Tag: Shehzad Roy

  • خون آشام ویمپائر نہیں ہوں: شہزاد رائے کا جوان کہنے والوں کو جواب

    خون آشام ویمپائر نہیں ہوں: شہزاد رائے کا جوان کہنے والوں کو جواب

    معروف گلوکار شہزاد رائے نے اپنی عمر پر حیرت کا اظہار کرنے والے مداحوں کو دلچسپ جواب دے دیا۔

    شہزاد رائے کے مداح اکثر اس بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہیں کہ ان کے چہرے پر بڑھتی عمر کے کوئی اثرات نظر نہیں آرہے بلکہ اکثر یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ جوان ہوتے جارہے ہیں۔

    اب حال ہی میں انہوں نے ٹویٹر پر اپنی پرفائل پکچر تبدیل کی جس کے بعد ایک بار پھر اسی نوعیت کے تبصروں کا طوفان آگیا۔

    ایک مداح نے ان کے ساتھ اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں اس دوران گنجا اور بوڑھا ہوچکا ہوں اور میری پیٹھ میں بھی درد رہنے لگا ہے، لیکن آپ ویسے کے ویسے ہی ہیں، یہ کیا جادو ہے۔

    اس پر شہزاد رائے نے جواب دیا کہ میں 44 سال کا ہوں، اکثر لوگ 44 سال کی عمر میں بھی جوان دکھائی دیتے ہیں، میں کوئی خون آشام (ویمپائر) نہیں ہوں۔

    گلوکار نے لکھا کہ بوڑھا ہونا قدرتی ہے، لیکن بڑا ہونا آپ کا اپنا انتخاب ہے۔

    ان کے اس ٹویٹ پر دیگر مداحوں نے مزید دلچسپ جوابات دیے۔

    خیال رہے کہ ماضی کے معروف گلوکار شہزاد رائے آج کل فلاحی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔

  • شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ کیوں دیا؟

    شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ کیوں دیا؟

    معروف گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے بچوں کو کنچے کھیلنے کا مشورہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ گو کہ بڑے کنچے کھیلنے سے منع کرتے ہیں لیکن بزرگ ہمیشہ صحیح نہیں ہوتے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہزاد رائے نے ایک بچے کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بچے کو کنچے کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شہزاد رائے نے لکھا کہ جب میں چھوٹا تھا تو میں نے ہمیشہ اپنے بڑوں سے یہی سنا کہ گندے بچے کنچے کھیلتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حقیقت میں، یہ کھیل ہاتھوں سے آنکھوں کو ہم آہنگ کرنے میں مدد کرتا ہے اور چھوٹے بچوں میں مہارت پیدا کرتا ہے۔

    شہزاد رائے کا مزید کہنا تھا کہ بزرگ ہمیشہ صحیح نہیں ہوتے لہٰذا احترام کے ساتھ سوالات پوچھیں اور بات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

  • شہزاد رائے کی فین خون سے گرین ٹی بنا کر دینے کو تیار

    شہزاد رائے کی فین خون سے گرین ٹی بنا کر دینے کو تیار

    کراچی: معروف گلوکار شہزاد رائے کو ایک خاتون نے شادی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں روز اپنے خون سے گرین ٹی بنا کر دیا کریں گی۔

    گلوکار شہزاد رائے، جو ملک میں تعلیم، حفظان صحت اور دیگر سماجی مسائل کو حل کرنے میں پیش پیش دکھائی دیتے ہیں، بڑی تعداد میں سوشل میڈیا صارفین ان سے متاثر بھی ہیں اور اب ایک مداح کی جانب سے انہیں شادی کی پیشکش بھی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہزاد رائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صحت کا خیال رکھنے سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی تھی۔ شہزاد رائے نے اپنی پوسٹ میں گرین ٹی جبکہ دوسری تصویر میں مٹھائی کے ڈبے کی تصویر شیئر کی تھی۔

    گلوکار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ گرین ٹی کو مٹھائی پر ترجیح دینی چاہیئے کیونکہ زندگی میں جو تھوڑی خوشی مل سکتی تھی وہ بھی نہ ملے۔

    ان کی اس ٹویٹ پر ایک خاتون مداح نے شہزاد رائے کو گرین ٹی بنا کر دینے کے لیے شادی کی پیشکش کردی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

    ثنا خان نامی صارف نے شہزاد رائے کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے لکھا کہ مجھ سے شادی کرلیں، میں روز آپ کو اپنے خون سے گرین ٹی بنا کر دوں گی۔

    شہزاد رائے نے ثنا خان کی ٹویٹ کا جواب دیا اور لکھا کہ برائے مہربانی ایسی باتیں نہ کریں، لوگ مجھے ویمپائر کہنے لگیں گے۔ شہزاد رائے کے جواب پر خاتون مداح نے لکھا کہ اب جواب دے دیا ہے تو شادی بھی کر لیتے ہیں۔

    شہزاد رائے کو اکثر و بیشتر ایسی دلچسپ صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان کی اکثر سنجیدہ قسم کی پوسٹس بھی صارفین کے مختلف جوابات کی نذر ہوجاتی ہے۔

  • کرونا وائرس، گلوکار شہزاد رائے کا عوام کے لیے خصوصی پیغام

    کرونا وائرس، گلوکار شہزاد رائے کا عوام کے لیے خصوصی پیغام

    کراچی: معروف گلوکار شہزاد رائے نے کرونا وائرس کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر عوام ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں۔

    شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ اگر کوئی آپ سے ہاتھ ملائے تو آپ ہاتھ نہ ملائیں بے شک وہ برا مان جائے،  شادی کے ایونٹس اور کوئی اجتماع بھی نہ کیا جائے۔

    گلوکار شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ میں آرہا تھا تو سی ویو پر ایسا لگ رہا تھا جیسے نیو ایئر نائٹ ہے یا کوئی چھٹی ہے، سب خوشیاں منانے پہنچے ہوئے تھے، ہمیں اشرف المخلوقات کی طرح برتاؤ کرنا چاہئے۔

    شہزاد رائے نے کہا کہ کرونا وائرس ایک بہت ہی سنگین مسئلہ ہے، افواہیں نہیں پھیلانی ہے لیکن ایک دوسرے کو بچانا ہے، وہ وقت نہ آئے کہ لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔

    انہوں نے کہا کہ میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ اس وائرس سے کم سے کم افراد متاثر ہوں اور ہم کم سے کم لوگوں سے ملاقات کریں، بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں کرونا وائرس پر ٹاسک فورس کے اجلاس میں شرکت کی، یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ سندھ حکومت اچھے اقدامات کررہی ہیں۔

  • بچوں کو جسمانی سزا دینے والے سیکشن 89 کا سہارا لیتے ہیں، شہزاد رائے

    بچوں کو جسمانی سزا دینے والے سیکشن 89 کا سہارا لیتے ہیں، شہزاد رائے

    کراچی: زندگی ٹرسٹ کے سربراہ گلوکار شہزاد رائے کا کہنا ہے کہ بچوں پر جسمانی تشدد کے خلاف کیس میں عدالت نے ہمارے موقف کو سراہا ہے، بچوں پر جسمانی تشدد اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار شہزاد رائے نے ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں پر جسمانی تشدد کا بل اسمبلی میں جانا بڑی کامیابی ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری کے شکر گزار ہیں۔

    شہزاد رائے کہا کہ جسمانی سزا ہماری ذہنیت ہے، بچوں پر مار پیٹ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، ہم نے عالمی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، بچوں کو جسمانی سزا دینے والے سیکشن 89 کا سہارا لیتے ہیں کہ اچھی نیت سے مارا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سیکشن 89 کہتی ہے بچوں کا سرپرست اچھی نیت کے ساتھ تشدد کی اجازت دے سکتا ہے،و الدین یا بچوں کے سرپرست کو بھی کیسے حق ہے کہ وہ تشدد کی اجازت دیں۔

    مزید پڑھیں: جسمانی تشدد سےاگر بچے کو نقصان ہوتا ہے تو وہ جرم ہے ، چیف جسٹس اطہر من اللہ کے ریمارکس

    شہزاد رائے نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے بچوں پر تشدد کے معاملے پر بہت ساتھ دیا ان کے شکر گزار ہیں۔

    واضح رہے کہ کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ جسمانی تشدد سے اگر بچے کو نقصان پہنچتا ہے تو وہ جرم ہے۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا عدالت نےوفاقی وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری کوطلب نہیں کیا ، ڈاکٹر شیریں مزاری کا طلب کیے بغیر عدالت آنا خوش آئند ہے، قرآن پاک میں بچوں کےحقوق کے بارے میں احکامات موجودہیں۔

  • اسلام آباد میں اب کوئی بھی استاد بچے پر تشدد نہیں کرسکتا ، شہزاد رائے

    اسلام آباد میں اب کوئی بھی استاد بچے پر تشدد نہیں کرسکتا ، شہزاد رائے

    اسلام آباد : معروف گلوکار شہزاد رائے کا کہنا ہے کہ جب تک پٹیشن ہےاسلام آبادمیں کوئی استادبچوں کونہیں مارسکتا، دنیابھرمیں بچوں کو مارنا جرم سمجھا جاتا ہے لیکن طلباپرتشددکےخلاف صرف سندھ میں قانون موجودہے، کےپی کے اورپنجاب میں کوئی قانون نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار شہزاد رائے نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا افسوس ہے ایسا قانون موجود ہے جو بچوں کو مارنےکی اجازت دیتاہے، بچوں پر تشدد یا مارنا زیادہ نقصان دہ ہے ،بدقسمتی سے ہمارے قانون کےتحت بچوں پرکئی عرصے سےتشددہورہا تھا۔

    شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اب کوئی بھی اساتذہ بچے پر تشدد نہیں کرسکتا ، دنیا میں بچے پر تشدد اب سنگین جرم سمجھا جاتا ہے اور بچے کی پٹائی اور تذلیل آئین کی خلاف ورزی ہے ۔

    معروف گلوکار نے کہا کہ سیاست کی وجہ سے اسمبلی میں قانون سازی نہیں ہوپارہی ، پاکستان میں81فیصدبچے کسی نہ کسی تشدد کا  شکار ہوتے ہیں ، مسئلہ یہ ہےوالدین ،اساتذہ بچوں کی ڈسپلن کیلئے پٹائی کرتےہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بچہ پیدا ہوتا ہے تو والدین،اسکول جاتا ہے اساتذہ مارتے ہیں، بچے کی پٹائی ڈسپلن کیلئے کی جاتی ہے تو کیا ہمارے معاشرے میں ڈسپلن ہے، تشدد ، پٹائی سے بچہ مر بھی جائے تو اسے جرم تصور نہ کرناافسوسناک ہے۔

    شہزاد رائے نے کہا کہ پٹیشن کےفیصلے تک اسلام آباد میں سیکشن 89پر عملدرآمد نہیں ہوگا، اس فیصلے پراسلام آبادہائیکورٹ کے  چیف جسٹس کا شکرگزار ہوں، دنیا میں ریسرج موجود ہے کہ بچوں پر تشدد جرم ہے۔

    معروف گلوکار کا کہنا تھا کہ سندھ میں بچوں پرتشدد سے روکنے کا کم سے کم قانون موجود ہے، پنجاب کےپی اور بلوچستان میں اس حوالے سے  قانون نہیں ہے، اسلام آباد میں تو قانون بچوں پر تشدد،پٹائی کی اجازت دیتا تھا، چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ بچوں کو جتنا مارا جائے گا اس کی ذہنیت بھی اس سے متاثر ہوتی ہے، دنیا کی بہترین ریسرچ میں ہے کہ تشدد سے  صرف تشدد بڑھتاہےاور کچھ نہیں، کتابوں میں بس رٹہ مارنےکیلئےچیزیں دی گئی ہیں ، ہم بچوں کو سوچنے کی صلاحیت نہیں دیتے۔

    شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ یہ قدم نہیں اٹھائے تو 20سال تک بھی تعلیم کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا، ہمارے پاس ایک ماڈل موجود ہے اس بنیاد پر حکومتوں کے پاس جاتےہیں، جہاں بچوں کے تحفظ میں رکاوٹ ہوگی وہاں عدالتوں میں جائیں گے اور بچوں پرتشدد روکنے ، تعلیم کے فروغ کیلئے حکومتوں کیساتھ ملکرکام کریں گے۔

  • شہزاد رائے کا کشمیریوں سے بھرپور اظہار یک جہتی کا عزم، ایل او سی کے دورے کا اعلان

    شہزاد رائے کا کشمیریوں سے بھرپور اظہار یک جہتی کا عزم، ایل او سی کے دورے کا اعلان

    کراچی: ممتاز گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے وزیراعظم کی کال پر کشمیری عوام سے بھرپور  اظہار  یک جہتی کا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سفیر خیر سگالی شہزاد رائے نے کہا ہے کہ فاطمہ جناح اسکول کی 2500 طالبات مقبوضہ وادی کے باسیوں سے اظہار  یک جہتی کریں گی.

    شہزاد رائے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو 12 بجے باہر نکلیں اور اپنی سپورٹ ظاہر کریں. گلوکار نے 6 ستمبرکو ایک شہید کے گھرجانے اور جلد ایل او سی کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے.

    خیال رہے کہ وزیر اعظم نے قوم کے نام اپنے خصوصی خطاب میں اعلان کیا تھا کہ عوام ہر ہفتے جمعے کے روز کشمیر کے عوام سے یک جہتی کا اظہار کریں.

    مزید پڑھیں: جمعے کو ملک بھر میں 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک روک دی جائے گی

    خیال رہے کہ جمعے کے روز کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کا ابتدائی پروگرام تیار کر لیا گیا ہے، ملک بھر میں 12 سے ساڑھے 12 بجے تک ٹریفک روک دی جائے گی۔

    اس دن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے شکار مظلوموں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔

  • ملالہ شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں

    ملالہ شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں

    کراچی: نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی گلوکار اور سماجی شخصیت شہزاد رائے سے شطرنج کی چالیں سیکھنے لگیں، شہزاد رائے نے ایک ملاقات میں ملالہ کو سکھایا کہ شطرنج کیسے کھیلتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی گلوکار شہزاد رائے اور تعلیم کے سلسلے میں دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں سماجی جدوجہد کرنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے درمیان ملاقات ہوئی۔

    شہزاد رائے اور ملالہ کے درمیان ہونے والی خوش گوار ملاقات کی تصویر نے ٹویٹر پر بڑی تعداد میں شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی۔

    پاپ گلوکار شہزاد رائے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تصویر شیئر کی جس میں دونوں شخصیات شطرنج بورڈ کے سامنے بیٹھے  شطرنج کھیل رہے ہیں۔

    شہزاد رائے نے کہا کہ وہ ملالہ یوسف زئی کو شطرنج سکھا رہے تھے، انھوں نے لکھا ’میں ملالہ کو سکھا رہا تھا کہ شطرنج کس طرح کھیلی جاتی ہے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف کی طلبہ سے ملاقات، شطرنج کھیلی

    اسے بھی پڑھیں:  ملالہ یوسف زئی کی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے ملاقات


    پاکستانی گلوکار نے ملالہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ ضرور کہوں گا کہ ملالہ یوسف زئی بہت تیزی سے سیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ شطرنج دماغی کھیل ہے، اسے اسکول کے نصاب کا حصہ ہونا چاہیے، زندگی ٹرسٹ نے ایک سرکاری اسکول ایس ایم بی فاطمہ جناح کو گود لیا ہے، جہاں سے شطرنج میں ایک قومی چیمپئن ابھرا۔

  • زینب زیادتی و قتل: بچوں کے تحفظ کے لیے سوچنا ہوگا‘ شہزاد رائے

    زینب زیادتی و قتل: بچوں کے تحفظ کے لیے سوچنا ہوگا‘ شہزاد رائے

    کراچی: معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے کا کہنا ہے کہ زینب کا قتل انسانیت کی تذلیل ہے۔ ملک میں ہر پانچواں بچہ زیادتی کا شکار ہورہا ہے‘ بچوں کو گھر اور اسکول میں تربیت دے کر ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی کارکن شہزاد رائے نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قصور کے سانحے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ انسانیت کی تذلیل ہے‘ زینب تو دنیا سے چلی گئی لیکن ہمیں بچوں کے تحفظ کے لیے سوچنا ہوگا‘ شہزاد رائے کے مطابق ہر پانچواں بچہ زیادتی کا شکا ر ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں بچوں کو صحیح اور غلط کی پہچان کرانا ہوگی‘ بچوں سےزیادتی‘ مارپیٹ کرنے والےکوسخت سزا دینی چاہئے۔ایسےواقعات سےبچنےکے لیے اسکولوں میں بچوں کوآگاہی ضروری ہے‘ بچوں سے زیادتی میں90فیصدقریبی لوگ ملوث ہوتے ہیں ۔

    شہزاد رائے کے مطابق والدین اور بچوں کےدرمیان اس معاملے پر بات چیت ہونی چاہئے۔گھر اور اسکول میں بچوں کوتربیت دے کرایسےواقعات سےبچایاجاسکتاہے۔ ایسےاکثرواقعات ہیں جوسامنےنہیں آتےجبکہ اس سلسلے میں قوانین بھی موجودہیں۔

    یاد رہے کہ چار روز قبل اغوا ہونے والی ننھی زینب کو درندوں نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا کردیا تھا‘ سات سالہ بچی زینب کو گزشتہ روز آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا‘ ننھی پری کی نمازجنازہ علامہ طاہرالقادری نے پڑھائی تھی۔

    اغوا کے وقت زینب کے والدین عمرےکی سعادت کے لیے سعودیہ عرب میں موجود تھے اور وہ اپنی خالہ کے گھر مقیم تھی‘ گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران قصورمیں بچیوں کواغواکےبعد قتل کرنے کا یہ دسواں واقعہ ہے اور پولیس ایک بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی کنگز: تھیم سانگ میں شاہد خان آفریدی جلوہ گر ہوں گے

    کراچی کنگز: تھیم سانگ میں شاہد خان آفریدی جلوہ گر ہوں گے

    پاکستان سپر لیگ تھری میں کراچی کنگز کے تھیم سانگ کی تیاریاں عروج پر ہیں اور اس بار ویڈیو میں مایہ ناز اسٹارکرکٹر شاہد آفریدی بھی جلوہ گر ہوں گے۔

    ان دنوں معروف گلوکار شہزاد رائے پی ایس ایل کی سب سے زیادہ شہرت یافتہ ٹیم کراچی کنگز کے تھیم سانگ کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اس بار بوم بوم آفریدی بھی ان کا ساتھ نبھائیں گے

    اس گانے کے پروڈیوسر نقاش حیدر ہیں اور شاہد آفریدی بطور آرٹسٹ کراچی کنگز کے تھیم سانگ میں اپنے اور اپنے فرنچائز کے شائقین کا جوش بڑھاتے نظر آئیں گے۔

    شکریہ سلمان اقبال! شاہد آفریدی کا ٹویٹ

    یا درہے کہ رواں سال اکتوبر میں اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے شاہد آفریدی کی کراچی کنگز میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’آفریدی پاکستان کی کرکٹ کا بہت بڑا نام ہے، کراچی کنگز میں انہیں کو خوش آمدید کہتے ہیں‘۔

    شاہد آفریدی کراچی کنگز کے صدر بھی ہیں اور پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں انہیں پلاٹینیم کیٹیگر ی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

    کراچی کنگز کے صدر بننے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ شکریہ سلمان اقبال ، میں کراچی کنگز کے صدر کی حیثیت سے پاکستانی اسپورٹس خصوصاً کرکٹ کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیتا رہوں گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔