Tag: Shot

  • گھر میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، گولی چلی یا قتل کیا؟ تفتیش جاری

    گھر میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، گولی چلی یا قتل کیا؟ تفتیش جاری

    لاہور(26 جولائی 2025): جوہر ٹاؤن میں گھر میں گولی چلنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں گھر میں گولی چلنے سے ایک نوجوان اپنی جان کی بازی ہار گیا، واقعہ خودکشی کا ہے قتل کا یہ جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق نوجوان کی شناخت اویس  کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، گولی اچانک چلی یا نوجوان نے خود چلائی، یا قتل کا واقعہ ہے اس کی تحقیقات جاری ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، اس سے قبل جوہر ٹاؤن میں 36 سالہ خاتون گھر کے اندر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی، مقتولہ کی شناخت ثناء کے نام سے ہوئی تھی۔

    لاہور پولیس نے بتایا تھا کہ شوہر احمد برہان نے پولیس کو بیان دیا کہ تین سالہ بچے سے اچانک گولی چل گئی، پولیس نے شوہر کو حراست میں لے تفتیش کی، مقتولہ ثنا کو شوہر وجاہت نے گھریلو جھگڑے میں قتل کیا، ملزم نے قتل کا الزام اڑھائی سالہ بچے پر لگایا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-police-officer-killed-in-firing/

  • غلطی سے گھر کی گھنٹی بجانے پر مالک نے نوجوان پر گولیاں برسا دیں

    غلطی سے گھر کی گھنٹی بجانے پر مالک نے نوجوان پر گولیاں برسا دیں

    امریکا میں ایک 16 سالہ نوجوان نے غلطی سے ایک غلط گھر کی گھنٹی بجا دی جس پر گھر کے مالک نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے اس پر فائرنگ کردی۔

    امریکی ریاست کنساس میں غلطی سے گھر کی گھنٹی بجانے پر گھر کے مالک نے 16 سالہ سیاہ فام نوجوان کو گولیاں مار دیں۔

    مذکورہ بچے کو اس کے والدین نے بھائی کو بلانے کے لیے 16 سالہ رالف یارل کو دوست کے گھر بھیجا، لیکن یارل غلط ایڈریس پر پہنچ گیا اور گھر کی گھنٹی بجادی، جیسے ہی گھنٹی بجی گھر کے مالک نے دروازے پر ہی نوجوان پر گولیاں چلا دیں۔

    گولیاں لگنے سے نوجوان زخمی ہوگیا لیکن وہ اس قابل تھا کہ وہ چلتے ہوئے ساتھ والے گھر میں مدد کے لیے چلا گیا، زخمی حالت میں دیکھ کر لڑکے کو اسپتال منتقل کیا گیا اور پولیس کو اطلاع کیے جانے پر گولی چلانے والے گھر کے مالک کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    رپورٹس کے مطابق نوجوان کو اتوار کے روز اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے ملزم کو بیان لینے کے بعد چھوڑ دیا، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    ملزم کو حراست سے چھوڑنے پر گزشتہ کئی دنوں سے سیاہ فام افراد کی سوسائٹی اور شہریوں کی جانب سے ملزم کے گھر کے باہر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا مشتبہ شخص کو ریاست کے اسٹینڈ یور گراؤنڈ قوانین سے تحفظ حاصل ہے یا نہیں، جو لوگوں کو شدید خطرہ محسوس ہونے پر طاقت کے استعمال کی اجازت دیتے ہیں۔

    ناقدین کا کہنا ہے کہ ایسے قوانین سیاہ فام لوگوں کے خلاف تشدد میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔

  • برتھ ڈے پارٹی پر بچی قتل

    برتھ ڈے پارٹی پر بچی قتل

    امریکا میں ایک برتھ ڈے پارٹی اس وقت ایک قیامت خیز موقع میں بدل گئی جب وہاں پر فائرنگ ہوئی اور 6 سالہ بچی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں یہ پارٹی ایک بچے کی سالگرہ کی تھی، تاحال پولیس اس بارے میں اندھیرے میں ہے کہ پارٹی میں ایسا کیا ہوا کہ کچھ دیر بعد فائرنگ شروع ہوگئی، فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

    ہلاک افراد میں ایک مرد اور خاتون شامل ہیں جن کی عمریں 20 سال کے قریب تھیں، ایک 6 سالہ بچی بھی فائرنگ سے ہلاک ہوگئی۔

    واقعے کے بعد ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے، پولیس کو جائے وقوع سے گولیوں کے خول ملے ہیں، واقعے کی تفصیلات اور ملزمان کے بارے میں جاننے میں ناکام رہنے کے بعد پولیس نے معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 5 ہزار ڈالرز انعام کا اعلان کیا ہے۔

    واقعے میں کم عمر بچی کی موت نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔ بچی کی اسکول انتظامیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بچی کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

    بچی کے ایک رشتے دار کا کہنا ہے کہ کچھ سال قبل ان کا کم عمر بیٹا بھی ایک اندھی گولی کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا تھا اور اب ان کا غم پھر سے تازہ ہوگیا ہے۔

    پولیس ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے جبکہ مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

  • بھارت: کھانے میں ٹھنڈی روٹی دینے پر ڈھابہ مالک کو گولی مار دی گئی

    بھارت: کھانے میں ٹھنڈی روٹی دینے پر ڈھابہ مالک کو گولی مار دی گئی

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک ڈھابے کے مالک کو اس لیے گولی مار دی گئی کیونکہ اس نے 2 نوجوانوں کو ٹھنڈی روٹی سرو کی تھی، ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع ایٹہ میں پیش آیا جہاں ایک ڈھابے کے مالک نے 2 نوجوانوں کو ٹھنڈی روٹی سرو کی، اس پر گاہکوں اور مالک کے درمیان بحث و تکرار شروع ہوگئی۔

    عینی شاہدین کے مطابق بعد ازاں ایک نوجوان نے مالک کو گولی مار دی جس سے ڈھابہ مالک زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ڈھابے کا مالک اودھیش یادو بس اڈے کے سامنے جیوتی ہوٹل کے نام سے ڈھابہ چلا رہا تھا۔ گزشتہ رات ساڑھے 11 بجے کے قریب 2 نوجوان آئے اور کھانے کا آرڈر دیا۔

    کھانے میں ٹھنڈی روٹی دینے پر اودھیش اور نوجوانوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی، ایک نوجوان نے لائسنس یافتہ پستول نکالا اور مالک کو گولی مار دی۔

    پولیس کے مطابق گولی ڈھابہ مالک کو داہنی ٹانگ میں لگی، واقعے کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس نے ملزمان کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں عدم برداشت بڑھ رہا ہے جس کے باعث چھوٹی چھوٹی باتوں پر قتل و غارت کے واقعات عام ہوگئے ہیں، علاوہ ازیں حکومت مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سزا دینے میں ناکام ہے جس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

  • ترک وزیر داخلہ کی شامی پناہ گزینوں کو واپس بھیجنے کی دوبارہ دھمکی

    ترک وزیر داخلہ کی شامی پناہ گزینوں کو واپس بھیجنے کی دوبارہ دھمکی

    انقرہ :ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان صویلو نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ شامی پناہ گزینوں کو دوبارہ ان شامی علاقوں میں بھیجیں گے جنہیں آزاد کرا لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ترک شہری نے وزیر داخلہ سے پوچھا کہ شام میں ہمارے فوجی مر رہے ہیں، آپ نے کیا حکمت عملی بنائی ہے؟ انہوں نے کہاکہ آپ کو معلوم ہے کہ شام میں ایک ملین لوگ شہید ہو چکے ہیں۔

    انہوں نے ترک شہری سے کہا کہ جناق قلعہ کی طرف جاؤ اور دیکھو شامیوں کے آباؤ اجداد کی کتنی قبریں موجود ہیں۔

    مسٹر صویلو نے کہا کہ ہم غیر ملکیوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ہمارے قوانین کا احترام کریں۔ ہماری روایات اور عدالت کی پیروی کریں۔

    انہوں نے ترک شہریوں سے کہا کہ وہ حکومت کو موقع دیں۔ حکومت جلد ہی ان کے تمام مسائل حل کردے گی۔

    سلیمان صویلو نے کہا کہ شامی شہری ٹولیوں کی شکل میں شہروں میں گھومتے ہیں،یہ حالت بدستور جاری نہیں رکھی جا سکتی۔ وہ اس معاملے سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم شام میں صرف شامیوں کے لیے داخل نہیں ہوئے، ہمیں دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے سلامتی کے خطرات لاحق ہیں جو شام اور ترکی کی سرحد پر اپنی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں۔

  • میکسیکو میں حکومتی تحویل میں لیا گیا صحافی تشدد کے بعد قتل

    میکسیکو میں حکومتی تحویل میں لیا گیا صحافی تشدد کے بعد قتل

    میکسیکو سٹی : میکسیکو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک کی فہرست میں شامل ہے، میکسیکو کے صحافی فرانسسکو رومیرو کو تشدد کے بعد چہرے پر دو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے کرائم رپورٹر فرانسسکو رومیرو کو قتل کی دھمکیاں ملنے پر وفاقی حکومت کی جانب سے چار محافظ فراہم کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود وہ بہیمانہ طور پر قتل کر دیئے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فرانسسکو رومیرو ان 12 صحافیوں میں شامل تھے جنہیں قتل کی دھمکیوں پر وفاق کی جانب سے تحفظ فراہم کیا گیا تھا، انہیں صبح 5 بجے ایک کال موصول ہوئی جس میں نائٹ کلب میں ایک حادثے کی اطلاع دی گئی جس پر وہ نائٹ کلب گئے تھے جہاں انہیں تشدد کے بعد قتل کردیا گیا۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ صحافی نے اپنے چاروں محافظوں کو رات 10 بجے ہی گھر روانہ کردیا تھا اور خود سو گئے تھے جبکہ نائٹ کلب جاتے ہوئے وہ اپنا حفاظتی بٹن بھی ساتھ لیکر نہیں گئے جسے دبا کر پولیس کو خطرے کی اطلاع دے سکتے تھے۔

    فرانسسکو رومیرو ریاست کے ایک اہم اخبار سے منسلک تھے اور اپنا فیس بک پیج بھی چلاتے تھے جس میں وہ سیاست اور جرائم کے درمیان تعلق سے پردہ اٹھاتے تھے۔ میکسیکو صحافیوں کے لیے خطرناک ممالک میں شامل ہیں جہاں رواں برس 5 صحافی قتل کیے گئے ہیں۔

  • شمالی آئرلینڈ میں پُرتشدد مظاہرے، خاتون صحافی گولی لگنے سے ہلاک

    شمالی آئرلینڈ میں پُرتشدد مظاہرے، خاتون صحافی گولی لگنے سے ہلاک

    لندن : برطانیہ کے علاقے لندن ڈیری میں مظاہرین نے دوران فسادات خاتون کو صحافی کو قتل کردیا، پولیس نے قتل کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ریاست شمالی آئرلینڈ کے علاقے لندن ڈیری میں جمعرات کی رات برطانوی پولیس کے سرچ آپریشن کے بعد شروع ہونے والے پُر تشدد مظاہروں کے دوران ریپبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے 29 سالہ صحافی لیرا میکّی کو قتل کردیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ احتجاج میں شریک مظاہرین نے پولیس کے خلاف آزادنہ طور پر پیڑول بم استعمال کیے۔

    برطانوی پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل مارک ہمیلٹن کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے صحافی کے قتل کی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔

    پولیس اسسٹنٹ چیف نے بتایا کہ گزشتہ رات تقریباً 11 بجے مسلح افراد نے پولیس کی جانب متعدد فائر کیے، جس کے نتیجے میں 29 سالہ نوجوان خاتون صحافی لیرا میکّی شدید زخمی ہوگئیں۔

    مارک ہمیلٹن کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے پولیس جیپ میں زخمی صحافی کو جائے وقوعہ سے اٹھاکر قریبی اسپتال منتقل کیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پُرتشدد مظاہرے اس وقت شروع ہوئے جب پولیس نے مُلروئے پارک اور گلیگا کے علاقے میں متعدد گھروں میں شرچ آپریشن کیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ریپبلیکن پارٹی کے مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں پر 50 پیٹرول بم پیھنکے تھے جبکہ دو پولیس جیپوں کو اپنے قبضے میں لے کر نذر آتش بھی کیا ہے۔

    برطانیہ کی کی متعدد سیاسی جماعتوں باالخصوص شمالی آئرلینڈ کی سیاسی جماعت ڈی یو پی نے خاتون صحافی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

  • شکاگو میں بچوں کی تقریب کے دوران فائرنگ، دو بچوں سمیت چار افراد زخمی

    شکاگو میں بچوں کی تقریب کے دوران فائرنگ، دو بچوں سمیت چار افراد زخمی

    واشنگٹن : امریکی شہر شکاگو کے جنوبی علاقے میں جاری بچوں کی تقریب کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو بچوں اور خاتون سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے گنجان آبا شہر شکاگو کے جنوب میں واقع ویسٹ اینگل ووڈ کے قریبی علاقے میں منعقدہ بچوں کی تقریب میں دو نامعلوم مسلح افراد نے گزشتہ شب حملہ کرکے چھ افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    شکاگو پولیس کا کہنا تھا کہ 8 سالہ بچے کو سینے اور کمر پر گولی لگی ہے اور زخمی ہونے والی دوسری بچی 10 سالہ ہے جس کی ٹانگ پر گولی لگی ہے تاہم دونوں کی حالت بہتر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے تین افراد کی عمریں 23 برس سے 48 برس کے درمیان ہیں اور 29 سالہ خاتون بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 48 سالہ شخص کے حوالے سے کچھ معلوم نہ ہوسکا تاہم دو نوجوانوں کی حالت قابو میں ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہوگئے جو پیدل تھے جبکہ واقعہ اس سے قبل ہونے والے فائرنگ کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل گینگ کے تنازع کے باعث فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا اور ہوسکتا ہے کہ اسی کے جواب میں یہ فائرنگ کی گئی ہو۔

    پولیس کے مطابق جب ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو پولیس پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ جوابی فائرنگ سے ملزم بھی ہلاک ہوگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں پولیس کی فائرنگ سے سیاہ فام گلوکار ہلاک

    خیال رہے کہ 14 فروری کو  امریکی شہر ولیجو میں پولیس نے سیاہ فام گلوکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، واقعے میں ملوث 6 پولیس اہلکاروں سے تاحال تفتیش جاری ہے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ سال جنوری میں امریکی ریاست لوزیانا میں ایک نوجوان نے دو مختلف واقعات اندھا دھند فائرنگ کرکے والدین سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا تھا۔

  • ڈنمارک میں فائرنگ سے مصنف ندیم یاسر قتل

    ڈنمارک میں فائرنگ سے مصنف ندیم یاسر قتل

    کوپن ہیگن : ڈنمارک کے سابق گینگ لیڈر ندیم یاسر کو جرائم پیشہ زندگی پر تحریر کی گئی کتاب کی تقریب رونمائی کے اختتام پر ٹارگٹ حملے قتل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں اپنی آب بیتی پر کتاب تحریر کرنے والے جرائم پیشہ گروہ کے سابق سربراہ ندیم یاسر کتاب کی تقریب رونمائی کے اختتام پر نشانہ وار حملے میں ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آور موقع واردات سے باآسانی فرار ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طبی امداد دینے والے عملے نے 31 سالہ ندیم یاسر کو شدید زخمی حالت اسپتال منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے، مقتول نے روٹس کے نام سے اپنی یاداشتوں پر کتاب تحریر کی تھی جو منگل کے روز شائع ہوئی۔

    مقامی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ندیم یاسر گذشتہ برس بھی ٹارگٹ حملے میں متاثر ہوئے تھے۔

    کوپن ہیگن پولیس کا کہنا ہے کہ افسوس ناک واقعہ دو روز قبل پیش آیا جب یاسر اپنی کتاب کی تقریب رونمائی کے 7 بج کر 30 منٹ پر ہال سے باہر نکل رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور گہرے رنگ کے کپڑوں میں ملبوس تھا جس نے 31 سالہ مصنف پر پستول سے دو گولیاں چلائیں، پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ ندیم یاسر ترکی میں پیدا ہوئے اور 4 برس کی عمر میں کوپن ہیگن منتقل ہوگئے تھے جہاں وہ جرائم پیشہ عناصر سے منسلک ہوگئے جبکہ کچھ عرصے بعد گروہ کے سربراہ بن گئے جس کے منشیات فروش گروہ سے تعلق تھا۔

    ڈنمارک نیوز ایجنسی کا کہنا تھا کہ ندیم یاسر نے والد بننے کے بعد سنہ 2012 میں جرائم کی دنیا کو خیر آباد کہا تھا اور جرائم کی طرف مائل ہونے سے روکنے کے لیے مقامی ریڈیو سے نواجونوں کی ذہین سازی شروع کردی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 31 سالہ مصنف ندیم یاسر کی موت پر ریڈیو نے ٹویٹر پر ’الوداع ندیم یاسر، ہر چیز کے لیے شکریہ‘ کے الفاظ تحریر کیے اور آفس عمارت کی تصویر شیئر کی، جس میں یاسر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ملکی پرچم سرنگوں رکھا گیا تھا۔

  • جنوبی کرولینا میں پولیس مقابلہ، ملزم گرفتار، سات اہلکار زخمی

    جنوبی کرولینا میں پولیس مقابلہ، ملزم گرفتار، سات اہلکار زخمی

    واشنگٹن : امریکا میں پولیس نے مقابلے کے بعد مسلح شخص کو گرفتار کرلیا، فائرنگ کے تبادلے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، زخمی اہلکاروں میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیرولینا کے جنوبی شہر فلورینس فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ فلورینس شہر کی پولیس ہیلپ لائن پر فون کال موصول ہوئی تھی، پولیس پارٹی جائے وقوعہ پر پہنچی تو مسلح ملزم نے بچوں کو یرغمال بنا رکھا تھا اور پولیس مقابلے کے دوران یرغمال بچوں کو ہی ڈھال لیا۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلح شخص اور پولیس ٹیم کے درمیان دو گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، گولیوں کی زد میں آکر 7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس اہلکار دو گھنٹے مقابلے کے بعد مسلح شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے تاہم ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی حملے کی وجوہات واضح ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کیرولینا میں ہونے والے پولیس مقابلے کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’میری دعائیں فلورینس کاؤنٹی کے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ہیں‘۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا میں اب تک 23 ہزار 408 امریکی پولیس اہکار ڈیوٹی کے دوران ہلاک ہوئے ہیں جس میں 112 اہلکار وں کو رواں برس فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق سنہ 2017 کے دوران متحدہ ہائے امریکا میں 15 ہزار افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔


    مزید پڑھیں : امریکا: بینک ہیڈکوارٹر میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک، دو زخمی


    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کے آغاز میں امریکی ریاست اوہائیو کے شہر چنچناٹی میں قائم بینک ہیڈکوارٹر میں گھس کر حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے تین افراد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں امریکی ریاست ٹیکساس کےعلاقے رابزٹاؤن کے نرسنگ ہوم میں نامعلوم حملہ آور نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 15 فروری کو فلوریڈا کے ہائی اسکول میں 19 سالہ حملہ آور نے اسکول کے اندر گھستے ہی فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔