Tag: Shopping malls

  • سعودی عرب: رمضان میں شاپنگ مالز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    سعودی عرب: رمضان میں شاپنگ مالز کے حوالے سے اہم فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان کے مہینے میں شاپنگ مالز میں کام کا دورانیہ 6 گھنٹے پر مشتمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں شاپنگ مالز کے ملازمین کے کام کا دورانیہ چھ گھنٹے ہوگا، سیکیورٹی گارڈز بھی ان میں شامل ہوں گے۔

    سبق نیوز کے مطابق وزارت افراد قوت کے مشیر رضوان الجلواح نے رمضان میں ڈیوٹی کے اوقات کے حوالے سے بتایا کہ نجی شعبے میں رمضان کے لیے ڈیوٹی کا دورانیہ چھ گھنٹے ہے، اس میں صبح یا رات کی شفٹ کی کوئی تخصیص نہیں۔

    سعودی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بعض کمپنیوں میں رمضان کے دوران رات کی ڈیوٹی کا دورانیہ 8 گھنٹے کر دیا جاتا ہے، یہ قانونی اعتبار سے غلط ہے، ایسا کرنے پر کارکن کو اوورٹائم دیا جائے۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ اضافی کام کرنے والے کارکنوں کو حق ہے کہ وہ متبادل چھٹی کی بجائے اپنا اضافی محنتانہ طلب کریں، اور کمپنی انتظامیہ اور کارکن کے درمیان یہ معاملہ پہلے سے طے کریں۔

  • سعودی عرب : تجارتی مراکز میں خصوصی رعایت کا اعلان

    سعودی عرب : تجارتی مراکز میں خصوصی رعایت کا اعلان

    ریاض : سعودی دارالحکومت ریاض کے تجارتی مراکز نے یوم تاسیس کے حوالے سے صارفین کے لیے خصوصی آفرز دی ہیں۔ یہ سلسلہ آج پیر کی رات تک جاری رہے گا۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت کی تاریخ تین صدیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ہے۔

    تجارتی مراکز نے ریاض، ظہران، دمام، بریدہ، مدینہ منورہ، حائل، تبوک، خمیس مشیط، جدہ، جازان، عرعر، باحہ اور سکاکا کے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو یوم تاسیس کی خصوصی آفرز اور اس موقع پر ہونے والی تقریبات میں شامل کیا ہے۔

    ملبوسات، دستی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیا پر رعایت دی جا رہی ہے۔علاوہ ازیں اس مناسبت سے تاریخی تصاویر کی نمائشیں بھی منعقد کی جارہی ہیں۔

    تجارتی مراکز کی خصوصی آفرز کوصارفین نے سراہا ہے۔ مملکت بھر میں یوم تاسیس کے پروگرام چار دن جاری رہیں گے۔ اس کی شروعات منگل 22 فروری سے ہوگی۔

    عرب نیوز کے مطابق مختلف پروگراموں میں روایتی ملبوسات، رسم و رواج اور روایتی سعودی کافی کی خوشبو کے ساتھ مختلف ثقافتی رنگ پیش کئے جائیں گے۔

    مملکت کے تمام بڑے شہر ایسے روایتی پروگراموں کی میزبانی کریں گے جس میں ریاست کے قیام کے بعد کی جدوجہد اور کامیابیوں کی تاریخ پر روشنی ڈالی جائے گی۔

  • کراچی اور حیدرآباد میں تجارتی مراکز کے اوقات کار بڑھانے کا اعلان

    کراچی اور حیدرآباد میں تجارتی مراکز کے اوقات کار بڑھانے کا اعلان

    کراچی : کورونا لاک ڈاؤن میں کاروبار کی بندش سے پریشان تاجروں کو بڑی آسانی مل گئی، حکومت سندھ کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد میں تجارتی مراکز رات10بجے تک کھولنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔

    سندھ حغکومت نے کراچی کے تاجروں کیلئے خوشخبری سنادی، تاجروں کی بھوک ہڑتال اوراحتجاج رنگ لے آیا کراچی اور حیدرآباد میں مارکیٹیں رات10بجےتک کھولنے کی اجازت مل گئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے تاجر رہنما رضوان عرفان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

    ڈپٹی کنونیر کراچی تاجرایکشن کمیٹی شرجیل گوپلانی نے بتایا ہے کہ ناصرشاہ نے رات 10بجے تک کام کی اجازت دینے کا بتایا اور اس کا نوٹیفکیشن جمعے سےقبل جاری کرنے کا بتایا گیا۔

    شرجیل گوپلانی کے مطابق ناصرشاہ کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن آنے تک تاجروں کو رات10بجے تک کام کرنے کی اجازت ہے۔

  • کویت: ریستوران اور شاپنگ مالز پر بھاری جرمانہ عائد

    کویت: ریستوران اور شاپنگ مالز پر بھاری جرمانہ عائد

    کویت سٹی: کویت میں تجارتی مراکز کی انتظامیہ پر ویکسین سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں 5 ہزار دینار کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    کویتی میڈیا کے مطابق حکام نے مائی آئڈینٹٹی اور امیون ایپلی کیشنز کے ذریعے مالز، جمز اور ہیئر ڈریسنگ سیلون میں داخلے کے لیے لوگوں کے ویکسین سرٹیفکیٹ کی جانچ کی تاکہ وزرا کونسل کے فیصلے کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے۔

    ویکسین وصول کرنے والے مالز، ریستوراں، کیفے، ہیلتھ کلبس اور ہیئر ڈریسنگ سیلونز میں داخل ہوسکتے ہیں۔ کویت بلدیہ کی ٹیمیں اتوار کے روز مختلف گورنریٹ میں دکانوں، مالز، کافی شاپس اور جمز کا معائنہ کرتی رہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ صرف کووڈ 19 کی ویکسین لینے والے افراد ہی تجارتی مراکز میں داخل ہوسکیں۔

    حکام کے مطابق بصورت دیگر انتظامیہ پر5 ہزار دینار جرمانہ عائد کیا جائے گا، ڈائریکٹر انسپکشن اینڈ سروسز کے شعبہ فالو اپ کے ڈائریکٹر سعد الشعبہ نے بتایا کہ ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ صرف ویکسین شدہ افراد ہی شاپنگ مالز، ریستوران اور کافی شاپس میں داخل ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیہ نے فیصلے پر عمل درآمد سے قبل ایک مہم چلائی گئی ہے لہٰذا ٹیمیں فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں کے خلاف تمام قانونی اقدامات اٹھائیں گی۔

    بلدیہ الجہرا میں خلاف ورزیوں کے ڈائریکٹر سلیمان الغیس نے بتایا کہ الجہرا میں ٹیمیں پولیس کے ساتھ تھیں تاکہ حکومتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر تجارتی مراکز میں غیر ویکسینیٹ شدہ افراد کو داخلے کی اجازت دی جاتی ہے تو مراکز کی انتظامیہ پر 5 ہزار دینار جرمانہ عائد ہوگا جب تک انتظامیہ یہ ثابت نہ کر دے کہ وزیٹر نے خود پابندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

  • سعودی حکومت نے تجارتی مراکز کیلئے نیا حکم جاری کردیا

    سعودی حکومت نے تجارتی مراکز کیلئے نیا حکم جاری کردیا

    ریاض : سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سد باب کیلئے مارکیٹوں اور بازاروں کھولنے سے متعلق نئے احکامات جاری کردیئے، جس کے تحت ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کے ساتھ تجارتی مراکز کو کھولا جاسکتا ہے۔

    سعودی وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمٰن الحسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی مراکز اور بازاروں کو چوبیس گھنٹے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    وزارت تجارت نے یہ فیصلہ بازاروں میں صارفین کا رش کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاہم تجارتی اداروں کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کے لیے خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق عبدالرحمٰن الحسین نے خبردار کیا کہ ہر وہ دکان اور ہر وہ تجارتی مرکز جہاں گنجائش سے زیادہ صارفین کا رش ہوگا اسے فوراً بند کردیا جائے گا۔

    وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ ماہ شعبان اور رمضان کے مہینوں میں کورونا ایس او پیز کی 5800 سے زیادہ خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار خلاف ورزیاں ایسی ہیں جن کے ریکارڈ پر آنے کی صورت میں تجارتی مراکز بند رکھے جائیں گے۔

    سعودی وزارت تجارت کے ترجمان نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مصروف ترین اوقات میں بازاروں میں خریداری سے گریز کریں۔ بہتر ہوگا کہ آن لائن شاپنگ کو ترجیح دی جائے۔

    وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمٰن الحسین نے ہدایت کی کہ کوئی بھی تجارتی مرکز اپنے افتتاحی پروگرام میں کسی بھی مشہور شخصیت کو مہمان نہ بنائے۔