Tag: Shoaib Malik

  • شعیب ملک اورثانیہ مرزا کے بیٹے کی تصویر وائرل

    شعیب ملک اورثانیہ مرزا کے بیٹے کی تصویر وائرل

    دبئی: پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ننھے شہزادے کی نئی تصویر وائرل ہوگئی ہے، ثانیہ ملک نے اسے سب سے پسندیدہ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اور انسٹا گرام پر اپنے مداحوں کے لئے اپنے بیٹے کے ہمراہ تصویر شیئر کی۔ ٹینس اسٹار نے تصویر کے کیپشن میں اپنے بیٹے کو اپنا پسندیدہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ یہ سب سے خوبصورت تصویر ہے۔

    ثانیہ مرزا نے اس پوسٹ میں اوی گواریکر نامی فوٹو گرافر کی تعریف بھی کی ہے کہ وہ ایک بہترین فوٹو کھینچنے والے ہیں ۔ اوی گواریکر ایک پروفیشنل فوٹو گرافر ہیں، اور فیشن فوٹوگرافی کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ ثانیہ مرزا اکثر اپنے بیٹے کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں جنہیں ن کے مداحوں کی جانب سے پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزاکے ہاں گذشتہ برس30اکتوبر کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

    شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 8 سال قبل اپریل 2010 میں شادی کی تھی،شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے ہیں۔

  • شعیب ملک کا رول ماڈل کون ہے؟

    شعیب ملک کا رول ماڈل کون ہے؟

    لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ کے لئے جنگ کا لفظ مناسب نہیں، امید ہے کہ ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ وقت سے پہلے انگلینڈ جانے کا سو فیصد فائدہ ہوگا، ہر میچ کا پریشر ہوتا ہے، ورلڈ کپ اسکواڈ میں آنے پر انتہائی خوش ہوں یہ میرا آخری ورلڈ کپ ہوگا.

    شعیب ملک کا کہنا تھا کہ سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان ان کے لیے رول ماڈل ہیں، انگلینڈ میں ہونے والا عالمی مقابلہ ان کے طویل کیریئر کا آخری عالمی ایونٹ ہوگا، جسے وہ یادگار  بنانے کی کوشش کریں گے۔

    مزید پڑھیں: پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے سخت ترین ضابطہ اخلاق تیار کرلیا

    انھوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کے ذاتی ایجنڈے بھی ہوتے ہیں، کھلاڑی پرایسا وقت بھی آتا ہے، جب وہ اپنا بہترین نہیں دے سکتا، پیار دوریاں ختم کرتا ہے، کھیل کے لیے جنگ مناسب لفظ نہیں۔

    دباؤ میں ہر کھلاڑی کے پاس کارکردگی دکھانے کا موقع ہوتا ہے، ہر کھلاڑی کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائے۔

    اس وقت قومی ٹیم کا کومبی نیشن اچھا ہے، ٹیم کا مقصد کسی ایک ٹیم سے میچ جیتنا نہیں، بلکہ ورلڈکپ جیتنا ہے۔

  • پی ایس ایل 4 :‌ کراچی کنگز کی فتح، پلے آف تک رسائی

    پی ایس ایل 4 :‌ کراچی کنگز کی فتح، پلے آف تک رسائی

    ابوظہبی: پاکستان سپرلیگ کے 24ویں میچ اور انتہائی اہم میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل چوتھے مرحلے میں داخل ہوگیا جس کے تحت آج کا دوسرا میچ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے مابین ابوظہبی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

    کراچی کنگز کے کپتان کی دعوت پر ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے، حماد اعظم 29 اور شعیب ملک 26 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ کراچی کنگز کے باؤلرز عثمان شنواری نے 4 اور عمر خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز بابر اعظم اور کولن منرو نے کیا، عماد الیون کی پہلی وکٹ 21 کے مجموعی اسکور پر گری، آؤٹ ہونے والے کھلاڑی منرو تھے جنہوں نے 11 رنز بنائے۔

    چھٹے اوور میں بابر اعظم 36 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، بعد ازاں انگرام اور لیونگ اسٹون نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، 82 کے مجموعی اسکور پر انگرام اور افتخار احمد آؤٹ ہوئے جبکہ 112 پر محمد رضوان آؤٹ ہوئے۔

    کراچی کنگز نے آخری اوور کی دوسری بال پر 5 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی، لیونگ اسٹون نے چھکا مار کر نہ صرف ٹیم کو فتح دلوائی بلکہ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

    کراچی کنگز کےلیونگ اسٹون نےناقابل شکست53رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انگرام 31 کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، ملتان سلطانز کے محمد الیاس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    قبل ازیں  ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کی تو انہیں اچھا آغاز نہ مل سکا اور عثمان شنواری نے عمر صدیق کو 5 کے مجموعی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی، اگلے ہی اوور میں جے چارلیس بھی شنواری کا شکار بنے۔

    ملک الیون کے تیسرے کھلاڑی جیمز ونس کو عمر خان نے چوالیس کے مجموعی اسکور پر کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، کپتان شعیب ملک 26 کے انفرادی اور 75 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے 6 رنز اضافے کے بعد کرسچن بھی عمر خان کا شکار بنے۔

    حماد اعظم اور عرفان کو عثمان شنواری نے اپنے چوتھے اوور کی آخری دو گیندوں پر پویلین کی راہ دکھائی، 18 اوورز کے اختتام تک ملتان سلطانز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز اسکور کیے۔

    عثمان شنواری کو شاندار باؤلنگ کرانے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

    ملتان سلطانز کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ رک سکا، حماد اعظم 29 اور کپتان شعیب ملک 26 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ملک الیون کے چار کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

    وکٹیں گرنے کی ترتیب

    سلطانز کی وکٹیں بالترتیب 5، 17، 44، 75، 81، 102، 102 پر گریں

    کرکٹ کی دنیا میں ابھرتے ہوئے کراچی کنگز کے کھلاڑی عمر خان نے چار اوورز میں بائیس رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عثمان شنواری نے چار اوورز میں 15 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

    اسکواڈ

    کراچی کنگز

    بابر اعظم، کولن منرو، کولن انگرام، لیام لیونگ اسٹون، افتخار احمد، محمد رضوان، عماد وسیم (کپتان)، آرون سمرز، عامر یامین، عمرخان، عثمان شنواری

    ملتان سلطانز

    جیمز ونس، عمر صدیق (وکٹ کیپر)، جانسن چارلس، شعیب ملک (کپتان)، حماد اعظم، ڈینئل کرسچن، محمد الیاس، محمد عباس، کرس گرین ، عرفان خان

    محمد عامر کی وطن واپسی

    فاسٹ باؤلر محمد عامر کی والدہ شدید علیل اور انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں جس کے باعث وہ دبئی سے وطن واپس آرہے ہیں، کراچی کنگز کی انتظامیہ نے انہیں پاکستان جانے کی اجازت دے دی۔

  • وسیم اکرم نے سرفراز احمد کی کپتانی کے حق میں آواز اٹھا دی

    وسیم اکرم نے سرفراز احمد کی کپتانی کے حق میں آواز اٹھا دی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر وسیم اکرم نے سرفراز احمد کی کپتانی کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ سرفراز کا کوئی نعم البدل ہے تو بتا دیں، شعیب ملک ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ کپتانی صرف گراؤنڈمیں نہیں باہربھی ہوتی ہے، کپتان کو سب کچھ دیکھناہوتاہے اُسے پریس کابھی سامناکرناپڑتا ہے۔

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ کپتانی کے لیے سرفرازاحمد کے علاوہ کا کوئی نعم البدل ہےتوبتادیں ، ہارجیت گیم کاحصہ ہوتی ہے ٹیم کو آخری گیندتک مقابلہ کرناچاہئے، قومی کرکٹ ٹیم کو اپنی غلطیوں سےسیکھ کرآگے کی طرف جاناچاہئے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ نائب کپتان اصل میں مستقبل کاکپتان ثابت ہوتا ہے، سرفراز کا متبادل اس لیے نہیں مل سکتا کیونکہ سب سے موزوں شعیب ملک ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گے، اگر شعیب کو کپتانی دینے کا سوچنا بھی تھا تو 4 سے پانچ ماہ پہلے یہ فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز پر چار میچز کی پابندی، آئی سی سی کے فیصلے پر پی سی بی کا ردعمل

    کراچی کنگز کے صدر کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقاکے خلاف ون ڈےسیریز میں فتح حاصل کرنا قومی ٹیم کا بہت بڑا کارنامہ ہوگا، کھلاڑیوں کوپڑھاناپی سی بی کاکام نہیں بلکہ کھلاڑی خودتمیزسیکھتاہے، کرکٹ بورڈ صرف احتجاج ریکارڈ کراسکتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کے خلاف جس لفظ پر ایکشن لیا گیا اُس کا مطلب انہیں خود بھی معلوم نہیں ہے، سابق کھلاڑیوں کا شکریہ جنہوں نے جملے کی ترجمانی کی۔ وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ سرفرازاحمدکوایسےریمارکس نہیں دینےچاہیے تھے، امید ہے وہ اپنی غلطی سے سیکھیں گے اور آئندہ ایسا کوئی جملہ ادا نہیں کریں گے، سرفرازاحمد نے اپنی غلطی کی معافی بھی مانگی مگر پھر بھی اُسے سزا دی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آفیشلز کا اعلان کردیا

    سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ڈریسنگ رومز کی باتیں باہر نہیں آنی چاہئیں، شکست پر کوچ کھلاڑیوں کو برا بھلا کہتا ہے،  شعیب ملک کو کپتانی کا اچھا تجربہ ہے مگر پاکستان کو طویل المدتی کپتان کی ضرورت ہے جس کے لیے سرفراز سے زیاد اچھا کوئی آپشن نہیں ہے مگر سرفراز کو یہ سمجھ نہیں آرہا کہ انہیں اگلا قدم کیا اٹھانا چاہیے۔

    فواد احمد کی سلیکشن

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ امیدہےسلیکشن کمیٹی فواد عالم سےمتعلق کچھ سوچے گی، جنید خان کے بارے میں یہ بات مشہور کی گئی کہ وہ زخمی ہے مگر بنگلا دیشن میں جنید بہترین باؤلنگ کررہا ہے۔

    پی ایس ایل 4

    کراچی کنگز کے صدر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے 8 میچز پاکستان میں ہوں گے جن میں بڑے اسٹارز بھی کھیل کا مظاہرہ کریں گے، پاکستان سپرلیگ قوم کی لیگ ہے وہ اسے ضرور کامیاب بنائیں گے،فاتح کوئی بھی ٹیم ہو اصل جیت ملک کی ہوگی۔

  • اس بار ٹی 10 لیگ کا حصہ نہیں بن سکتا، شعیب ملک کا اعلان

    اس بار ٹی 10 لیگ کا حصہ نہیں بن سکتا، شعیب ملک کا اعلان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس بار ٹی 10 لیگ کا حصہ نہیں بن سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق آل راؤنڈر کرکٹر شعیب ملک نے کہا ہے کہ وہ اس بار پنجاب لیجنڈز کی جانب سے ٹی 10 لیگ نہیں کھیلیں گے کیوں کہ وہ اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

    شعیب ملک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ بیوی اور بچے کے ساتھ وقت گزارنا ان کے لیے سب سے بڑھ کر ہے۔

    کرکٹر شعیب ملک نے لکھا ’میں ملے جلے جذبات کے ساتھ اعلان کرتا ہوں کہ ٹی 10 لیگ کا حصہ نہیں ہوں گا اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاروں گا، یہ ایک مشکل فیصلہ تھا کیوں کہ میری بیوی چاہتی ہیں کہ مجھے کھیلنا چاہیے، لیکن میں بیوی اور بچے کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں اور یہ میرے لیے سب سے بڑھ کر ہے۔‘

    خیال رہے کہ پاکستانی اسٹار کرکٹر شعیب ملک اور ان کی بھارتی ٹینس اسٹار بیوی ثانیہ مرزا 29 اکتوبر کو ایک بیٹے کے والدین بن گئے ہیں جس کا نام انھوں نے اذہان رکھا ہے۔ شعیب اور ثانیہ کی شادی 12 اپریل 2010 کو ہوئی تھی۔


    یہ بھی پڑھیں:  شعیب ملک نے بیٹے کا نام رکھ دیا


    یہ بھی یاد رہے کہ ٹی ٹین لیگ ایک متنازع کرکٹ لیگ ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ اس پر تحفظات کا اظہار کر چکا ہے، جب کہ اس کے لیے فنڈنگ کا معاملہ بھی متنازع ہے۔ چند دن قبل پی ایس ایل فرنچائز نے بھی اس پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

  • شعیب اورثانیہ کے’اذہان‘ کی پہلی جھلک

    شعیب اورثانیہ کے’اذہان‘ کی پہلی جھلک

    دکن: پاکستانی قومی ٹیم کے کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے نو مولود بیٹے اذہان کی تصاویرسوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج عالمی شہرت یافتہ ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا کی اسپتال سے ڈسچارج ہوتے وقت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن میں وہ اپنے بچے کو گود میں لیے اسپتال سے باہر آتی دکھائی دے رہی ہیں۔

    پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے روایتی حریف ہیں لیکن یہ سپر اسٹار جوڑا دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کا ایک اہم سنگِ میل ہے ۔ اس سپر اسٹار جوڑے نے اپنے بیٹے کا نام ’اذہان مرزا ملک‘رکھاہے، اذہان عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب خدا کی طرف سے عطا کردہ تحفہ ہے۔

    یاد رہے کہ بھارتی شہر حیدرآباد دکن کے مقامی اسپتال میں ثانیہ مرزا کےہاں 30 اکتوبر کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، خبر کی اطلاع ملتے ہی ان کے شوہر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک فی الفور یو اے ای سے بھارت پہنچے تھے۔

    ثانیہ مرزا اور شعیب ملک

    شعیب ملک اور ثانیہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش کی خبر انتہائی سرعدت سے دنیا بھر میں پھیل گئی تھی اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بھی کرنے لگی تھی ۔ خبر کے ساتھ ہی مختلف بچوں کی تصاویر بھی آنا شروع ہوگئیں اور دعویٰ کیا جاتا رہا کہ یہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا بیٹا ہے تاہم شعیب ملک نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کوئی بھی ان کا بیٹا نہیں ہے۔

    اب پہلی بار ثانیہ مرزا کو اسپتال سے ڈسچارج کرتے ہوئے ان کے بیٹے کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد شعیب ملک فوری طور پر واپس یو اے ای آگئے ہیں اور انہوں نےنیوزی لینڈ کے خلاف سیریزمیں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔

  • شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں بیٹے کی ولادت

    شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں بیٹے کی ولادت

    دبئی : قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی شعیب ملک اور ان کی بیوی ثانیہ مرزا کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے بیٹے کی پیدائش پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے فینز کواس خبر کی اطلاع دی۔

    قومی کرکٹرشعیب ملک نے کہا کہ الحمداللہ، بیٹے کی ولادت پر بہت خوش ہوں، اہلیہ ثانیہ مرزا بھی خیریت سے ہیں۔

    اسٹارآل راؤنڈر نے بیٹے کی ولادت پرمبارکباد اور دعائیں دینے والوں سے اظہار تشکر کیا۔

    یاد رہے کہ 13 اور 14 اکتوبرکو سوشل میڈیا پر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں بچے کی پیدائش کے حوالے سے خبریں وائرل ہوئی تھیں۔

    بچے کی ولادت کے حوالے سے جھوٹی خبریں وائرل ہونے پرشعیب ملک نے ٹویٹ کے ذریعے خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

    قومی کرکٹر نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ جیسے ہی ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد ہوگی وہ خود ہی اس کا اعلان کریں گے۔

  • پاک بھارت میچ میں پرفارم کرنے والا ہیرو بن جاتا ہے، شعیب ملک

    پاک بھارت میچ میں پرفارم کرنے والا ہیرو بن جاتا ہے، شعیب ملک

    لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں سب کی نگاہیں پاک بھارت میچ پر ہوں گی، جو اس میچ میں پرفارم کرتا ہے وہ ہیرو بن جاتا ہے، کھلاڑی بھارت سےمیچ کوبھی دیگرمیچ کی طرح لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کی کوشش ہوتی ہے اپنے ٹاسک پورا کرے ، محمد حفیظ کوکہیں بولتے نہیں سنا کے کوئی تحفظات ہے، کھیل کر سلیکٹر کو ثابت کیا جاتا ہے۔

    شعیب ملک کا کہنا تھا کہ نیت صاف ہونی چاہئےعزت اللہ دیتا ہے، مسائل ہوتے ہیں اس کا حل بیٹھ کر بات کرنے سے نکلتا ہے۔

    ایشیا کپ کے حوالے سے کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ پاک بھارت میچ پوری دنیا میں شوق سے دیکھا جاتا ہے، اس میچ میں پرفارم کرنے والا ہیرو بن جاتا ہے، پاک بھارت میچ دیکھنے کے لئے لوگ کہتے ہیں کہ ٹکٹ دلوا دو۔

    ان کا کہنا تھا باپ بنے پر بہت خوش ہوں ، خواہش ہے ڈیلیوری کے وقت بیوی کے ساتھ رہوں ، بچے کی شہریت کوئی معنیٰ نہیں رکھتی۔

    شعیب ملک نے کہا کہ وقت آیا تو ریٹائرمنٹ بھی لے لوں گا، ٹیم میں 2 سے 3 ایسے بولرز ہونے چاہئیں جو وکٹیں لیں ، محمد حفیظ کو ٹیم سے ڈراپ کرنے پرکوئی بات نہیں کرسکتا، جو بھی مسئلہ ہو کھلاڑیوں کو متعلقہ لوگوں سے بات کرنی چاہئے۔

    مزید پڑھیں :  ایشیا کپ: فخر زمان بھارت کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم

    آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھنا چاہئے، ہمارا ٹاپ آرڈر اچھا پرفارم کررہا ہے،اس سےتوقعات زیادہ ہیں، کوشش ہوگی کہ ایشیا کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھائیں۔

    یاد رہے قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

    واضح رہے کہ ایشیا کپ 15 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہوگا، قومی ٹیم پہلا میچ کوالیفائر کے خلاف 16 ستمبر کو کھیلے گی جبکہ 19  ستمبر کو پاکستان روایتی حریف بھارت سے کھیلے گا۔

  • دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ‌ کو وائٹ واش کردیا

    دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ‌ کو وائٹ واش کردیا

    ایڈن برا: پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین کھیلے جانے والے دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم نے 84 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، عثمان شنواری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق ایڈن بڑا میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 166 رنز ہدف کے تعاقب میں 82 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شعیب ملک نے شاندار 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    اسکاٹ لینڈ کی جانب سے صرف تین کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ڈٰی بج 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عثمان شنواری کے حصے میں دو وکٹیں آئیں جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان نے 22 میں سے 19 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ سرفراز ہی کی قیادت میں پاکستان نے مسلسل آٹھویں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی۔

     پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے مابین دو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں کپتان سرفراز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو انہیں اچھی اوپننگ ملی اور  6 اوورز میں  بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنے تاہم آٹھویں اوور میں اوپنر احمد شہزاد 24 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور اگلے ہی اوور میں دوسرے بلے باز فخر زمان بھی 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اسکاٹ لینڈ کے خلاف پاکستان کی تیسری وکٹ 83 کے مجموعی اسکور پر گری جب سرفراز احمد گیند کو باؤنڈری پار پہنچانے کے چکر میں شاندار کیچ کے بعد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے انہیں آؤٹ کرنے میں باؤلر سے زیادہ فیلڈر کا ہاتھ تھا ، بعد ازاں طلعت حسین 17 اور آصف علی 98 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔

    پاکستان کی پانچویں وکٹ 98 رنز پر گری جس کے بعد شاداب خان اور شعیب ملک نے وکٹ پر کھڑے ہوکر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا مگر آخری ااور میں شاداب خان بھی پویلین روانہ ہوئے۔

    قومی ٹیم کی جانب سے شعیب ملک 49 اور فخر زمان 33 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

    مزید پڑھیں:  سرفراز کی شاندار بیٹنگ، اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 48 رنز سے شکست

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دی تھی، قومی ٹیم کی فتح میں سرفراز احمد کی شاندار بیٹنگ کا سہرا شامل تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نےعمرے کی سعادت حاصل کرلی

    شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نےعمرے کی سعادت حاصل کرلی

    مکہ مکرمہ : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ٹینس اسٹارثانیہ مرزانےعمرے کی سعادت حاصل کرلی اور مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر حاضری دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ٹینس اسٹارثانیہ مرزا نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی،عمرے کی ادائیگی کے بعد دونوں اسٹارز نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر حاضری دی۔

    ثانیہ مرزا کے والدین بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

    شعیب ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عمرے کے دوران لی گئی تصویر شیئر کی، جس میں ثانیہ مرزا سر پردوپٹہ اوڑھے نہایت خوش نظر آرہی ہیں۔

    A post shared by Shoaib Malik (@realshoaibmalik) on

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ننھے مہمان کی آمد سے متعلق خبر شیئرکی تھی، دونوں کا کہنا تھا کہ بچے کا خاندانی نام ’مرزا ملک‘ رکھا جائے گا۔

    ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ان کی اور شعیب ملک کی خواہش ہے کہ پہلے ان کے یہاں بیٹی کی ولادت ہو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔