اسلام آباد (13 اگست 2025): قومی اسمبلی میں اپوزیشن رکن شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 11 بجے ہوگا، اسپیکر ایاز صادق اجلاس کی صدارت کریں گے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 16 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا۔
شیخ وقاص اکرم کی نشست خالی قرار دینے کی تحریک بھی ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے، اپوزیشن رہنما کی نشست خالی قرار دینے کی تحریک ایوان میں پیش ہوگی، جسے حکومتی رکن سیدہ نوشین افتخار پیش کریں گی، ایوان کی منظوری سے شیخ وقاص کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی جائے گی۔
بانی پی ٹی آئی کی 2 بہنوں کو پولیس نے چھوڑ دیا
آج کے اجلاس میں اہم قانون سازی بھی ایجنڈے میں شامل ہے، آسان کاروبار بل 2025 آج منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی 2025 بھی ایجنڈے میں شامل ہے، انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025، پٹرولیم ترمیمی بل 2025 بھی منظوری کے لیے پیش ہوگا۔
امریکی صدر کے تیل ذخائر سے متعلق بیان پر حکومتی خاموشی پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے، اسلام آباد کے نجی اسپتالوں اور لیبارٹریوں میں زائد چارجز پر بھی توجہ دلاؤ نوٹس ایجنڈے کا حصہ ہے۔