Tag: Sheila Jackson Lee

  • پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی انتقال کرگئیں

    پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن لی انتقال کرگئیں

    واشنگٹن: امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلاجیکسن لی فانی دنیا کو خیرباد کہہ گئیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکساس سے رکن کانگریس شیلاجیکسن لی کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ان کی عمر 74 برس تھی۔

    شیلا جیکسن لی سیلاب،زلزلے سمیت ہرناگہانی آفت میں پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہیں، انہیں حکومت پاکستان نے ہلال پاکستان کے اعزاز سے بھی نوازا تھا۔

    پاکستانی کمیونٹی امریکا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے: شیلاجیکسن لی

    یاد رہے کہ امریکا نے 2005 کے زلزلے میں بحالی اور تعمیر نو کیلئے پاکستان کو 500 ملین ڈالر امداد دی تھی، شیلا جیکسن لی کی قیادت میں کانگریس وفد نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ بھی کیا تھا۔

  • پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے: شیلا جیکسن

    پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے: شیلا جیکسن

    ہیوسٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتیں۔

    تفصیلات کے مطابق کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ اور ڈیموکریٹک رکن کانگریس شیلا جیکسن لی کہتی ہیں کہ وہ پاکستان میں کسی مخصوص سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتیں، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہیں۔

    ہیوسٹن میں ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید کی جانب سے منعقدہ فنڈ ریزنگ ظہرانے سے خطاب میں ڈیموکریٹک رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے ہیوسٹن شہر سے آئندہ میئر کے الیکشن لڑنے کے لیے جاری انتخابی مہم سے آگاہ کیا۔

    اس موقع پر پاکستانی نژاد پولیس کانسٹیبل نبیل شائق سمیت مختلف کمیونٹیز کے سرگرم رہنما بھی موجود تھے۔ طاہر جاوید نے اپنے خطاب میں شیلا جیکسن لی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شیلا جیکسن نے سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کیا اور محکمہ خارجہ سے لے کر صدر جو بائیڈن تک کو صورت حال سے آگاہ کیا۔

    انھوں نے کہا شیلا جیکسن پاکستان کی ترقی و خوش حالی اور باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے ہمیشہ متحرک رہتی ہیں۔

  • کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس میں بلانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے نمائندہ خصوصی جان کیری کو خط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی امریکا میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں مدعو کیا جائے۔

    اپنے خط میں شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریاؤں کو خطرات کا سامنا ہے، پاکستان خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

    ہیوسٹن سے منتخب ڈیمو کریٹ رکن کانگریس شیلا جیکسن پاکستان کاکس کی بھی چیئر پرسن ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ماحولیاتی تبدیلی پر 22 اور 23 کو ایک ورچوئل سمٹ / کانفرنس کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں 40 عالمی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

    یہ سمٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد امریکا دوبارہ پیرس معاہدے میں شامل ہوا ہے اور رواں سال نومبر کے دوران اسی موضوع پر گلاسگو میں اقوام متحدہ کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی اخبار دی ٹائمز میں ایک مضمون لکھ کر نہایت مفصل انداز میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے آرٹیکل میں پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کو اجاگر کیا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال گرمیوں میں پاکستان نے صدی کی بدترین بارش کا سامنا کیا جب مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

    انہوں نے لکھا کہ ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 کو معاشی معاہدے کے بغیر ناکام دیکھ رہا ہوں، میرے نزدیک ماحولیاتی کانفرنس کو معاشی معاہدوں سے جوڑا جانا چاہیئے۔

    وزیر اعظم نے اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ گلوبل کلائمٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ 20 سالوں کے دوران 152 مواقع پر پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے براہ راست متاثر ہوا۔

  • مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیائی جنگ کے دہانے پر ہیں: شیلا جیکسن

    مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیائی جنگ کے دہانے پر ہیں: شیلا جیکسن

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی فوری یقینی بنائی جائے، مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیائی جنگ کے دہانے پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، ٹیکسس سے منتخب شیلا جیکسن لی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئر پرسن بھی ہیں۔

    شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی فوری یقینی بنائی جائے۔ مسئلہ کشمیر کے باعث پاکستان اور بھارت نیوکلیائی جنگ کے دہانے پر ہیں، صدر ٹرمپ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر دونوں ملکوں میں مذاکرات کروائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سے آگاہ کرے۔

    اس سے قبل امریکی رکن کانگریس جین شی کاسکی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات کو معاملے کا حل قرار دیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی جبکہ مواصلاتی نظام بھی بند ہے۔

    جین شی کاسکی کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کی حیثیت کی تبدیلی کے فیصلے سے خطرناک بحران نے جنم لیا۔ امریکا اور اقوام متحدہ کشمیر میں بحران کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کریں، بھارت میں حراستی کیمپ قائم کیے جارہے ہیں۔