Tag: sheikh rasheed

  • ریلوے کے اسپتال اور اسکولوں کی نجکاری کے لیے تیار ہیں: وزیر ریلوے

    ریلوے کے اسپتال اور اسکولوں کی نجکاری کے لیے تیار ہیں: وزیر ریلوے

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو ریلوے میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ریلوے کے اسپتال اور اسکولوں کی نجکاری کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پہلا دن ہے اہم فیصلے کیے ہیں، ریلوے کو رواں سال ہی خسارے سے نکالیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کے اخراجات میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے، کرایوں سے مطمئن نہیں تھا 20 فیصد اضافے کا کہا ہے، کرپٹ عناصر کو معطل کروں گا، 3 افراد کو معطل کردیا ہے۔ تمام ٹرینوں میں 25 ستمبر سے وائی فائی کی سہولت بھی ہوگی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آن لائن ٹکٹنگ کو بہتر بنایا جائے گا، 2 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ کوچز کی کمی ہے بدقسمتی ہے 606 کوچز خراب ہیں۔ ریل کوچز کے لیے پرائیویٹ لوگوں کو دعوت دے سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 60 سال سے کھڑی گاڑیوں کو نیلام کردیں گے، ریلوے کے اسپتال اور اسکولوں کی نجکاری کے لیے تیار ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کے لیے 10 ہزار اپارٹمنٹ بنانے کا اعلان کرتے ہیں، ریلوے کا کوئی ملازم بے گھر نہیں ہوگا۔ ریلوے کی زمین پر جتنے قبضے ہیں انہیں خالی کروایا جائے گا۔

    وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ سٹی ایریا کے قر یب ریل پلازے بنائے جائیں گے، کراچی سے اس سال 10 بلین روپے چاہئیں۔ اوور سیز پاکستانی رابطے کر رہے ہیں آئیں ٹرینیں حاضر ہیں، ’اوور سیز پاکستانی آئیں ٹرینیں چلائیں اور سرمایہ لگائیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی چیز نہیں چھپاؤں گا، ناکامی ہوئی تو اس کا اعتراف کروں گا، ریلوے کا خسارہ ختم کرنے کے لیے کچھ بھی کروں گا۔ میڈیا مالکان آئیں ریلوے اسٹیشنز پر بڑی اسکرینیں نصب کریں۔ اسٹیشنز کی تزئین و آرائش کی جائے گی، اشتہارات سے مطمئن نہیں۔ 5 اسٹار ہوٹلز کے لیے ہمارے پاس زمین موجود ہے۔ تمام ریلوے کی زمینوں کے گرد درخت لگائیں گے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ کسی افسر کو تبدیل نہیں کیا، حلف لیا ہے کوئی جھوٹ نہیں بولے گا۔ نیب کے کیسز کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ 14 ہزار پل مارکیٹنگ کے لیے پیش کر رہے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنز پر معذور افراد کے لیے خصوصی پیکج دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کے لیے رابطہ کیا ہے، دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ریلوے اسپورٹس میں 5 سال کی فنانس دینے کا اعلان کیا ہے۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ زیارت کے لیے جانے والوں کے لیے پٹری کو بہتر کریں گے۔ کرپشن سے متعلق زیرو ٹالرنس ہے، برداشت نہیں کروں گا۔ کسی کو ریلوے سے شکایت ہے تو وہ ہمیں شکایت کر سکتا ہے، لاہور اسٹیشن پر 15 دن میں سیٹیں لگائی جائیں گی۔

  • کرپٹ سابقہ حکومت نے 40 ارب کا خسارہ جہیز میں دیا ہے، شیخ رشید

    کرپٹ سابقہ حکومت نے 40 ارب کا خسارہ جہیز میں دیا ہے، شیخ رشید

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے میں چالیس ارب روپے کا خسارہ ختم کرنے کا چیلنج قبول کرلیا اور کہا کرپٹ سابقہ حکومت نے چالیس ارب کا خسارہ جہیز میں دیا ہے، میں نہیں چاہتا جب ریلوے چھوڑوں تو میرا منہ بھی کالا ہو۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام سہولت سے ٹرین کا سفر چاہتے ہیں، ریلوے میں کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا، کراچی والوں سے امید ہے فریٹ دگنا کریں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آدھا ریلوےنیب زدہ ہے، بھارت نے جس کمپنی سے خریداری کی ہم نے اسی سے دگنی قیمت پر کی، ہمیں جہیز میں37سے 40ارب کا خسارہ ملا ہے، بتایا گیا ریلوے میں سب اچھا ہے لیکن حقیقت کچھ اور ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی پٹری بھی کرائے پر دینے کے لئے تیارہیں، جہاں سڑک نہیں وہاں بھی ٹرین لے جانا چاہتا ہوں، نجی کمپنیاں ہم سے شراکت داری میں اسٹیشن ،فوڈ اسٹریٹ بنائیں، جو بھی چیز بنائی جائے گی وہ ریلوے کی ہی ملکیت رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا ریلوے کی سب سے پہلے پشاورسے لاہورڈبل ٹریک بناؤں گا، زمینوں پر کالونیوں کا معاملہ کابینہ میں لے جائیں گے، ریلوے ریسٹ ہاؤسز فروخت کے لئے دستیاب ہیں، جو نئی ٹرین چلائیں گے، اس پر 10 فیصد رعایت ہوگی۔

    شیخ رشید نے کہا کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہوگی، ریلوے کے جو لوگ نیب کو مطلوب ہوں گے، وہ سرنڈر کریں گے، وعدہ کرتا ہوں ریلوے ٹھیک ہوگی، میری ذمےداری ہے، 18گھنٹے کام کروں گا،قوم سے وعدہ کیا ہے۔

    31ان کا کہنا تھا کہ 31 اسٹیشن اپ گریڈ کرنے جارہے ہیں، گریڈ 4کے 5ہزار ملازمین کے لئے اپارٹمنٹس بنائیں گے، ہمارے پاس زمین دستیاب ہے، پیسہ نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا جو ٹرین منافع بخش ہوگی وہی بحال ہوسکےگی، کراچی سے سکھر،راولپنڈی سے لاہور اور میانوالی کی ٹرینیں چاہتےہیں، لوکو موٹو فریٹ ٹرینوں کے ہیں،مسافر ٹرینوں کے نہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا جب ریلوے چھوڑوں تو میرا منہ بھی کالا ہو، ریلوے کو نعرہ دیا ہے، آرام حرام ہے، قبضے والے موجودہ پرائس پر جگہ خریدنا چاہیں تو معاملہ کابینہ جاسکتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا ریلوے پولیس میں 10ہزار اہلکار نہیں چاہئیں، میں کسی کو نہیں ہٹارہا،کام کرنے دیں، میری اپنی2 بلٹ پروف گاڑیاں ہیں، محکمے کو واپس کردوں گا، جو رعایت میں نے دی ہے، دنیا میں مرنے کے بعد بھی کوئی نہیں دے سکے گا۔

  • ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا: وزیر ریلوے

    ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا: وزیر ریلوے

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزارت ریلوے میں حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا کوئی لوکو موٹیو رکنا نہیں چاہیئے، پاکستان ریلوے کو سرمایہ کاری کے لیے کھولنا چاہیئے۔ ریلوے فریٹ کو ڈیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا، ریلوے کو بہترین وزارت بنانا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد آرام مجھ پر حرام ہوگا۔ ریلوے کا خسارہ اربوں روپے ہے اور اسے کم کرنا اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سستی ٹرینیں چلا کر غریبوں کو سہولت دینے کے لیے پرعزم ہوں۔ غریبوں کو ریل گاڑی میں اے سی کی سہولت دینا ترجیح ہے۔

  • آرام کو خود پر حرام قرار دے کر عوام کیلئے کام کریں گے، شیخ رشید

    آرام کو خود پر حرام قرار دے کر عوام کیلئے کام کریں گے، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آرام کو خود پر حرام قرار دے کر عوام کیلئے کام کریں گے، عمران خان جہاں ذمہ داری دیں گے نبھاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج شام لال حویلی میں جشن ہوگا، فضل الرحمان بھی آکر دیکھیں، آج شام کو عمران خان نے اتحادیوں کومدعو کیا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ غریب اور عام آدمی کاپاکستان بنائیں گے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ اکٹھی نہیں چل سکتیں، جمہوریت کوآگے لیکر چلیں گے، تمام جماعتوں کےسامنے دوستی کا ہاتھ بنائیں گے۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ عمران خان جہاں ذمہ داری دیں گے نبھاؤں گا، آرام کو خود پر حرام قرار دے کر عوام کے لئے کام کریں گے۔

    اس سے قبل قومی اسمبلی میں آمد کے موقع پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کاندھوں پر بھاری ذمے داری ہے ،عوام کو بہت توقعات ہیں ، مل کر چلیں گے تو مسائل حل ہوجائیں گے۔


    مزید پڑھیں : قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا


    یاد رہے ملک کی 15 ویں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا، جس کے بعد ارکان کی جانب سے باری باری رجسٹرمیں دستخط کیے جا رہے ہیں۔

    خیال رہے قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف ایک سواٹھاون نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہےجب کہ مسلم لیگ (ن) بیاسی نشستوں کے ساتھ دوسرے، پیپلز پارٹی ترپین نشستوں کے ساتھ تیسر ے نمبر پر ہے۔

    متحدہ مجلس عمل پندرہ نشستوں کے ساتھ چوتھے، متحدہ قومی موومنٹ سات نشستوں کے ساتھ پانچویں، مسلم لیگ (ق) پانچ نشستوں کے ساتھ چھٹے، بلوچستان عوامی پارٹی پانچ نشستوں کے ساتھ ساتویں اور بلوچستان نیشنل پارٹی چار نشستوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔

    جی ڈی اے نے قومی اسمبلی میں کل تین نشستیں حاصل کیں جب کہ عوامی نیشنل پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے

  • مولانا فضل الرحمان کے 14 اگست نہ منانے کے بیان پر شیخ رشید برس پڑے

    مولانا فضل الرحمان کے 14 اگست نہ منانے کے بیان پر شیخ رشید برس پڑے

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 14 اگست کو یوم آزادی نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے، آج شہباز شریف نے بھی مولانا کی تائید کی، یہ وہی لوگ ہیں جو پاکستان بنانے کے مخالف تھے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ ویڈیو بیان میں کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ساری قوم جشن آزادی کا تاریخی جشن منائے گی، ہم سب مل کر یوم آزادی منائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو لال حویلی کے باہر بھی تاریخی جشن ہوگا، پوری قوم 14 اگست بھرپور ملی جوش و جذبے سے منائے گی۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان ڈان لیکس کے پیروکار ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ختم نبوت کے خلاف سازش کی۔

    دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کے متنازع بیان پر شہبازشریف نے بھی تائید کی ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ فضل الرحمان سے متفق ہیں، کیا چودہ اگست کے ساتھ شفاف الیکشن کی خوشی مناسکتے ہیں، اس کاجواب نفی میں ہے۔

    خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا چودہ اگست یوم آزادی کے طور پر نہیں مناسکتے، مولانافضل الرحمان کے بیان پر محمود اچکزئی بھی تائید میں گردن ہلا رہے تھے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا تھا کہ ہر سال چودہ اگست یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن اب کی بار ہم 14اگست کو یوم آزادی نہیں منا سکتے کیونکہ ہماری رائے کا حق چھین لیا گیا ہے۔

  • کراچی نے عمران خان کو نیا پاکستان دیا ہے ، شیخ رشید

    کراچی نے عمران خان کو نیا پاکستان دیا ہے ، شیخ رشید

    کراچی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کراچی والوں تبدیلی کی بنیاد ڈالی اور عمران خان کو نیا پاکستان دیا، مہاجر کمیونٹی ذہین ہے، ان کا مشکور ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تبدیلی کی بنیاد کراچی والوں نے ڈال دی اور عمران خان کو نیا پاکستان بنانے کا موقع دیا ہے، مہاجر کمیونٹی ذہین ہے، ان کا مشکور ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام کے فیصلے کو یہ لوگ نیا نام دے رہے ہے، کوئی ایک حلقہ بتادیں جس میں فساد ہوا ہو، انتخابات میں دھاندلی کا رونا رونے والے بتا دیں ایک بھی ووٹ زیادہ نکلا۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان پر لوگوں نے بڑی ذمہ داری ڈالی ہے، ملکی معیشت کو ٹھیک اور آزاد خارجہ پالیسی بنانی ہے، اس ملک کو مظلوم اور غریب کا پاکستان بنانا تھا۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ این آر او کا خواب دیکھنے والے جاگ جائیں، نوازشریف کی خواہش پر کوئی این آر اونہیں ہورہا، حسن اورحسین کو ریڈ وارنٹ کے ذریعے واپس لائیں گے۔


    مزید پڑھیں : کہا تھا ایک لہر آئے گی جو عمران خان کو کام یاب کر دے گی، شیخ رشید


    شیخ رشید نے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت دیگر فیصلے بھی آنے ہیں، عمران خان نے 22سال جدوجہد، فضل الرحمان نے انجوائے کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کےخلاف زیروٹولرینس کی پالیسی کواپنائیں گے اور کرپشن کے تابوت میں کیلیں لگا دیں گے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا عمران خان پر لوگوں نے اعتماد کیا ہے، نوجوان ملک میں تبدیلی کےخواہشمند ہیں، عمران خان نے ابھی حلف نہیں اٹھایا، سب مخالفین اکٹھے ہوگئے۔

  • عمران خان کے حلف اٹھاتے ہی ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن جائے گا: شیخ رشید

    عمران خان کے حلف اٹھاتے ہی ن لیگ میں فارورڈ بلاک بن جائے گا: شیخ رشید

    اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد بنی گالا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم کا حلف اٹھاتے ہی ن لیگ میں ایک بڑا فارورڈبلاک بنے گا.

    ان کا کہنا تھا کہ راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سےعمران خان کو کچھ نہیں ہوگا، انھیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، البتہ ایسی رکاوٹیں کھڑی کرنے سے جمہوریت کے لئے مسئلہ ہوگا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ پیر کے روز وفاقی کابینہ کا فیصلہ ہوجائے گا، جلد اس ضمن میں اعلان کیا جائے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کے نام معلوم ہیں، مگر اس وقت بتا نہیں سکتا۔

    انھوں نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار سمیت کئی سلطانی گواہ بننے والے ہیں، حلف اٹھانے سے پہلے ہی متحدہ اپوزیشن بن گئی ہے یہ سب لوگ اقتدارکے بھوکے ہیں ۔

    انگوٹھی کا راز

    پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کے ہاتھ میں انگوٹھی نظر آئی، تو  ایک صحافی نے سوال کیا،عمران خان کے بعد آپ نے بھی انگوٹھی پہن لی؟

    اس پر شیخ رشید نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں نے 1500کی لی ہے، آپ 3000 میں لے لیں۔ 


    وزارت مانگنا توہین سمجھتا ہوں: شیخ رشید


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزارت مانگنا توہین سمجھتا ہوں: شیخ رشید

    وزارت مانگنا توہین سمجھتا ہوں: شیخ رشید

    اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن میں ایک فارورڈ گروپ بننے جا رہا ہے۔ عمران خان کے خلاف الائنس کے کچھ لوگ حکومت میں آجائیں گے۔ ’وزارت مانگنا توہین سمجھتا ہوں‘۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پختونخواہ کے لوگوں نے دوسری بار ایک جماعت کو ووٹ دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں ایک فارورڈ گروپ بننے جا رہا ہے۔ عمران خان کے خلاف الائنس کے کچھ لوگ حکومت میں آجائیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مفاد پرست اکٹھے ہو گئے ہیں جو اقتدار کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔ عمران خان نئی قیادت متعارف کروا سکتے ہیں۔ ’وہ جانتے ہیں انہیں لوگوں کی توقعات پر پورا اترنا ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار میرا ساتھ چھوڑ گیا ورنہ ہم ایک تھے۔ ’طاہر القادری صاحب کا بھی مبارک باد کے لیے فون آیا تھا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ نومبر میں 66 سال کا ہو جاؤں گا، وزارت مانگنا توہین سمجھتا ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جی حضوری کرنے والا ٹولہ اپنے انجام کو پہنچا، شیخ رشید

    جی حضوری کرنے والا ٹولہ اپنے انجام کو پہنچا، شیخ رشید

    لاہور : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے جی حضوری کرنے والا ٹولہ اپنے انجام کوپہنچا، آج عدالت کے فیصلے کے بعد سب لوگ احتیاط برتیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے توہین عدالت کیس میں ن لیگی رہنما طلال چوہدری کی نااہلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جی حضوری کرنے والا ٹولہ انجام کو پہنچا،ان لوگوں کو وزارتیں گالیاں دینے پر ملیں ، آج عدالت کے فیصلے کے بعد سب لوگ احتیاط برتیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف جن لوگوں کو رکھا ان میں کوئی بات نہیں ، ان لوگوں کی کوئی قابلیت نہیں ہے، یہ سزا کو بھی اعزاز سمجھیں ،جس میں جتنا ظرف ہو اتنی بات کرتا ہے۔


    مزید پڑھیں : توہین عدالت کیس: طلال چوہدری 5 سال کے لیے نا اہل قرار


    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے توہین عدالت کا جرم ثابت ہونے پر لیگی رہنما طلال چوہدری کو ایک لاکھ جرمانے اور پانچ سال کیلئےنااہل قراردے دیا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما نے جڑانوالہ کے جلسے میں عدلیہ کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔

    سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کی 24 اور 27 جنوری 2018 کی تقاریرمیں عدلیہ مخالف تقاریر پرنوٹس لیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • جو دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں، ان کے مقدر میں اب رونا ہی ہے، شیخ رشید

    جو دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں، ان کے مقدر میں اب رونا ہی ہے، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں، ان کے مقدر میں اب رونا ہی ہے، عمران خان کی کامیابی غریب کی کامیابی ہے، عمران خان سے وزارت نہیں مانگوں گا،اس کا بھائی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے این اے 60 میں الیکشن روکنے کا فیصلہ غلط قرار دے دیا ہے ،این اے 60 سے راشد شفیق صاحب الیکشن لڑیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سستی بجلی، سستا گیس اور پٹرول دیں گے، جو دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں، ان کے مقدر میں اب رونا ہی ہے، الیکشن پر چیف جسٹس، آرمی چیف اور چیف الیکشن کمشنر کو مبارکباد دیتا ہوں۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ جو جمہوریت کے چیمپئن بنتے ہیں، لوگوں نے انہیں مستردکردیا، الیکشن کےذریعےعوام کی جمہوریت آئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ 14 اگست کو عمران خان وزیراعظم کا حلف اٹھاچکے ہوں گے، عوام نے عمران خان پر بہت اعتماد کیا، اب بہت کام کرنا ہے۔


    مزید پڑھیں : وزارتوں کا بھوکا نہیں پاکستان کےغر یبوں کا گاندھی بننے جارہا ہوں، شیخ رشید


    شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تین صوبوں میں حکومت بنارہی ہے، میں پاکستان کا سب سے سینئر ترین پارلیمنٹرین ہوں ، عمران خان سے وزارت نہیں مانگوں گا،اس کا بھائی ہوں، عمران خان کی کامیابی غریب کی کامیابی ہے۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ میرے علاقے میں اسپتال پر کام شروع ہوچکا،چیف جسٹس کا شکریہ، راولپنڈی کے کسی اسپتال میں وینٹی لیٹر نہیں ہیں، عمران خان تمام مسائل کے حل کیلئے کام کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سوچ رہا ہوں کہ غریب آباد یا شکریال میں شفٹ ہوجاؤں، دونوں علاقوں کی حالت بہت خراب ہے، وہاں کا حال بہترکروں گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔