Tag: Shelling and water canon

  • کراچی : پولیس نے احتجاجی ملازمین پر پانی کی توپ چلادی، 35 گرفتار

    کراچی : پولیس نے احتجاجی ملازمین پر پانی کی توپ چلادی، 35 گرفتار

    کراچی : پریس کلب کے باہر پولیس اہلکاروں نے حقوق مانگنے والے پیرامیڈیکل ملازمین کی دُھلائی کردی، پینتیس مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال کے پیرا میڈیکل اسٹاف نے اپنے مطالبات کے حق میں کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہیلتھ الاؤنس کے حصول کیلئے شدید نعرے بازی کی۔

    اس دوران مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے ان کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کردیا لیکن احتجاجی ملازمین کے منتشر نہ ہونے پر پولیس نے پانی کی توپ چلادی۔

    پانی کے تیز پریشر کے سامنے کئی ملازمین نہ ٹھہرسکے اور توازن بگڑنے پر کوئی یہاں گرا تو کوئی وہاں گرا، پولیس نے اسی پر بس نہ کیا اور بھیگے ہوئے مظاہرین کو کالرسے پکڑ کر دھکے مارے اورگاڑیوں میں ڈالنا شروع کردیا۔

    ٹھنڈے پانی میں بھیگنے کے باوجود ملازمین کا جذبہ سرد نہ ہوا تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی، شیلنگ کے ساتھ ساتھ ملازمین کی پکڑدھکڑ بھی جاری رہی، پولیس نے پینتیس مظاہرین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • فیض آباد دھرنا: انتظامیہ نے شرکاء کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا

    فیض آباد دھرنا: انتظامیہ نے شرکاء کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد : فیض آباد دھرنے کے شرکاء سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ نے حتمی فیصلہ کرلیا، کارروائی کل صبح کیے جانے کا امکان ہے، وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ڈیڈلائن رات بارہ بجے ختم ہوگئی، اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے تمام انتظامات مکمل کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیض آباد دھرنے کیخلاف آپریشن کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا، اس حوالے سے وزارت داخلہ نے پولیس، انتظامیہ کو گرین سگنل دے دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فیض آباد میں آپریشن ہفتے کی صبح کیا جائے گا، پولیس اورانتظامیہ نے تمام انتظامات مکمل کرلئے، آپریشن میں اسلام آباد، پنجاب پولیس حصہ لےگی، اس کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے اہلکار بھی آپریشن میں شریک ہونگے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پولیس رینجرز کی تمام نفری آتشیں اسلحے کے بغیر آپریشن میں حصہ لے گی، کارروائی میں شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا جائے گا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، دھرنے والوں کو رات بارہ بجے کی آخری ڈیڈ لائن دی تھی۔ اب دھرنے والوں کےخلاف عدالتی احکامات پرعمل ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم عدالت کے کندھے پربندوق رکھ کرنہیں چلانا چاہتے، ضرورت پڑی تو پولیس اوررینجرزموجود ہے، فوج کوداخلی محاذ میں ملوث کرنا درست نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ راجہ ظفرالحق کی رپورٹ حتمی نہیں، میں نے اس پر دستخط نہیں کیے۔

    دوسری جانب دھرنے کے شرکاء کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں، ذرائع کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے حکومتی فیصلے میں کوئی تبدیلی نہ ہوئی تو کل صبح آپریشن شروع ہوگا۔


    مزید پڑھیں: دھرنے والے آج کی تاریخ میں واپس چلے جائیں، آخری وارننگ


    واضح رہے کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر دھرنے کے شرکاء کو آخری وارننگ دے دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شرکاء آج رات12بجے تک فیض آباد کا علاقہ خالی کردیں، بصورت دیگر نقصان کے ذمہ دار دھرنا قائدین اور شرکاء ہونگے۔