Tag: SHO

  • کورنگی کاز وے پر کچرا پھینکے جانے پر وزیر اعلیٰ نے ایس ایچ او کو معطل کر دیا

    کورنگی کاز وے پر کچرا پھینکے جانے پر وزیر اعلیٰ نے ایس ایچ او کو معطل کر دیا

    کراچی: کورنگی کاز وے پر کچرا پھینکے جانے پر وزیر اعلیٰ نے ایس ایچ او کو معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کی کورنگی کاز وے پر کچرا ڈمپ کرنے کی اجازت دینے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے برہمی کا اظہار کیا اور کورنگی انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او کی معطلی کا حکم دے دیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی کو کورنگی کاز وے پر اپنا کیمپ آفس بنانے کی بھی ہدایت کی، اور کہا کہ کورنگی کاز وے پر کسی نے کچرا پھینکا تو ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    قبل ازیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے میگا پروجیکٹ کا جائزہ لینے کے لیے کورنگی کاز وے کا دورہ کیا، مراد علی شاہ کو 6 رویہ کورنگی کاز وے پُل کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ نے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کورنگی کاز وے پر پل کی تعمیر کر رہی ہے، کاز وے منصوبے کا پی سی ون 4677.551 ملین روپے ہے، منصوبے کی تعمیری لاگت 6499.986 ملین روپے ہے، کورنگی کاز وے منصوبہ جولائی 2023 میں شروع کیا گیا تھا، اور یہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا، کاز وے 2.30 کلو میٹر طویل ہے، اور اس پر ایک کلو میٹر کا پل تعمیر کیا جائے گا۔

  • کراچی میں ایس ایچ او رشوت وصولی کی ویڈیو سامنے آنے پر معطل

    کراچی میں ایس ایچ او رشوت وصولی کی ویڈیو سامنے آنے پر معطل

    کراچی: ایس ایچ او سچل چوہدری سلیم کو رشوت وصولی کے الزام میں معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او چوہدری سلیم نے سچل تھانے میں اپنے کمرے میں رشوت وصول کی، تھانے کے اندر رقم وصولی کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، جس پر آئی جی سندھ نے فوری نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ایس ایچ او چوہدری سلیم کو رشوت لینے کے الزام میں معطل کر کے بی کمپنی بھیج دیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق چوہدری سلیم نے کسی کیس میں لاکھوں روپے کی رقم وصول کی، ویڈیو میں انھیں میز پر سے رقم کی گڈی اٹھاتے دیکھا گیا، یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ایس ایچ او نے کس کیس میں کس شخص سے یہ رشوت وصول کی ہے۔

    کراچی کے تھانوں کے اندر پولیس اہلکاروں اور افسران کی جانب سے رشوت وصولی عام ہے، کئی علاقوں میں مجرموں سے ہفتہ وصولی کے لیے ان کی سرپرستی بھی کی جاتی ہے، تاہم محکمہ پولیس کی جانب سے اس کے سد باب کے لیے کوئی پالیسی یا حکمت عملی روبہ عمل نہیں لائی گئی۔

    اس کیس میں بھی ایس ایچ او سچل چوہدری سلیم کے خلاف ہونے والی کارروائی بھی ویڈیو سامنے آنے پر کی گئی ہے۔

  • کشمور میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ایس ایچ او ایک ہفتے بعد بازیاب

    کشمور میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ایس ایچ او ایک ہفتے بعد بازیاب

    کشمور: صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ایس ایچ او کو ایک ہفتے بعد بازیاب کرا لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمور میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں ایک ہفتے قبل اغوا ہونے والے ایس ایچ او گل محمد مہر کو گڑھی تیغو میں مقابلے کے بعد بازیاب کرا لیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک پولیس اہلکار اور ایک پرائیوٹ گن مین تاحال ڈاکوؤں کی قید میں ہیں، جن کی بازیابی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل ایس ایچ او گل محمد مہر، ایک سپاہی اور گن مین کے ہمراہ کشمور میں ایک دس سالہ مغوی بچے فرحان سومرو کی بازیابی کے لیے گئے تھے، چھاپے کے دوران ڈاکوؤں نے انھیں اغوا کر لیا تھا۔

    کشمور ایس ایچ او گل محمد مہر پولیس اہلکار سمیت اغوا

    ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق یہ واقعہ کچے کے علاقے گیہل پور میں پیش آیا تھا جب پولیس کو بچے کے اغوا سے متعلق خفیہ اطلاع ملی تھی، اغوا کیے جانے کے بعد اغوا کاروں نے ایس ایچ او کے فون سے ان کے گھر والوں کو فون کر کے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا۔

  • پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری سے بچانے کے لیے تعاون پر پشاور پولیس کا ایس ایچ او گرفتار

    پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری سے بچانے کے لیے تعاون پر پشاور پولیس کا ایس ایچ او گرفتار

    پشاور: پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری سے بچانے کے لیے تعاون پر پشاور پولیس کے ایس ایچ او فواد خان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ایس ایچ او گلبرک فواد خان کی سابق ایم پی اے ملک واجد کی گرفتاری کی بجائے معاونت کا انکشاف ہوا ہے، ایس ایچ او نے پی ٹی آئی رہنما کو ٹریس ہونے سے بچانے کے لیے مشورہ دیا تھا۔

    پشاور پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او کو گرفتار کر لیا، اور اس کے خلاف پولیس ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    ایس ایچ او کے خلاف درج ایف آئی آر کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک واجد پر کارکنان کو اکسانے اور توڑ پھوڑ میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔

    کے پی پولیس کا سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہزار سے زائد گرفتار

    تاہم، ایس ایچ او فواد خان نے سابق ایم پی اے ملک واجد سے رابطہ کر کے ان کو لوکیشن ٹریس ہونے سے بچانے کے لیے موبائل فون آف کرنے کا مشورہ دیا۔

  • کراچی: ایس ایچ او کی شرمناک حرکت، متاثرہ خاتون کی ویڈیو وائرل کر دی

    کراچی: ایس ایچ او کی شرمناک حرکت، متاثرہ خاتون کی ویڈیو وائرل کر دی

    کراچی: ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے فیصل جعفری عرف کنگ نے شرمناک حرکت کرتے ہوئے زیادتی کی شکار متاثرہ خاتون کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سائٹ سپر ہائی کے ایس ایچ او فیصل جعفری عرف کنگ نے جبری زیادتی کا شکار ہونے والی فریادی خاتون کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

    خاتون اپنے ساتھ ہونے والی درندگی کا واقعہ بتاتی رہی، اور ایس ایچ او ویڈیو بناتا رہا، خاتون رو رو کر مختلف زاویوں سے زیادتی کی تفصیلات بتاتی رہی، اور ایس ایچ او سوال کرتا رہا۔

    ایس ایچ او فیصل جعفری عرف کنگ نے زیادتی کرنے والے ملزم سے بھی سوالات کیے، ایس ایچ او ہر جملے کے بعد گالی دیتے ہوئے ملزم کو برا بھلا کہتا رہا۔

    ایس ایچ او نے ملزم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ’’تو دیکھ اب تیرے ساتھ کیا ہوتا ہے۔‘‘

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایچ او فیصل جعفری کے خلاف بالا افسران کو متعدد شکایات موصول ہو چکی ہیں، سائٹ سپر ہائی وے پر ایرانی ڈیزل کے کئی ڈپو موجود ہیں، خود کو کنگ کہلانے والا ایس ایچ او مبینہ طور پر جوا خانہ چلانے میں بھی ملوث ہے۔

  • خواتین کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں پاکپتن کی پہلی خاتون ایس ایچ او

    خواتین کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں پاکپتن کی پہلی خاتون ایس ایچ او

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پاکپتن میں تعینات پہلی خاتون اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) شہر میں ہونے والے زیادتی کے واقعات کے خلاف سرگرم ہیں اور صرف 2 ماہ میں انہوں نے زیادتی کے 200 کیسز حل کرلیے ہیں۔

    پاکپتن کی پہلی خاتون ایس ایچ او کلثوم فاطمہ نے سنہ 2016 میں پنجاب پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی۔ ان کے شوہر بھی پنجاب پولیس کے اہلکار ہیں۔

    چارج سنبھالتے ہی کلثوم فاطمہ نے زیادتی کے واقعات کے خلاف کام شروع کیا، 2 ماہ میں وہ 200 سے زائد زیادتی، زیادتی کی کوشش، جنسی حملوں اور ہراسمنٹ کے کیسز حل کرچکی ہیں۔

    روز شام میں جب وہ اہل علاقہ کے ساتھ بیٹھ کر ان کے مسائل سنتی ہیں تو ان کے پاس زیادہ تر شکایت کنندگان خواتین ہوتی ہیں۔ ’خواتین کو لگتا ہے کہ ایس ایچ او بھی ان کی طرح خاتون ہے تو وہ اسے اپنا مسئلہ سمجھا سکتی ہیں، اس سے قبل وہ مرد ایس ایچ او کے پاس اکیلے اپنی شکایات لانے کا تصور بھی نہیں کرسکتی تھیں‘۔

    کلثوم کا کہنا ہے کہ ایک خاتون کو اس عہدے پر تعینات کرنا پنجاب پولیس کا ایک بہترین قدم ہے اور اس سے خواتین سے متعلق کیسز حل کرنے میں خاصی آسانی ہوگی۔

    پاکپتن کی یہ پہلی خاتون ایس ایچ او ایک گھریلو خاتون بھی ہیں۔ ایس ایچ او بننے کے بعد کلثوم پاکپتن شہر سے 25 کلو میٹر دور ڈل وریام کے علاقے میں رہائش پذیر ہیں جہاں سے ان کا تھانہ ایک گھنٹہ کی مسافت پر ہے۔ وہ اپنے پاس موجود چھوٹی سی گاڑی چلا کر تھانے جاتی ہیں، ان کی ایک 9 ماہ کی بچی بھی ہے جس کی وجہ سے انہیں دن میں کئی چکر گھر کے لگانے پڑتے ہیں۔

    ان کی بچی کی نگہداشت کے لیے ان کی والدہ اور ایک ملازم گھر پر موجود ہوتے ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ فاطمہ خود بھی گھر کے دیگر امور اور بچی کی دیکھ بھال سرانجام دیتی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں کہ پیشہ وارانہ امور میں انہیں اپنے سینیئر افسران کی بھرپور معاونت حاصل ہے، ’اب تک حل کیے جانے والے کیسز میں اگر کوئی دباؤ آیا بھی ہے تو میں نے اسے نظر انداز کردیا کیونکہ مجھے اپنے افسران و محکمے کی بھرپور حمایت حاصل ہے‘۔

    فاطمہ کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں خصوصاً زیادتی کے مرتکب افراد کے لیے ان کے دل میں کوئی نرم گوشہ نہیں۔

  • پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے والے وکیل کی گرفتارو رہائی

    پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے والے وکیل کی گرفتارو رہائی

    کراچی : کلفٹن کے علاقے سی ویو پر ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے والا شخص پولیس نے گرفتار کرلیا بعد زاں عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق  کلفٹن کے علاقے سی ویو پر ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے والے وکیل شمس الاسلام ایڈووکیٹ کو گزشتہ رات ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے اتوار کو علی الصبح اسپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، سندھ ہائیکورٹ کے وکیل خواجہ شمس الاسلام ایڈووکیٹ کو عدالت میں ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا۔

    اس موقع پر وکلاء کی بڑی تعداد بھی احاطہ عدالت میں موجود تھی جن کا کہنا تھا کہ گرفتاری غیر قانونی ہے مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر نہ گرفتاری کی جاسکتی ہے اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

    سماعت کے دوران عدالت نے بغیر وارنٹ خواجہ شمس ایڈووکیٹ کے گھر میں داخل ہونے پر پولیس کی سرزنش کر تے ہوئے کہا کہ قابل ضمانت کیس میں مجسٹریٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار کیوں کیا گیا؟

    عدالت نے ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہلکاروں کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے خواجہ شمس الاسلام ایڈووکیٹ کو پچاس ہزار روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

    واضح رہے کہ کلفٹن کے علاقے سی ویو پر ایس ایچ او اور پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی ویڈیو کا اعلیٰ حکام نے نوٹس لیا تھا۔

    ملزم شمس الاسلام جعلی نمبرپلیٹ والی گاڑی چلارہا تھا، ایس ایچ او،اہلکاروں سےبدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی تھی۔

    میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد اعلیٰ حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزم کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

    سی ویو: پولیس سے بدسلوکی کرنیوالے شخص کی شناخت، نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی

    یاد رہے کہ شمس الاسلام کی کروڑوں روپے مالیت کی اسپورٹس کار کا نمبرآر8 تھا جو جعلی نمبر ہے، شہر کراچی میں چلنے والی 80 فیصد مہنگی گاڑیاں غیررجسٹرڈ ہوتی ہیں یا ان کی نمبر پلیٹس جعلی ہیں۔

  • کوہاٹ میں پولیس مقابلہ، ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں‌ بحق

    کوہاٹ میں پولیس مقابلہ، ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں‌ بحق

    کوہاٹ :خیبر پختون خوا کے شہر کوہاٹ میں پولیس مقابلے کے دوران ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

    اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ کوہاٹ کے علاقے لاچی میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے موبائل پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے نتیجے میں ایس ایچ او خان اللہ وزیر،ایڈیشنل ایس ایچ اوطاہر خان،حوالدار تنویر، ڈرائیور اور گن مین جاں بحق ہوگئے۔

    اطلاعات ہیں کہ یہ پولیس پارٹی کچھ ملزمان کو پکڑنے کے لیے گیے تھے وہاں ملزمان نے ان پر حملہ کردیا اور فائرنگ کردی نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔

    سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اطلاعات ہیں کہ علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ ابھی بھی جاری ہے۔

  • مردان میں خود کش دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج

    مردان میں خود کش دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج

    مردان : محکمہ ایکسائز کے دفتر پر خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی ار کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مردان میں ایکسائز کے دفتر میں خود کش دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔

    مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں دہشت گردی ،قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں، ایف آئی آر کے مطابق خودکش حملہ آور نے گیارہ بجکر بیالیس منٹ پر حملہ کیا۔حملے کے وقت وہاں چاراہلکارموجود تھے۔

    حملہ آور کی عمر اٹھارہ سے بیس سال اور قد پانچ سے چھ فٹ تھا۔ تحقیقاتی اداروں نے دھماکے کی جگہ سے حملہ آور کے اعضاء حاصل کرلئے ۔

    ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق حملہ آور نے ٹیکس پراپرٹی یونٹ میں خود کو دھماکے سے اڑایا ، تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے خود کو اڑانےسے پہلے نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ بھی کی تھی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج سے حاصل کی گئی تصاویر مختلف تحقیقاتی ایجنسیوں کو بھیجی جائیں گی۔

     

  • ٹنڈو خان میں ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی، شہریوں کا احتجاج

    ٹنڈو خان میں ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی، شہریوں کا احتجاج

    ٹندو محمد خان: میر محلہ ریوا چند گلی میں سات مسلح افراد نے ہندو ڈاکٹر اشوک کمار اور ڈاکٹر جمنا کے گھر میں گھس کر، اسلحے کے زور پراہل خانہ کو یرغمال بنالیا اور ڈیڑھ کروڑ مالیت کے زیورات اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلح افراد نے اہل ِخانہ پر تشدد کیا اورگھرمیں موجود طلاعی زیورات جن کی مالیت ایک کروڑ تھی اورپچاس لاکھ روپے نقدی لے کر با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    ڈکیتی کے واقعے کے خلاف ٹنڈو محمد خان کے تمام بازار احتجاجاً بند ہوگئے، اور شہریوں کی جانب سے قومی شاہراہ پردھرنا دیا گیا اور متعلقہ ایس ایچ او کی فوری طور پر برطرفی کا مطالبہ کیا۔

    واضح رہے کہ ٹنڈو محمد خان میں ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ایس ایچ او کے ڈکیتی میں ملوث ہونے کی خبریں بھی گردش کررہی ہیں۔