Tag: Shoaib Akthar

  • شعیب اختر کی اسٹریٹ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

    شعیب اختر کی اسٹریٹ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو وائرل

    لاہور : سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کی اسٹریٹ کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ سڑک پر کرکٹ کھیلنے والے لڑکوں کے ساتھ بولنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب اختر بغیر کسی رن اپ کے بولنگ کررہے ہیں، بیٹسمین نے پہلی گیند پر انہیں شاٹ مارا لیکن باقی گیندیں انہوں نے ڈاٹ کرائیں۔

    شعیب اختر نے ویڈیو میں کیپشن لکھا کہ ’اندازہ لگائیں کہ ابھی لاہور کی گلیوں میں ماضی کی طرح کون کرکٹ کھیل رہا ہے؟ بولنگ ایکشن سے آپ واقف ہیں۔‘

    مداحوں کی جانب سے بھی شعیب کی ویڈیو کو خوب سراہا ہے، ویڈیو کو تقریباً ساڑھے چار ہزار افراد نے پسندیدگی کا اظہار کیا، متعدد مداحوں نے اسے ری ٹویٹ کیا اور ویڈیو پر اپنی رائے کا اظہار بھی کیا۔

    ایک مداح نے لکھا کہ ’یہ تو وہی بولر ہے جو اپنے دور میں مخالف بیٹسمینوں کے لیے دہشت کی علامت تھا۔‘

    واضح رہے کہ پاکستان اسٹریٹ کرکٹ کا مرکز ہے، قومی ٹیم کے زیادہ تر کھلاڑی اسٹریٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں اور آج قومی ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔

  • بلے بازوں کے لیے دہشت کی علامت راولپنڈی ایکسپریس 44 برس کے ہوگئے

    بلے بازوں کے لیے دہشت کی علامت راولپنڈی ایکسپریس 44 برس کے ہوگئے

    لاہور: راولپنڈی ایکسپریس آج اپنی سالگرہ منا رہے ہیں، انھوں‌ نے زندگی کی 44 بہاریں دیکھ لیں.

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولر تصور کیے جانے والے شعیب اختر آج 13 اگست کو اپنی 44 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

    سو میل فی گھنٹہ کی حیران کن رفتار سے گیند کرانے والے راولپنڈی ایکسپریس اپنے کیریر میں بلے بازوں کے لیے دہشت کی علامت تصور کیے جاتے تھے.

    شہرت کے ساتھ ساتھ تنازعات بھی ان کے حصے میں آئے، اپنے کیریر میں انھیں ڈوپنگ اسکینڈل، ساتھی کھلاڑیوں سے جھگڑے اور ڈسپلن کی پاس داری نہ کرنے وجہ سے تنقید کا سامنا رہا.

    کرکٹ سے ریٹائرمینٹ کے بعد وہ تجزیہ کار کے روپ میں دکھائی دیے، اس میدان میں‌ بھی ان کے کاٹ دار تبصرے مخالفین کے لیے پریشانیوں کا باعث بنے رہے. شعیب اختر نے یوٹیوب پر اپنا چینل بھی شروع کیا، جسے بہت پذیرائی ملی.

    انھوں نے 2003 کے عالمی کپ کے پول میچ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینک کر اپنا نام تاریخ میں درج کروا.

    مزید پڑھیں: گھٹنوں کے درد میں مبتلا شعیب اختر کو بیماری سے چھٹکارا ملنے کی امید

    انھوں نے 46 ٹیسٹ میچز میں 178 وکٹیں لیں، 12 مرتبہ اننگ میں5 وکٹیں اپنے نام کیں، انھوں نےاپنا اولین ٹیسٹ 1997 میں ویسٹ انڈیز اور آخری ٹیسٹ 2007 میں بھارت کے خلاف کھیلا.

    اس بے بدل بولر نے 163 ون ڈے میچز میں 247وکٹیں اپنے نام کیں۔ 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں ان کی بہترین کارکردگی رہی۔