفریدی نے کہا ہمیں‌ سب سے پہلے ان لوگوں پرہاتھ ڈالنا ہے، جو ریاست کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں. اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔

    وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں‌ پر وزیر اعظم سمیت تمام اعلیٰ عہدے داروں کی نظر ہے. میں خود بھی نگرانی کر رہا ہوں. قبضہ مافیا اب قانون کی گرفت سےنہیں بچ سکے گا.

    یاد رہے کہ اپنے پہلے سرکاری خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے وزارت داخلہ کا قلم دان اپنے پاس رکھنے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے داخلہ کا عہدہ سونپا گیا۔

  • بلوچستان ترقی کرے گا تو پورا پاکستان ترقی کرے گا: وزیر داخلہ

    بلوچستان ترقی کرے گا تو پورا پاکستان ترقی کرے گا: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی تفتان بارڈر پر گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ وفاق کے ساتھ مل کر بلوچستان کا احساس محرومی ختم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کو ترجیح دینے پر وفاقی حکومت کے شکر گزار ہیں، بلوچستان کے وسیع تر مفاد میں تحریک انصاف کی حکومت کا ساتھ دیا۔ ہم سب سنجیدگی سے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کے معاملات حقیقی طور پر حل ہوں گے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل زیادہ ہیں، تعلیم، صحت و دیگر سہولتوں کا فقدان ہے۔ حقیقت کو سامنے رکھ کر بلوچستان کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ پنجاب و سندھ میں مواصلاتی نظام مضبوط ہے، بلوچستان میں نہیں۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ تحفظات پارٹی میں کوئی بھی کر سکتا ہے، اس میں برائی نہیں۔ جمہوری نظام میں رہتے ہیں، تنقید کرنے والوں پر اعتراض نہیں۔ پورے پاکستان میں موٹر ویز بن گئی، بلوچستان میں اب تک جانے والے راستے بھی نہیں بنے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے ماضی میں بلوچستان میں کام نہیں کیا، اب امید ہے کہ کرے گی۔ جلد بازی میں فیصلے نہیں کر رہے، نظام کے ذریعے کام کر رہے ہیں۔ ’تفتان میں سڑکیں نہیں، آج تفتان سے متعلق وفاق سنجیدہ ہے‘۔

    وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے قوم کو پیغام دیا ریاست ہر پاکستانی کی ذمے دار ہے، زائرین سے متعلق بھی حکومت نے تیز اقدامات کیے۔ ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈر پاکستان کی اکائیوں کا اپنا سمجھیں۔

    انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ہم لوگ ایک ٹیم بن کر کام کر رہے ہیں، ہم چھوٹے اور بڑے صوبوں میں تفریق نہیں کریں گے۔ تمام صوبے برابر ہیں، سب برابر کے پاکستانی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ترقی کرے گا تو پورا پاکستان ترقی کرے گا۔ بلوچستان میں احساس محرومی ہے اسے ختم کریں گے۔ ہر پاکستانی ہمارا ہے اور حکومت تمام پاکستانیوں کی ہے۔ صوبائی خود مختاری کے حق میں ہیں، سب کو یکساں حقوق دیں گے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستانی عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف حکومت نے بڑے اقدامات کیے۔ غیر قانونی تعمیر کی اجازت دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں گے۔

  • یقین دلاتے ہیں ریاست ہر پاکستانی کو اہمیت دے گی: وزیر داخلہ

    یقین دلاتے ہیں ریاست ہر پاکستانی کو اہمیت دے گی: وزیر داخلہ

    کوئٹہ: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ یقین دلاتے ہیں ریاست ہر پاکستانی کو اہمیت دے گی، بلوچستان کے مسائل کے حل سے متعلق مشاورت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر بلوچستان آیا ہوں۔ بلوچستان کے مسائل کے حل سے متعلق مشاورت ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ماہ محرم قریب ہے، زائرین کے مسائل کو بھی دیکھنا ہے، زائرین کی سہولت کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ تمام تر انتظامی معاملات کو بہتر بنائیں گے۔ ریاست پاکستان کی ذمہ داری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پختونخواہ پولیس کی مثال عوام کے سامنے ہے، پاکستانی اداروں کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا۔ ہمیں مینڈیٹ دیا گیا ہے ڈیلیور کریں گے، عام پاکستانی کی عزت ہوگی تو اداروں کی عزت ہوگی۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے، ملک کے لیے کام کرنے والوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔ تمام صوبوں کے وفاق سے متعلقہ مسائل حل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ پر بھروسہ ہے ملک کے تمام مسائل پر قابو پالیں گے، تمام وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کریں گے۔ ’یقین دلاتے ہیں کہ ریاست ہر پاکستانی کو اہمیت دے گی‘۔