Tag: ship

  • سو سال پہلے ڈوبنے والے جہاز کی تلاش ایک بار پھر شروع

    سو سال پہلے ڈوبنے والے جہاز کی تلاش ایک بار پھر شروع

    انٹارٹیکا میں سو سال قبل ڈوبنے والے بحری جہاز کی تلاش کے لیے ایک بار پھر مہم چلائی جا رہی ہے۔ صدی قبل ڈوبنے والے اس جہاز کے سراغ کی اب تک تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔

    سرارنسٹ شیکلٹن کی کپتانی میں اینڈیورنس نامی جہاز انٹارٹک کی تہہ میں غرق ہوگیا تھا تاہم  اس میں سوار تمام افراد چھوٹی کشتیوں میں سوار ہوکر اپنی منزل پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

    یہ جہاز جہاں ڈوبا لاکھ کوشش کے باوجود اس کا سرغ نہیں لگایا جاسکا، تاہم اس کی تلاش کے لئے ایک بار پھر ایک مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔

    محقیقین کا ماننا ہے کہ جہاز کو برف کا ٹکڑا گھسیٹ کر کسی اور جانب لے گیا ہو اور اس پر مٹی کی تہہ جم گئی ہو۔

    انٹارٹیکا میں شیکلٹن کی یہ تاریخی مہم سنہ 1914 سے 1917 تک جاری رہی تھی اور اس کا مقصد پہلی مرتبہ برف سے ڈھکے ہوئے اس براعظم کو عبور کرنا تھا لیکن اینڈیورنس راستے میں پھنسی ہوئی اور سفًاک سمندری برف میں کھو گئے۔

    اینڈریونس نامی اس جہاز کی تلاش میں شامل عملے کا کہنا ہے کہ اگر اس جہاز کا ایک حصہ بھی مل جائے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی جس سے ایک صدی قبل کی یادیں تازہ ہوجائیں گی۔

    اس جہاز کی تلاش میں سب سے بڑی رکاوٹ، برف اور انتہائی سرد موسم ہے۔

  • پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار جہاز کی لانچنگ

    پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار جہاز کی لانچنگ

    کراچی: پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار کیے جانے والے چوتھے ٹاٸپ 054 نیول جہاز کی لانچنگ کی تقریب ہوئی، جہاز ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے لیے چین میں تیار کیے جانے والے چوتھے ٹاٸپ 054 نیول جہاز کی لانچنگ کی تقریب ہوئی۔

    چین میں تعینات پاک بحریہ کے چیف نیول اوور سیز کموڈور راشد محمود شیخ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چینی بحریہ، شپ بلڈنگ کمپنی اور شپ یارڈ کے نماٸندوں نے بھی شرکت کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہوگا۔ اسی طرز کا پہلا جہاز پی این ایس تغرل حال ہی میں پاک بحریہ کے سپرد کیا جا چکا ہے۔

    اس موقع پر کموڈر راشد محمود شیخ کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر درپیش وبائی صورتحال کے باوجود پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل چینی شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ فریگیٹ جہازوں کی تیاری پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی عکاس ہے۔

  • ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے ایک ملین ڈالر کے تقاضے پر مالک نے ناتجربہ کار کمپنی کو ہائر کیا

    ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے ایک ملین ڈالر کے تقاضے پر مالک نے ناتجربہ کار کمپنی کو ہائر کیا

    کراچی: ساحل پر ایک ماہ سے پھنسے بحری جہاز سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ اس کی مالیت 2 ملین ڈالر کے قریب ہے، جب کہ اسے ریت سے نکالنے کے لیے غیر ملکی ایکسپرٹ نے ایک ملین ڈالر کا تقاضا کیا تھا، جس پر جہاز کے مالک نے ناتجربہ کار کمپنی سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی، سی ویو پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کا آپریشن آج بھی ناکام ہو گیا، جس پر پورٹ اینڈ شپنگ انتظامیہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ کا کہنا ہے کہ اب سیلویج کمپنی کو جہاز نکالنے کے لیے دو سے تین دن کا وقت دیا جائے گا۔

    ڈی جی نے کہا کہ سیلویج کمپنی آئندہ تین روز تک جہاز نہ نکال سکی تو پھر جہاز کے مالک کے خلاف قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ سیلویج کمپنی کے پلان کے اجازت نامے کی بھی تحقیقات کی جا سکتی ہے۔

    ہینگ ٹونگ 77 کو ریت سے نکالنے کے لیے آج کیا تیاری کی گئی؟

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نا تجربہ کار سیلویج کمپنی کے پلان کو اجازت دینے پر کئی سوالات اٹھ گئے ہیں، کیا کسی دباؤ کے تحت ناتجربہ کار سیلویج کمپنی کا پلان منظور کیا گیا یا مالی فائدے کے لیے ایسا کیا گیا؟ ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ کے مطابق سیلویج کمپنی کے پلان کے اجازت نامے کی تحقیقات کی جا سکتی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جہاز کی مالیت اس وقت دو ملین ڈالر کے قریب ہے، جب کہ غیر ملکی ایکسپرٹ نے جہاز نکالنے کے لیے ایک ملین ڈالر کا تقاضا کیا تھا، جس پر جہاز کے مالک نے پیسے بچانے کے لیے غیر ملکی ایکسپرٹ کی بجائے نا تجربہ کار ٹیم سے کام کرانے پر زور دیا، اور سی میکس کو ہائر کیا۔

    ذرائع کے مطابق سی میکس کے پاس اس طرح کے جہاز نکالنے کا کوئی تجربہ نہیں ہے، سی میکس نے بھی جہاز کو نکالنے کے لیے ایان شپنگ کو ٹھیکا دے دیا، جس کا کام گڈانی میں شپ بریکنگ ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایان کمپنی جہاز توڑنے کا کام کرتی ہے، ریت سے جہاز نکالنے کو اس کے پاس کوئی تجربہ نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جہاز کو نکالنے میں ناکامی پر دونوں کمپنیاں اب نا تجربہ کاری کی وجہ سے ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کر رہی ہیں، گزشتہ روز بھی جہاز کو نکالنے کے لیے پرانی رسی استعمال کی گئی تھی، جو ٹوٹ گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دو مضبوط اور نئے رسے استعمال کیے جاتے تو جہاز نکالنے میں کامیابی ہو سکتی تھی۔

    خیال رہے کہ اس جہاز کو سی ویو پر پھنسے ایک ماہ 4 دن ہو چکے ہیں۔

  • روسی فوجی بحری جہاز ڈنمارک کے بحری جہاز سے ٹکرا گیا

    روسی فوجی بحری جہاز ڈنمارک کے بحری جہاز سے ٹکرا گیا

    ماسکو: روسی فوجی بحری جہاز ڈنمارک کے ساحل پر ڈینش بحری جہاز سے ٹکرا گیا، حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روس کے بالٹک بیڑے اور ڈینش مسلح افواج نے اطلاع دی ہے کہ ڈنمارک اور سویڈن کے درمیان آبنائے اوریسوڈ میں روسی فوجی بحری جہاز ایک ریفریجریٹر جہاز سے ٹکرا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق 23 ستمبر کو شدید دھند کی وجہ سے آبنائے بالٹک علاقے سے گزرتے ہوئے آئس روز ریفریجریٹر بحری جہاز روسی بالٹک فلیٹ کے کازانیٹس چھوٹے اینٹی سب میرین جہاز کے ساتھ ٹکرا گیا۔

    حادثے میں کوئی روسی ملاح زخمی نہیں ہوا۔

    بالٹک بیڑے نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی بحری جہاز کی جانب سے آبی خطرے سے اوپر کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ کازانیٹس اپنے اڈے پر واپس لوٹ گیا ہے۔

  • ترکی میں کشتی غرقابی کا واقعہ، پاکستانیوں کی موت کا نوٹس

    ترکی میں کشتی غرقابی کا واقعہ، پاکستانیوں کی موت کا نوٹس

    اسلام آباد: ترکی میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں دو پاکستانیوں کی موت کا نوٹس لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی خواہش میں دو پاکستانی بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی موت کا نوٹس لے لیا۔

    چیئرمین کمیٹی نے پاکستانی سفیر اور ڈی جی ایف آئی اے ودیگر سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    چیئرمین کمیٹی کا کہنا ہے کہ ترکی میں کشتی ڈوبنے سے 2پاکستانی جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے، کشتی میں 71افراد سوار تھے، 23پاکستانی بھی تھے جو پریشان کن بات ہے، وزارت خارجہ پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا بندوبست کرے۔

    ترکی: کشتی ڈوبنے سے دو پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے، دفتر خارجہ کی تصدیق

    خیال رہے کہ دو روز قبل دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ترکی میں کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں دو پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ترکی کے صوبے بیتلیس میں مہاجرین کی کشتی کو گزشتہ روز حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترک حکام سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کشتی پر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 71 افراد سوار تھے، جن میں سے مقتولین کو ملا کر 25 پاکستانی بھی تھے۔

  • پاک بحریہ کے لیے کراچی شپ یارڈ میں جہاز تیار

    پاک بحریہ کے لیے کراچی شپ یارڈ میں جہاز تیار

    کراچی: کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے تیار شدہ جہاز کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی، جہاز مقامی طور پر تیار شدہ، ملٹی مشن اور جدید اینٹی شپ میزائل و سینسرز سے لیس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے لیے کراچی شپ یارڈ میں تیار جہاز فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) 4 کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مقامی طور پر پاک بحریہ کے لیے تیار شدہ جہاز میزائل کرافٹ ہے، جہاز ملٹی مشن اور جدید اینٹی شپ میزائل و سینسرز سے لیس ہوگا۔

    تقریب میں مینیجنگ ڈائریکٹر شپ یارڈ رئیر ایڈمرل اطہر سلیم نے جہاز سازی کے منصوبے پر روشنی ڈالی، ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے اقدام کو خود انحصاری کیطرف اہم سنگ میل قرار دیا۔

    تقریب کی مہمان خصوصی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال تھیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ کا جہازوں کی تعمیر اور خود انحصاری کے ہدف میں اہم کردار ہے، وزارت دفاعی پیداوار بھی نئے شپ یارڈز کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔

  • جرمن امدادی جہاز کی اطالوی سمندر میں داخلے پر پابندی

    جرمن امدادی جہاز کی اطالوی سمندر میں داخلے پر پابندی

    روم: امدادی تنظیم سی آئی کے ریسکیو شپ نے یورپ کی طرف سفر کرنے والے چالیس تارکین وطن کو کھلے سمندر سے بچالیا

    تفصیلات کے مطابق اٹلی نے بحیرہ ر وم میں مہاجرین کو بچانے والے جرمن بحری جہاز ’ایلان کردی‘ کے ملکی سمندری حدود میں داخلے یا وہاں سے گزرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعلان اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے کیا،اس سے قبل امدادی تنظیم سی آئی کے اس ریسکیو شپ نے یورپ کی طرف سفر کرنے والے چالیس تارکین وطن کو کھلے سمندر سے بچایا۔

    سی آئی نے اعلان کیا کہ ایلان کردی نامی اس کا یہ بحری جہاز اس پابندی کے باوجود لامپے ڈوسا کے اطالوی جزیرے کی طرف اپنا سفر جاری رکھے گا کیونکہ جغرافیائی طور پر اس کے لیے قریب ترین محفوظ بندرگاہ اسی جزیرے پر واقع ہے۔

    خیال رہے کہ اٹلی کی حکومت نے گزشتہ برس جون میں تارکین وطن کو سمندر سے ریسکیو کرنے والے ایکیوریس نامی جہاز کو قبول کرنے سے منع کردیا تھا، جس کے بعد 630 مہاجرین سے بھرے ہوئے بحری جہاز کو اسپین نے قبول کیا تھا۔

  • جہاز رانی میں رکاوٹ ایران کو مشکل سے دوچار کردے گی، جیریمی ہنٹ

    جہاز رانی میں رکاوٹ ایران کو مشکل سے دوچار کردے گی، جیریمی ہنٹ

    لندن /تہران : برطانوی وزیر دفاع جیریمی ہنٹ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے تیل بردار جہاز کوقبضے میں لینے کے بعد اب کوئی ٹھوس لائحہ عمل اختیارکریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے ایران کی جانب سے برطانیہ کا تیل بردار بحری جہاز قبضے میں لینے کے اقدام کے بعد ایران کو اس کے سنگین نتائج پر خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ تیل بردار جہاز کو قبضے میں لینا معمولی بات نہیں، ایران کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔

    برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے تیل بردار جہاز قبضے میں لینے کے بعد لندن سوچ سمجھ کر مگر کوئی ٹھوس لائحہ عمل اختیارکرے گا۔ انہوں نے ایران کو خبردار کیا کہ عالمی جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے سے تہران کو نقصان پہنچے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس سے قبل برطانوی وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی اور انہیں صورت حال سے آگاہ کیا، توقع ہے کہ وہ اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے بھی رابطہ کریں گے۔

    جیریمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ تیل بردار جہاز روکنے کے بعد ایران کے خلاف ہم سوچ سمجھ کر مگر ٹھوس رد عمل ظاہر کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران کے خلاف کسی قسم کی فوجی مہم جوئی کے حق نہیں اور مسائل کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کرنا چاہتے ہیں،اس کے باوجود اگر ایران نے عالمی جہاز رانی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو سب سے زیادہ نقصان ایران کا ہوگا۔

  • لیبیا: تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، درجنوں مہاجرین ہلاک

    لیبیا: تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، درجنوں مہاجرین ہلاک

    تریپولی: غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی ایک اور کوشش جان لیوا ثابت ہوئی، لیبیا کے ساحل پر کشتی ڈوبنے سے درجنوں تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا کی ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، ہلاک ہونے والوں میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں، جبکہ کئی مہاجرین تاحال لاپتہ ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مہاجرین بحیرہ روم پاکرکے غیرقانونی طور پر یورپی ملک اٹلی میں داخل ہونا چاہتے تھے، تاہم ان کی کوشش ناکام ہوگئی اور متعدد تارکین وطن مارے گئے۔

    دوسری جانب اٹلی حکام نے ساحل پر مہاجرین کو ریسکیو کرنے والی کشتیاں بھی ہٹالیں، اور غیرقانونی طور پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کی ہے۔

    ان پابندیوں کے باوجود ہرسال ہزاروں کی تعداد میں تارکین وطن اٹلی داخل ہونے کی غیرقانونی کوشش کرتے ہیں، اس دوران حادثات میں ہزاروں جانے بھی جاچکی ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں یورپ جانے کی خواہش لیے مہاجرین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، بحیرہ روم میں کشتی ڈوبنے سے 16 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔

    جبوتی: تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوب گئیں، 38 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

    قبل ازیں 2015 میں غیر قانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے کی کوشش میں سترہ سو سے زائد تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اسی سال ہی اٹلی کے کوسٹ گارڈز نے ایک بڑا ریسکیو آپریشن کر کے ہزاروں مہاجرین کو ڈوبنے سے بچایا تھا۔

  • گڈانی: شپ یارڈ میں موجود ناکارہ جہاز میں آتشزدگی، 7 افراد زخمی

    گڈانی: شپ یارڈ میں موجود ناکارہ جہاز میں آتشزدگی، 7 افراد زخمی

    حب : گذانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے ناکارہ جہاز میں خوفناک آتشزدگی نے 7 مزدوروں کو جھلسا دیا، زخمیوں میں تین کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حب علاقے گڈانی میں واقع شپ یارڈ‌ میں کھڑے ناکارہ جہاز میں‌ اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس کی زد میں آکر کئی مزدور جھلس گئے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خوفناک آتشزدگی ناکارہ جہاز میں کے آئل ٹینکر میں کٹنگ کے دوران ہوئی تھی جس نے کام کرنے والے مزدوروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

    پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ افسوس ناک حادثے میں جھلسنے والے 7 مزدوروں میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 4 زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    گذانی پولیس کا کہنا ہے کہ آتشزدگی میں جھلسنے والے تین مزدوروں کو طبی امداد کے لیے کراچی روانہ کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حب فائر بریگیڈ کی گاڑیاں ناکارہ جہاز کے آئل ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔


    مزید پڑھیں : گڈانی شپ یارڈ، لنگراندازجہازمیں آتشزدگی، 5 افراد جاں بحق


    یاد رہے کہ گزشتہ روز گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں جہاز کی کٹائی کے دوران آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 5مزدور جھلس کر جاں بحق ہوئے، پانچوں افراد محنت کش تھے۔

    خیال رہے کہ ایک ہفتے قبل بھی اسی جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آچکا ہے لیکن خوش قسمتی سےاس حادثےمیں کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ یکم نومبر 2016 کو ایک جہاز کے آئل ٹینک میں صفائی کے دوران آگ بھڑک اٹھی تھی، حادثے میں آئل ٹینک کے اندر کام کرنے والے 23 مزدور جاں بحق ہوگئے تھے۔